آج رات مدنی مذاکرے سے قبل 8:00 بجے شیخ الحدیث والتفسیر مفتی محمد قاسم عطاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی”نیکی کی دعوت“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔ یہ پروگرام براہ راست مدنی چینل پر نشر کیا جائیگا ۔

بعد ازاں مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوگا جس میں امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔


25 رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور 26 رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:آپ کو کوئی تحفہ دینا چاہے تو کیاکرے؟

جواب:مجھے کچھ تحفہ دیناہو تو مجھے یہ دُعادیں کہ اے اللہ! الیاس کا ایمان سلامت رکھ ،بُرے خاتمےسے بچااوراسےبے حساب بخش دے۔جو مجھے نیکیوں کے تحفے دیتے ہیں تو وہ پہلے دُعا کیاکریں کہ میں نے فُلاں فُلاں نیکیاں الیاس قادری کو اِیصال کیں ،پھر آپ چاہیں تو مجھے بھی بتادیں کہ آپ کو یہ یہ نیکیاں اِیصال کی ہیں ۔

بعدِ تروایح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:عیدی کس نیّت اورکس اندازسے دینی چاہئے؟

جواب:اگررشتے دارہوں تو صِلہ رِحمی(یعنی رشتہ داروں سے حُسنِ سُلوک کرنا)ورنہ دِل خوش کرنے کی نیّت سے عیدی دینی چاہئے ،اگرنئےنوٹ ہوں تواچھاہے ،عُلمائے اہلِ سُنّت کورقم لفافےمیں ڈال کر ادب سے نذرکرنی چاہئے ،یہ اُن کی تعظیم کا انداز ہے۔

سوال:کوئی مشکل یا حاجت درپیش ہوتو کیا کریں ؟

جواب:کوئی مشکل وحاجت ہوتو 2رکعت’’صَلٰوۃ ُالحاجات‘‘اداکئی جائیں، اس کےبعدگِڑگڑاکراس طرح دُعا کی جائے کہ یااللہ!یہ میرے لیے بہترہوتو مجھےعطافرما۔

سوال:’’راہِ سُلوک کے مسافر‘‘کاکیا معنیٰ ہےاورشریعت وطریقت کے کیا معنیٰ ہے ؟

جواب:تصوف کی راہ پر چلنے والے کو"راہِ سلوک کا مسافر" کہا جاتاہے ۔یادرہے! شریعت اورطریقت جدانہیں٭شریعت قُرآن و سُنّت کے ظاہری اَحکام کو کہا جاتا ہے ٭ ’’طریقت‘‘قُرآن و سُنّت کے باطن کا نام ہے۔

سوال:مُریدبننے کی کیا کیابرکات ہیں ؟

جواب:مُرید بننانیکی اورثواب ہے اورہرنیکی سے عمرمیں اضافہ ہوتاہے ،جامع شرائط پیر کا مُرید ہونے سےعقائد وایمان کی حفاظت ہوتی ہے ۔جو مُریدصاحبِ نظرہوتووہ مُرید ہونے کے فوائد وبَرکات دُنیا میں ہی دیکھ لے گا اوراگرصاحبِ نظرنہیں ہوگا تو سَکرات اورمرنے کے بعد قبروحشرمیں دیکھ لے گا۔مُرید ہونے کا اصل مقصد آخرت کی تیاری کرنا ہے ۔

سوال: پیربننے کی کتنی شرائط ہیں؟

جواب: پیربننے کی چارشرائط ہیں۔


24 رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور 25 رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:ماہِ رمضان کی طاق راتوں میں کس طرح عبادت کرنی چاہئے؟

جواب:ایک ہی طرح کی عبادت کریں گے تو ہوسکتاہے کہ اُکتاہٹ ہوجائے ،اس لیے ایک گھنٹہ تلاوتِ قرآن،ایک گھنٹہ ذِکْرُاللہ اوردُرُود شریف ،ایک گھنٹہ کسی اسلامی کتاب کا مطالعہ کرلیں ،پھر نوافل اداکرلیں ،اس طرح رات گزارنے میں آسانی ہو گی ۔

سوال:مسجدکوجاتے ہوئے کیا وِردکرناچاہئے ؟

جواب:کوئی خاص وِردنہیں ہے، البتہ دُرُود وسلام پڑھنا اچھا ہے۔

سوال:بچوں کی گالیوں کی عادت کیسے دُورہو؟

جواب:گالیاں دینا بُراکام ہے ،اچھےلوگوں کی زبان سے اچھے اور بُرے لوگوں کی زبان سے بُرےالفاظ نکلتے ہیں ،جو اچھے بچے ہوتے ہیں وہ اچھے الفاظ بولتے ہیں اورگالیوں سے بچتے ہیں۔ مدنی چینل دیکھتے رہیں گے تو آپ بھی اچھے ہوجائیں گے ،ذِکْرُاللہ کریں گے ،نعتیں پڑھیں گے، یوں گالیوں کی عادت بھی ختم ہوجائے گی ۔

سوال:سگریٹ نوشی(Smoking) کی عادت ہوتوکیسے ختم کی جائے؟

جواب:کسی عادت کوڈالنے یا نکالنے کے لیےسنجیدہ (Serious) ہوناپڑتاہے ،سگریٹ پینے والابھی اس عادت کو چھوڑنے کیپکی نیّت کرے ،اِسے سنجیدہ (Serious)لے ،اپنے آپ کو اس طرح ڈرائے کہ سگریٹ کی ڈبی پر بعض اوقات لکھا ہوتاہے کہ سگریٹ پینے سےکینسر کاخطرہ ہے ،اس لیے مجھے یہ نہیں پینا ،اسی طرح منہ میں بدبوہوتومسجد کا داخلہ ممنوع ہے ۔سگریٹ پینے والا کیسامحروم شخص ہے مسجدمیں نہیں جاسکتا،مسجدمیں جانے کے لیے ایسے شخص کو اپنا منہ اچھی طرح صاف کرکے مسجدمیں جانا ہوگا اورمسجدمیں جاکر نمازپڑھے اورہرنمازکے بعدسو(100)مرتبہ یَاکَرِیْمُ یَاکَرِیْمُ کا وِردکرے اوراس عادت کے چُھوٹنے میں کامیابی کے لیے اللہ پاک سے دُعاکرے ۔

بعدِتراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:تمام عاشقانِ رسول زُلفیں رکھیں ،اس کےبارے میں کچھ ارشادفرمائیں ؟

جواب:تمام عاشقانِ رسول پیارے آقاصلی اللہ علیہ وسلم کی سنّت پورے سرکے بال(زُلفیں )رکھیں ،یہ سنّت ہے ،ہوسکتاہےیہی نیکی بخشش کاسبب ہوجائے۔

سوال:کوئی تعریف کرے تو کیاکرناچاہئے ؟

جواب: کوئی تعریف کرے تو پُھول نہیں جانا چاہئے ،اپنی تعریف سُن کر نفس کو مزہ تو آتاہے اورنفس اسے پسند کرتاہے ،کوئی تعریف کرے تو اُس وقت اِسْتِغْفَارکرناچاہئے ۔

سوال: ایک مرید کااپنے پیرصاحب کے معاملے میں کیساجذبہ ہوناچاہئے؟

جواب:بیعت ہونے کا ایک مطلب ہے بِک جانا،مُریدایساہوجیسے مُردہ بَدسْتِ زندہ ،جس طرح غَسال (غسل دینے والے)کے ہاتھ میں مُردہ ہوتاہے،ایسے ہی مُریدکو ہوناچاہئے۔بُزرگوں کی حکایات پڑھنےسے بھی ذہن بنتاہے ۔ایسے لوگ جوپیری مُریدی کو تسلیم نہیں کرتے جنہیں ’’فرقۂ بےپیر‘‘کہاجاسکتاہے ،ان کے مضامین وغیرہ ہرگز نہ پڑھیں ،غورتوکریں ،غوث الاعظم رحمۃ اللہ علیہ سمیت جتنے بھی بُزرگ ہوئے ہیں یہ سب کسی نہ کسی کے مُرید تھے،کسی کامل پیرکی بیعت کرنے سے کوئی نقصان نہیں، دنیا وآخرت کے فوائدہی فوائد ہیں ۔

سوال:آپ کے ہاں جو گھریلوکسب ہوتاتھا، اس کے بارے کچھ بتائیے ؟

جواب:ہمارے گھروالوں نے غُربت کے باوُجودکسی سے سُوال نہیں کیا ،کسی سے کوئی زکوۃو خیرات نہیں لی بلکہ گھریلوکسب کرتے تھے ،مونگ پھلی کے چھلکوں سے دانے نکالتے ،بھُنے ہوئے چنوں کے چھلکے جداکرتے ،سُوکھی اِملی سے اُس کے دانے جُداکرتےوغیرہ اوراس پر ایک آنے ،چارآنےوغیرہ اُجرت ملتی تھی،اِس سے گزربسرہوتی تھی ۔

سوال:دُنیا میں کچھ لوگوں کی آپس میں جان پہچان ہوتی ہےاوربعض میں نہیں، اِس کی کیا وجہ ہے ؟

جواب:عالم ِاَرواح میں جن کی جان پہچان ہوئی ،اِن کی دُنیا میں بھی جان پہچان ہوتی ہے اورعالمِ اَرواح میں جن رُوحوں میں اجنبیّت رہی تو دُنیا میں بھی اجنبیّت رہتی ہے ۔

سوال:جنّتوں کی تعدادکتنی ہے اوراِن کےنام کیا ہے؟

جواب:جنّتوں کی تعداد آٹھ (8)ہے، جن کے نام یہ ہیں: (1)دارُالجلال (2)دارُالقرار (3)دارُالسلام (4)جنّتِ عَدن (5)جنّتُ الماویٰ (6) جنتُ الْخُلْد (7)جنّت ُالِفردوس(8)جنّتُ النَّعِیْم ،اِن میں سے اعلیٰ جنّت الفردوس ہے۔

سوال:شبِ قدرکی رات اورلَیْلَۃُ القدرکی رات کہناکیسا ؟

جواب:شب اور لَیْل کا معنی رات ہے،جب لفظ شب اورلیل آجائے تو پھر لفظ ’’رات ‘‘ بولنے کی حاجت نہیں ،شب ِقدراور لَیْلَۃُ القدرکہنا کافی ہے ۔

سوال:بال(Hair) کیوں جھڑتے ہیں ؟

جواب:آجکل خوراک میں ملاوٹ،صابن اورشیمپومیں کیمیکل ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے بال جھڑتے ہیں ،عموماًجڑسے جدانہیں ہوتے بلکہ ٹُوٹتے ہیں ۔

سوال:نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں حج کے دوران زم زم شریف پلانے کی ذمہ داری (سِقایۃ ُالحاج)کس کےسپرد تھی ؟

جواب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے چچاحضرت عباس بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہ کی


23 رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور 24 رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:حضرتِ بایزیدبسطامیرحمۃ اللہ علیہ کس صدی ہجری کے بزرگ ہیں؟

جواب:تیسری صدی ہجری کے ۔

سوال:ہمارے ہاں ہر دو رکعت کے بعد یہ پڑھا جاتاہے’’اَلصَّلٰوۃُ بَرْمُحَمَّدصلی اللہ علیہ وسلم ‘‘ اس طرح پڑھنا کیسا؟

جواب:دُرست ہے ۔(یہ ہردو رکعت کے بعد پڑھا جاتاہے جبکہ ہر 4تراویح کے بعدتسبیح تراویح بھی پڑھی جاتی ہے)

سوال: ’’چُغل خَورمحبتوں کاچور‘‘ہے، اس سے کیامرادہے؟

جواب: چُغْلخوری سےآپس میں بغض وعناد اوردشمنی پیدا ہوتی ہے، اس لیے اسےمحبتوں کا چورکہا گیاہے ۔

سوال:اُدھار(Borrow)کے بارےمیں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:اس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ محبت کی قینچی ہے ۔

بعدِ تراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:دُرُست تلفظ کیا ہے، عید مبارِک یا عید مبارَک(یعنی "را"پرزبرہےیازیر)؟

جواب:"را" پر زبرہے ،دُرُست تلفظ مُبارَک ہے۔

سوال:آپ نے کتنے ممالک کاسفرکیاہے ؟

جواب:چھ(6)ممالک کا سفرکیا ہے، حرمینِ طیبین(عرب شریف)،عراق شریف ،سری لنکا،ہند، امارات ،ساؤتھ افریقہ۔

سوال:بچےکن باتوں پر صبرکرکے ثواب کماسکتے ہیں ؟

جواب:بچوں کو جن باتوں پر تکلیف ہوتی ہے،اس پر صبرکریں گے تو ثواب ملے گا مثلاًوہ بریانی کھا نا چاہتے ہیں اوروالدہ نےدال سبزی دسترخوان پر رکھ دی تو صبرکریں اوراسےکھالیں ،اس کی اوربہت ساری صورتیں ہیں ۔

سوال:دو خاندانوں کے تعلقات ٹُوٹ چکے ہوں تو کیا کریں ؟

جواب:صلح کریں ،اس کے بہت فوائد ہیں اورجھگڑوں کے کئی نقصانات ہیں ،جھگڑوں کی وجہ سے کئی گناہ بھی ہوجاتے ہیں ۔ صلح کےلیے دونوں میں سے ایک خاندان کو ہمت کرنا ہوگی ۔جب جائیں تو پچھلے واقعات کا ذکر نہ کریں،صلح کا دروازہ چھوٹاہے جواس میں داخل ہوناچاہتاہے تو جھک کرجائے۔بچپن میں ہم یہ سنتے تھے کہ لڑائی لڑائی معاف کرو،اپنا دل صاف کرو،کسی وجہ سے میری خالہ اورہمارے گھرانے کے تعلقات ختم ہوگئے تھے ،دعوتِ اسلامی کی ابتداتھی ،عیدالاضحیٰ کے موقع پر میں خالہ کے گھرچلاگیا اورمعذرت کی ،خالہ اورخالو میرےاس طرح آنے پر بہت حیران ہوئے ،پھر میں نے اپنی بہنوں کو بتایا اورہمارے گھر سے بھی اُن کے گھرچلے گئے یوں دونوں خاندان کے تعلقات درست ہوگئے۔

سوال:آپس میں جھگڑے نہ ہوں اس کا کیا حل ہے ؟

جواب:زبان بے لگام ہے، اگراس پر قُفل(تالا) پڑجائے تو معاشرے کے جھگڑے دَم توڑجائیں ،لوگ دوسروں کے گھروں ،واش روم ،صفائی ،چٹائی ،سواری وغیرہ کی بُرائی کرتے ہیں جوکہ غیبت اوردل آزاری کاسبب ہے ،اس وجہ سے بہت سےمسائل ہوتے ہیں ،اسی طرح دوسروں کے معاملات میں دَخل دینا ،پوچھ گچھ کرنے کے بھی نقصانات ہیں ۔ میں تو اپنے قریبی لوگوں سے بھی ان کے بچوں کی تعدادآمدن اوراس کا ذریعہ وغیرہ نہیں پوچھتا، جواسلامی بھائی میرے ساتھ دن رات رہتےہیں،ان کی آمدنی بھی کبھی نہیں پوچھی،اس طرح کے سوال کرنا میری عادت میں نہیں ۔آپ سب بھی ایسے ہوگئے تو ٹینشن فری ہوجائیں گے ۔

سوال:حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ کے مزارپردعامانگناکیسا؟

جواب:حضرت حمزہ رضی اللہ عنہاورشہدائےاُحُدکے مزارات دُعاکی قبولیت کے مقامات ہیں ۔وہاں عافیت اورمغفرت کی دعا کرنی چاہئے۔

سوال:اولاد کی دُعا کن الفاظ سے مانگی جائے؟

جواب:ہمیشہ عافیت وسلامتی کی دعا کرنی چاہئے ،جب اولاد کے لیے دعاکریں تو نیک اولاد مانگیں ۔لفظ نیک ضروربولاکریں ۔

سوال:بچوں کا منہ میں اُنگلیاں ڈالناکیسا؟

جواب:بچے منہ میں اُنگلی ڈالنے کی عادت چھوڑدیں ، اُنگلیاں مختلف جگہوں پر لگتی ہیں ،یہ منہ میں رکھیں گےتو گندگی پیٹ میں جائے گی، جس سے کیڑےاوردیگربیماریاں ہوسکتی ہیں ۔ والدین کو چاہئے کہ وہ بچوں کی اس عادت کوختم کرنےکی کوشش کریں۔

سوال:ماں باپ اورعالمِ دِین کو کس نیت سے دیکھنا چاہئے ؟

جواب:ماں باپ کو شفقت اورعالمِ دِین کوتعظیم کی نیّت سے دیکھناچاہئے کہ ثواب کاکام ہے ۔

سوال:کسی کام کرنے کی کوئی نہ کوئی وجہ ہوتی ہے مثلاً رقم ،عزّت یاشہرت ملے گی ،یہ بتائیں کہ مسلمان کاکیا ذہن ہوناچاہئے ؟

جواب:مسلمان کوتواللہ کی رِضا کا ذہن رکھنا چاہئے ،یہ ذہن بن گیا تو وہ ہروہ کام کرے گاجس سے رب کی رضا ملے اورہراس کام سے بچے گا جس سے رب کی ناراضی ہو۔

سوال:کسی کام کرتے رہنے کے لیے کیاایک دفعہ حوصلہ افزائی(Motivate) ہوناکافی ہے ؟

جواب:استقامت حاصل کرنے کے لیے نیکیوں کےفضائل سننے ہوں گے ،مطالعہ کرنا ہوگا ،اچھی صحبت اختیارکرناہوگی اوریہ سلسلہ جاری رکھنا ہوگا۔

سوال:ہماری امید اللہ پاک سے لگی رہے، اس کےلیے کیاکریں ؟

جواب:ایمان مضبوط کریں ،دعاکرتے رہیں ، اللہ پاک کی رحمت پر نظرلگائے رکھیں ،اےکاش!ہماری لَواسی کی جانب لگی رہے۔

سوال:حضرت آدم علیہ السلام سے منسوب قدم مبارک کس ملک میں ہے ؟

جواب:سری لنکامیں۔


22 رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور 23 رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:ہمارے بزرگانِ دِین پڑوسیوں کا کس طرح خیال رکھتے تھے؟

جواب: بہت خیال رکھتے تھے ،پھل لاتے توان کو بھی دیتے ،پھل کم ہوتے تو چُھپا کرلاتے تاکہ پڑوسیوں کے بچوں کی نظرنہ پڑےاورانہیں رنج نہ ہو،سالن بناتے تو شوربا زیادہ بناتے اورانہیں بھی سالن دیتے ۔ہمیں بھی اپنے ہمسائیوں کے ساتھ اچھا سُلوک کرناچاہئے ۔

سوال:ماں کی کوئی مصروفیّت ہو مثلاً کھانا پکاناہو اوربچہ شرارت کرتاہواوراس کو سنبھالنے والا کوئی نہ ہوتوکیا اس کے ہاتھ پاؤں باندھ سکتےہیں ؟

جواب:ایسی کوئی ضرورت ہوتو اس طرح باندھ سکتے ہیں کہ اسے آزمائش نہ ہو،نشان نہ پڑے،دردنہ ہو۔

سوال:اللہ پاک کا شکرکن الفاظ کے ساتھ کرنا چاہئے؟

جواب:اللہ پاک کا شکراداکرنے کے لیے اَلْحَمْدُ لِلّٰہبہترین الفاظ ہیں ۔

سوال:جہنّم کےبارے میں کچھ بتائیے تاکہ دل نرم ہو۔

جواب:جہنّم اللہ پاک کے قہروغضب کا مظہرہے ،اس کا عذاب بہت سخت ہے ،اس کی آگ کالی(Black) ہے ،اس میں اندھیراہی اندھیراہے،بڑے بڑے سانپ(Snakes) ہیں،ان کاہم تصوربھی نہیں کرسکتے ،جہنمی کا جسم بہت بڑاکردیاجائے گا،ایک داڑھ پہاڑ جتنی بڑی ہوگی تاکہ اسے زیادہ عذاب ہو،جہنمی بادل دیکھے گا اس سے بارش نہیں بلکہ عذاب برسے گا ، اللہ پاک ہمیں اپنےمحبوب کی شفاعت سے جہنّم سےبچائے۔اٰمین

سوال:ذہنی دباؤ(Depression) کارُوحانی علاج کیا ہے ؟

جواب:باوضورہئے ،اپنےآپ کو مصروف رکھیے اوراپنے لیے دُعاکیجئے ۔

بعدِ تراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:آبِ زم زم کھڑے ہوکرپینے میں کیا فائدہ ہے ؟

جواب:آبِ زم زم آب ِشفاہے ،یہ کھڑے ہو کر پینے سے سارے جسم میں سرایت کرےگایوں یہ سارے جسم کی شفاء کا باعث ہوگا۔

سوال: بائیں آنکھ(Left Eye)پھڑکتی ہوتو اس کاکوئی رُوحانی علاج ارشادفرمادیں ؟

جواب:یہ بات یادرکھیں کہ اسلام میں بدشگونی نہیں،اس لیے بائیں آنکھ(Left Eye) پھڑکنے سے بُراشگون نہ لیا جائے ،اس کی طرف توجہ نہ دیں ،یہ خود ہی دُرست ہوجائے گا البتہ نظرکی حفاظت کے لیے ایک روحانی علاج یہ ہے کہ ہرنمازکے بعد آیَۃُ الْکُرْسی پڑھیں ،جب’’وَلَا یَـُٔوْدُهٗ حِفْظُهُمَا‘‘پر پہنچیں تو اپنے دونوں ہاتھوں کی اُنگلیوں پر یہ الفاظ ’’ وَلَا یَـُٔوْدُهٗ حِفْظُهُمَا‘‘11مرتبہ اور ’’ وَ ہُوَ الۡعَلِیُّ الۡعَظِیۡمُ‘‘ایک مرتبہ پڑھیں ،پھراُنگلیوں پر دَم کرکے آنکھوں پرلگا لیں ،آیَۃُ الْکُرْسی نہ آتی ہو تو اس جگہ’’ یَانُوْرُ‘‘پڑھیں ۔

سوال:نبیِ کریمصلی اللہ علیہ والہ وسلم نےاِشارے سے چاندکے دوٹکرے فرمائے تھے، وہ مقام کہاں ہے ؟

جواب:مکہ شریف میںمسجدُالحرام کے بابِ بلال کی جانب موجود پہاڑ جبلِ اَبُوقبیس پر،اس جگہ مسجدِبلال بنائی گئی تھی۔اب یہ جگہ شاہی محل میں آگئی ہے۔

سوال:دنیا کا سب سے پہلا پہاڑ کون ساہے ؟

جواب:جبلِ اَبُوقبیس(مکہ شریف)۔

سوال:پاکستان میں غربت کس طرح ختم ہوسکتی ہے؟

جواب:پاکستان میں کثیر تعدادمیں ارب پتی(بہت مالدار)لوگ بھی ہیں ،سب امیرلوگ اپنی پوری زکوۃ اورعُشر(فصلوں،پھلوں اورجانوروں وغیرہ کی زکوٰۃ )دیں اورحق داروں تک پہنچائیں تو کم ازکم پاکستان میں غربت ختم ہوجائے۔

سوال:لاک ڈاؤن میں عاشقانِ رسول کے اداروں اوردعوت ِاسلامی کے ساتھ تعاوُن کرنے کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:ساری دُنیاکے عاشقانِ رسول کے مدرسے اوردارالعُلومہمارے سرکے تاج ہیں،تمام صاحبِ ثروت انہیں بھی زکوٰۃ وصدقات دیں ،دعوتِ اسلامی کو بھی یادرکھیں ۔

سوال:آپ کے کتنے دوست ہیں ؟

جواب:مجھے یہ کہنا چاہئے کہ بہت سے لوگوں نے مجھے اپنادوست بنالیا ہے، جن میں بچے اوربوڑھے بھی شامل ہیں ۔

سوال:کئی اولیا ئے کرام کے لقب میں لفظ’’گنج‘‘ آتاہے مثلاً داتا گنج بخش ،بابافریدگنج شکر اس کا کیا معنیٰ ہے؟

جواب:لفظ ’’گنج ‘‘فارسی لفظ ہے جس کا معنیٰ’’ خزانہ‘‘ہے ،داتاگنج بخش کا معنیٰ ہے خزانہ دینے والا،گنج شکرکا معنی شکرکاخزانہ ۔

سوال:اہلِ بیت اورصحابہ میں کیافرق ہے ؟

جواب:اہلِ بیت میں پیارے آقا مکی مدنی مصطفےٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے گھرکےتمام افرادمثلاً تمام ازواج یعنی اُمُّہَاتُ الْمُؤمنین(مومنوں کی مائیں) ،آپ کی تمام بیٹیاں ،حضرت علی رضی اللہ عنہ اورایک قول کے مطابق تمام ہاشمی شامل ہیں ۔صحابی وہ ہیں جو سرکا رِ مدینہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر ایمان لائے ،نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی صحبت پائی اگرچہ ایک سکینڈکے لیے تھی اورایمان پر خاتمہ ہوا۔

سوال:قادریہ ،چشتیہ ،نقشبندیہ اورسہروردیہ سلسلے کیا ہیں، ان کی وضاحت فرمادیں ؟

جواب:بُزرگوں کے چار(4)مشہورسلسلے ہیں:(1)سلسلہ ٔقادریہ ہمارے غوثُ الاعظم حضرتِ شیخ عبدالقادرجِیلانی رحمۃُ اللہ علیہ سے ،(2)سلسلہ ٔچشتیہ حضرتِ خواجہ معینُ الدین چشتیرحمۃُ اللہ علیہ(3)سلسلہ ٔنقشبندیہ حضرتِ خواجہ بہاؤالدین نقشبند رحمۃُ اللہ علیہ (4)اورسلسلہ ٔسہروردیہ حضرتِ خواجہ شہابُ الدین سہروردی رحمۃُ اللہ علیہ سے چلا۔چاروں سلسلے حق ہیں ،یہ چاروں بہت بڑے بزرگ ہیں ،اس کے علاوہ ان کی مزید شاخیں ہیں مثلاًشاذلی ، سلسلۂ قادریہ کی شاخ ہے،اسی طرح سلسلہ ٔ رضویہ (جواعلیٰ حضرت امام احمدرضا خانرحمۃُ اللہ علیہ سےہے)سلسلۂ قادریہ کی شاخ ہے۔

سوال:اگرکوئی فیل ہوجائے یا ہارجائے تو پھرکیاکرنا چاہئے ؟

جواب:تیمورہارکرجنگل میں گیا اوراس میں پناہ لی، وہاں اس نےایک کیڑی(چیونٹی/Ant) کودیکھاکہ وہ ایک دانا لیے اپنے بِل(سوراخ) میں جاناچاہتی تھی، کئی مرتبہ گِری مگراس نے ہمت نہ ہاری اورآخر ِکارکامیاب ہوگئی ،اس سے اسے حوصلہ ہوااوروہ بھی کامیاب ہوگیا۔ حوصلے میں رہنا چاہئے اورکوشش کرتے رہناچاہئے ،اگرکوئی ہمت نہ ہارے تویہ ناکامی کامیابی کازِینہ ہوگی،مایوسی نہیں ہونی چاہئے،کوئی فیل ہوتاہے تو اس کی معلومات میں اضافہ ہوتاہے، میں تودرسِ نظامی(عالم کورس) کے طلبہ کرام کوکہتارہتاہوں کہ مفتی کورس ضرورکرو،مفتی نہ بھی بنے تو علمِ دین توحاصل ہوگا ۔اپنی توعبادت درست ہوگی ۔مَنْ جَدَّوَجَدَیعنی جس نے کوشش کی اُس نے کامیابی حاصل کی ۔

سوال:آپ نےدعوتِ اسلامی کاآغازفرمایا تھاتو کیا آپ کوبھی مخالفت کاسامناہوا؟

جواب:اپنوں میں دعوتِ اسلامی کی مخالفت کرنےوالوں کی تعدادبہت کمرہی ،اگرکسی ایک نے مخالفت کی تو دس حمایتی تھے،پھرمخالفت کرنےوالے کی غلط فہمی دُورہوگئی یا وہ خاموش ہوگیا ،جب سے دعوت اسلامی شروع ہوئی کبھی پیچھے نہیں ہٹی ،آگےہی کُوچ جاری ہے ،ابتدامیں مجھے کئی صدمات ہوئے مگرجب سے مرکزی مجلس شوریٰ بنی ہے اوراِس نے اُٹھان لی ہے تو انھوں نے اپنی پکڑجمالی ہے،اب سمجھئے میری تنظیمی اولادجوان ہوگئی ہے ،مجھے صدموں سےبچایا ہواہے۔کوئی بھی رکنِ شوریٰ ایسانہیں ہے جو میرےسامنےآوازاُونچی کرے ، اَلْحَمْدُ لِلّٰہ ہماری محبتیں مضبوط ہیں،تنظیم اسی طرح چلتی ہے ۔

سوال:حضرتِ بی بی فاطمہ رضی اللہ عنہاکی بیٹیاں کتنی تھیں؟

جواب:تین بیٹیاں تھیں: (1)حضرت ِاُمِّ کلثوم(2)حضرتِ زینب (3)حضرتِ رُقیّہ۔

سوال:نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے مکہ مکرمہ سے باہرکتنے ممالک کاسفرفرمایا؟

جواب:نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے مُلکِ شام میں دوسفراوریمن میں ایک سفرفرمایا۔

سوال:نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ہاں سب سے پہلے کس کی وِلادت ہوئی؟

جواب:آپ کےبیٹے حضرتِ قاسم رضی اللہ عنہکی پیدائش ہوئی۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ریا کار کی علامات پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یا ربَّ المصطفےٰ ! جو کوئی رسالہ ریا کار کی علامات کے 35 صفحات پڑھ یا سُن لے اُسے ریاکاری کی آفات سے محفوظ فرما۔ اٰمِیْن ۔


21 رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور 22 رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:بچوں کو مختلف چیزوں مثلا ًجنّ،بلی وغیرہ کا ڈردِلانا کیسا ؟

جواب:بچوں کو ایسی چیزوں سےنہیں ڈرانا چاہئے بلکہ بہادُربنایا جائے ،ورنہ ہوسکتاہے اس طرح کی کسی چیز کا ڈراس کےدِل میں بیٹھ جائے اورساری زندگی وہ اس چیز سے ڈرتارہے ،بلکہ اللہ پاک سے ڈراناچاہئے ۔

سوال:عِرقُ الِنساء کےدرد(ران کی پُشت کی طرف سے ٹانگ میں اُٹھنے والا ایک اعصابی درد)کا کوئی روحانی عِلاج بتادیجئے؟

جواب:عِرقُ الِنساء کا دردجانے میں وقت لگتاہے ،یَاسَلامُ 111بارپڑھ کر دَم کریں ،پانی پربھی دم کرکے پئیں ۔

سوال:کیاہربیماری کا علاج ہے؟

جواب:بُڑھاپے اورموت کے علاوہ تمام بیماریوں کا علاج ہے،البتہ یہ ہوتاہےکہ کبھی کسی مرض تاانسان ابھی نہ پہنچیں ہوں۔البتہ یہ الگ بات ہے کہ کسی مرض کاعلاج ابھی تک دریافت نہ ہوسکاہومثلاً(کروناوائرس کاعلاج دریافت کرنے کے لیے بہت ساری تحقیقات اورتجربات ابھی ہورہے ہیں،لیکن شاید ابھی اس کا علاج(ویکسین ودیگرادویات وغیرہ) تلاش کرنے میں کچھ وقت لگے)۔

سوال:علمِ دین اورایصال ِثواب بڑھنے کی کیاصُورت ہے؟

جواب:علمِ دین خرچ کرنے سے بڑھتاہے، اسی طرح ثواب بھی ایصال کرنے سے بڑھتاہے، دونوں میں بخل نہیں کرناچاہئے ۔

سوال:نیکیوں اورگُناہوں کے بارے میں آپ کیافرماتےہیں ؟

جواب:نیکیاں چُھپاؤ،گُناہ نہ بُھلاؤ،نیکیاں سوشل میڈیا پرڈالناخطرے سے خالی نہیں ،ریا کاری کی صورت بن سکتی ہے ۔

سوال:حافظ ِ قرآن کو حفظِ قرآن باقی رکھنے کے لیے کیاکرناچاہئے ؟

جواب:قرآنِ کریم حفظ کرنا آسان ہےمگرحفظ باقی رکھنا مشکل ہے، اس کے لیے روزانہ ایک منزل پڑھیں ،مہینے میں4قُرآنِ کریم پڑھ لیں گے ،یہ نہیں کرسکتے تو قواعد کا خیال رکھتے ہوئے روزانہ 1 پارہ ضرورپڑھیں،حافظِ قُرآن بیس (20)سے پچیس(25) منٹ میں 1 پارہ پڑھ لیا کریں ۔

سوال:کھانے سے پہلےپانی پینا کیسا؟

جواب:کھانے سے پہلے پانی پیناطبی طورپرمفیدہے ،پانی سے روزہ اِفطارکرنا سُنّت ہے ۔پانی آنتوں کو کھولتاہے۔پکوڑے سموسے سےابتدانہ کی جائے ، گرمیوں میں گھرمیں بنایاگیالیموں پانی مفید ہے ۔

سوال:کَرَّمَ اللہُ وَجْہَہُ الْکَرِیْم کا کیا معنی ہے؟

جواب:عاشقِ اکبرحضرت سیدنا ابوبکر صدیق اور مولائے کائنات حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کے بارے میں یہ آیا ہے،لیکن حضرت ِعلی رضی اللہ عنہ کے ساتھ زیادہ مشہورہے ۔ اس کامعنی ہے’’اللہ پاک نے اُن کے چہرے کوعزّت بخشی‘‘کیونکہ ان دونوں ہستیوں نے قبول ِاِسلام سے قبل بھی کسی بُت کوسجدہ نہیں کیا۔

سوال:حضرت علی رضی اللہ عنہ کا مزارشریف کہاں ہے ؟

جواب:عراق کے شہرنجفِ اشرف۔

بعدِ تراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:حضرتِ خضرعلیہ السلام کا پورانام کیا ہے؟ اورجسے یہ نام یاد ہواسے کیافائدہ حاصل ہوتاہے؟

جواب:حضرتِ خضرعلیہ السلام کا پورانام ابُوالْعَبّاس بَلْیَا بِنْ مَلْکَان ہے ،جسے یہ نام یادہوگا اس کا خاتمہ ایمان پر ہوگا۔

سوال:آپ کی قوم(Nation)یعنی ذات کا خاندانی نام(Surname) کیاہے ؟

جواب:ہماری قوم یعنی ذات کاخاندانی نام(Surname)’’باڑی والا‘‘ہے ۔

سوال:کیا اعضائےوضوپر کچھ پانی کی تری باقی رکھنافائدے مندہے؟

جواب:اعضائے وضوپر جونمی (تری)باقی رہتی ہے اُسے بروزِقیامت نیکیوں کے پلڑےمیں رکھا جائے گا۔

سوال:آپ اپنے بچپن کا ککری گراؤنڈ(کراچی)والاواقعہ سنادیجئے ؟

جواب:بچپن سےہیاللہ پاک سے ڈرلگتاہے ،میری ماںشفقت ومحبت کی وجہ سے روڈ پارکرکے ککری گراؤنڈجانےسے منع کرتی تھی تاکہ ایکسیڈنٹ نہ ہوجائے،کسی نے کہا کہ ککری گراؤنڈچلواورماں سے جھوٹ بول دینا مگرمیں نے کہا میں جھوٹ نہیں بولتا،مجھے اللہسے ڈرلگتاہے ۔

سوال:کیا ہرمقتدی کو چاہئےکہ اپنی مسجد کےامام صاحب کی مالی خدمت کرے؟

جواب:جی ہاں ! کئی امام سفیدپوش ،معززاورباوقارمگرحاجت مندہوتے ہیں ۔اس کے باوجود کسی سے سوال نہیں کرتے ،ہرمقتدی کوچاہئے کہ اپنے محلے کی مسجدکے امام ،مؤذن،خادم کی مالی خدمت کریں ،بالخصوص اِس رمضان میں چونکہ لاک ڈاؤن ہے ،اس میں ضرور خدمت کریں اورپھر ساراسال یہ سلسلہ جاری رکھیں ۔مٹھائی ،مصلےٰ ،تسبیح اورخوشبووغیرہ دینے کے بجائے رقم پیش کریں ۔

سوال:کیا مُریدین کو اپنے پیر صاحب کی مالی خدمت کرنی چاہئے ؟

جواب:جی ہاں !ہرپیرصاحب مالدارنہیں ہوتے ،مُریدین کو چاہئے کہ اپنے پیر صاحب کی مالی خدمت کریں ،اس لاک ڈاؤن میں اس کا بالخصوص اہتمام کریں ۔ مجھے کچھ نہ دیجئےگا ،میں حاجت مندنہیں ہوں ،آپ میری برادری یعنی مساجد کے امام اورمشائخوغیرہ کو دیں ۔

سوال:کیا بُزرگوں نےبھی ہجرت فرمائی ہے ؟

جواب:جی ہاں!اصحاب ِکہف کاواقعہ مشہورہے،ان نیک لوگوں نے ظالم بادشاہ سےاپنا ایمانبچانے کے لیے ہجرت فرمائی ۔ان کے ساتھ ان کا کُتا قِطْمِیْربھی تھا۔(اس واقعے کی تفصیلی معلومات جاننے کے لیے مکتبۃ المدینہ کی کتاب"عجائب القرآن مع غرائب القرآن"کا مطالعہ کیجئے)

سوال:حقیقی مہاجِرکون ہے ؟

جواب:حقیقی مہاجِروہ ہے جو گُناہوں کوچھوڑدے ۔

سوال:حضورغوثِ اعظم حضرتِ سیّدعبدالقادرجیلانی رحمۃ اللہ علیہ کا حُلْیہ مبارک کیساتھا ؟

جواب:حضورغوثِ اعظم حضرتِ سیدعبدالقادرجیلانیرحمۃ اللہ علیہ کمزور بَدن، درمیانہ قد،پھیلا ہوا سِیْنَہ،گھنی داڑھی اور گندمی رنگ کے مالک تھے۔  آپ کی بھنویں  ملی ہوئی تھیں،  آواز مُبارَک بُلَند اور چہرہ نہایت ہی خوب صورت  تھا۔ آپ نہایت ذَہین اوربہت بڑے مفتی تھے ۔

سوال: گُناہ کرتے کرتے خوفِ خداکم ہوجائے توبندہ کیاکرے ؟

جواب:گناہوں سے سچی توبہ کرے،عاشقانِ رسول نیک لوگوں کی صحبت اختیار کرے،خوف ِخداکے فضائل کامُطالعہ کرے ۔

سوال:خاتونِ جنّت حضرت ِفاطمہ کی کتنی بیٹیاں تھیں ؟

جواب:دو بیٹیاں تھیں (1)حضرتِ زینبرضی اللہ عنہا (2)حضرتِ اُمِ کلثومرضی اللہ عنہا

سوال:کارکردگی دینےمیں اِخلاص کیسے ملے؟

جواب:دعوتِ اسلامی کا مدنی کام کرنا ہے تو کارکردگی تودینا ہوگی ،کارکردگی دیتے ہوئے نیّت کرے کہ کارکردگی دینے سے دِین کا کام کرنے والی تحریک کا نظام مضبوط ہوگا ،البتہ اپنے اندراخلاص پیداکرےاوررِیاکاری(یعنی اپنی عبادت بتاکردھاک بٹھانا تاکہ لوگ تعریف کریں ،عزّت یامال دیں )سے بچے،اپنےآپ کو حُبِ جاہ (یعنی اپنی واہ واہ اورتعریف کوپسندکرنے)سےبھی بچائے۔

سوال:فاتحہ کے بارے میں کس کتاب سے معلومات مل سکتی ہیں؟

جواب:مکتبۃ المدینہ سے شائع شدہ رِسالہ ’’فاتحہ اورایصال ِثواب کا طریقہ ‘‘سے مل جائیں گی ،یہ رسالہ مفید اوردلچسپ ہے ۔

سوال:نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم مکۂ مکرمہ سے باہَرکون سے ملک(Country) میں تشریف لے گئے ؟

جواب:مُلک ِشام ،ایک مرتبہ اپنے چچاکے ساتھ اورایک مرتبہ تجارت کے لیے ۔

سوال:کیا آپ کے مُریددُعائے حزبُ البحرپڑھ سکتے ہیں ؟

جواب:سلسلہ قادریہ رضویہ میں جو بیعت ہووہ حزبُ البحر(اس کی تفصیل جاننے کے لیے مکتبۃ المدینہ کی کتاب"دلائلُ الْخَیْرات شریف"کامطالعہ کیا جاسکتاہے)پڑھ سکتاہے، بشرطیکہ اس کے مخارج درست ہوں اورکسی عاشقِ رسول مُستند قاری صاحب کو سُنا دے۔

سوال:کیادوا(Medicine)کھانےسے پہلے بِسْمِ اللہ نہیں پڑھنی چاہئے ؟

جواب:دوا(Medicine) کھانے سے پہلے بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم پڑھنی چاہئے ،بلکہ یہ پڑھنا بھی بہترہے بِسْمِ اللّٰہِ یاشافی، بِسْمِ اللّٰہِ یا کافی ۔


20 رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور 21 رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:آپ کی سالگرہ(Birthday)پر آپ کوکیا تحفہ پیش کریں ؟

جواب:پس میری مغفرت کی دُعاکریں ،نمازروزے کی پابندی کریں ،تلاوتِ قرآن کریں ،ماں باپ کی فرماں برداری اورخدمت کریں۔

سوال:دِینی کتابوں کےمُطالعے کے لیے کون ساوقت بہترہے؟

جواب:جس وقت دماغ فریش ہو،اس وقت اہم کام کرناچاہئے ،رات کوآرام کیاہوتو صبح کے وقت بندہ فریش ہوتا ہے، اس میں دینی کتابوں کا مطالعہ کرلیا جائے ۔

سوال:کسی کے سامنے اس کاعیب(Defect)بیان کرناکیسا؟

جواب:تنہائی میں اورنرم اندازمیں اُس کی اِصلاح کرنے کے لیے ایساکیا تو حرج نہیں اوراگر لوگوں کے سامنے اس کی بُرائی کی تو اُس کی سخت دل آزاری ہوگی اور دل آزاری بہت بڑاگُنا ہ ہے ۔

سوال:شبِ قدرمیں کون سی دُعاکی جائے ؟

جواب:شبِ قدرتو چُھپا دی گئی ہے،البتہ اِسےآخری عشرے کی طاق راتوں میں تلاش کرنے کا فرمایا گیاہے ، اس لیےان راتوں میں یہ دُعاکثرت سے کی جائے :اَللّٰھُمَّ اِنَّکَ عَفُوٌّ کَرِیْمٌ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنِّی۔یعنی اے اللہ!تُو بہت معاف کرنے والا، کرم فرمانے والا ہے۔ معاف کرنے کو پسندفرماتا ہے پس مجھے معاف فرمادے۔

سوال:حضرت ابوالحسن عراقی رحمۃ اللہ علیہ کے تجربے کےمطابق جب پہلاروزہ ہفتے کو ہوتوشبِ قدرکون سے رات ہوتی ہے ؟

جواب:حضرت ابوالحسن عراقی رحمۃ اللہ علیہ کےفرمان کا ایک حصہ ہے کہ جب پہلا روزہ ہفتے کےدن ہواتومَیں نے شبِ قدرکوماہِ رمضان کی 23تاریخ کو پایا ۔

سوال:آپس میں نیکی کی دعوت اورمُعاملات کس طرح ہونے چاہئیں؟

جواب:مسلمانوں میں نفرت نہیں پھیلنی چاہئے ۔ایسےالفاظ اوراندازاختیارنہ کئےجائیں جس سے خرابی ،فساد اورنفرت بڑھے۔

بعدِ تراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال: جس کے ہاتھ پر کالاتِل ہوتووہ کیساہوتاہے؟

جواب:ہاتھ پر کالاتِل ہونا باصلاحیت شخص کی پہچان ہے ،ایسے شخص کو عزّت ،شہرت اوردولت سب کچھ حاصل ہوتا ہے ۔

سوال:کیا آپ مالدارہیں ؟

جواب:جی ہاں !اگرکبھی بڑے مالداروں کی فہرست بنے تواس میں میرانام آجائے گا،کیونکہ مجھے مال ودولت کی تمنا نہیں ہے، کوئی کروڑوں روپےدے تو میں نہ لُوں جبکہ کوئی امیرہوتو اسےمزید دولت کی تمنا ہوتی ہے ،تحدیث ِ نعمت کے لیے کہہ رہا ہوں کہ میں ایسانہیں ہوں اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ ۔

سوال:صبرِجمیل کیا ہے ؟

جواب:جب کوئی پریشانی ومصیبت آئے تو خاموش ہوجائے ،نہ کسی کو بتائے اورنہ ہی جان بوجھ کر ایسا اظہارکرے کہ میں مصیبت زدہ ہوں ۔کسی ایک فردکو بھی بغیرضرورت نہ بتائے ۔

سوال:حضرت مولیٰ علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کو’’شیرخدا‘‘کہنے کی کیاوجہ ہے؟

جواب:نبی ٔ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت مولیٰ علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کو’’اَسْدُاللہ‘‘ کا خِطاب عطافرمایا جس کا معنی’’ شیرِخدا‘‘ ہے۔آپ بہت بہادُرتھے۔آپ کی والدہ نے آپ کانام ’’حیدر‘‘رکھا ،جس کا معنی بھی شیرہے ۔

سوال:مولیٰ مشکل کُشا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کیکتنی خوبیاں ہیں ؟

جواب:آپ رضی اللہ عنہصاحبِ کرامات ،سخاوت ،ایثاراورشجاعت وغیرہ کے پیکرتھے ،کافی خوبیاں آپ کوعطاکی گئیں،کس کس خوبی کا ذکر کیا جائے ۔

سوال:کیانمازمیں چھینک آنا شیطان کی طرف سے ہے؟

جواب:جی ہاں ۔

سوال:شارٹ کٹ(Short Cut)مفید ہے یا نقصان دہ؟

جواب:بعض اوقات شارٹ کٹ مفید ہوتاہے مثلاً لمبا راستہ چھوڑ کر چھوٹا راستہ اختیارکرنا ،شارٹ ہینڈرائٹنگ (Short Hand Righting) بھی اس کی ایک مثال ہے۔بعض شارٹ کٹ نقصان کا باعث ہوسکتے ہیں،جب کسی چیز کا خاص وقت لگناطےہے( جسے نیچرل گروتھ کہتے ہیں)مگروہ اس کام کوجلد کرنے کی کوشش کرے مثلاً پریشرککر(Pressure Cooker)کے ذریعے چیزاُبالنا،بغیر محنت کے بڑاتاجربننے کوشش کرنا وغیرہ۔ 

19 رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور 20 رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:افضل دُرُود شریف کون ساہے ؟

جواب:بہارِ شریعت میں ہے کہ اگرکوئی شخص یہ قسم کھائے کہ میں افضل دُرُود شریف پڑھوں گااوروہ دُرُودِابراہیمی پڑھ لیتاہے تو اس کی قسم پوری ہوجائے گی۔

سوال:پیری مُرید ی کے سلسلوں کےبارے میں کچھ فرمائیے؟

جواب:پیری مُرید ی کے سارے سلسلے سرکارِمدینہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے ملتے ہیں ۔

سوال: کوئی نُسخہ ارشادفرمادیں کہ اپنے پیرومُرشِد سےسچی محبت ہوجائے ؟

جواب:پیر کی اہمیّت ماں باپ سے بھی زیادہ ہے ،عموماً ماں باپ دنیاکی فکرکرتےہیں اورپیر آخرت کی بھلائی چاہتےہیں ،ان کی اہمیّت پر غورکرتارہے گا تو محبت بڑھے گی ،تصوف کے مضامین کا مُطالعہ کرنےسے بھی محبت میں اضافہ ہوتاہے ۔(مکتبۃ المدینہ کی کتاب "آداب ِمُرشِدِکامل" کا مُطالعہ کریں )

سوال:ڈراؤنےخواب آتے ہوں توکیا کریں ؟

جواب:سونےسے پہلےیَامُتَکَبِّرُ21مرتبہ پڑھ لیں ۔

سوال: گھرکے3 افراد کی اکٹھی شادیاں کرنے سےلوگ منع کرتےہیں کہ اس سےنظرلگ جاتی ہے،کیا یہ منع کرنادُرُست ہے ؟

جواب:یہ دُرُست نہیں ،313افراد کی بھی اکٹھی شادی ہوسکتی ہے ،اسلام میں بدشُگونی نہیں ۔

سوال:صبرِجمیل میں جمیل سے کیا مُراد ہے؟

جواب:زبان بند ہوجائےاورنظرحیرت سےپھٹی کی پھٹی رہ جائے ۔

سوال: تَوْبَۃُ النَّصُوح سے کیا مرادہے؟

جواب:خالص وسچی توبہ۔

بعدِ تراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال: بچوں کے مُعاملے میں کچھ مدنی پھول ارشاد فرما دیجئے ؟

جواب:بچوں کی شرارتیں والدین کو قابلِ قبول ہوتی ہیں ،والدین کوچاہئے کہ انہیں حتی الامکان اپنے ساتھ رکھنے کی کوشش کریں ،بچہ شرارت کرے بھی تو میزبان کو چاہئے کہ مہمان(والد)کو یہ نہ کہاجائے کہ آپ کا بچہ شرارتی ہے ،اس سے والدین کو بہت تکلیف ہوتی ہے ،بلکہ وہ کتنا ہی تنگ کرے خاموش رہیں۔کچھ لوگ اپنے بچوں کو پیارسے اُچھالتے ہیں ایسانہ کیا جائے، خدانخواستہ بچہ گِرگیا تو بہت بڑا نقصان اورصدمہ ہوسکتاہے ۔

سوال:نادِ علی کیساوِردہے؟

جواب:نادِعلی اچھا وِرد ہے،فتاویٰ رضویہ میں اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ اورحضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے بھی اپنی کتاب میں لکھا ہے ۔

سوال:شوہر کو اپنی بیوی کے ساتھ کیساسُلوک کرناچاہئے ؟

جواب:حُسنِ سُلوک کرے، گھرکے کام کاج میں حصہ لے ،اُس کا ہاتھ بٹائے،بیوی بیمارہوتو اس کو دوا(Medicine) لاکے دےاورتیمارداری بھی کرے۔

سوال:آپ کی کوئی کتاب یا رِسالہ کس طرح فائنل ہوتا ہے ؟

جواب: میری کتاب یا رسالہ عُلماکی نظرسے گزرتا ہے اورآخرمیں مفتی صاحب اس کی تفتیشفرماتے ہیں ۔

سوال: کیا تقویٰ کے لیے علمِ دین کی ضرورت ہے ؟

جواب:علمِ دین توبہت ضروری ہے ،علم ہوگا تو تقویٰحاصل ہوسکے گا،ورنہ تقویٰ کا ہیضہہوجائے گایعنی طہارت اوردیگرمسائل میں بِلاوجہ شک اور وسوسے میں پڑے گا۔

سوال:عبادت میں دل لگے، اس کے لیے کیاکریں ؟

جواب:اپنےپیرصاحب کے دئیے گئے شجرہ شریف کے اوراد و وظائف پڑھیں گے تو عبادت میں دل لگنے کامسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔

سوال:صابر(صبر کرنے والے)فقیرکوکیا بڑافائدہ ہوگا؟

جواب:صابر(صبر کرنے والا)فقیرمالداروں سے 500سال پہلے جنّت میں داخل ہوگا۔اللہ پاک نے جس حال میں رکھا،جتنا دیا ،سب اللہ کی مرضی ہے ،اس پر راضی رہناچاہئے ،ہم بندے ہیں اورہمیں بندگی ہی کرنی ہے ۔

سوال: بچوں کی تربیت میں ماراورانعام کا کیاعمل دخل ہے؟

جواب:بچے کوکبھی کبھار،بغیرشدید مارکےمارنے کا تصورتو موجودہےمگر باربارمارنا یا ڈانٹنااُسےڈِھیٹ اورعادی بنادیتاہے۔بچوں کو حکمتِ عملی سے ڈِیل(Deal) کیا جائے،اِنعام(Reward)دینےکی حرص دلائی جاسکتی ہے۔پسندیدہ ڈِش(کھانے کی کوئی چیز) پکا کردینےکاکہا جائے ،ٹافیاں ،چپس وغیرہ کی حرص نہ دلائی جائےیہ چیزیں کھلا کر خوارہوگا۔ماں کی شکایت پر بغیرتحقیق کے باپ کو نہیں مارنا چاہئے ،ماں بات میں مبالغہ کرسکتی ہے ۔مارنے کے بجائے انعام کی ترکیب بنانی چاہئے ۔

سوال:بچوں کے معاملے میں آپ کا کیا اندازہے ؟

جواب: مجھےتوبچوں کو مارنا، جھاڑنا ،زیادہ غُصّہ کرنانہیں آتا۔

سوال: لاک ڈاؤن کے دوران " گھریلوجھگڑے"بڑھنے کی خبرسننے میں آتی ہے، اس کا کیا حل؟

جواب:کرونا سب کو نہیں ہوتامگرنہ کرنے کے کام کئی لوگوں سے ہوجاتے ہوں گے ،گھر میں رہتے ہوئے اچھے اچھے نیک کاموں میں مصرو ف ہوجائیں ، آپس میں کوئی اُونچ نیچ ہوجائے تو صبر وتحمل کرکے ثواب کمایا جائے ،مدنی چینل دیکھیں ،اس کی برکت سے دِینی ذہن بنے گا ،جھگڑے نہیں ہوں گے ۔

سوال: بچوں کے ساتھ گنداکام کرکے اسے قتل کردیتے ہیں، اس کا کیا حل ہے؟

جواب:کہا جاتاہے ایک پاپ(گناہ) کو چھپانے کے لیے کئی پاپ(گناہ) کرنا پڑتے ہیں ،دینی ماحول اورعاشقان ِرسول کی صحبت میں رہے، دِینی سوچ بنے گی تو اس طرح کے گھناؤنے ،گندے کام نہیں ہوں گے ۔گنداکام کرنے پر جوچیزاُبھارتی ہے وہ بادشاہوں کو غلام بنادیتی ہے ۔دِین سیکھیں ،دِینی کتب پڑھیں مکتبۃ المدینہ سے شائع ہونے والی کتب کامطالعہ کریں ۔

سوال:نمازمیں کون کون سے ذکرموجودہیں ؟

جواب:نمازمیں ذکربِالْقَلْب(اگرخشوع وخضوع ہوگا تو) ،ذکربِالّلِسَان(مثلاًتلاوت اوراذکارِنماز)،ذکربِالْجَوَارِح(رکوع وسجدہ وغیرہ) سب نمازمیں موجودہیں اورنمازافضل عبادت ہے۔

سوال:اصل زندگی کون سی ہے؟

جواب:عشقِ مصطفیٰ والی زندگی ہی اصل زندگی ہے ۔

سوال:نوافل پڑھنا افضل ہے یا تلاوت کرنا ؟

جواب:بہارِشریعت میں ہے کہقرآنِ کریم سننااور تلاوت کرنا نوافل پڑھنے سے افضل ہے ۔

سوال: کسی بستی کانام’’ خداکی بستی‘‘رکھنا کیساہے ؟

جواب:ساری چیزوں کا مالک اللہ پاک ہی ہے ،بستی کا مالک بھی اللہ پاک ہے ، کسی بستی کانام’’ خداکی بستی‘‘ رکھنے میں حرج نہیں ۔

سوال:کون سے صحابی،حضور نبیِ کریمصلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ہربات لکھ لیا کرتے تھے ؟

جواب:حضرت عبد اللہ بن عَمرہ بن عاص رضی اللہ عنہ

سوال:چیزیں چوری نہ ہوں، اس کے لیے کوئی وظیفہ ارشادفرمائیں ۔

جواب:اپنی چیزوں پریَاجَلِیْلُ7 مرتبہ پڑھ کردم کردیں، اوّل وآخرایک ایک باردُرُودشریف ۔


18 رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور 19 رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:ہم اپنےگھر والوں کو اسلام اورسنّتوں کےمطابق زندگی گزارنےپرکس طرح ترغیب دِلاسکتے ہیں ؟

جواب:اپنےکردارسےان کودعوت دیں ،مثلاً ان سے محبت سےپیش آئیں ،تکرارسےبچیں ،مسکراکربات کریں ،اچھے انداز سےدعوت دیں ۔دل سے ان کے لیے دُعابھی کریں ۔

سوال:اچھے بچے کیسے ہوتے ہیں ؟

جواب:اچھے بچے ماں باپ کا کہامانتے ہیں ،7 سال کے ہوجائیں تو نمازپڑھتے ہیں ،قرآن ِ کریم سیکھتے ہیں ،بھائی بہنوں سے لڑتے نہیں،وقت پر سوجاتے ہیں ،اپنے کپڑےاورچپل وغیرہ فکس جگہ پر رکھتے ہیں ،ماں جو چیز دے بغیرضدکے کھا پی لیتے ہیں ،انجانی چیز امی ابوکوبتائے بغیرنہیں کھاتےپیتے ،اجنبی شخص سے کوئی چیز لے کر نہیں کھاتے اورنہ ہی اس کے ساتھ جاتے ہیں،ماں باپ کے علاوہ کسی سے کوئی چیز نہیں مانگتے۔

سوال:صوفی کون ہوتاہے ؟

جواب:جو نیک صالح آدمی ہواُسے صوفی کہاجاتاہے۔یہ عمومی طورپرتصوف والے ہوتے ہیں ،دل کی صفائی کی طرف متوجہ ہوتے ہیں ،دنیا میں دعوتِ اسلامی کواَلْحَمْدُللہصُوفی اِزم میں شمارکیا جاتاہے ۔

سوال:تجسس(Curiosity) کیا ہے ؟

جواب:لوگوں کی چھپی ہوئی باتیں اورعیب جاننے کی کوشش کرناتجسس کہلاتاہے،یہ باطنی بیماری ہے، اس سے اپنے آپ کوبچاناچاہئے ۔

سوال:نمازکے دوران جہنم کے خوف سے کسی آنکھوں میں آنسوآجائیں تو کیساہے؟

جواب:اچھاہے،اس سے خشوع وخضوع میں اضافہ ہوتاہے، نمازاچھی ہوجاتی ہے ۔

سوال:وضوسے پہلے کیا نیتیں کی جائیں ؟

جواب:٭حکمِ الٰہی بجالاتے ہوئے وضوکروں گا،٭بے وضوئی دُورکروں گا،٭گناہ جھڑنے کی امیدکروں گا٭ بِسْمِ اللّٰہپڑھوں گا٭اوراعضاپر تری باقی رکھوں گا وغیرہ۔

سوال:مسواک کرنےسے پہلے کیا نیتیں کی جاسکتی ہیں ؟

جواب: ٭رضائے الٰہی پانے کے لیے٭اِتباعِ سنت میں٭ منہ کو ذکرودُرُودکے لیے پاکیزہ کرنے کے لیے مسواک کروں گا۔

بعدِ تراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:جو کرسی(Chair)پر نماز پڑھتے ہیں یا کرسی کے عادی ہیں، ان کو آپ کیا مشورہ دیں گے ؟

جواب: جس سے جتنا بَن پڑے کُرسی پر نماز پڑھنے کا عادی نہ بنے کیونکہ بدن اس کا عادی ہوجائے گا توپھربغیرکرسی کے نمازپڑھنادُشوارہوجائےگا،اسی طرح زمین پر بیٹھ کر کھانا کھائیے ،نمازکے بعد اسی جگہ پر اورادپڑھیں تاکہ زمین پر بیٹھنے کی عادت رہے ۔یہ عادت نکل گئی تو زندگی مشکل ہوجائےگی ۔

سوال:لوگوں کواسلامی بات بتانی ہوتوالفاظ کتنے آسان ہونے چاہئیں؟

جواب:ہمیں عوام میں کام کرنا ہے ،اس لیے لوگوں کو اسلامی بات سمجھنے کےلیے آسان ترین الفاظ اوراندازاختیارکرناچاہئے۔

سوال: سب سے پہلے کون سی آسمانی کتاب نازل ہوئی؟

جواب: سب سے پہلے توریت حضرت موسیعلیہ السلام پر،پھرزبورحضرت داؤدعلیہ السلام پر،پھرانجیل حضرت عیسی علیہ السلام پراورآخرمیں قرآنِ کریم ہمارےپیارے آقا مکی مدنی مصطفیٰ حضرت مُحمدصلی اللہ علیہ والہ وسلم پر نازل ہوا ۔

سوال: مہنگائی کیسے کم ہوسکتی ہے؟

جواب: کھانے پینے ،لباس وغیرہ مُعاملات میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کا جذبہ بھی مہنگائی میں اضافے کا سبب ہے، اگران تمام چیزوں میں سادگی اختیارکرلیں تو مہنگائی کم ہوسکتی ہے۔

سوال:میں تصوّرِمدینہ کرتاہوں مگردنیاوی خیالات رکاوٹ بن جاتے ہیں ؟

جواب:تصوّرِمدینہ سے پہلے وہ تمام کام کرلیے جائیں جس کی طرف توجہ جاتی ہے ،اس طرح کے کاموں سے فراغت حاصل کرنے سےتصورِ مدینہ کرنےتوجہ زیادہ رہےگی۔ اِنْ شَآءَاللہ

سوال:پُراَمن رہنےاوررکھنے کے اعتبارسے دعوتِ اسلامی کی کیا پالیسی ہے؟

جواب: میری وصیت ہے کہ دعوتِ اسلامی پُراَمن ہے اورمیرےمرنے کے بعد اسے پُراَمن رکھاجائے ،حکومت کے خلاف احتجاج ،توڑپھوڑاورریلیاں دعوتِ اسلامی کے اندازمیں نہیں ،کوئی مسئلہ ہوتو وفود(Delegations)کی صورت میں حکومت کے متعلقہ افراد سے مل کر اپنی بات ،نیکی کی دعوت پہنچائی جاتی ہے اورمثبت اندازسے اس کے نفاذکی کوشش بھی کی جاتی ہے ۔

سوال:گونگے بہرے اورنابینا(اسپیشل افراد) کے ساتھ کیسا سُلوک کرنا چاہئے ؟

جواب: ہمدردی کا سُلوک کیا جائے ،اِن کو تعلیم وہنرسکھایا جائے ،ان کے رَوزگارکا بندوست کیا جائے ،ان کومُعاشرے کا اچھا فردبنایاجائے، دعوتِ اسلامی اِن دُکھیاروں کے لیے کئی اقدامات کررہی ہے اورمزید کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔

سوال:تکلیف ،آزمائش،بیماری کی ابتدامیں ہماراکیااندازہوناچاہئے ؟

جواب:جب بھی کوئی تکلیف آتی ہے تو شروع میں بہت محسوس ہوتی ہے،بہت پریشانی اورصدمہ ہوتااورپھرآہستہ آہستہ بندہ اس کا عادی ہوجاتاہے ۔اس لیے پہلے صدمے پر صبرکرناچاہئے، حدیث پاک میں پہلے صدمے پر صبرکوہی ’’صبر‘‘کہا گیاہے ۔

سوال:حوصلہ افزائی کے کیا فوائدہیں ؟

جواب:حوصلہ افزائی سے دل خوش ہوتاہے ،حوصلہ بلندہوتاہے ،مزید کوشش کرنے کا جذبہ بڑھتااوربندہ ترقی کرتاہے ۔

سوال:بچوں میں سب سے پہلے کس نے اسلام قُبول کیا ہے؟

جواب:حضرت علی المرتضیٰ شیرخدارضی اللہ عنہ۔

سوال:انسانوں،جانوروں میں یتیم کون ہوتاہے ؟

جواب:انسانوں میں وہ نابالغ بچہ یابچی جس کے باپ کا انتقال ہوجائے اورجانوروں میں وہ بچہ جس کی ماں مرجائے۔

سوال:دُرِّیتیم کسے کہتے ہیں ؟

جواب: وہ موتی جوسِیپ میں اکیلاہوتاہے،یہ بہت قیمتی ہوتاہے۔


17 رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور 18 رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:میں گُناہوں کی زندگی چھوڑ کر نیک بنناچاہتاہوں ،بدلنا چاہتاہوں ، اس کےلیے کیا کروں ؟

جواب:توبہ کریں ،نمازیں پڑھیں ،مکتبۃ المدینہ سےاسلامی کتابیں خرید کر مطالعہ کریں ،ہفتہ واراجتماع وغیرہ دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں میں حصہ لیں،دعوت ِاسلامی کے عاشقان رسول کی صحبت اختیارکریں ۔

سوال:دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول میں شامل ہونے والے نوجوانوں کی زندگیاں بدل جاتی ہیں ،یہ دین کے لیے کوشش کرنے کے لیے تیارہوجاتےہیں اس کی کیا وجہ ہے ؟

جواب:یہ اللّٰہ پاک کی رحمت سے ہی ہے ،دعوتِ اسلامی والے نیکی کی دعوت دیتے ہیں ، اللّٰہ پاک ان کی نیکی کی دعوت میں اثرپیدافرمادیتاہے۔

سوال:مخالفتِ شیطان کیسےہو،ہرطرف شیطان کی شرارتیں ہیں ؟

جواب:نیکیاں کرے ،شریعت پر عمل کرے ،شیطان کی مخالفت کرنے والے نیک لوگوں کی صحبت اختیارکرے ۔

سوال:کسی کی اولاد نہ ہوتی تو کیا اسے اِستغفارکرنے کا کہہ سکتے ہیں ؟

جواب:جی ہاں ! استغفارکی کثرت کرنے سے بھی اولاد کی نعمت ملتی ہے۔

سوال:جس شخص کو لوگ چھیڑتے ہوں تو وہ کیا کرے؟

جواب:لوگوں کو ایسانہیں کرناچاہئے اورایسے شخص کو چاہئے کہ وہ شرارت کرنے،چھیڑنےوالوں کو کوئی رِپلائی نہ کرے ،اس طرح ان کی ناک کٹے گی اوراسے چھیڑنابند کردیں گے ۔

سوال:سب سے آخرمیں موت کس کو آئے گی؟

جواب:ملکُ الموت حضرت عزرائيل علیہ السلام کو۔

سوال:ہماری کسی کودی گئی بددُعا لگ سکتی ہے؟

جواب:لگ سکتی ہیں ،جیسے مظلوم کی بددُعالگتی ہے۔

بعدِ تراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال: کس طرح ہمسائیوں کا خیال رکھناچاہئے ؟

جواب:ہمسائیوں کی معلومات کرتے رہنا چاہئے ،ہم سے ہمسائیوں کو کوئی تکلیف نہ ہو۔اگرکوئی ہمسایہ تکلیف بھی پہنچادےتو اُسے مُعاف کردیں ۔ غیرمسلم پڑوسی کے بھی حقوق ہیں اِس کو بھی تکلیف دینے کی اجازت نہیں ۔

سوال:آپ مختلف اوقات میں(مثلا افطاری سے پہلے بھی اوربعد میں بھی ) بارباردُعامانگتے ہیں ،اس کی کیا وجہ ہے،دُعاکےکچھ آداب بھی بیان فرمادیں ؟

جواب:دُعاکرناعبادت ہے بلکہ حدیثِ پاک میں ہے : الدُّعَاءُ مُخُّ الْعِبَادَةِ یعنی دعاعبادت کا مغزہے ۔حقیقت یہ ہے کہ دعامانگنےمیں سستی ہوتی ہے ، ماہ ِرمضان میں پیارے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم رمضان میں کثرت سے دُعافرماتے تھے،اِفطارہ وسحری کےبعد دُعاکی قبولیت کا وقت ہے ،ہمارابرسوں سے اس وقت دعامانگنے کا معمول ہے۔عربی دعاؤں کے ساتھ ساتھ دِل کی جو بات اوردعاہے اسے اپنےمادری (میمنی )زبان میں مانگتاہوں ۔حتی الامکان دوزانوں بیٹھ کر ،عاجزی کے ساتھ ،بغیرشرمائے روکراوررونانہ آئے تورونے جیسامنہ بنا کر دُعاکرے۔

سوال: پہلے سیزن کے آم کھانےکےبارے میں آپ کیا فرماتےہیں ؟

جواب:سُنا یہی ہے کہ پہلے سیزن کا آم نہیں کھانا چاہئے ،صحت کے لیے مفیدنہیں ۔

سوال: کیاحیاکرنےکاثواب بھی ہے ؟

جواب:جیسی حیاویسااس کاحکم ہوگا۔

سوال:کیا قبرمیں کسی کا بدن سلامت رہتاہے؟

جواب: جی ہاں ! انبیا ،اولیا ،باعمل حافظِ قرآن وغیرہ اللّٰہ کے نیک بندوں کے بدن سلامت رہتے ہیں ۔

سوال:علم کے ساتھ تجربے اورہنر کی کیا اہمیت ہے ؟

جواب:جس کے پاس علم ومعلومات اورتجربہ زیادہ ہو وہ زیادہ کامیاب ہوتاہے ،جو صرف تعلیم یافتہ ہوبعض اوقات بے روزگارہوتاہے ،جس کے پاس تعلیم کم ہومگرتجربہ زیادہ ہوتو وہ بھی کامیاب ہوجاتاہے ۔ہنرمند آدمی بھوکا نہیں رہتا،بے روزگارنہیں ہوتا،خودکشی نہیں کرتا ۔تعلیم کے دوران حسب رغبت ہنر بھی سیکھنا چاہئے ۔البتہ سب سے پہلے فرض علم سیکھئے اس کے بعد ہی جائز طریقے سے دنیاوی علم اورہنرسیکھناچاہئے ۔

سوال:دینی لائن اپنانے کا کیا فائدہ ہے ؟

جواب:اخلاص کے ساتھ جو دینی لائن اپنائے ،علم دین حاصل کرے ،امامت کی اہلیت ہے تو امامت کرے ،بطورخطیب خدمت سرانجام دے ،تدریس کا اہل ہے تو تدریس کرے تو یہ شخص دنیامیں کامیاب ہے اورآخرت میں بھی کامیاب ہوگا ۔اِن شَاء َاللہ

سوال:حقیقت میں جمعہ کی پہلی اذان کون سی ہے؟

جواب:دوسری اذان ۔

سوال:امام اعظم ابوحنفیہ رحمۃ اللہ علیہ نے خواب میں اللّٰہ پاک کا دیدارکتنی بار کیا ہے ؟

جواب: 99مرتبہ ۔

سوال: تابوت ِسکینہ کس چیز کا بناہواہے ،میٹل،لکڑی یالوہےکا ؟

جواب:لکڑی کا ۔

سوال:مریض شفایاب ہوجائے اس کے لیے کوئی وظیفہ ارشادفرمائیں ؟

جواب:٭سات (7)مرتبہ سورہ فاتحہ ، اول وآخر ایک ایک باردُرُود شریف پڑھ کرمریض کودم کریں ۔٭ یا اللّٰہُ یارحمنُ کوچالیس (40)مرتبہ ایک سانس میں پڑھ کر مرگی کے مریض کودم کریں ۔(ماہرقاری یا اچھا نعت خواں،ایک سانس میں درست پڑھ سکے گا ،عام آدمی کے لیے مشکل ہے)

سوال:کیا دینی کام عُلماکی رہنمائی کے بغیرنہیں کرنا چاہئے ؟

جواب:جی ہاں !خوش عقیدہ عالم دین ہی اصل راہنماہے، جو دینی کام ان کی رہنمائی کے بغیرہوتاہے اندھادُھندہوتا ہے ۔درست اندازسے دینی کام عالمَ دین کی رہنمائی سے ہی کیا جائے ۔


16 رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور 17 رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال: گوشہ نشینی سےکیا مُرادہے؟

جواب:اکیلا رہناگوشہ نشینی کہلاتاہے،لوگوں کو اس کی عادت نہیں ،کئی عبادتیں تنہائی میں ہوسکتی ہیں مثلاً تلاوت ِقرآن ،نوافل ،ذکر اللّٰہ وغیرہ

سوال:ہمیں اللّٰہ ورسول سے کتنی محبت ہونی چاہئے ؟

جواب:ہرچیز بلکہ اپنی جان سےبھی زیادہ اللّٰہ ورسول سے محبت ہونی چاہئے۔

سوال:نفس نیکی کو اچھا نہ سمجھے تو کیا کریں ؟

جواب:نفس کا مقابلہ کریں اورنیکیوں میں مصروف ہوجائے۔

سوال:ہمیں اپنے پیرصاحب کی یومِ وِلادت کس طرح منانی چاہئے ؟

جواب:پیرصاحب کی یومِ ولادت کے موقع پراُن کی صحت وسلامتی والی طویل عمرکی دعاکرنی چاہئے ،ان کے فیضان کے اضافے کی دعاکی جائے۔

بعدِ تراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:دینی کتاب پر موبائل وغیرہ رکھ دینا کیسا؟

جواب:دینی کتاب کا احترام ہے، اس پر موبائل وغیرہ پرنہ رکھاجائے۔

سوال:آپ بہاریا سبزہ دیکھتے ہیں تو آپ کو مدینۂ منورہ یا دآنے لگتاہے اس کی وجہ کیا ہے ؟

جواب:دنیا کاحسن کیاہے اصل حسن تو مدینےمیں ہے،مجھے مدینے سےاس لیے محبت ہے کیونکہ اس کی نسبت پیارے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے ہے ۔

سوال:کیا وجہ ہے بڑھاپا آنے کے باوجود گُناہوں کاسلسلہ جاری رہتا،مال سےمحبت بھی اسی طرح باقی رہتی ہے؟

جواب:گُناہ کرکے دِل سیاہ ہوجاتا ہے ،اپنی اِصلاح کا ذہن نہیں ہوتا ،موت سے توجہ ہٹی رہتی ہے ۔

سوال:جس کے دل میں سختی ہے ،نصیحت اثرنہ کرتی ہو،وہ کیا کرے ؟

جواب:موت کو کثرت سے یادکرے ،اس کی برکت سےدل نرم ہوگا،نصیحت اثرکرےگی ،گُناہوں سے بچے گا ، یہ ثواب کا کام ہے اورآخرت کی تیاری کابہترین نسخہ ہے۔

سوال:آپ کوکوئی غیرمعروف شخص مشورہ دے تو کیا آپ قُبول کرلیتے ہیں ؟

جواب:جی ہاں !مجھے کوئی بھی اچھا مشورہ دیتاہےتو میں اسے قُبول کرلیتاہوں اورقابلِ عمل ہوتواُسےدعوتِ اسلامی میں نافذکردیتااورعام کردیتاہوں ۔

سوال:آپ اپنے بیان اور تحریرمیں آسان اُردو استعمال کرتے ہیں اس کی کیا وجہ ہے ؟

جواب:لوگ مشکل زبان نہیں سمجھتے ،میری خواہش ہے کہ امتِ مصطفی (صلی اللہ علیہ والہ وسلم)کو آسان اُردومیں تحریریں دوں ،کوشش کررہا ہوں مگراِس میں کافی وقت لگ جاتاہے ،عمربھی گزرگئی ،آپ دعاکریں ،یہ کام کرجاؤں ۔

سوال: کیا اللّٰہ پاک کی رِضا میں نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی رِضااورنبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی رِضا میں اللّٰہ پاک کی رِضا ہے؟

جواب:جی ہاں ۔

سوال:گاڑی چلاتے ہوئے کس بات کا خاص خیال رکھناچاہئے ؟

جواب: رات میں سفرہو تو دن میں اپنی نیندپوری کریں اوررات کونیندآرہی ہوتو گاڑی نہ چلائیں بالخصوص رات کے آخری حصے میں ڈرائیورکو نیند آنے کا چانس بڑھ جاتاہے ۔

سوال: سب سے پہلے کس نے روزہ رکھا ؟

جواب: حضرت آدم علیہ السلام نے رکھا،آپ ہرماہ تین روزے رکھتے تھے۔

سوال: حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی وِلادت کب ہوئی؟

جواب: اعلانِ نبوت کے چوتھے سال مکۂ مکرمہ میں حضرت سیدنا ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ گھرمیں ہوئی۔

سوال: حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی پاک دامنی کی گواہی میں کتنی آیات نازل ہوئیں؟

جواب:17آیات ۔

سوال: کس بُزرگ نے اپنی والدہ کے پیٹ میں 15 پارے یادکرلئے تھے ؟

جواب:حضرت خواجہ قطب الدین بختیارکاکی دہلوی رحمۃ اللہ علیہ ۔


15 رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور 16 رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال: کیسے پتاچلے کہ میری توبہ قبول ہوگئی ہے؟

جواب:کسی کےبارے میں یااپنے بارےمیں یہ کنفرم نہیں کہہ سکتے کہ توبہ قبول ہوگئی ہے البتہ کچھ علامات ہیں جو توبہ کی قبولیت کی ہیں، مثلاً اس کا دل اس گناہ ہوجانے پر پریشان ہو،گناہ پر بہت شرمندہ ہو،نیک لوگوں کی صحبت اختیار کرے ،نیکیوں میں مصروف ہووغیرہ۔

سوال:کیا بہوکو اپنےشوہر کی خدمت کے ساتھ ساتھ ساس سسرکی بھی خدمت کرنی چاہئے ؟

جواب:اَخلاقی طورپر ساس سسرکی اچھی اچھی نیتّوں کے ساتھ خدمت کرنی چاہئے ،یہ نیتیں کی جاسکتی ہیں ،شوہرخوش ہوگا،مسلمانوں کی دل جوئی ہوگی ،گھرکا ماحول اچھاہوگا وغیرہ۔

سوال:حضرت امام مالکرحمۃ اللہ علیہ مدینہ شریف کا کس طرح ادب فرماتے تھے؟

جواب:حضر ت امام مالک رحمۃ اللہ علیہمدینہ شریف میں رہتے تھے ،مدینہ شریف کا اتنا زیادہ ادب کرتے تھے کہ پاؤں میں جُوتا نہیں پہنتےتھے ،گھوڑے پر بھی نہیں بیٹھتے تھے۔

سوال:عاجزی کے طورپراپنےآپ کو شیطان کہنا کیسا ؟

جواب:عاجزی کے طورہر اپنےآپ کو شیطان نہ کہاجائے ،گنہگارکہنا تو بُزرگوں سے ثابت ہے ۔

بعدِ تراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:مسجدکا ادب کس طرح کیاجائے ؟

جواب:مسجد کا ادب اس طرح کیا جائے جس طرح اس کے ادب کرنے کا حق ہے، تفصیل کے لیے فیضانِ سنت کےباب فیضانِ اعتکاف کا مطالعہ کریں۔

سوال: معاشرے میں اِسراف(فضول خرچی)بہت ہے، اس کا کیا حل ہے ؟

جواب:فرد سے مُعاشرہ بنتاہے اس لیے ہرفرد اِسراف(فضول خرچی)سےبچے اوربچائے ،لوگ کہتے ہیں کہ قرض دارہیں ،تنگدستی ہے اوراِسراف بھی کررہے ہوتے ہیں ،اپنے اندرتبدیلی لائیے ۔گھرمیں کوئی روٹی بچ جائے اورکھا نا نہیں چاہتے تو پھینکنے کےبجائے بکری وغیرہ کو کھلادیں ۔گھراورہوٹل میں ہونے والی تقریبات میں بھی کھانے کو ضائع ہونے سے بچائیے ،کھانا بچ جائےتو اسے غریبوں میں تقسیم کردیں ۔

سوال:قُرونِ ثلاثہ سےکیا مُرادہے ؟

جواب:قُرونِ ثلاثہ 3 زمانوں کو کہتے ہیں:(1) نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا مبارک زمانہ (2)صحابۂ کرام کازمانہ(3)اورتابعین کازمانہ۔

سوال: جھوٹ کی کیا تعریف ہے ؟

جواب:سچ کے اُلٹ کو جھوٹ کہتے ہیں مثلاً میرے ہاتھ میں قلم ہےمگر میں یہ کہوں کہ میرے ہاتھ میں قلم نہیں ہے تو یہ جھوٹ ہے ۔

سوال:نمازِجنازہ کی ابتداکب ہوئی ؟

جواب:نمازِجنازہ کی ابتدایعنی شروعات حضرت آدم علیہ السلام کے دَورسے ہوئی ہے،فرشتوں نے آپ کے جنازے پر 4تکبیرات پڑھیں ،اسلام میں اس کا آغازحضرت سیدنااسعدبن زُرارہ انصاریرضی اللہ عنہ کی نمازِجنازہ سےہوا،آپ کاوصال ہجرتِ مدینہ کے نویں مہینے(شوال 1ھ)کے آخرمیں ہوا،یہ پہلے صحابی ہیں جن کی نمازِجنازہ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے پڑھائی۔

سوال: بہترین انسان بننے کے لیے کون سی کتاب کا مطالعہ کریں ؟

جواب:قرآنِ کریم ترجمہ وتفسیرکے ساتھ پڑھیں،اس دورکی بہترین تفسیرصراطُ الجنان(10 Volumes)مکتبۃ المدینہ سے خرید لیں،مطالعہ کرتے جائیں اورترقی کے زِینے چڑھتے جائیں ، اِنْ شَاءَ اللہ اس کے مطالعے سے علمِ دین میں بہت اضافہ ہوگا،اس کے زیادہ سیٹ(Set) لے لیں ،اپنے محلے کے امام صاحب کوپیش کریں اوردوستوں میں تقسیم کریں۔

سوال: بعض اوقات شادی کی رسومات کی وجہ سے شادیاں لیٹ ہوجاتی ہیں جس کی وجہ سے معاشرتی مسائل ہورہے ہیں، اس کا کیا حل ہے؟

جواب:یہ سب اسلامی تعلیمات سے واقف نہ ہونے ،عمل نہ کرنے اوردُنیاکی محبت کی وجہ سے ہے ،مُعاشرے کے بااثرلوگ مل کر شادیاں سستی کریں ، رسم ورواج کو کم کریں ،جہیز کے مطالبےنہ کئے جائیں،کھانابھی سستاکیاجائے ،اگردونوں فریق(دَولہا اوردُلہن کے گھروالے )فیصلہ کرلیں تو اخراجات کم ہوسکتے ہیں اگرچہ برادری والے باتیں بنائیں۔

سوال:اُلٹا سونا کیساہے ؟

جواب: اُلٹاسونامنع ہے،حدیثِ پاک میں اِسے جہنمیوں کا طریقہ کہا گیا ہے، طبعی طورپر بھی یہ نقصان دہ ہے ،دل اورگُردے متأثرہوسکتےہیں ،جس کی عادت ہو وہ کسی طرح اپنی عادت نکالنےکی کوشش کرے مثلا ًایک ٹانگ باندھ دے یا کوئی بھی طریقہ اختیار کرے۔

سوال:ایمان کوقوی (مضبوط)کرنے کے لیےکیا کریں ؟

جواب:نیک اعمال کرنےسے ایمان مضبوط اورگناہ کرنے سےایمان کمزورہوتاہے ۔

سوال:حضرت ابراہیم علیہ السلام کا لقب کیا ہے؟

جواب:حضرت ابراہیم علیہ السلام کا لقب خَلِیْلُ اللّٰہ ہے ۔

سوال:لوگوں پر اُمیدلگانا کیسے کم ہوسکتاہے ؟

جواب:اللّٰہ پاک پرمکمل بھروسا کرے ،لوگوں سے اپنی اُمیدختم کردے،رکھ مولیٰ تے آس،اسی میں بھلائی ہے۔

سوال:غزوۂ بدرکب ہوا ؟

جواب:17 رمضان المبارک 2ھ،اس میں 313صحابہ ٔکرام شریک تھے ،پہلے 3 ہزاراورپھر 5 ہزارفرشتےمدد کے لیے آئے تھے۔

سوال:مقروض(جس پر قرض ہو) اسے قرض سے چھٹکارا کیسے حاصل ہو،کوئی وظیفہ ارشادفرمادیں ؟

جواب:مقروض ہرنمازکےبعد11،11بار اورصبح وشام100،100بار یہ دُعاپڑھا لیا کرے :’’اَللّٰھُمَّ اکْفِنِیْ بِحَلَالِکَ عَنْ حَرَامِکَ وَاَغْنِنِیْ بِفَضْلِکَ عَمَّنْ سِوَاکَ۔یعنی اے اللہ!مجھے حرام سے بچاتے ہوئے(صرف) حلال کے ساتھ کفایت کراور اپنے فضل وکرم کے ذریعے اپنے سِوا سے بے پروا فرمادے"۔ اوّل وآخر ایک ایک باردُرُودِپاک ۔جس نے کسی کو قرض دیا ہواورواپس نہ مل رہا ہوتووہ یَا مُغْنِیْ دن رات میں 100بارپڑھ لیا کرے۔

سوال:روزی میں برکت نہیں ہوتی، کیاکریں ؟

جواب: اپنے اخراجات پر غورکریں ،شاہی اخراجات ہوں گے تو برکت کیسے ہوگی ؟کفایت شعاری سے کام لیں ،روزی میں برکت کا یہ وظیفہ ہے، نمازِعشاکے بعد کُھلے آسمان کے نیچے ننگے سر500مرتبہ یہ پڑھے: یَامُسَبِّبَ الْاَسْبَاب۔ اوّل وآخر ایک ایک باردُرُودِپاک۔

سوال: گُناہوں سےبچنےکاکوئی وظیفہ ارشادفرمائیں اورگُناہوں سے نفرت ہوجائے اس کےلیے کیا کریں ؟

جواب:گُناہوں سے بچنے کے لیے گُناہوں کے عذابات کا مُطالعہ کرے ،اور صبح 11،11بار سورۂ اخلاص (قُلْ ھُوَاللہ شریف)پڑھے اسی طرح یَاعَفْوکثرت سےپڑھنے سے دل میں گناہوں سے نفرت پیدا ہوتی ہے ۔

سوال:بندہ بیمارہواورضرورت بھی ہوتو کسی سے رقم لیناکیسا؟

جواب:ضرورت ہوتو لے سکتاہے،مگربِلاسخت ضرورت کےکسی کااحسان نہیں لیناچاہئے ۔

سوال:طبیب کو (ڈاکٹریاحکیم)مریض کوکس طرح چیک کرنا چاہئے ؟

جواب:اچھی طرح چیک اپ کرنا چاہئے ،بعض اوقات ڈاکٹرفوراًہی مریض کےمرض کوجان جاتاہے،اس کے باوجود اس مریض کی بات سننی چاہئے تاکہ مریض کواطمینان ہوکہ طبیب نے اچھی طرح چیک اپ کیاہے ۔

سوال:آپ کیا لکھتے رہتے ہیں ؟

جواب:میں اکثرپیڈپرلفظ ’’اللہ‘‘لکھتارہتاہوں اورکبھی کبھی ’’الموت‘‘لکھتاہوں ،صاحبِ دلائل الخیرات شریف حضرت امام سلیمان جزولی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے کمرے میں الموت لکھا ہواتھا، اس سے مجھے بھی ترغیب ملی۔

سوال:دعوتِ اسلامی کا پہلافیضانِ مدینہ کہاں تعمیرہوا؟

جواب:آفندی ٹاؤن حیدرآباد(سندھ)میں ۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ’’ زائرینِ مدینہ کے ایمان افروز واقعات‘‘پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یاالٰہی! جو رسالہ ''زائرینِ مدینہ کے ایمان افروز واقعات'' کے 31 صفحات پڑھ یا سُن لے، اُسے مدینے کا بار بار دِیدار نصیب فرما اور موت کے وقت جلوۂ مصطفےٰ سے اس کی آنکھیں ٹھنڈی کر۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْنصلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم