20 رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور 21 رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:آپ کی سالگرہ(Birthday)پر آپ کوکیا تحفہ پیش کریں ؟

جواب:پس میری مغفرت کی دُعاکریں ،نمازروزے کی پابندی کریں ،تلاوتِ قرآن کریں ،ماں باپ کی فرماں برداری اورخدمت کریں۔

سوال:دِینی کتابوں کےمُطالعے کے لیے کون ساوقت بہترہے؟

جواب:جس وقت دماغ فریش ہو،اس وقت اہم کام کرناچاہئے ،رات کوآرام کیاہوتو صبح کے وقت بندہ فریش ہوتا ہے، اس میں دینی کتابوں کا مطالعہ کرلیا جائے ۔

سوال:کسی کے سامنے اس کاعیب(Defect)بیان کرناکیسا؟

جواب:تنہائی میں اورنرم اندازمیں اُس کی اِصلاح کرنے کے لیے ایساکیا تو حرج نہیں اوراگر لوگوں کے سامنے اس کی بُرائی کی تو اُس کی سخت دل آزاری ہوگی اور دل آزاری بہت بڑاگُنا ہ ہے ۔

سوال:شبِ قدرمیں کون سی دُعاکی جائے ؟

جواب:شبِ قدرتو چُھپا دی گئی ہے،البتہ اِسےآخری عشرے کی طاق راتوں میں تلاش کرنے کا فرمایا گیاہے ، اس لیےان راتوں میں یہ دُعاکثرت سے کی جائے :اَللّٰھُمَّ اِنَّکَ عَفُوٌّ کَرِیْمٌ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنِّی۔یعنی اے اللہ!تُو بہت معاف کرنے والا، کرم فرمانے والا ہے۔ معاف کرنے کو پسندفرماتا ہے پس مجھے معاف فرمادے۔

سوال:حضرت ابوالحسن عراقی رحمۃ اللہ علیہ کے تجربے کےمطابق جب پہلاروزہ ہفتے کو ہوتوشبِ قدرکون سے رات ہوتی ہے ؟

جواب:حضرت ابوالحسن عراقی رحمۃ اللہ علیہ کےفرمان کا ایک حصہ ہے کہ جب پہلا روزہ ہفتے کےدن ہواتومَیں نے شبِ قدرکوماہِ رمضان کی 23تاریخ کو پایا ۔

سوال:آپس میں نیکی کی دعوت اورمُعاملات کس طرح ہونے چاہئیں؟

جواب:مسلمانوں میں نفرت نہیں پھیلنی چاہئے ۔ایسےالفاظ اوراندازاختیارنہ کئےجائیں جس سے خرابی ،فساد اورنفرت بڑھے۔

بعدِ تراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال: جس کے ہاتھ پر کالاتِل ہوتووہ کیساہوتاہے؟

جواب:ہاتھ پر کالاتِل ہونا باصلاحیت شخص کی پہچان ہے ،ایسے شخص کو عزّت ،شہرت اوردولت سب کچھ حاصل ہوتا ہے ۔

سوال:کیا آپ مالدارہیں ؟

جواب:جی ہاں !اگرکبھی بڑے مالداروں کی فہرست بنے تواس میں میرانام آجائے گا،کیونکہ مجھے مال ودولت کی تمنا نہیں ہے، کوئی کروڑوں روپےدے تو میں نہ لُوں جبکہ کوئی امیرہوتو اسےمزید دولت کی تمنا ہوتی ہے ،تحدیث ِ نعمت کے لیے کہہ رہا ہوں کہ میں ایسانہیں ہوں اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ ۔

سوال:صبرِجمیل کیا ہے ؟

جواب:جب کوئی پریشانی ومصیبت آئے تو خاموش ہوجائے ،نہ کسی کو بتائے اورنہ ہی جان بوجھ کر ایسا اظہارکرے کہ میں مصیبت زدہ ہوں ۔کسی ایک فردکو بھی بغیرضرورت نہ بتائے ۔

سوال:حضرت مولیٰ علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کو’’شیرخدا‘‘کہنے کی کیاوجہ ہے؟

جواب:نبی ٔ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت مولیٰ علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کو’’اَسْدُاللہ‘‘ کا خِطاب عطافرمایا جس کا معنی’’ شیرِخدا‘‘ ہے۔آپ بہت بہادُرتھے۔آپ کی والدہ نے آپ کانام ’’حیدر‘‘رکھا ،جس کا معنی بھی شیرہے ۔

سوال:مولیٰ مشکل کُشا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کیکتنی خوبیاں ہیں ؟

جواب:آپ رضی اللہ عنہصاحبِ کرامات ،سخاوت ،ایثاراورشجاعت وغیرہ کے پیکرتھے ،کافی خوبیاں آپ کوعطاکی گئیں،کس کس خوبی کا ذکر کیا جائے ۔

سوال:کیانمازمیں چھینک آنا شیطان کی طرف سے ہے؟

جواب:جی ہاں ۔

سوال:شارٹ کٹ(Short Cut)مفید ہے یا نقصان دہ؟

جواب:بعض اوقات شارٹ کٹ مفید ہوتاہے مثلاً لمبا راستہ چھوڑ کر چھوٹا راستہ اختیارکرنا ،شارٹ ہینڈرائٹنگ (Short Hand Righting) بھی اس کی ایک مثال ہے۔بعض شارٹ کٹ نقصان کا باعث ہوسکتے ہیں،جب کسی چیز کا خاص وقت لگناطےہے( جسے نیچرل گروتھ کہتے ہیں)مگروہ اس کام کوجلد کرنے کی کوشش کرے مثلاً پریشرککر(Pressure Cooker)کے ذریعے چیزاُبالنا،بغیر محنت کے بڑاتاجربننے کوشش کرنا وغیرہ۔