18 رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور 19 رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:ہم اپنےگھر والوں کو اسلام اورسنّتوں کےمطابق زندگی گزارنےپرکس طرح ترغیب دِلاسکتے ہیں ؟

جواب:اپنےکردارسےان کودعوت دیں ،مثلاً ان سے محبت سےپیش آئیں ،تکرارسےبچیں ،مسکراکربات کریں ،اچھے انداز سےدعوت دیں ۔دل سے ان کے لیے دُعابھی کریں ۔

سوال:اچھے بچے کیسے ہوتے ہیں ؟

جواب:اچھے بچے ماں باپ کا کہامانتے ہیں ،7 سال کے ہوجائیں تو نمازپڑھتے ہیں ،قرآن ِ کریم سیکھتے ہیں ،بھائی بہنوں سے لڑتے نہیں،وقت پر سوجاتے ہیں ،اپنے کپڑےاورچپل وغیرہ فکس جگہ پر رکھتے ہیں ،ماں جو چیز دے بغیرضدکے کھا پی لیتے ہیں ،انجانی چیز امی ابوکوبتائے بغیرنہیں کھاتےپیتے ،اجنبی شخص سے کوئی چیز لے کر نہیں کھاتے اورنہ ہی اس کے ساتھ جاتے ہیں،ماں باپ کے علاوہ کسی سے کوئی چیز نہیں مانگتے۔

سوال:صوفی کون ہوتاہے ؟

جواب:جو نیک صالح آدمی ہواُسے صوفی کہاجاتاہے۔یہ عمومی طورپرتصوف والے ہوتے ہیں ،دل کی صفائی کی طرف متوجہ ہوتے ہیں ،دنیا میں دعوتِ اسلامی کواَلْحَمْدُللہصُوفی اِزم میں شمارکیا جاتاہے ۔

سوال:تجسس(Curiosity) کیا ہے ؟

جواب:لوگوں کی چھپی ہوئی باتیں اورعیب جاننے کی کوشش کرناتجسس کہلاتاہے،یہ باطنی بیماری ہے، اس سے اپنے آپ کوبچاناچاہئے ۔

سوال:نمازکے دوران جہنم کے خوف سے کسی آنکھوں میں آنسوآجائیں تو کیساہے؟

جواب:اچھاہے،اس سے خشوع وخضوع میں اضافہ ہوتاہے، نمازاچھی ہوجاتی ہے ۔

سوال:وضوسے پہلے کیا نیتیں کی جائیں ؟

جواب:٭حکمِ الٰہی بجالاتے ہوئے وضوکروں گا،٭بے وضوئی دُورکروں گا،٭گناہ جھڑنے کی امیدکروں گا٭ بِسْمِ اللّٰہپڑھوں گا٭اوراعضاپر تری باقی رکھوں گا وغیرہ۔

سوال:مسواک کرنےسے پہلے کیا نیتیں کی جاسکتی ہیں ؟

جواب: ٭رضائے الٰہی پانے کے لیے٭اِتباعِ سنت میں٭ منہ کو ذکرودُرُودکے لیے پاکیزہ کرنے کے لیے مسواک کروں گا۔

بعدِ تراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:جو کرسی(Chair)پر نماز پڑھتے ہیں یا کرسی کے عادی ہیں، ان کو آپ کیا مشورہ دیں گے ؟

جواب: جس سے جتنا بَن پڑے کُرسی پر نماز پڑھنے کا عادی نہ بنے کیونکہ بدن اس کا عادی ہوجائے گا توپھربغیرکرسی کے نمازپڑھنادُشوارہوجائےگا،اسی طرح زمین پر بیٹھ کر کھانا کھائیے ،نمازکے بعد اسی جگہ پر اورادپڑھیں تاکہ زمین پر بیٹھنے کی عادت رہے ۔یہ عادت نکل گئی تو زندگی مشکل ہوجائےگی ۔

سوال:لوگوں کواسلامی بات بتانی ہوتوالفاظ کتنے آسان ہونے چاہئیں؟

جواب:ہمیں عوام میں کام کرنا ہے ،اس لیے لوگوں کو اسلامی بات سمجھنے کےلیے آسان ترین الفاظ اوراندازاختیارکرناچاہئے۔

سوال: سب سے پہلے کون سی آسمانی کتاب نازل ہوئی؟

جواب: سب سے پہلے توریت حضرت موسیعلیہ السلام پر،پھرزبورحضرت داؤدعلیہ السلام پر،پھرانجیل حضرت عیسی علیہ السلام پراورآخرمیں قرآنِ کریم ہمارےپیارے آقا مکی مدنی مصطفیٰ حضرت مُحمدصلی اللہ علیہ والہ وسلم پر نازل ہوا ۔

سوال: مہنگائی کیسے کم ہوسکتی ہے؟

جواب: کھانے پینے ،لباس وغیرہ مُعاملات میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کا جذبہ بھی مہنگائی میں اضافے کا سبب ہے، اگران تمام چیزوں میں سادگی اختیارکرلیں تو مہنگائی کم ہوسکتی ہے۔

سوال:میں تصوّرِمدینہ کرتاہوں مگردنیاوی خیالات رکاوٹ بن جاتے ہیں ؟

جواب:تصوّرِمدینہ سے پہلے وہ تمام کام کرلیے جائیں جس کی طرف توجہ جاتی ہے ،اس طرح کے کاموں سے فراغت حاصل کرنے سےتصورِ مدینہ کرنےتوجہ زیادہ رہےگی۔ اِنْ شَآءَاللہ

سوال:پُراَمن رہنےاوررکھنے کے اعتبارسے دعوتِ اسلامی کی کیا پالیسی ہے؟

جواب: میری وصیت ہے کہ دعوتِ اسلامی پُراَمن ہے اورمیرےمرنے کے بعد اسے پُراَمن رکھاجائے ،حکومت کے خلاف احتجاج ،توڑپھوڑاورریلیاں دعوتِ اسلامی کے اندازمیں نہیں ،کوئی مسئلہ ہوتو وفود(Delegations)کی صورت میں حکومت کے متعلقہ افراد سے مل کر اپنی بات ،نیکی کی دعوت پہنچائی جاتی ہے اورمثبت اندازسے اس کے نفاذکی کوشش بھی کی جاتی ہے ۔

سوال:گونگے بہرے اورنابینا(اسپیشل افراد) کے ساتھ کیسا سُلوک کرنا چاہئے ؟

جواب: ہمدردی کا سُلوک کیا جائے ،اِن کو تعلیم وہنرسکھایا جائے ،ان کے رَوزگارکا بندوست کیا جائے ،ان کومُعاشرے کا اچھا فردبنایاجائے، دعوتِ اسلامی اِن دُکھیاروں کے لیے کئی اقدامات کررہی ہے اورمزید کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔

سوال:تکلیف ،آزمائش،بیماری کی ابتدامیں ہماراکیااندازہوناچاہئے ؟

جواب:جب بھی کوئی تکلیف آتی ہے تو شروع میں بہت محسوس ہوتی ہے،بہت پریشانی اورصدمہ ہوتااورپھرآہستہ آہستہ بندہ اس کا عادی ہوجاتاہے ۔اس لیے پہلے صدمے پر صبرکرناچاہئے، حدیث پاک میں پہلے صدمے پر صبرکوہی ’’صبر‘‘کہا گیاہے ۔

سوال:حوصلہ افزائی کے کیا فوائدہیں ؟

جواب:حوصلہ افزائی سے دل خوش ہوتاہے ،حوصلہ بلندہوتاہے ،مزید کوشش کرنے کا جذبہ بڑھتااوربندہ ترقی کرتاہے ۔

سوال:بچوں میں سب سے پہلے کس نے اسلام قُبول کیا ہے؟

جواب:حضرت علی المرتضیٰ شیرخدارضی اللہ عنہ۔

سوال:انسانوں،جانوروں میں یتیم کون ہوتاہے ؟

جواب:انسانوں میں وہ نابالغ بچہ یابچی جس کے باپ کا انتقال ہوجائے اورجانوروں میں وہ بچہ جس کی ماں مرجائے۔

سوال:دُرِّیتیم کسے کہتے ہیں ؟

جواب: وہ موتی جوسِیپ میں اکیلاہوتاہے،یہ بہت قیمتی ہوتاہے۔