نماز دین کا ستون ہے اور نماز مسلمانوں پر پانچ وقت کی فرض ہے جس میں مسلمان اپنے اپ کو دنیا سے دور رکھ کر اپنے رب کی عبادت و ریاضت میں مشغول رہتے ہے۔ فرض نماز تنہا پڑھنے سے افضل با جماعت نماز ادا کرنا ہے۔ با جماعت نماز پڑھنے کی بےشمار فضیلت بیان کی گئی ہے۔ با جماعت نماز پر چند احادیث کریمہ ملاحظہ فرمائیں۔

(1) فرمانِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم: مرد کی نماز مسجد میں جماعت کے ساتھ، گھر میں اور بازار میں پڑھنے سے پچیس(25) دَرَجے زائد ہے۔ (فیضانِ نماز، ج 141)

(2) صحابی ابن صحابی حضرت سیدنا عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے تاجدار مدینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم فرماتے ہیں : نمازِ باجماعت تنہا پڑھنے سے ستائیں ( 27 ) درجے بڑھ کر ہے ۔ (فیضانِ نماز، ج 141)

(3) حضرت سیِّدُنا ابو سعید خدرِی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ اللہ پاک کے آخری رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کافرمانِ عالی شان ہے: جب بندہ باجماعت نماز پڑھے پھر اللہ پاک سے اپنی حاجت(یعنی ضرورت) کا سُوال کرے تو اللہ پاک اس بات سے حیا فرماتا ہے کہ بندہ حاجت پوری ہونے سے پہلے واپس لوٹ جائے۔ (فیضانِ نماز، ص 141)

(4) فرمانِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم : جو شخص چالیس راتیں مسجد میں جماعت کے ساتھ پڑھے کہ عشا کی تکبیرۂ اُولیٰ فوت نہ ہو، اللہ پاک اس کے ليے دوزخ سے آزادی لکھ دے گا۔(سنن ابن ماجہ، ابواب المساجد... إلخ، باب صلاۃ العشاء و الفجر في جماعۃ، 1/437،حديث: 798)

(5) فرمانِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم : اللہ باجماعت نماز پڑھنے والوں سے خوش ہوتا ہے ۔ (مسند احمد بن حنبل، 2/309 ،حدیث:5112)

جہاں ہمیں با جماعت نماز کی فضیلتیں بتائی گئی ہے وہی ہمیں جماعت کی تاکید بھی کی گئی ہے۔ اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں تا حیات با جماعت نماز پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین یا رب العالمین


انسان کی تخلیق کا اصل مقصد اپنے پروردگار کی عبادت ہے،اللہ پاک قراٰنِ پاک میں ارشاد فرماتا ہے: وَ مَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَ الْاِنْسَ اِلَّا لِیَعْبُدُوْنِ(۵۶)ترجمۂ کنزالایمان: اور میں نے جن اور آدمی اتنے ہی لئے بنائے کہ میری بندگی کریں۔ (پ27، الذٰرِیٰت:56) یہ حقیقت مسلم ہے کہ تمام عبادات میں سب سے افضل عبادت نماز ہے، اور احادیث پاک میں نماز کو جماعت کے ساتھ پڑھنے کی ترغیب دی گئی ہے، ذیل میں فضائلِ جماعت پر مشتمل احادیث کریمہ بیان کی جاتی ہیں۔

(1) اُمُّ المؤمنین حضرتِ سیِّدَتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں : جب سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہِ عالی میں سخت بیماری حاضر خدمت تھی، حضرتِ بلال رضی اللہ عنہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو نماز کی اطلاع دینے کے لیے حاضر ہوئے تو ارشاد فرمایا:ابوبکر سے کہو کہ لوگوں کو نماز پڑھائیں ۔ پھر جب حضرتِ سیِّدُنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نماز پڑھا نے میں مشغول تھے اِس دَوران آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اپنی مبارک طبیعت میں کچھ بہتری محسوس فرمائی تو اٹھ کر دو شخصوں کو سہارا دینے کی سعادت عنایت فرما کر مسجد کی جانب اِس طرح تشریف لے چلے کہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مبارک قدم زمین پر لگ رہے تھے ، حضرتِ سیِّدُنا ابوبکر صدّیق نے آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی آہٹ(یعنی مبارک قدموں کی آواز) محسوس کی تو پیچھے ہٹنے لگے، آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے انہیں اشارہ کیا(کہ پیچھے نہ ہٹو) پھر آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم حضرتِ سیِّدُنا ابوبکر صدّیق کی بائیں (Left) جانب بیٹھ گئے، حضرتِ سیِّدُنا ابوبکر صدّیق کھڑے ہو کر اور آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم بیٹھ کر نماز پڑھ رہے تھے، حضرتِ سیِّدُنا ابوبکر صدیق آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی اقتدا میں (یعنی پیچھے نماز ادا) کر رہے تھے اور لوگ حضرتِ سیِّدُنا ابوبکر صدیق کی (اِقتدا کر رہے تھے)۔(بخاری، 1/254،حدیث:713 ملخّصاً)

(2) ابن عمر رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم فرماتے ہیں: نمازِ جماعت، تنہا پڑھنے سے ستائیس درجہ بڑھ کر ہے۔(بہار شریعت حصہ سوم، 1/ 574)

(3) حضرت عثمانِ غنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، کہ حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم : فرماتے ہیں :جس نے کامل وضو کیا، پھر نماز فرض کے لیے چلا اور امام کے ساتھ پڑھی، اس کے گناہ بخش دئیے جائیں گے۔(بہار شریعت حصہ سوم ، 1/ 574)

(4) امیر المؤمنین حضرت سیدنا عمر فاروق اعظم رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے دو جہاں کے سردار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو فرماتے سنا کہ اللہ پاک باجماعت نماز پڑھنے والوں کو محبوب (یعنی پیارا) رکھتا ہے۔(فیضان نماز، ص 140)

(5) حضرت سیِّدُنا ابو سعید خدرِی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ اللہ پاک کے آخری رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کافرمانِ عالی شان ہے: جب بندہ باجماعت نماز پڑھے پھر اللہ پاک سے اپنی حاجت(یعنی ضرورت) کا سُوال کرے تو اللہ پاک اس بات سے حیا فرماتا ہے کہ بندہ حاجت پوری ہونے سے پہلے واپس لوٹ جائے۔ (فیضان نماز، ص 141)

پیارے پیارے اسلامی بھائیو! ان تمام احادیث مبارکہ سے باجماعت نماز پڑھنے کی اہمیت کا پتہ چلتا ہے، آج بد قسمتی سے مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد ہے جو باجماعت نماز پڑھنے کا کوئی خاص طور پر اہتمام نہیں کرتے بلکہ کئی ایسے ہیں جو عشق رسول کا دعویٰ تو کرتے ہیں لیکن معاذاللہ نماز سے کوئی واسطہ ہی نہیں رکھتے۔ اللہ پاک ہم سب کو نمازِ باجماعت پر پابندی نصیب فرمائے، اور نمازوں کی حفاظت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


ایمان و عقائد کے‌ بعد نماز اہم ترین فرض ہے، قراٰنِ کریم و احادیث نبویہ اس کی اہمیت پر شاہد ہیں نیز اسلام میں باجماعت نماز پڑھنے کا تاکیدی حکم ہے، یعنی ہر مسلمان ،عاقل، بالغ، مرد پر جماعت کے ساتھ نماز ادا کرنا واجب ہے، بغیر عذر ایک مرتبہ بھی جماعت کے چھوڑنے والا گنہگار ہے، با جماعت نماز پڑھنے کے بے شمار دنیوی و اُخروی فوائد ہیں، دنیوی فائدہ تو یہ کہ اس سے مسلمانوں کی اجتماعیت کا پتا چلتا ہے جس سے کفار کے دلوں میں اسلام کا رعب و دبدبہ پیدا ہوتا ہے ، اور اس کے اُخروی فوائد و فضائل پر کئی احادیث کریمہ وارد ہیں، نبی رحمت شفیع امت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے متعدد مقامات پر با جماعت نماز پڑھنے کی فضیلت اور اس کی اہمیت کا ذکر فرمایا ہے۔ ان میں سے 5 احادیثِ طیبہ ملاحظہ فرمائیں:

(1) حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہماسے روایت ہے،نبی اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:جماعت کے ساتھ نماز پڑھنا تنہا پڑھنے سے ستائیس درجہ زیادہ فضیلت رکھتا ہے۔(بخاری،کتاب الاذان، باب فضل صلاۃ الجماعۃ،1/232، حدیث: 645)

(2) حضرت سیِّدُنا اَنس رضی اللہ عنہ سے رِوایت ہے کہ تاجدارِ مدینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اِرشاد فرماتے ہیں : جو کوئی اللہ پاک کے لیے چالیس دن ’’تکبیر اُولیٰ‘‘ کے ساتھ باجماعت نماز پڑھے اُس کے لیے دو آزادیاں لکھی جائیں گی، ایک نار سے دوسری نفاق سے ۔ (ترمذی،1/274، حديث: 241)

(3) حضرتِ سَیِّدُنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسولِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو فرماتے ہوئے سُنا : جس نے عشا کی نمازِ باجماعت ادا کی گویا اس نے آدھی رات قیام کیا اور جس نے فجر کی نمازِ باجماعت ادا کی گویا اس نے ساری رات قیام کیا ۔( مسلم، کتاب المساجد ومواضع الصلاة، باب فضل صلاة العشا...الخ، ص258، حدیث : 1491)

(4) حضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو فرماتے سنا کہ اللہ پاک با جماعت نماز پڑھنے والوں کو محبوب (یعنی پیارا) رکھتا ہے۔(فیضان نماز ،ص 140)

(5) حضرت عثمانِ غنی رضی اللہ عنہ کے غلام حضرت حمران رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،حضور اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:جس نے کامل وضو کیا، پھر فرض نماز کے لیے چلا اور امام کے ساتھ نماز پڑھی، اس کے گناہ بخش دئیے جائیں گے۔ (شعب الایمان، باب العشرون من شعب الایمان وہو باب فی الطہارۃ، 3/9، حدیث: 2727)

ان تمام احادیث سے ظاہر ہوتا ہے کہ با جماعت نماز پڑھنے کی بے شمار برکتیں ہیں ، با جماعت نماز پڑھنا رب کریم اور اس کے پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی خوشنودی کا سبب ہے، لہٰذا بندے کو چاہئے کہ وہ سستی و کاہلی کو دور کرکے رب کریم کی رضا پانے اور ان فضائل کو حاصل کرنے کی نیت سے وقت پر مسجد میں حاضر ہو کر با جماعت نماز کا عزم کرے، اللہ پاک ہمیں جماعت کے ساتھ نماز ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔اٰمین یا رب العٰلمین


اے عاشقان نماز! باجماعت نماز اللہ پاک کا بہت بڑا انعام ہے۔ قراٰنِ کریم کی سورۃ البقرہ آیت نمبر 43 میں اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: وَ ارْكَعُوْا مَعَ الرّٰكِعِیْنَ(۴۳) ترجمۂ کنز الایمان: اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو۔ (پ1،البقرۃ: 43)مفتی احمد یار خان رحمۃ اللہ علیہ تفسیرِ نعیمی ج1ص330 میں تحریر فرماتے ہیں: اس کا مطلب یہ ہے کہ جماعت سے نماز پڑھا کرو، کیونکہ جماعت کی نماز تنہا نماز پر ستّائیس(27)درجے افضل ہے۔

پیارے پیارے اسلامی بھائیوں! پتا چلا کہ جماعت سے نماز پڑھنا کس طرح کے ثواب کا ذریعہ ہے اسی طرح جماعت سے نماز پڑھنے کے متعلق بہت سے فضائل و فوائد احادیث کریمہ میں موجود ہیں انہیں میں سے 5 فرامین مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پیش کئے جاینگے تاکہ ہمارے اندر بھی جماعت سے نماز پڑھنے کا شوق پیدا ہو۔

(1) امیر المؤمنین حضرت سیدنا عمر فاروق اعظم رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے دو جہاں کے سردارصلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو فرماتے سنا کہ اللہ پاک باجماعت نماز پڑھنے والوں کو محبوب (یعنی پیارا) رکھتا ہے۔ (مسند احمد بن حنبل، 2/309،حدیث:5112)

(2) حضرت سیِّدُنا ابو سعید خدرِی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ اللہ پاک کے آخری رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کافرمانِ عالی شان ہے: جب بندہ باجماعت نماز پڑھے پھر اللہ پاک سے اپنی حاجت(یعنی ضرورت) کا سُوال کرے تو اللہ پاک اس بات سے حیا فرماتا ہے کہ بندہ حاجت پوری ہونے سے پہلے واپس لوٹ جائے۔ (حلیۃ الاولیاء، 7/299،حدیث: 10591)

(3) فرمانِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم: مرد کی نماز مسجد میں جماعت کے ساتھ، گھر میں اور بازار میں پڑھنے سے پچیس(25) دَرَجے زائد ہے۔ (بخاری، 1/233،حدیث: 647)

(4) طبرانی ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے راوی، کہ حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم فرماتے ہیں: اگر یہ نماز جماعت سے پیچھے رہ جانے والا جانتا کہ اس جانے والے کے ليے کیا ہے؟، تو گھسٹتا ہوا حاضر ہوتا۔ (المعجم الکبير،8/224، حديث: 7886)

(5) ترمذی انس رضی اللہ عنہ سے راوی، کہ فرماتے ہیں صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم: جو اللہ کے ليے چالیس دن باجماعت پڑھے اور تکبیرۂ اُولیٰ پائے، اس کے ليے دو آزادیاں لکھ دی جائیں گی، ایک نار سے، دوسری نفاق سے۔ (جامع الترمذی، أبواب الصلاۃ، باب ماجاء في فضل التکبيرۃ الأولیٰ،1/274، حديث: 241)

جماعت سے گر تو نمازیں پڑھے گا

خدا تیرا دامن کرم سے بھرے گا

اے عاشقان نماز! ابھی آپ نے نمازِ باجماعت کی فضیلتوں کو پڑھا اب آئیے ان کے فوائد پر بھی نظر ڈالتے ہیں:۔ پیارے اسلامی بھائیوں! جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے سے روزانہ پانچ بار کی ملاقات اور دعا سلام سے دل کی عداوت(یعنی دشمنی)دور ہونا اور آپس میں اتفاق، وقت کی پابندی، تکبّر کا ٹوٹنا اور مسجد کی طرف آنے پر دس دس نیکیاں کا ملنا ،اس طرح کے کئی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ عشا کی نماز کے بھی کیا کہنے کہ جو شخص چالیس راتیں مسجد میں جماعت کے ساتھ پڑھے کہ عشا کی تکبیرۂ اُولیٰ فوت نہ ہو، اللہ پاک اس کے ليے دوزخ سے آزادی لکھ دے گا۔(سنن ابن ماجہ، ابواب المساجد... إلخ، باب صلاۃ العشاء و الفجر في جماعۃ، 1/437،حديث: 798)

پیارے اسلامی بھائیوں! ہمیں بھی چاہیے کہ باجماعت نماز تکبیر اولیٰ کے ساتھ ادا کریں تاکہ ہم کو بھی اس طرح کے فضیلتیں اور فوائد حاصل ہوں۔ اس کے لئے ان چیزوں سے بچنا ہوگا جو ہمارے لئے نماز کو باجماعت ادا کرنے میں رکاوٹ بنے۔ جیسے ڈٹ کر کھانا ،گناہ کرنا ، بدنگاہی، فحش کلامی، غیبت وغیرہ ان جیسے باطنی گناہوں سے بچنا ہوگا اور گناہوں سے بچنے کے لئے نماز میں خشوع و خضوع پیدا کرکے خلوص کے ساتھ ادا کرنا ہوگا کیونکہ نماز بے حیائی اور برے کاموں سے روکتی ہے۔ اللہ کریم ہمیں ہر طرح کے گناہوں بچتے ہوئے پانچوں نمازیں باجماعت ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

میں پانچوں نمازیں پڑھوں باجماعت

ہو توفیق ایسی عطا یا الٰہی


محترم قارئین کرام ! باجماعت نماز پڑھنا بہت اہمیتوں کا حامل ہے سب سے پہلی بات تو یہ ہے کہ نمازِ باجماعت پڑھنا تنہا پڑھنے سے 27درجہ زیادہ فضیلت رکھتی ہے اور دوسری بات یہ ہے کہ باجماعت نماز ادا کرنے میں اللہ اور اس کے رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے حکم پر عمل پیرا ہونا ہے کیونکہ اللہ پاک نے ہمیں اس کی عبادت کرنے اور اس کے احکام بجالانے کے لیے پیدا فرمایا، چنانچہ اللہ پاک نے قراٰنِ کریم فرقان حمید میں فرمایا: وَ مَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَ الْاِنْسَ اِلَّا لِیَعْبُدُوْنِ(۵۶)ترجمۂ کنزالایمان: اور میں نے جن اور آدمی اتنے ہی لئے بنائے کہ میری بندگی کریں۔ (پ27، الذٰرِیٰت:56) اور اسی طرح باجماعت نماز ادا کرنے کے بہت سے فضائل وبرکات ہیں، آئیے چند احادیث کریمہ سے سنتے ہیں :

(1) پانچ نمازوں کی جماعت کی عظیم الشان فضیلت : سرکار مدینہ منورہ سردار مکہ مکرمہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے عثمان بن مظعون رضی اللہ عنہ سے فرمایا: جس نے فجر کی نمازِ باجماعت پڑھی، پھر بیٹھ کر اللہ پاک کا ذکر کرتا رہا یہاں تک کہ سورج نکل آیا اس کےلیے جنت الفردوس میں ستر درجے ہوں گے، ہر دو درجوں کے مابین اتنا فاصلہ ہوگا جتنا سدھایا ہوا تیز رفتار عمدہ نسل کا گھوڑا ستر سال میں طے کرتا ہے، اور جس نے ظہر کی نمازِ باجماعت پڑھی اس کےلیےجنت عدن میں پچاس درجے ہوگے، اور ہر دو درجوں کے درمیان اتنا فاصلہ ہوگا جتنا ایک سدھایا ہوا تیز رفتار کا عمدہ گھوڑا پچاس سال میں طے کرتا ہے، اور جس نے عصر کی نمازِ باجماعت پڑھی اس کے لیے اولاد اسماعیل میں سے ایسے آٹھ غلام آزاد کرنے کا ثواب ہوگا جو بیت اللہ کی دیکھ بھال کرنے والے ہوں گے، اور جس نے مغرب کی نمازِ باجماعت پڑھی اس کے لیے مبرور اور مقبول اور عمرے کا ثواب ہوگا، اور جس نے عشاء کی نمازِ باجماعت پڑھی اس کے لیے لیلۃ القدر میں قیام یعنی عبادت کرنے کے برابر ثواب ہوگا۔ (فیضان نماز، ص 149)

(2) اللہ پاک کے پیارے: امیر المومنین حضرت سیدنا عمر فاروق اعظم رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں دو جہاں کے سردار محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو فرماتے ہوۓ سنا کہ اللہ باجماعت نماز ادا کرنےوالوں کو محبوب یعنی پیارا رکھتا ہے ۔ (فیضانِ نماز، ص 140)

(3) پچس درجہ افضل: فرمان مصطفی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم : مرد کی نماز مسجد میں جماعت کے ساتھ، گھر میں اور بازار میں پڑھنے سے پچس درجے زائد ہے اور ایک روایت میں ہے کہ صحابی ابن صحابی حضرت سیدنا عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے، تاجدار مدینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نےفرمایا: نمازِ باجماعت تنہا پڑھنے سے ستائیس درجہ بڑھ کر ہے۔

(4) باجماعت نماز ادا کرنے کے بعد دعا حاجت قبول ہوتی ہے: حضرت سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ اللہ پاک کے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمان عالی شان ہے : جب بندہ باجماعت نماز پڑھے پھر اللہ پاک سے حاجت یعنی ضرورت کا سوال کرے تو اللہ پاک اس بات سے حیا فرماتا ہے کہ بندہ حاجت پوری ہونے سے پہلے واپس لوٹ جائے۔ (فیضان نماز،ص 141)

(5) مقبول حج وعمرہ کا ثواب: خادم نبی حضرت سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ سرکار مدینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمان عالی شان ہے: جس نے مغرب کی نمازِ باجماعت ادا کی اس کےلئے مقبول حج وعمرہ کا ثواب لکھا جائے گا اور وہ ایسا ہے گویا اس نے شبِ قدر میں قیام کیا۔( فیضان نماز، ص110)

دیکھا محترم قارئین ! باجماعت نماز پڑھنے کے کتنے بے شمار فضائل و برکات ہیں تو کیوں نہ ہم اس سے افادہ حاصل کریں کیونکہ زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں کہ کس ساعت میں ہمیں موت آجائے تو ہمیں چائیے کہ دنیا میں رہتے ہوئے اچھے افعال اور خوب باجماعت نماز پڑھ کر نیکیوں کا ذخیرہ اکھٹا کرلیں مولیٰ کریم سے دعا گو و دعا جو ہوں کہ اللہ پاک ہم سب کو باجماعت نماز پڑھنے کی توفیق بخشے اور اس کی برکت سے ہم سب کو فیض یاب فرمائے۔اٰمین بجاہ سید المرسلین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم 


اللہ پاک قراٰنِ پاک میں ارشاد فرماتاہے: وَ اَقِیْمُوا الصَّلٰوةَ وَ اٰتُوا الزَّكٰوةَ وَ ارْكَعُوْا مَعَ الرّٰكِعِیْنَ(۴۳) ترجمۂ کنز الایمان: اور نماز قائم رکھو اور زکوٰۃ دو اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو۔ (پ1،البقرۃ: 43)دوسری جگہ ارشاد فرماتاہے: وَ الصّٰٓفّٰتِ صَفًّاۙ(۱) ترجمۂ کنز الایمان: قسم ان کی کہ باقاعدہ صف باندھیں۔(پ23، الصّٰٓفّٰت:1)یہاں صف باندھنے والوں کی قسم ارشاد فرمانے سے معلوم ہوا کہ صف باندھنا بہت اہمیت و فضیلت کا باعث ہے اور میرے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے بھی ارشاد فرمایا کہ نمازِ باجماعت تنہا پڑھنے سے ستائیس درجے بڑھ کر ہے ۔

پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی نمازِ باجماعت سے محبت :اُم المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا بیان فرماتی ہیں: جب سرکار دوعالم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں سخت بیماری حاضر خدمت تھی حضرت بلال رضی اللہ عنہ نماز کی اطلاع دینے کے لئے آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں حاضر ہوئے تو آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : ابوبکر سے کہو کہ لوگوں کو نماز پڑھائیں۔ پھر جب ابوبکر رضی اللہ عنہ نماز پڑھانے میں مشغول تھے اس دوران آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اپنی مبارک طبیعت میں کچھ بہتری محسوس فرمائی تو آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے دو شخصوں کو سہارا دینے کی سعادت عطا فرماتے ہوئے مسجد کی طرف اس طرح تشریف لے گئے کہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مبارک قدم زمین پر لگ رہے تھے۔ تو ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ نے آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مبارک قدموں کی آواز محسوس کی تو پیچھے ہٹنے لگے ۔ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے انہیں اشارہ فرمایا ( پیچھے نہ ہٹو ) پھر آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے بائیں جانب بیٹھ گئے۔ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کھڑے ہوکر اور آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم بیٹھ کر نماز ادا فرما رہے تھے حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی اقتدا میں (پیچھے نماز ادا ) کر رہے تھے اور لوگ ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ کی اقتدا کر رہے تھے ۔ ( فیضان نماز ، ص 138)

پیارے و محترم اسلامی بھائیو! اس واقعہ سے پیارے آقاصلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی نمازِ باجماعت سے بہت زیادہ دلچسپی اور محبت کا اظہار ہوتا ہے کہ اتنی سخت بیماری کی حاضری کے باوجود آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو جماعت کا ترک گوارا نہ ہوا ۔

پیارے و محترم اسلامی بھائیوں ! آئیے نمازِ باجماعت کے متعلق پانچ فرامین مصطفے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سنتے ہیں :

(1) حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: منافقین پر سب سے زیادہ بھاری عشا و فجر کی نماز ہے اور جانتے کہ اس میں کیا ہے تو گھسیٹتے ہوئے آتے اور بیشک میں نے ارادہ کیا کہ نماز قائم کرنے کا حکم دوں پھر کسی کو حکم فرماؤں کہ لوگوں کو نماز پڑھائے اور میں اپنے ہمراہ کچھ لوگوں کو جن کے پاس لکڑیوں کے گٹھے ہو ں ان کے پاس لےکر جاؤں ،جو نماز میں حاضر نہیں ہوتے اور ان کے گھر ان پر آگ سے جلادوں۔ (مسلم شریف،کتاب المساجد و مواضع الصلاۃ،باب فضل صلاۃ الجماعۃ)

(2) حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،حضور پر نورصلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جو اچھی طرح وضو کرکے مسجد کو جائے اورلوگوں کو اس حالت میں پائے کہ وہ نماز پڑھ چکے ہیں تو اللہ پاک اسے بھی جماعت سے نمازپڑھنے والوں کی مثل ثواب دے گا اور اُن کے ثواب سے کچھ کم نہ ہوگا۔ (ابو داؤد، کتاب الصلاۃ، باب فیمن خرج یرید الصلاۃ فسبق بھا،1/234، حدیث: 564)

(3) حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،رسولِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جس نے کامل وضو کیا، پھر نمازِ فرض کے لیے چلا اور جماعت کے ساتھ نماز پڑھی تواس کے گناہ بخش دئیے جائیں گے۔ (صحیح ابن خزیمہ،کتاب الامامۃ فی الصلاۃ،باب فضل المشی الی الجماعۃ متوضیاً۔۔۔الخ،2/373،حدیث:1489)

(4) ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: اگر یہ نماز جماعت سے پیچھے رہ جانے والا جانتا کہ اس جانے والے کے لیے کیا ہے؟، تو گھسیٹتا ہوا حاضر ہوتا ۔

(5) حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جو اللہ کے لئے چالیس دن باجماعت نماز پڑھے اور تکبیر اولیٰ پائے ، اس کے لئے دو آزادیاں لکھ دی جائیں گی ، ایک نار سے ، دوسری نفاق سے ۔

اللہ پاک ہمیں باجماعت نماز پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے اور دونوں جہاں کی بھلائیاں نصیب فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم 


باجماعت نماز پڑھنے کے بے شمار فضائل و برکات ہیں نماز کا اللہ پاک نے قراٰنِ کریم میں تقریباً 700 سے زائد مقامات پر ذکر فرمایا: سورۃُ البقرہ میں اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: ﴿ وَ ارْكَعُوْا مَعَ الرّٰكِعِیْنَ(۴۳)ترجمۂ کنزالایمان: اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو۔ (پ1،البقرۃ:43)مفتی احمد یار خان رحمۃُ اللہِ علیہ ”رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو“ کے تحت فرماتے ہیں: اس سے مراد باجماعت نماز ادا کرنا ہے۔(تفسیر نعیمی، 1/292)

آئیں اس ضمن میں 5 فرامینِ مصطفےٰ پڑھتے ہیں:

(1)اللہ پاک کے آخری نبی محمدِ عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: صَلاَةُ الجَمَاعَةِ تَفْضُلُ صَلاَةَ الفَذِّ بِسَبْعٍ وَعِشْرِينَ دَرَجَةً یعنی باجماعت نماز تنہا نماز پڑھنے سے ستائیس درجے افضل ہے۔(بخاری، 1/232، حدیث: 645)

(2)حُضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جب بندہ باجماعت نماز پڑھے پھر اللہ پاک سے اپنی حاجت (یعنی ضرورت) کا سوال کرے تو اللہ پاک اس بات سے حیا فرماتا ہے کہ بندہ حاجت پوری ہونے سے پہلے لوٹ جائے۔(حلیۃ الاولیاء،7/299،رقم:10591)

جماعت سے گر تو نمازیں پڑھے گا

خدا تیرا دامن کرم سے بھرے گا

(3)حُضورِ انور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جس جگہ تین آدمی ہوں اور ان میں نماز جماعت سے قائم نہ کی جائے تو شیطان ان پر غالب آ جاتا ہے لہٰذا جماعت کو لازم پکڑو۔(ابوداؤد،1/228،حدیث:547)

(4)اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمدِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جس نے عشا کی نماز جماعت سے پڑھی تو گویا اس نے آدھی رات عبادت کی اور جس نے فجر کی نماز بھی جماعت سے ادا کی تو گویا وہ پوری رات نماز میں کھڑا رہا۔(مسلم،ص258،حدیث:1491)

(5)رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: مرد کا مسجد میں جماعت سے نماز پڑھنا گھر اور بازار میں نماز پڑھنے سے پچیس (25)درجے افضل ہے۔ (بخاری، 1 / 233، حدیث: 647)

ہماری جماعت کا حال: باجماعت نماز کے اس قدر فضائل و برکات ہونے کے باوجود اب ہم سب کو خود پر غور کر لینا چاہئے کہ ہم کس قدر اور جماعت کی کتنی پابندی کرتے ہیں !

اسلاف کی حالت:ہمارے اسلاف کی حالت تو یہ تھی کہ اگر ان کی تکبیرِ تحریمہ فوت ہو جاتی تو تین دن تک اور جماعت فوت ہو جاتی تو اس کا سات دن تک غم مناتے۔(فیضان نماز، ص145)

اللہ رب العزت ہم سب کو پانچوں نمازیں باجماعت مسجد میں ادا کرنے کی توفیق و ہمت عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

بھائی مسجد میں جماعت سے نمازیں پڑھ سدا

ہوں گے راضی مصطفٰے ہوجائےگا راضی خدا