پانچ رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور چھ رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال: کیا ماہِ رمضان میں موٹاپا(Obesity)کم ہوسکتاہے؟

جواب:جی ہاں !بشرطیکہ ماہ ِرمضان میں سادہ غذا کھائیں،چکناہٹ اورتلی ہوئی چیزوں سےبچیں ،بھوک سےکم کھائیں ،خوب چباکرکھائیں ۔سو (100)دواکی اِک (1)دواپرہیز پرعمل کریں توموٹاپا(Obesity)کم ہوسکتاہے۔

سوال: ماہِ رمضان میں صبح چہل قدمی(Morning Walk) کرناکیسا؟

جواب:چہل قدمی(Walk) کرناصحت کے لیے مفید ہے،البتہ ایسی جگہ نہ جائیں جہاں بے پردگی وغیرہ کا اندیشہ ہو۔

سوال:روزے کےمقاصد کیا ہیں؟

جواب:اللہ ورسول(صلی اللہ علیہ والہ وسلّم) کی رِضا حاصل ہو،ظاہری وباطنی آداب کی پابندی کے ساتھ روزہ رکھ کر پرہیزگاری اورروحانیت حاصل کرنا ۔

سوال:اپنی دُکانوں اورعطروغیرہ کے نام رکھتے وقت کیابات پیشِ نظررکھی جائے ؟

جواب:دنیاوی کاموں کےنام بھی دنیاوی ہی ہونے چاہئیں،مقدس نام نہ رکھےجائیں،میں نےتقریباًپچاس(50)سال پہلے اپنی اگربتیوں کا نام قادری اگربتی رکھاتھا،پھر ایک دن اس کا پیکٹ نیچےزمین پرگِراپڑا دیکھا،اس بے ادبی کودیکھ کر میں نے اس کا نام تبدیل کرکےقومی اگربتی رکھ لیا ۔

سوال:وسوسے آئیں تو اس کا کیا حل ہے؟

جواب:وسوسوں پر غورنہ کریں، ان کی طرف سےتوجہ ہٹادیں،یہ بھی اس کا حل ہے ۔مزید معلومات کے لیے مکتبۃ المدینہ کے رسالے’’وسوسے اوران کا علاج‘‘ کا مطالعہ کیا جائے۔

بعدِ تراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:گائے کا دودھ کیساہوتاہے ؟

جواب:گائے کادودھ اورمکھن مفیدہے،البتہ یہ بھینس کےدودھ سے پتلا ہوتاہے۔

سوال:اچھے سوال کےبارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:عربی محاورہ ہے:حُسْنُ السُّؤَالِ مِفْتَاحُ الْعِلْمِیعنی اچھا سوال علم کی کنجی (Key)ہے ۔

سوال:کیا ایصالِ ثواب کرنے والے کےپاس بھی ثواب رہتاہے یا سارامنتقل ہوجاتاہے ؟

جواب:ایصالِ ثواب کرنے سے ایصالِ ثواب کرنے والے کا ثواب جاتانہیں بلکہ بڑھ جاتاہے ۔

سوال:محبتِ رسول کا کیا انداز ہوناچاہئے؟

جواب:رسولِ کریمصلی اللہ علیہ والہ وسلّم کی اِتّباع(یعنی پیروی) کی جائے ،جن احکام وفرائض وغیرہ کاآپصلی اللہ علیہ والہ وسلّمنے حکم اِرشاد فرمایا، ان کواداکیاجائے ،سُنّتوں پر عمل کیا جائے۔

سوال:جنّت کہاں ہے؟

جواب: جنت ساتوں آسمانوں کے اوپر ہےاورجہنم ساتوں زمینوں کےنیچے ہے ۔جنت بہت ہی اُونچی اورجہنم بہت ہی نیچی ہے ،اللہ پاک ہمیں جنت میں داخل فرمائےاورجہنم سے بچائے۔

سوال:جب دوالفاظ کو آپس میں ملایاجاتاہے تو ان دونوں کے درمیان’’ اور‘‘آئے گا یا’’ و‘‘؟

جواب:علمائےلغت کے نزدیک زیادہ درست قاعدہ یہ ہےکہ دو(2)عربی الفاظ ہوں یا فارسی،یا ایک عربی ہواوردوسرافارسی تو دونوں کوملائیں گے تو اس میں ’’و‘‘آئےگا۔اگردونوں الفاظ اُردوہوں یا ایک اردو ہودوسراہندی(یا عربی اورفارسی کے علاوہ کسی بھی اورزبان کا)ہواوردونوں کوملایاجائےتو اس میں لفظ ’’اور‘‘آئےگا۔

سوال: کیا علم بڑی دولت ہے؟

جواب:جی ہاں! علم بڑی دولت ہے،دنیا کا مال جتناخرچ کریں کم ہوتا ہے، مگرعلم ایسی دولت ہےکہ اسےخرچ کریں تو یہ بڑھتاہےمثلاً کسی کو پڑھا دیایابیان کیا۔

سوال:مختلف باتیں سُننے میں آئیں تو کیاکریں ؟

جواب:اتنی اسلامی معلومات تو ہرایک کوہونی چاہئیں اور اسےسمجھ ہوکہ یہ بات درست ہےیانہیں ،اگردرست ہوتو قبول کرے ورنہ ردکردے ۔

سوال: انسان کی آوازآہستہ یا اُونچی ہونےکے بارےمیں آپ کیا فرماتےہیں ؟

جواب:بڑے کےسامنےچھوٹا اپنی آواز پست(آہستہ)رکھے ،یہ ادب ہےاوراس کےاپنےفوائدہیں۔قرآنِ کریم میں بہت بلندآواز کوگدھے کی آواز کی مانند(مثل)قراردے کراس کی مذمت کی گئی ہے۔

سوال: بچوں سے یہ پوچھنا کہ تم بڑے ہوکرکیا بنوگے،اس کے بارے میں کچھ فرمائیے؟

جواب:عام ماحول میں یہ سوال کیا جاتاہےتو جواب میں اکثرپائلٹ یا ڈاکٹربننے کا کہا جاتاہے۔اَلْحَمْدُلِلّٰہ! دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول میں عموماً بچے حافظِ قرآن ،مفتی اورعالمِ دین بننے کاکہتے ہیں ۔اللہ پاک اچھی سوچ دے اوربچوں میں بھی اچھی سوچ اُترے۔

سوال: اپنےآپ کونیک سمجھنا یا نیک کہناکیسا؟

جواب:اپنےآپ کونیک سمجھنا یا نیک کہنادرست نہیں ،گنا ہ نہ بھی ہورہے ہوں توبھی اپنےآپ کو گنہگارہی سمجھنایا کہنا چاہئے ،یہی عاجزی ہے۔

سوال:جنّات کس کی اولاد ہیں ؟

جواب:شیطان ابلیس کی  ۔

چاررمضان المبارک کو بعدِ عصر اور پانچ رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:کیاہرکتاب کا احترام ضروری ہے ؟

جواب: جی ہاں ! ہردِینی کتاب کا احترام ضروری ہے۔

سوال: ہمارےپیارےنبی صلی اللہ علیہ والہ وسلّم کون سے خاندان سے تعلق رکھتے تھے؟

جواب: قبیلہ ٔ قریش کی شاخ بنی ہاشم سے۔

سوال: عبادت سے کیا مرادہے؟

جواب:جوکام اللہپاک کی رِضا کے لیے کیا جائے وہ عبادت ہے ۔

سوال:کوئی ایسا عمل بتادیں جس سے اللہ پاک کی رضا حاصل ہو؟

جواب:ہرنیکی اللہ پاک کی رِضا کےحصول کا ذریعہ ہے ،کون سی نیکی اللہ پاک کی رضا کا باعث ہوگی یہ پوشیدہ ہے ، اللہ پاک نے اپنی رِضا نیکیوں ، ناراضی گناہوں اوراپنے اولیاء کو لوگوں میں پوشیدہ رکھا ہے۔

سوال: ماں باپ کی اطاعت کیسے کرنی چاہئے ؟

جواب:ماں باپ کی اطاعت ایسے کرنی چاہئے جیسےاللہ پاک ا وراس کےپیارے محبوب صلی اللہ علیہ والہ وسلّمنےاطاعت کا حکم دیا ہے ،یہ جاننے کےلیےمکتبۃ المدینہ کا رسالہ ’’سمندری گنبد‘‘کامطالعہ کرلیں ۔

سوال:ذِکرُاللہکرنے میں دل نہ لگے تو کیا کریں؟

جواب: ذِکرُاللہکرتےرہیں تو ایک دن دل میں بھی لگ ہی جائےگا ،بعض نیک کاموں میں دل نہیں لگتا،اس میں دل لگاناپڑتاہے ،تکلف کے ساتھ نیکیاں کرنی پڑتی ہیں، بعض بزرگ فرماتے ہیں ہم نے بیس(20) سال تک اپنے آپ کو بکوشش نیکیوں میں لگایا آخرکارنیکیوں میں دل لگ گیا ،پھر بیس (20) سال اس سے نفع اُٹھایا۔

سوال:پیٹ کی بیماری کاکوئی روحانی علاج ارشادفرمادیں ؟

جواب:فجرکی پہلی رکعت میں سُوْرَۂ فَاتِحہ کے بعد سورۂ اَلَمْ نَشْرَح(پارہ30)اوردوسری رکعت میں سُوْرَۂ فَاتِحہ کے بعد سُورۂ فِیْل(پارہ30) پڑھا لیا کریں ۔اکثراسی طرح سُنّتیں(فجرکے فرضوں سے پہلے کی 2 سُنّتیں)اداکریں البتہ کبھی کبھی دوسری صورتیں بھی پڑھ لیا کریں ، اِنْ شَآءَاللہ پیٹ کے تمام امراض میں شفا حاصل ہوگی ۔اِنْ شَاۤءَ اللہُ الرَّحْمٰن

سوال:افطارکاوقت دعا کی قبولیت کا وقت ہے، اس سے کیامرادہے ؟

جواب:روزہ افطارکرلیا یعنی کھجورکھالی یاپانی پی لیاتو اب قبولیتِ دُعاکاوقت ہے۔

بعدِ تراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال: موجودہ دورمیں بہترین تفسیرِ قرآن کون سی ہے ؟

جواب:تفسیرصِرَاطُ الْجِنَاندورِحاضر(موجودہ دور)کی بہترین تفسیرہے،یہ 10 جلدوں(Volumes) پرمشتمل ہے، اس میں اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ کا ترجمۂ کنزالایمان بھی ہے ۔جوپڑھنانہیں جانتے وہ بھی مکتبۃ المدینہ سے تبرک کی نیت سے خرید لیں ،ان کےبچے،بچوں کی امی اورمہمان پڑھیں گے۔

سوال:سیدھے ہاتھ(Right Hand)سے لینےدینے اورکھانے پینےکی کیااہمیت ہے ؟

جواب: سیدھے ہاتھ سے کھانا پینا ،لینا دینا سُنّت ہے اوراُلٹے ہاتھ (Left Hand)سےکھانا پینا،لینا دینا توشیطان کا کام ہے ، اللہ پاک ہمیں شیطانی کاموں سے بچائے ،محدثِ اعظم پاکستان مولانا سرداراحمدقادری چشتی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے کہ:" دُنیا میں سیدھے ہاتھ(Right Hand) سےلینے دینےکی عادت بنائیے بروزِقیامت جب نامۂ اعمال دئیے جائیں گےتو اِنْ شَآءَاللہ اسے لینےکے لیے سیدھا ہاتھ(Right Hand) ہی اُٹھے گا"۔

سوال:ٹینشن(Tension) کیسےدُورہو؟

جواب:اپنےآپ کومصروف کرلیں،دین ودنیا کےکاموں میں لگ جائیں۔بے جا دنیا کی فکریں ٹینشن (Tension)کے اضافے کا باعث ہیں ۔اللہپاک پر توکل کریں،زیادہ فکریں دُورکریں ،چھوٹی چھوٹی باتوں کوبڑانہ بنائیں،بعض اوقات ٹینشن(Tension) کا باربار ذکرکرنےسے بھی یہ زیادہ بڑھ جاتی ہے،اس کے ذکرسے بچیں۔

سوال:غُصّے کوکم کرنے کی دُعا اورحل ارشادفرمائیں ؟

جواب:جب غُصّہ آجائے ،تو خاموش ہوجائیں ،غُصّہ کم نہ ہوتو وضو کرلیں ،جس جگہ یا جس شخص پرغُصّہ آئے،اس جگہ یا اس شخص کے سامنے سے ہٹ جائیں،مکتبۃ المدینہ کےرِسالے’’غُصّے کاعلاج‘‘کا مطالعہ کریں ۔

سوال:کیا دعوتِ اسلامی کے آغازسے پہلے بھی آپ کو نعت خوانی کی محفلوں میں شرکت کا شوق تھا ؟

جواب:جی ہاں !دعوتِ اسلامی کے آغازسے پہلےبھی نعت خوانی سے بہت محبت تھی ،جامع مسجدآرام باغ (کراچی)میں نمازِجمعہ کےبعدنعت خوانی ہوتی تھی، اس میں دوستوں کےساتھ شرکت کرتاہے،نعت خواں بہت پیاراپیاراکلام پڑھاکرتے تھے ،مارٹن کواٹرکی سالانہ نعت خوانی جوکہ مشہورنعت خوان حضرت سید ریاض الدین سہروردی صاحب کرواتے تھے، اس میں پاکستان بھرکےنعت خواں آتے تھے ،اس محفل کاتوگویاساراسال انتظاررہتاتھا ۔

سوال:نعمت ملے تو شکراداکرنےکابہترین وقت کون ساہے؟

جواب:جیسےہی نعمت ملے، وہی وقت اس کے شکرکا ہے،اسی طرح جیسے ہی کوئی احسان یا بھلائی کرے تو فوراًاس کاشکریہ اداکیاجائے (یعنی جَزَاکَ اللہ کہا جائے)

سوال:نیکی کاکیا معنیٰ ہے ؟

جواب:نیکی وہ بھلائی اورخیرہے جس کوکرنے کا مقصداللہپاک کی رِضا ہو۔

سوال: اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان رحمۃا للہ علیہ کےداداجان کا کیانام تھا؟

جواب:حضرت مولانا رضا علی خانرحمۃ اللہ علیہ ۔

سوال:موت کےوقت سب سےپہلے روح بدن کے کس حصے سے نکلنا شروع ہوتی ہے؟

جواب:پاؤں کے انگوٹھے سے۔

سوال:آپ کےمجموعہ کلام ’’وسائل بخشش‘‘ میں 277کلام ہیں،ان کےبارے میں کچھ بتائیے ؟

جواب:کلام لکھنے کاشوق تھا ،تھوڑاتھوڑاکرکے لکھتارہا ،کوئی نعت سُنی اورکیفیت بنی تو اسی بحرپر کلام لکھ دیا،کسی نے فرمائش کی اورذہن بن گیا تو لکھ دیا ۔ کلام لکھنے میں بہت وقت لگتاہے،اب تصنیفی کام (کتابیں لکھنے)کی مصروفیت کی وجہ سے کلام لکھناکم کردیا ہے ۔

سوال:واقعۂ فِیْل کب پیش آیا ؟

جواب:نبی ِکریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت سے پچپن(55)دن پہلے واقعۂ فِیْلپیش آیا ۔(اس واقعے کی تفصیلی معلومات جاننے کے لیے تفسیر صراط الجنان جلد10 کا مطالعہ کیجئے)

سوال:گھڑی(Watch) کی ایجاد کب ہوئی ؟

جواب:گھڑی کاایجاد کرنے والا خلیفہ ہارونُ الرشیدکےزمانےکاایک مردبتایاجاتاہے ۔

سوال: چلنے کا اندازکیساہوناچاہئے ؟

جواب:جب کوئی مسئلہ نہ ہوتونظرنیچی کرکےچلاجائے ۔گھرمیں اس طرح عملی مشق(Practical) کریں کہ انگوٹھوں پر نظررکھ کرچلیں تاکہ باہر بھی اس کی عادت ہوسکے۔جب جب موقع ملےتونگاہیں نیچی رکھی جائیں ۔چلنے کی15 سُنتیں اورآداب جاننے کے لیےمکتبۃ المدینہ کارسالہ’’163مدنی پھول‘‘ کامطالعہ کریں ۔

سوال: روزے میں پیاس سے بچنے کے کچھ روحانی وظائف بتادیجئے اورکیاکھائیں یہ بھی بتادیں ؟

جواب:{1}بعدِ نمازِ فجر اَعُوذُاوربِسمِ اللّٰہ کے ساتھ صرف ایک بارسُوْرَۃُ الْکَوْثَر(پارہ30)پڑھ کر ہاتھوں پر دم کر کے چہرے پر پھیر لیجئے ، روزے کی حالت میں اِنْ شَآءَاللہ پیاس کی شدّت سے حفاظت ہو گی۔{2}یَامَجِیْدُگرمیوں میں وقتا ً فوقتاً پڑھتے رہئے اِنْ شَآءَاللہپیاس سے اَمْن ملے گا۔  {3} یَامَاجِدُ10بار پڑھ کر’’لیموپانی‘‘وغیرہ پر دم کرکے گرمی کے موسِم میں پئیں،اِنْ شَآءَاللہ بیماری سے حفاظت ہو گی٭سحری کھا کر ایک کھجورچبایئے اورساتھ ہی پانی کا ایک گُھونٹ منہ میں بھر لیجئے،دونوں کو اچھی طرح ہِلاجُلاکر(Mix کر کے)  نگل لیجئے۔اِسی طریقے پر ایک ایک کر کے3 کھجوریں کھایئے،اِنْ شَآءَاللہ روزے میں سارا دنپیاس کی شدّت سے حفاظت ہو گی۔

تین رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور چار رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دامت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:کیاجانوروں کی کچھ چیزوں میں بھی تاثیر ہوتی ہے ؟

جواب: جی ہاں ! میراتجربہ بھی ہے، عارف باللہ(یعنی اللہ پاک کی پہچان رکھنے والے)حضرت کمالُ الدِّین دَمیریرحمۃ اللہ علیہ نے"حَیَاتُ الْحَیَوان "میں اس طرح کی تاثیرات لکھی ہیں ۔یہ تاثیرات اللہ پاک نے رکھی ہیں ۔مؤثرِحقیقی تو اللہ پاک ہی ہے۔

سوال:قوتِ فیصلہ اورخود اِعتمادی کیسے پیداہو؟

جواب: یہ بندےکےاپنےاختیارمیں ہے ،اپنا ذہن بنائےاوراپنے اندرکام کرنےکی ہمت پیداکرے۔ جن میں اس کی کمی ہو،ان کے لیے دوسروں کوچاہئے کہ ان کی ہمت بڑھائیں ۔

سوال: کیا ہراچھا کام نیک اورثواب کام ہوتاہے ؟

جواب:ضروری نہیں ہے،مباح بھی ہوسکتاہے۔مباح کام (جواپنی ذات میں نہ بُراہواورنہ ثواب والاجیسے کھانا کھانا) میں اچھی نیت(مثلاً عبادت پر قوت حاصل کرنے کی نیت ) کرلی جائے تو وہ بھی نیک وثواب والاکام بن جاتاہے۔

سوال: جس کا دل دُکھا دیا ہو،کیا اس کو اپنی نیکیاں اِیصال کرنا کافی ہوگایا اس سے معافی بھی مانگناہوگی؟

جواب:معافی مانگناہوگی ،اگرفوت ہوگیا ہے تو اس کے لیے مغفرت کی دُعا کرے ۔

سوال: جَزَاکَ اللہُ خَیْراََکے کیامعنی ہیں ؟

جواب: اللہ پاک آپ کو بھلا اوراچھابدلادے۔

سوال:گھرمیں گاجرکااچارکس طرح بنایاجائے؟

جواب:گاجرکا اچارگھرمیں بنایا جاسکتاہے،گاجروں کوکاٹ کر ان میں تیل ،مرچ اورلیموں ڈال دیں ۔گاجرکا اچاربنانےمیں لحسن بھی ڈالا جاتاہے مگرمیں یہ پسندنہیں کرتا کیونکہ کچےلحسن والے اچارکھانےسے منہ میں بُو ہوجاتی ہے جس کے ہوتے ہوئے ذِکرُاللہ اورتلاوت وغیرہ کرنے کی اجازت نہیں ۔اس لیے گاجرکے اچارمیں لحسن نہ ڈالاجائے۔

بعدِ تراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:کیا دینِ اسلام کے لیے قربانی کی بھی اہمیت ہے ؟

جواب: دین ِاسلام کی اِشاعت کے لیے قربانی کی بہت اہمیت ہے ،اِسلام کی تاریخ قربانیوں سے بھری ہوئی ہے۔

سوال:پوری دنیا پر حکومت کرنے والے بادشاہ کتنے اورکون کون تھے ؟

جواب: پوری دنیا پر حکومت کرنے والے 4 بادشاہ ہوئے ہیں۔2 مومن اور2 کافر۔ مومن بادشاہ حضرت سلیمان علیہ السلام اور حضرت ذوالقرنین رضی اللہ عنہ اور کافر نمرود اور بختِ نصرتھے۔

سوال: کیا سرپر مہندی لگا کرسونے کاکوئی نقصان بھی ہے؟

جواب:جی ہاں ! اس سےنظرجانے(یعنی نابینا ہونے)کااندیشہ ہے، سرپر مہندی لگا کرنہیں سونا چاہئے۔میری ایک نابینا سے ملاقات ہوئی تھی اس نے بتایا تھا کہ 10سال پہلے میں میری آنکھیں دُرست تھیں،مگرمیں بالوں میں مہندی لگا کرسویااورجب اُٹھا تو میری نظر جاچکی تھی۔

سوال:کلیجی کھانا کیسا؟

جواب:کلیجی کھا نامفید ہے البتہ جن کوکولیسٹرول یا پیٹ میں گیس کامرض ہووہ نہ کھائیں ۔جنت میں جنتیوں کوسب سے پہلے مچھلی کی کلیجی کاکِنارہ دیاجائے گا۔

سوال: سفرِحج کےدوران اُم المؤمنینحضرتِ میمونہ رضی اللہ عنہاکے مزارِپُراَنوارسے پتھرلینے والا واقعہ کیا ہے ؟

جواب: 1410ھ مطابق 1990ء میں ہم جب حج پر گئے تو اُم المؤمنین حضرتِ میمونہ رضی اللہ عنہاکے مزارِپُراَنوارسے ایک پتھرتبرک کے لیے بیگ میں رکھ لیاتھاتاکہ وطن بھیج دیاجائے مگرجب اس کو کچھ وقت کے بعد دیکھا تو اس میں نمی تھی اوردیکھتے دیکھتے ہی اس کی نمی میں اضافہ ہوگیا،گویا وہ مزارِپُرانوارسے جُدائی پر رورہا تھا ،پھراسے دوبارہ مزارپر رکھ دیا تھا ۔

سوال: اعلیٰ حضرت امام احمدرضاخان رحمۃاللہ علیہ کیسے شاعرتھے ؟

جواب:اعلیٰ حضرت بہت بڑے عالم،بہت بڑے محدث اوربہت بڑے مفتی تھے، اسی طرح بہت بڑے شاعربھی تھےبلکہ کہنا چاہئے کہ ہرفن مولیٰ تھے،جیسے آپ کلام لکھنے میں اِمَامُ الْکَلام ہیں،اسی طرح آپ کاکلام بھی کَلامُ الْاِمَام یعنیکلاموں کا اِمام ہے۔

سوال: جب بچوں کو باہرجانا ہوتو کیا ماں باپ سےاجازت لینی چاہئے؟

جواب:جو بچے ناسمجھ ہوں انہیں تو ماں باپ سےاجازت لے کرہی باہرجانا چاہئے بلکہ بچوں کو اس کا پابند بنا یا جائےاورجب بڑے ہوجائیں تو بھی اجازت لینا اچھا ہے، جب میں اوپر والی منزل سے نیچے کھا نا کھانے جاتاتوکھانا کھانے کے بعد اُوپر جانےسے پہلے اپنی بڑی بہن( فوئی ماں، جو میری ماں کی جگہ تھی )سے اجازت لیتاپھر اوپروالی منزل پر جاتا، اسی طرح سفرسے پہلے بھی اجازت لیتاتھا ،اجازت لینے سے محبت بڑھتی ہے۔

سوال: کئی لوگ کہتے ہیں کہ ’’میں بہت مصروف ہوں ‘‘اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: ہرایک کوچاہئے کہ یہ کہنے’’میں مصروف ہوں‘‘ سے پہلے خوب غورکرلے کہ کیا وہ واقعی مصروف ہے یا نہیں ؟مصروف ہے تو یہ کہے ورنہ جھوٹ نہ بولے۔


دو رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور تین رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال: ماہِ رمضان میں بچوں کوکیاکرناچاہئے؟

جواب: نمازیں پڑھیں ،عمر7 سال ہوگئی ہے اورروزہ رکھنےکی طاقت ہے تو روزہ رکھیں ،ذِکرُاللہ کریں ،اِسْتِغْفَار(اَسْتَغْفِرُاللہ)پڑھیں ،رمضان نیکیوں میں گزاریں۔

سوال:حُسْن ِاَخلاق میں کیاکیا شامل ہے؟

جواب:حُسنِ اَخلاق(اچھےاخلاق) کا دائرہ کافی وسیع ہے،مُسکراکر اچھے انداز سے ملنا بھی حُسْنِ اخلاق کاایک حصہ ہے ،اسی طرح سچ بولنا،ماں باپ کی اطاعت کرنا وغیرہ بھی حُسْنِ اخلاق میں شامل ہے ،تفصیل کے لیے مکتبۃ المدینہ کی کتاب ’’حُسْنِ اخلاق ‘‘کا مطالعہ کیجئے۔

سوال:کیاسحری وافطاری کے وقت دُعاقبول ہوتی ہے ؟

جواب:افطاری اورسحری کے بعد دُعاقبول ہوتی ہے ۔

سوال: کیا جوبھی چاہئے،اللہ پاک سے دُعا مانگ سکتے ہیں ؟

جواب:جو بھی جائز دعا ہے وہ مانگ سکتے ہیں ،گنا ہ کی دُعا نہیں مانگ سکتے ۔

سوال:جس طرح انسان آپس میں باتیں کرتے ہیں تو کیا جانوربھی آپس میں باتیں کرتے ہیں ؟

جواب: جی ہاں!

بعدِ تراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال: خاتونِ جنّت حضرت سَیِّدَتُنَا فاطمہ زہرارضی اللہ عنھا کی پیدائش اوروفات کب ہوئی ؟

جواب:حضرت سَیِّدَتُنَافاطمہ زہرا رضی اللہ عنہا کی پیدائش اعلانِ نبوت سے پانچ(5) سال قبل ہوئی اور3رمضانُ المبارک 12ھ کو وصال فرمایا۔مزید معلومات کے لیے مکتبۃ المدینہ کی کتاب"شانِ خاتون جنت" کامطالعہ کیجئے۔

سوال:فقیرکون ہوتا ہے؟

جواب:میں نےایک بزرگ صوفی بشیرالدینرحمۃاللہ علیہ(صرافہ بازارکراچی ) کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ فقیرکے4حروف(ف۔ق۔ر۔ی) ہیں،"ف" سےمراد فاقہ،"ق"سے مرادقناعت ،"ی"سے مرادیادِالٰہی اور"ر"سے مرادریاضت(یعنی عبادت میں کوشش کرنا)۔جس میں فاقہ،قناعت ،یادالٰہی اورریاضت جمع ہوتووہ فقیرہے۔

سوال: مطالعہ کےدوران توجہ نہ بٹے اس کےلیےکیاکریں ؟

جواب:ساری توجہ مطالعہ میں رہے، اس کے لیے کوشش کی جائے ،کوشش کریں تو کامیاب ہوجائیں گے ۔

سوال:"میری عزّت کی جائے" اس کی خواہش کرناکیساہے؟

جواب:اسے"حُبِّ جاہ" کہتے ہیں ،اس لیے عزّت کی خواہش کرنا کہ میری واہ واہ ہوتو یہ مذموم یعنی بُراہے ،باطنی مرض ہے ۔البتہ والدین کی عزّت تاکہ اولاد بات مانے ،استاذکی عزت تاکہ شاگرداطاعت کرے وغیرہ اس کی تو ضرورت ہوتی ہے۔

سوال:جگرکسےکہتے ہیں ؟

جواب:کلیجی کو جگرکہتے ہیں، انگلش میں اسےلیور(Liver) کہا جاتاہے۔

سوال: اُمُّ الْمُوْمِنِیْن حضرتسَیِّدَتُنَاخدیجۃُ الْکُبْریٰ کایومِ عرس کیا ہے؟

جواب:10رمضانُ المبارک

سوال:جن صحابہ کرام رضی اللہ عنہمنے حبشہاورپھرمدینہ شریف ہجرت کی ان کوکیاکہاجاتاہے؟

جواب:ذُوالْہِجْرَتَیْن (یعنی دو ہجرتوں والے)

سوال: آپ کوکتابیں پڑھنے کاشوق کب سے ہے؟

جواب:جب سے ہوش سنبھالا ہے کتب پڑھنےکا شوق تھا ،لائبریری کا ممبربنا،کتابیں لاتا اورپڑھتاتھا ۔

سوال:کتاب اورعلم کاآپس میں کیاتعلق ہے؟

جواب: کتاب اورعلم کا آپس میں چولی دامن کاساتھ ہے ،علم حاصل کرنےکا اہم ذریعہ کتاب ہے۔

سوال:دِینی کتابوں سے میری محبت ہوجائے، اس کا کیا طریقہ ہے ؟

جواب:کتاب کے فوائدپر نظررکھی جائے ،کتاب کےبغیرانسان ادھوراہے۔ کتاب میں علم کے پورے پورےخزانے ہوتے ہیں،اس کی اہمیت انٹرنیٹ(Internet) سے زیادہ ہے۔کتاب کے ذریعے ملنے والی معلومات مستندہوتی ہیں مگرانٹرنیٹ سےحاصل ہونے والی معلومات مضبوط نہیں۔

سوال:نفسِ امارہ کوکیسےکنٹرول کیا جائے؟

جواب:نفس کی مخالفت کی جائے،اپنی خواہشات کو اسلام کے تابع کرےبلکہ مباح خواہشات کوبھی کنڑول کرنےکی کوشش کرے ،اس کےلیے بہت کوشش کرنا پڑےگی ۔

سوال:سحری میں چائے پینے کے بارے میں آپ کیافرماتے ہیں ؟

جواب:سحری میں تھوڑی سی چائے توچل جائے مگرسحری میں زیادہ چائے پی جاتی ہوگی جوکہ صحت کےلیےنقصان دہ ہے۔


یکم  رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور دو رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جس میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال: نیکیاں شروع کرتاہوں مگراستقامت نہیں ملتی کیا کیا جائے؟

جواب:شیطان ،ہمزاداورنفس انسان کو نیکیوں سےدُورکرنےکی کوشش کرتے ہیں ،اس لیے ان کی مخالفت کی جائے،یہ جو کہیں اس کا اُلٹ کریں گےتو استقامت حاصل ہوجائے گی۔اِنْ شَاۤء اللہُ الرَّحْمٰن

سوال:نیک طبیعت کون ہوتاہے؟

جواب:جو سب کی خیرخواہی وبھلائی چاہتاہو،کسی کودھوکا نہ دیتاہو،چالاکیاں کرکے لوگوں کونقصان نہ پہنچاتاہو،وہ نیک طبیعت ہے ہم سب کو بھی ایساہی ہوناچاہئے۔

سوال: ماہِ رمضان میں کیا مخصوصعبادت کی جائے ؟

جواب:روزے رکھیں یہ فرض ہیں ،پانچوں نمازیں اداکریں ،وظائف اوران کا وقت مقررکرلیں ،ان سب کو اپنی روٹین کاحصہ بنا لیں ۔

سوال:لوگ کہتےہیں کتابوں سے دوستی کرلو،کتابوں سےدوستی کیسےہوگی؟

جواب:کتابوں سےدوستی یہ ہے کہ ہم انہیں پڑھیں ،ہمیں قرآنِ کریم اوراسلامی کتابیں ہی پڑھنی چاہئیں۔

بعدِ عشاء ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:کیا گُناہوں اورنیکیوں کےبھی اثرات ہوتےہیں ؟

جواب:جی ہاں !ایک نیک پڑوسی سےاس کےآس پاس سو(100)گھروں تک اس کی نیکی کا اثرپہنچتاہے۔

سوال:اُولُو الْعَزم(صاحبِ ہمت)رسولوں کی تعداد کتنی ہے اوریہ کون کون ہیں؟

جواب: اُولُو الْعَزم رسولوں کی تعداد5 ہے ،ہمارے پیارے آقا حضرت محمدمصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم ،حضرت سیدناابراہیم علیہ السلام،حضرت موسٰی علیہ السلام،حضرت عیسیٰ علیہ السلام اورحضرت نوح علیہ السلام۔

سوال: قرآنِ کریم کی سب سےبڑی اورسب سےچھوٹی سورت کون سی ہے؟

جواب:سب سے بڑی سُوْرۂ بَقَرَہ اورسب سے چھوٹی سُوْرۂ کوثَر ہے ۔

سوال:پیارے آقاصلی اللہ علیہ والہ وسلم نے نیکی کی دعوت کیسےدی ؟

جواب: پیارے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم نےاپنا کردارکفارکے سامنےپیش کیا،یہ بھی آپ کو صادق(سچا) اورامین(امانت دار،جس پر اعتمادکرتےہوئے امانتیں رکھی جائیں) کہتے تھے۔پھرنیکی کی دعوت دی۔کئی لوگ ایمان لےآئےاورکئی لوگوں نےآپ پر ظلم کیا،مگرآپ نےہمت نہ ہاری اورنیکی کی دعوت کاسلسلہ جاری رکھا۔

سوال:غم اورٹینشن کےبارے میں کچھ ارشادفرمائیں ؟

جواب:غم اورٹینشن کئی بیماریوں کوجنم دیتاہے ،غم زندگی کو کھا جاتاہے ،اس سےہم سب کو نکلناچاہئے ۔اللہ پاک پر بھروسا کرناچاہئے۔

سوال: خاتونِ جنت،شہزادیِ کونین حضرت سَیِّدَتُنَافاطمۃُ الزَّہرارضی اللہ عنہاکا یوم ِعرس کیاہے؟

جواب:3رمَضانُ المبارک۔

سوال:دارالمدینہ کےبارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:دارالمدینہ دعوتِ اسلامی کا تاریخی کارنامہ ہے،یہ بچوں کو ایساماحول دیتاہے جس سے بچوں کے اخلاق بہترہوتے اورنمازروزے کاذہن بنتاہے ، جن کے بچے اس میں پڑھتے ہیں وہ ان کی فیس(Fee)وقت پر جمع کروائیں ۔جودے سکتے ہیں ان کوچاہئے کہ اپنی صاف رقم(علاوہ زکوٰۃ و فطرہ وغیرہ)سے اس کی مددکریں تاکہ یہ چلتے رہیں۔

سوال:قساوتِ قلبی یعنی "دل کی سختی" کیا ہے اوراس کےکیااسباب ہیں ؟

جواب:قساوتِ قلبی یعنی دل کی سختی ایک باطنی بیماری ہے ،اس کےمعنی یہ ہیں کہ موت وآخرت کویادنہ کرنے کے سبب دل کا سخت ہوجانایادل کااس قدرسخت ہوجاناکہ طاقت کےباوجود کسی شرعی فقیر کو بھی کھانا نہ کھلائے ،ہرگنا ہ دل کی سختی کا سبب ہے، اس کے علاوہ بھی کئی اسباب ہیں مثلاً بغیر بھوک کےکھانا،بغیرتعجب کے ہنسنا اوربغیرضرورت کےبولنا وغیرہ۔

سوال:کیا انسان کووقت کے ساتھ اپنےاندرتبدیلی لانی چاہئے؟

جواب:ہروہ تبدیلی جواسلام سےنہیں ٹکراتی اسےقبول کیا جاسکتاہے۔کسی وقت آڈیوکیسٹوں کی ٹیکنالوجی تھی، تو ہم نےاس کے ذریعےنیکی کی دعوت عام کی،اب چینل کادور،سوشل میڈیا(Social Media) کادورہےتو ہم نےمدنی چینل شروع کیاہے۔شریعت کے دائرے میں رہتے ہوئے موجودہ دورکے حالات واقعات کو پیشِ نظررکھتےہوئے اپنےاندرتبدیلی لانی چاہئے۔

سوال:سحری میں کیاکھاناچاہئے؟

جواب:سحری میں پراٹھا،فرائی انڈااورملائی وغیرہ نہ کھائی جائے ،یہ سخت جان مزدوروں کی غذاہے ،سحری میں دہی ،کھچڑی جس میں نمک مصالحہ کم ہو،گھرکی روٹی(چپاتی)وغیرہ نارمل غذاکھائی جائے ،مناسب پانی پیا جائے ،ضرورت سے زیادہ معدےپر دباؤنہ ڈالاجائے ۔خوب چباکرکھایا جائے ،بچوں کو بھی چباناسکھایاجائے ۔بچے فوراًمنہ بھرلیتے ہیں ،ان پر نظررکھناپڑے گی ،جب تک ایک نوالہ نگل نہ لیں دُوسرالقمہ نہ لینےدیں۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ’’احترامِ رمضان‘‘پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یارب ِّکریم! جو کئی رسالہ ’’احترامِ رمضان ‘‘کے 26 صفحات پڑھ یا سُن لے،اُسے عاشقِ رمضان بنا اور اسے بے حساب بخش دے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ماہِ رمضان المبارک کی آمد ہوتے ہی دعوتِ اسلامی کے  زیرِ اہتمام روزانہ دو مدنی مذاکروں کا سلسلہ ہوتا ہے جن میں امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ قیمتی مدنی پھول ارشاد فرماتے اور عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرماتے ہیں۔

پاکستان میں یکم رمضان المبارک کا چاند 24 اپریل کو دکھائی دیا ، تراویح کی ادائیگی کے رمضان شریف کے پہلے مدنی مذاکرے کا آغاز ہوا۔ مدنی مذاکرے میں امیر اہل سنت نے عاشقانِ رسول کے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال:مسلمان اورمسجدکا آپس میں کیاتعلق ہے؟

جواب:مسلمان اورمسجد کا چولی دامن یعنی گہراتعلق ہے،خوش نصیب ہے وہ مسلمان جس کی دوڑ مسجدتک ہے۔

سوال: لاک ڈاؤن(Lock Down) میں ہمیں نمازکی ادائیگی کے بارے میں کیا کرنا چاہئے؟

جواب: اللہ کرے ہمیں نماز کی ادائیگی کی فکرہو،میرامشورہ ہے کہلاک ڈاؤن(Lock Down)میں ایک بڑی تعدادنےچونکہ گھر میں نمازپڑھنی ہے تو فوراًنمازاداکرنے کی کوشش کی جائے تاکہ نمازکی ادائیگی میں تاخیریا سستی نہ ہو مثلا جیسے ہی نمازِعشاکاوقت شروع ہوتو آپ نمازِعشاء کے فرض وسنتیں پڑ ھ کرنمازِتراویح اداکرلیں ۔

سوال:مدنی مذاکرہ سننے کا کیا فائدہ ہےاورماہ ِرمضان میں اس حوالے سے ہماری کیاروٹین ہونی چاہئے؟

جواب:مدنی مذاکرہ یکسوئی کے ساتھ سننےسےاتنا زیادہ فائدہ ہوگاکہ یہ فائدہ آپ کی نسلوں تک بھی پہنچے گا،اِنْ شَاۤءَ اللہ۔ماہِ رمضان میں نمازِتراویح کی ادائیگی کے فوراًبعدمدنی مذاکرہ سننےکا اہتمام کیجئے ،نمازِعصرکے بعد ہونےوالے مدنی مذاکرےمیں بھی شرکت کیجئے اوراس کے بعد ہونےوالی دُعائےافطارمیں شامل ہوجائیے ۔

سوال: روزہ کس طرح افطارکرناچاہئے؟

جواب:پانی یا کھجورسےافطارکیجئےیادونوں سے بھی کیا جاسکتاہے،مگرجب کھجورسےکریں تو نمازسےپہلے اچھی طرح منہ صاف کرلیں ،منہ میں مٹھاس کا کچھ اثرنہیں ہونا چاہے ،منہ بالکل صاف ہو۔

سوال:ماہ ِرمضان میں کھانا کھانےمیں کیااحتیاط کی جائے ؟

جواب:کھانےمیں ہاتھ ہلکا رکھیں یعنی کھانابھوک سے کم کھائیں ،تلی ہوئی چیزوں(Fri Items) سے بچیں ،اس کا فائدہ آپ خود دیکھ لیں گے۔

سوال: ہم اپنے یوم ِولادت(Birthdayسالگرہ)کو کس طرح منائیں؟

جواب: یہ خوشی کا موقع ہے، اس میں اللہ پاک کا شکراداکریں،دُرُودشریف پڑھ لیں ۔اگردعوت کرنی ہوتو مکمل شریعت کے مطابق ہو،مردوعورت کا اختلاط(بے پردگی کے ساتھ ایک جگہ جمع ہونا)نہ ہو،پردے کی ترکیب ہو،کیک کا رواج ہے مگرمیرامشورہ ہے کہ کیک کے بجائے کھانامثلاً پلاؤپکا کرکھلایا جائے۔

سوال: کیا ماہِ رمضان میں ہرنیکی کا ثواب بڑھ جاتاہے؟

جواب: جی ہاں !ہرنیکی کا ثواب ستّر(70)گُنا بلکہ اس سےبھی بڑھا دیاجاتاہے۔

سوال:مہنگائی کا علاج کیا ہے ؟

جواب:بزرگوں نے اس کا حل یہ ارشادفرمایاہے کہ جوچیز مہنگی ہوجائے اسےخریدنا ہی چھوڑدیں ،وہ سستی ہوجائے گی ،ایک مرتبہ مدینہ شریف میں کشمش مہنگی ہوگئی ،حضرت علی المرتضیٰ شیرخدارضی اللہ عنہ نےفرمایا کہ کشمش خریدناچھوڑدواس کی جگہ کھجوراستعمال کرلو ،کشمش سستی ہوجائےگی۔

سوال:حرص( لالچ) کےبارے میں آپ کیا فرماتےہیں ؟

جواب: کروناوائرس (Corona Virus)ظاہری بیماری ہے مگرحرص(لالچ)باطنی بیماری اورزیادہ نقصان دہ ہے۔

سوال:خیرخواہی اوررحم کرنےکےبارےمیں آپ کیافرماتےہیں ؟

جواب:خیرخواہی وہمدردی کرو،خیرخواہی وہمدردی کئے جاؤگے،رحم کرو،رحم کئے جاؤ گے۔

سوال: دولت کےبارےمیں آپ کیافرماتےہیں ؟

جواب:دولت بُری نہیں ،دولت کی محبت بُری ہے،اعلیٰ حضرت امام احمدرضاخان رحمۃاللہ علیہ نےاسے ایک مثال سےسمجھایاکہ کشتی اورپانی دونوں کا آپس میں گہراتعلق ہے ،کشتی پانی کے اوپرچلتی ہے،جب تک پانی نیچے رہتاہے کشتی چلتی رہتی ہے اورجب پانی کشتی کے اندرآجاتاہے تو کشتی ڈُوب جاتی ہے، اسی طرح دولت کی محبت انسان کےدل میں داخل ہوجائےتو اس کے لیے تباہی لاتی ہے۔دولت سے محبت کرناشیطانی کام ہے۔

سوال:ماں باپ اوراولاد پرخرچ کرنے کےبارےمیں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:ماں باپ کے لیے اپنےخزانوں کےمنہ کھلےرکھیں ،یہ 10 روپےمانگیں ،آپ 100روپےپیش کریں ،یہ پانی مانگیں تو مبالغۃًآپ دودھ پیش کریں ۔ اپنے بال بچوں پر بھی وسعت کریں ،جوان کےبھلے میں ہو،ان پر خرچ کریں۔

سوال:ماہ ِرمضان میں کون سا وِرْدیاوظیفہ کیا جائےاورکیا دعا مانگی جائے ؟

جواب:پورے ماہ ِرمضان میں2وظائف کی کثرت کی جائے ،کلمہ شریف (لَاۤاِلٰہَ اِلَّااللہُ مُحَمَّدُرَّسُوْلُ اللہ)[صلی اللہ علیہ والہ وسلم] اوراِسْتِغْفار۔2دعائیں کثرت سےکی جائیں،جنت میں داخلے کی دعا اورجہنم سےنجات کی دعا۔

سوال: لباس کےبارے میں آپ کا کیا ذہن ہے؟

جواب: سادہ لباس استعمال کیا جائے،فیشن اورٹِپ ٹاپ سےبچاجائے۔بہتریہ ہے کہ سفید لباس پہنا جائےالبتہ اچھااورقیمتی لباس کسی خاص موقع پر اچھی اچھی نیتوں سے پہنناثواب کا کام ہے ۔مثلاً مجھے رمضان سےمحبت ہےیہ میرامحبوب ہےسال میں ایک مرتبہ آتاہے میں نے اس کے استقبال کی نیت سےآج ہزاروں روپے کاقیمتی جُبّہ پہنا ہے مگریہ بھی سادہ اورسفید ہے،اس میں میری ایک اور نیت بھی تھی کہ آج یکم(1st) رمضان ہے اوریہ میرےمرشد حضورغوث پاک (حضرت سید عبدالقادرجیلانی)رحمۃا للہ علیہ کاجشن ولادت بھی ہے ۔

سوال: کیاسادگی،صفائی اورکشش،تینوں کوجمع کیا جاسکتاہے؟

جواب: جی بالکل جمع کیاجاسکتاہے۔


ہر ہفتے کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں  ہفتہ وار مدنی مذاکرہ ہوتاہے جس میں عالمی مذہبی اسکالر مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فر ماتے ہیں ۔ کثیر عاشقانِ رسول عالمی مدنی مرکز میں حاضر ہوکر شرکت کرتے ہیں جبکہ دنیا بھر کے کثیر مقامات پر عاشقان رسول جمع ہوکر اس مدنی مذاکرے میں شریک ہوتے ہیں۔

آج 25 اپریل بروز ہفتہ بھی تقریباً سوا گیارہ بجے ہفتہ وار مدنی مذاکرہ ہوگا۔ ملکی حالات کے پیش نظر آج کا یہ مدنی مذاکرہ اجتماعی صورت میں نہیں ہوگا۔ اسلامی بھائی کسی بھی جگہ گیدرنگ کی صورت میں دیکھنے کی ترکیب نہ کریں مدنی چینل پر لائیو اپنے گھروں پر ہی دیکھیں اور اپنے دوست و احباب کو بھی اپنے اپنے گھروں پر رہتے ہوئے مدنی مذاکرہ دیکھنے کی دعوت دیں۔


18  اپریل کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں بذریعہ مدنی چینل ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔ اس مدنی مذاکرے میں دنیابھر کے عاشقان رسول نے مدنی چینل اور سوشل میڈیا کے ذریعے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: اللہ پاک نے کن تین چیزوں کو تین چیزوں میں پوشیدہ رکھاہے ؟

جواب: اللہ پاک نے (1)اپنی رِضا کو اپنی اِطاعت (فرمانبرداری)میں (2)اپنی ناراضی کو اپنی نافرمانی میں (3)اوراپنے اولیاء کوبندوں میں پوشیدہ رکھا ہے ۔

سوال:کیا چیونٹیوں(کیڑیوں) کے ساتھ بھی نرمی کرنی چاہئے ؟

جواب: جی ہاں ،ہمیں ان کے ساتھ بھی نرمی اوراچھاسلوک کرنا چاہئے،بلاوجہ تکلیف نہیں دینی چاہئے۔

سوال:سمجھدارلوگ اپنےوطن ،شہراورعلاقے کےبارےمیں کیاسوچ رکھتےہیں؟

جواب:سمجھدارلوگ اپنے وطن،شہراورعلاقے کی تعمیرکرتےہیں، جذبات میں آکر تخریب یعنی توڑپھوڑنہیں کرتے۔

سوال: کھانے میںمیٹھا ہوتوکب کھانا چاہئے؟

جواب: کھانے میں میٹھا ہوتو خالی پیٹ کھانا چاہئے کہ خالی پیٹ میں میٹھا کھانافائدہ دیتا ہے اوریہ آنکھوں کے لیے مفید ہے، کھانےکی ابتدانمکین سے کریں اورپھرابتدا میں ہی میٹھا کھالیں،ہاں البتہ مشقت کرنےوالا (مثلاً مزدور وغیرہ)تو میٹھا زیادہ کھاسکتاہے مگرجن کا بیٹھنےکا کام ہے وہ میٹھاکم کھائیں،کیونکہ اس کو ہضم کرنے میں دُشواری ہوسکتی ہے۔

سوال:20تا22اپریل 2020،3 دن خون عطیہ دینے(Blood Donation)کی مہم شروع ہورہی ہے،اس کےبارے میں امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نےکیاارشادفرمایا ؟

جواب:تمام اسلامی بھائی اس مہم میں حصہ لیں ،جو اسی ماہِ شعبان(اپریل 2020) میں خون دےچکے ہیں ،وہ خود اب نہیں دےسکتے البتہ کسی اور اسلامی بھائی پر انفرادی کوشش کرکےاس سے دلوائیں ۔

سوال:لاک ڈاؤن(Lock Down) اورماہ ِرمضان میں امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے دکانداروں کو کیا ذہن دیا ؟

جواب:لاک ڈاؤن (Lock Down)میں مالداروں کو چاہئے کہ وہ اپنے خزانوں کےمنہ کھول دیں اوردکانداروں کو چاہئے کہ غریبوں پر رحم کریں اور سستابیچیں ۔

سوال: نبی ِپاک صلی اللہ علیہ وسلمنےکس مقام پر نمازِعیدادافرمائی؟

جواب:مدینہ ٔمنورہ میں جس مقام پرمسجدِغمامہقائم ہے،یہاں پر سرکارِ مدینہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم نےنمازِ عید ادافرمائی نیزحضور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم نےیہاں نمازِ اِسْتِسْقَاء(وہ نماز جو بارش کی طلب کے لیے پڑھی جاتی ہے)پڑھائی تھی،اسی وقتبادل نمودار ہوئے اوربارش برسنے لگی ،اس لیے یہ مسجدِغمامہ (بادل والی) والی مسجد مشہورہوئی۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ’’گناہوں کی دوا‘‘پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی؟

جواب:یاالٰہی! جو کوئی رسالہ ’’گناہوں کی دوا‘‘کے 24صفحات پڑھ یاسُن لے،اُس کو گناہوں کے امراض اور جسمانی بیماریوں سے شفائے کاملہ عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْنصلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


11  اپریل کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں بذریعہ مدنی چینل ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔ اس مدنی مذاکرے میں دنیابھر کے عاشقان رسول نے مدنی چینل اور سوشل میڈیا کے ذریعے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: خوداعتمادی(Self Confidence) کیسےپیداہو؟

جواب:بندہ جب کام کرتارہتاہے تو ماہرہوجاتاہے۔میں بھی شروع میں بیان کرتے ہوئے کانپتاتھا،ابھی ایسی کیفیت نہیں ہوتی ،یہ نفسیاتی اثربھی ہوسکتا ہے اس لیے اگریہ خیال آئےکہ میں فُلاں یا فُلاں کےہوتےہوئے بات نہیں کرسکوں گا تو اس خیال کوجھٹک دیں۔

سوال:کیا بچوں کی نمازاوردُرُودشریف قبول ہوتاہے ؟

جواب:جو بچے درست پڑھ لیتےہیں تو اللہ پاک کی رحمت سےثواب ملےگا،کیونکہ نابالغ کی نیکی قبول ہوتی ہے۔

سوال:غصے کی وجہ سےگناہ کرنے والوں کےلیے کیاوعید(عذاب کا وعدہ)ہے ؟

جواب:جہنم کا ایک خاص حصہ اُن کے لیے ہے جن کاغُصّہ کسی گناہ کےبعدہی ٹھنڈاہوتاہے ۔

سوال:جب مرغ  اذان(بانگ)دےتوکیا کرناچاہئے ؟

جواب:رحمت کی دُعاکرنی چاہئے، یہ دُعا بھی پڑھ سکتےہیں: اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ مِنْ فَضْلِکَ۔ (ترجمہ:یا اِلٰہی!میں تجھ سے تیرے فضل کا سُوال کرتاہوں)

سوال: آجکل کروناوائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن ہے، اس میں کیا کریں ؟

جواب:آن لائنفیضانِ نمازکورس کرلیں ،مطالعہ کریں ،نمازکےاحکام کتاب پڑھ لیں، یوں ضروری دِینی علم حاصل کریں۔

سوال:خفیہ تدبیرکاکیا معنی ہے ؟

جواب:چھپی ہوئی تدبیر،اللہ پاک کی خفیہ تدبیرہمارےبارے میں کیا ہے ؟ہم نیکیاں کررہے ہیں لیکن ہماراایمان پر خاتمہ ہوگایا نہیں؟یہ ہم نہیں جانتے۔ اس سے بندہ ڈرتارہے۔

سوال:ایک دم ڈرجائیں تو کیاپڑھیں؟

جواب:آیتُ الکُرسی پڑھ لیں ،سوتے ہوئے ڈرلگتاہوتو یَارَؤُفُ یَارَؤُفُ پڑھتے پڑھتے سوجائیں۔

سوال: آجکل کروناوائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن ہے ،ان حالات میں ضرورت مند لوگوں کوراشن دینےمیں دعوتِ اسلامی کا کیا ہدف ہے؟

جواب:دعوتِ اسلامی کاہدف(Target)26لاکھ گھرانوں کی مددکرناہے ۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہایمان پر خاتمہپڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا اللہ پاک! جو کوئی رسالہایمان پر خاتمہ کے 38 صفحات پڑھ یا سن لے اُس کا مدینے میں ایمان و عافیت کے ساتھ خاتِمہ فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْنصلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


28 مارچ 2020ء کی شب دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں عالمی مذہبی اسکالر علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقان رسول کی جانب سے کئے گئے سوالات کے جوابات حکمت بھرے جوابات دیئے۔ اس مدنی مذاکرے میں دنیابھر کے عاشقان رسول نے مدنی چینل اور سوشل میڈیا کے ذریعے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: کیاشَعبَانُ الْمُعَظَّم خصوصی طورپر دُرُودشریف پڑھنے کامہیناہے؟

جواب: جی ہاں !اس مہینے میں آیتِ دُرُود(اِنَّ اللَّهَ وَمَلٰۤئِکَتَهٗ يُصَلُّوْنَ عَلَى النَّبِيِّ)نازل ہوئی ۔

سوال: حضرت ِ سُفیان بن عُیَیْنَہ رحمۃ اللہ علیہ کاخاموشی کے بارے میں کیا قول ہے؟

جواب: خاموشی عالَم کے لیے وقاراورجاہِل کے لیے پردہ ہے۔

سوال: کاؤنٹر(Counter)تسبیح ہاتھ میں رکھنے کا کیا فائدہ ہے ؟

جواب: اگرہاتھ میں ہوگی تو ذکرودُرُود کرنے کا ذہن بنے گا،گفتگوکےدوران بھی ذکرودُرُودکرنےکا موقع مل جاتاہے،فضول گفتگوکرنےسے بھی بچت ہوگی۔

سوال: اپنے گھر میں چیخ وپُکارکرنے اوربغیراجازت کے ایک دوسرےکے کمرےمیں جاناکیساہے؟

جواب:گفتگوکرتےہوئے چیخ وپُکارکرنا سُنّت نہیں،قرآنِ کریم میں چیخ پُکارکرنے کی مذمت آئی ہے ۔ایک دوسرےکے کمرے میں جانے سے پہلے اجازت لینی چاہئے،اگرآپ کسی کےکمرے میں جاناچاہتےہیں توسلام کریں،دروازہ بجائیں یا کھنگاریں پھرانتظارکریں، کمرے میں آنے کی اجازت ملے توکمرے میں داخل ہوں ۔

سوال: کیااسلام میں سِفارش کرنےکی اجازت ہے؟

جواب: جس کی سِفارش کرنی ہے، اُس میں اُس کام کی صلاحیّت ہے یعنی وہ میرٹ(Merit)پرپورااُترتاہے تو( ثواب کی نیّت سے) سِفارش کی جاسکتی ہے، ورنہ نہیں۔

سوال:کیا دوستوں سے بھی حیاکرنی چاہئے ؟

جواب: جی ہاں! بلکہ سب سے زیادہ حیا تو اللہ پاک سے کرنی چاہئے ،حضرت سیدناعثمانِ غنی رضی اللہ عنہ جب تنہاہوتےاورکپڑے تبدیل کرتے تو اللہ پاک سے حیا کرتے ہوئے اپنےبدن کو سمیٹ لیتے۔

سوال:زیادہ بولنےکے کیا نقصانات ہیں ؟

جواب:زیادہ بولنے سےلڑائی جھگڑے ہوتے ،نفرت پیداہوتی اورامن تباہ ہوتاہے۔خاموشی اختیارکرنےسے امن قائم ہوتا،ذکرودُرُوداورتلاوتِ قرآن کرنے کا وقت ملتاہے۔

سوال: وہ کون سےبُزرگ تھے جنہوں نےایک گدھاگاڑی کو دیکھا جس میں اتنا مال لوڈ کیا گیا تھاکہ گدھا اس کا بوجھ برداشت نہ کرتےہولٹک گیا،گدھے کی تکلیف دیکھ کر ان کی آنکھوں میں آنسوآگئے؟

جواب:حضرتِ مولاناحافظ قاری محمدمصلح الدین قادری رضویرحمۃ اللہ علیہ،کسی پربھی ظلم نہیں کرناچاہئے،یہ بُرےخاتمے کاسب سے بڑاسبب ہے۔اَلْعِیَاذُبِاللہ۔

سوال:کاتبینِ بارگاہِ رسالت صحابۂ کرام رضی اللہ عنھم کی تعدادکتنی ہے ؟

جواب:ان کی تعداد43ہے، ان میں سےکئی وحیِ قرآن ، کئی بادشاہوں کو خط اورکئی صدقات کا حساب وکتاب تحریرکیا کرتے تھے۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ’’اشکوں کی برسات ‘‘پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربِّ کریم! جو کو ئی ِسالہ’’ اشکوں کی برسات‘‘کے36صفحات پڑھ یا سُن لے، اُسے اپنے خوف اور اپنے آخری پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّمکے عشق میں رونے والی آنکھیں نصیب فرما ۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


ہر ہفتے کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں  ہفتہ وار مدنی مذاکرہ ہوتاہے جس میں عالمی مذہبی اسکالر مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فر ماتے ہیں ۔ کثیر عاشقانِ رسول عالمی مدنی مرکز میں حاضر ہوکر شرکت کرتے ہیں جبکہ دنیا بھر کے کثیر مقامات پر عاشقان رسول جمع ہوکر اس مدنی مذاکرے میں شریک ہوتے ہیں۔

آج 28مارچ2020ء بروز ہفتہ بھی ہفتہ وار مدنی مذاکرہ ہوگا۔ ملکی حالات کے پیش نظر آج کا یہ مدنی مذاکرہ اجتماعی صورت میں نہیں ہوگا۔ اسلامی بھائی کسی بھی جگہ گیدرنگ کی صورت میں دیکھنے کی ترکیب نہ کریں مدنی چینل پر لائیو اپنے گھروں پر ہی دیکھیں اور اپنے دوست و احباب کو بھی اپنے اپنے گھروں پر رہتے ہوئے مدنی مذاکرہ دیکھنے کی دعوت دیں۔

21 مارچ 2020ء کی شب دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں عالمی مذہبی اسکالر علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقان رسول کی جانب سے کئے گئے سوالات کے جوابات حکمت بھرے جوابات دیئے۔ اس مدنی مذاکرے میں دنیابھر کے عاشقان رسول نے مدنی چینل اور سوشل میڈیا کے ذریعے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: حضرت سیدنا عباس رضی اللہ عنہ کون ہیں؟

جواب: حضرت سیدناعباس رضی اللہ عنہ ہمارے پیارے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے چچاجان اورعظیم فضائل رکھنے والے صحابی ہیں ۔

سوال:اللہ پاک سے عافیّت یعنی سلامتی مانگنے کا کیا فائدہ ہے؟

جواب:اللہ پاک کوبندے کا عافیّت کا سوال کرنازیادہ پسندیدہ اورمحبوب ہے ،حدیث پاک میں ہے: بندہ اس سے افضل کوئی دعا نہیں مانگتا:اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ الْمُعَافَاۃَ فِی الدُّنْیَا وَالْآخِرَۃِ(یعنی ا ے اللہ ! میں تجھ سے دنیا اور آخرت میں عا فیّت کا سوال کرتاہوں۔ابنِ ماجہ، ۴/۲۷۳(

سوال:ایثارکسے کہتے ہیں ؟

جواب:دوسرے کی ضرورت کو اپنی ضرورت پر ترجیح دینا ایثارہے۔ایثارپر مغفرت کی بشارت ہے اوریہ بہت ثواب کا کام ہے۔

سوال: نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی والدۂ محترمہ حضرتسَیِّدَتُنَا آمنہ رضی اللہ عنہاکاوصال کہاں ہوااوراس وقت آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی عمرکتنی تھی؟

جواب:حضرتسَیِّدَتُنَا آمنہ رضی اللہ عنہاکاوصال مدینۂ منورہ اورمکہ مکرمہ کے درمیانی راستے میں ایک مقام’’اَبْوَاء‘‘میں ہوااوراس وقت آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی عمر چھ(6 Years)سال تھی۔

سوال:اِسریٰ کا کیا معنیٰ ہے؟

جواب:معراج کی رات بیتُ اللہ شریف سے لے کر بیت المقدس تک جو سفرہوااُسے اِسریٰ کہتے ہیں ۔

سوال:سفرِ معراج کہاں سے شروع ہوا۔

جواب: نبیِ پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی چچازادبہن حضرت اُمِّ ہانی رضی اللہ عنہاکے گھرسے ۔

سوال:کتابیں پڑھنے کا کیا فائدہ ہے اورکتابیں پڑھنے میں کس طرح دل لگے؟

جواب:کتابیں پڑھنا علمِ دین حاصل کرنے کابہترین ذریعہ ہے ،شروع شروع میں اسلامی حکایات اورواقعات کو تھوڑا تھوڑا پڑھیں ،اِنْ شاۤء اللہ دل لگے گا ،پھر دوسری کتابوں کا مطالعہ کریں، سب کو چاہئے کہ اسلامی کتابیں پڑھیں اوراسلامی معلومات بڑھائیں۔ماہنامہ فیضانِ مدینہ بہترین رسالہ ہے ۔یہ ہرماہ شائع ہوتاہے،ہرماہ ہدیۃً حاصل کریں،اس میں بہت ساری پیاری پیاری معلومات اورمضامین ہوتے ہیں۔

سوال:مرکزی مجلس شوریٰ کی جانب سے دعوتِ اسلامی کا ترجمان کس کو مقررکیا گیا ہے ؟

جواب:رکنِ شوریٰ مولانا عبدالحبیب عطاری کو۔

سوال:جِنّات سے ڈرلگے تو کیا وظیفہ پڑھنا چاہئے؟

جواب:آیۃُ الْکُرْسِی پڑھیں۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ’’دعا مانگنے کے 34 آداب ‘‘پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یاربِِ کریم! جو کوئی رسالہ ’’دعا مانگنے کے 34 آداب‘‘کے 39 صفحات پڑھ یا سُن لے اُس کو رِیا سے بچتے ہوئےگِڑگِڑاکراورروروکردُعائیں مانگنے کی سعادت عنایت فرمااوراُس کی بے حساب مغفرت کر۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم