21 رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور 22 رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:بچوں کو مختلف چیزوں مثلا ًجنّ،بلی وغیرہ کا ڈردِلانا کیسا ؟

جواب:بچوں کو ایسی چیزوں سےنہیں ڈرانا چاہئے بلکہ بہادُربنایا جائے ،ورنہ ہوسکتاہے اس طرح کی کسی چیز کا ڈراس کےدِل میں بیٹھ جائے اورساری زندگی وہ اس چیز سے ڈرتارہے ،بلکہ اللہ پاک سے ڈراناچاہئے ۔

سوال:عِرقُ الِنساء کےدرد(ران کی پُشت کی طرف سے ٹانگ میں اُٹھنے والا ایک اعصابی درد)کا کوئی روحانی عِلاج بتادیجئے؟

جواب:عِرقُ الِنساء کا دردجانے میں وقت لگتاہے ،یَاسَلامُ 111بارپڑھ کر دَم کریں ،پانی پربھی دم کرکے پئیں ۔

سوال:کیاہربیماری کا علاج ہے؟

جواب:بُڑھاپے اورموت کے علاوہ تمام بیماریوں کا علاج ہے،البتہ یہ ہوتاہےکہ کبھی کسی مرض تاانسان ابھی نہ پہنچیں ہوں۔البتہ یہ الگ بات ہے کہ کسی مرض کاعلاج ابھی تک دریافت نہ ہوسکاہومثلاً(کروناوائرس کاعلاج دریافت کرنے کے لیے بہت ساری تحقیقات اورتجربات ابھی ہورہے ہیں،لیکن شاید ابھی اس کا علاج(ویکسین ودیگرادویات وغیرہ) تلاش کرنے میں کچھ وقت لگے)۔

سوال:علمِ دین اورایصال ِثواب بڑھنے کی کیاصُورت ہے؟

جواب:علمِ دین خرچ کرنے سے بڑھتاہے، اسی طرح ثواب بھی ایصال کرنے سے بڑھتاہے، دونوں میں بخل نہیں کرناچاہئے ۔

سوال:نیکیوں اورگُناہوں کے بارے میں آپ کیافرماتےہیں ؟

جواب:نیکیاں چُھپاؤ،گُناہ نہ بُھلاؤ،نیکیاں سوشل میڈیا پرڈالناخطرے سے خالی نہیں ،ریا کاری کی صورت بن سکتی ہے ۔

سوال:حافظ ِ قرآن کو حفظِ قرآن باقی رکھنے کے لیے کیاکرناچاہئے ؟

جواب:قرآنِ کریم حفظ کرنا آسان ہےمگرحفظ باقی رکھنا مشکل ہے، اس کے لیے روزانہ ایک منزل پڑھیں ،مہینے میں4قُرآنِ کریم پڑھ لیں گے ،یہ نہیں کرسکتے تو قواعد کا خیال رکھتے ہوئے روزانہ 1 پارہ ضرورپڑھیں،حافظِ قُرآن بیس (20)سے پچیس(25) منٹ میں 1 پارہ پڑھ لیا کریں ۔

سوال:کھانے سے پہلےپانی پینا کیسا؟

جواب:کھانے سے پہلے پانی پیناطبی طورپرمفیدہے ،پانی سے روزہ اِفطارکرنا سُنّت ہے ۔پانی آنتوں کو کھولتاہے۔پکوڑے سموسے سےابتدانہ کی جائے ، گرمیوں میں گھرمیں بنایاگیالیموں پانی مفید ہے ۔

سوال:کَرَّمَ اللہُ وَجْہَہُ الْکَرِیْم کا کیا معنی ہے؟

جواب:عاشقِ اکبرحضرت سیدنا ابوبکر صدیق اور مولائے کائنات حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کے بارے میں یہ آیا ہے،لیکن حضرت ِعلی رضی اللہ عنہ کے ساتھ زیادہ مشہورہے ۔ اس کامعنی ہے’’اللہ پاک نے اُن کے چہرے کوعزّت بخشی‘‘کیونکہ ان دونوں ہستیوں نے قبول ِاِسلام سے قبل بھی کسی بُت کوسجدہ نہیں کیا۔

سوال:حضرت علی رضی اللہ عنہ کا مزارشریف کہاں ہے ؟

جواب:عراق کے شہرنجفِ اشرف۔

بعدِ تراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:حضرتِ خضرعلیہ السلام کا پورانام کیا ہے؟ اورجسے یہ نام یاد ہواسے کیافائدہ حاصل ہوتاہے؟

جواب:حضرتِ خضرعلیہ السلام کا پورانام ابُوالْعَبّاس بَلْیَا بِنْ مَلْکَان ہے ،جسے یہ نام یادہوگا اس کا خاتمہ ایمان پر ہوگا۔

سوال:آپ کی قوم(Nation)یعنی ذات کا خاندانی نام(Surname) کیاہے ؟

جواب:ہماری قوم یعنی ذات کاخاندانی نام(Surname)’’باڑی والا‘‘ہے ۔

سوال:کیا اعضائےوضوپر کچھ پانی کی تری باقی رکھنافائدے مندہے؟

جواب:اعضائے وضوپر جونمی (تری)باقی رہتی ہے اُسے بروزِقیامت نیکیوں کے پلڑےمیں رکھا جائے گا۔

سوال:آپ اپنے بچپن کا ککری گراؤنڈ(کراچی)والاواقعہ سنادیجئے ؟

جواب:بچپن سےہیاللہ پاک سے ڈرلگتاہے ،میری ماںشفقت ومحبت کی وجہ سے روڈ پارکرکے ککری گراؤنڈجانےسے منع کرتی تھی تاکہ ایکسیڈنٹ نہ ہوجائے،کسی نے کہا کہ ککری گراؤنڈچلواورماں سے جھوٹ بول دینا مگرمیں نے کہا میں جھوٹ نہیں بولتا،مجھے اللہسے ڈرلگتاہے ۔

سوال:کیا ہرمقتدی کو چاہئےکہ اپنی مسجد کےامام صاحب کی مالی خدمت کرے؟

جواب:جی ہاں ! کئی امام سفیدپوش ،معززاورباوقارمگرحاجت مندہوتے ہیں ۔اس کے باوجود کسی سے سوال نہیں کرتے ،ہرمقتدی کوچاہئے کہ اپنے محلے کی مسجدکے امام ،مؤذن،خادم کی مالی خدمت کریں ،بالخصوص اِس رمضان میں چونکہ لاک ڈاؤن ہے ،اس میں ضرور خدمت کریں اورپھر ساراسال یہ سلسلہ جاری رکھیں ۔مٹھائی ،مصلےٰ ،تسبیح اورخوشبووغیرہ دینے کے بجائے رقم پیش کریں ۔

سوال:کیا مُریدین کو اپنے پیر صاحب کی مالی خدمت کرنی چاہئے ؟

جواب:جی ہاں !ہرپیرصاحب مالدارنہیں ہوتے ،مُریدین کو چاہئے کہ اپنے پیر صاحب کی مالی خدمت کریں ،اس لاک ڈاؤن میں اس کا بالخصوص اہتمام کریں ۔ مجھے کچھ نہ دیجئےگا ،میں حاجت مندنہیں ہوں ،آپ میری برادری یعنی مساجد کے امام اورمشائخوغیرہ کو دیں ۔

سوال:کیا بُزرگوں نےبھی ہجرت فرمائی ہے ؟

جواب:جی ہاں!اصحاب ِکہف کاواقعہ مشہورہے،ان نیک لوگوں نے ظالم بادشاہ سےاپنا ایمانبچانے کے لیے ہجرت فرمائی ۔ان کے ساتھ ان کا کُتا قِطْمِیْربھی تھا۔(اس واقعے کی تفصیلی معلومات جاننے کے لیے مکتبۃ المدینہ کی کتاب"عجائب القرآن مع غرائب القرآن"کا مطالعہ کیجئے)

سوال:حقیقی مہاجِرکون ہے ؟

جواب:حقیقی مہاجِروہ ہے جو گُناہوں کوچھوڑدے ۔

سوال:حضورغوثِ اعظم حضرتِ سیّدعبدالقادرجیلانی رحمۃ اللہ علیہ کا حُلْیہ مبارک کیساتھا ؟

جواب:حضورغوثِ اعظم حضرتِ سیدعبدالقادرجیلانیرحمۃ اللہ علیہ کمزور بَدن، درمیانہ قد،پھیلا ہوا سِیْنَہ،گھنی داڑھی اور گندمی رنگ کے مالک تھے۔  آپ کی بھنویں  ملی ہوئی تھیں،  آواز مُبارَک بُلَند اور چہرہ نہایت ہی خوب صورت  تھا۔ آپ نہایت ذَہین اوربہت بڑے مفتی تھے ۔

سوال: گُناہ کرتے کرتے خوفِ خداکم ہوجائے توبندہ کیاکرے ؟

جواب:گناہوں سے سچی توبہ کرے،عاشقانِ رسول نیک لوگوں کی صحبت اختیار کرے،خوف ِخداکے فضائل کامُطالعہ کرے ۔

سوال:خاتونِ جنّت حضرت ِفاطمہ کی کتنی بیٹیاں تھیں ؟

جواب:دو بیٹیاں تھیں (1)حضرتِ زینبرضی اللہ عنہا (2)حضرتِ اُمِ کلثومرضی اللہ عنہا

سوال:کارکردگی دینےمیں اِخلاص کیسے ملے؟

جواب:دعوتِ اسلامی کا مدنی کام کرنا ہے تو کارکردگی تودینا ہوگی ،کارکردگی دیتے ہوئے نیّت کرے کہ کارکردگی دینے سے دِین کا کام کرنے والی تحریک کا نظام مضبوط ہوگا ،البتہ اپنے اندراخلاص پیداکرےاوررِیاکاری(یعنی اپنی عبادت بتاکردھاک بٹھانا تاکہ لوگ تعریف کریں ،عزّت یامال دیں )سے بچے،اپنےآپ کو حُبِ جاہ (یعنی اپنی واہ واہ اورتعریف کوپسندکرنے)سےبھی بچائے۔

سوال:فاتحہ کے بارے میں کس کتاب سے معلومات مل سکتی ہیں؟

جواب:مکتبۃ المدینہ سے شائع شدہ رِسالہ ’’فاتحہ اورایصال ِثواب کا طریقہ ‘‘سے مل جائیں گی ،یہ رسالہ مفید اوردلچسپ ہے ۔

سوال:نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم مکۂ مکرمہ سے باہَرکون سے ملک(Country) میں تشریف لے گئے ؟

جواب:مُلک ِشام ،ایک مرتبہ اپنے چچاکے ساتھ اورایک مرتبہ تجارت کے لیے ۔

سوال:کیا آپ کے مُریددُعائے حزبُ البحرپڑھ سکتے ہیں ؟

جواب:سلسلہ قادریہ رضویہ میں جو بیعت ہووہ حزبُ البحر(اس کی تفصیل جاننے کے لیے مکتبۃ المدینہ کی کتاب"دلائلُ الْخَیْرات شریف"کامطالعہ کیا جاسکتاہے)پڑھ سکتاہے، بشرطیکہ اس کے مخارج درست ہوں اورکسی عاشقِ رسول مُستند قاری صاحب کو سُنا دے۔

سوال:کیادوا(Medicine)کھانےسے پہلے بِسْمِ اللہ نہیں پڑھنی چاہئے ؟

جواب:دوا(Medicine) کھانے سے پہلے بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم پڑھنی چاہئے ،بلکہ یہ پڑھنا بھی بہترہے بِسْمِ اللّٰہِ یاشافی، بِسْمِ اللّٰہِ یا کافی ۔