دعوت اسلامی کے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کےتحت ذمہ داراسلامی بھائیوں نے دینی کاموں کے سلسلے میں اسپیشل ایجو کیشن سینٹر قصور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پرنسپل سے ملاقات کی۔

اس دوران ضلع قصور کے ذمہ دار محمد سہیل عطاری نے پرنسپل کو دعوت اسلامی اور اسپیشل پرسنز کا تعارف کرواتے ہوئے 27نیک اعمال والا رسالہ دکھایا جس پر انہوں نے اظہار مسرت کیا۔بعدازاں ذمہ دار نے پرنسپل کو اسپیشل پرسنز دعوت اسلامی کی ایپلیکیشن ڈاؤن لوڈ بھی کروائی۔(رپورٹ:محمد سمیر ہاشمی عطاری اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ ،کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ داراسلامی بھائیوں نے اسپیشل پرسنز(گونگے اوربہرے اسلامی بھائیوں) کے ہمراہ صوبۂ سندھ کے شہر حیدرآباد لطیف آباد نمبر 4 کی ایک مسجد میں رات اعتکاف کیا۔

اس موقع پر ڈویژن ذمہ دار اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ وقار حسین عطاری نے اسپیشل پرسنز کے درمیان سیکھنے سکھانے کا حلقہ لگایا جس میں انہوں نے اشاروں کی زبان میں نماز کی پابندی کے حوالے سے سنتوں بھرا بیان کیا۔(رپورٹ:محمد سمیر ہاشمی عطاری اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ ،کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


گزشتہ دنوں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام اسپیشل پرسنز کے صوبۂ پنجاب ذمہ دار سیّد عمیر ہاشمی عطاری اور پنجاب اسپیشل ایجوکیشن ذمہ دار حافظ محمد یاسر عطاری نے دینی کاموں کے سلسلے میں اسپیشل ایجوکیشن سینٹر چک جھمرہ کاوزٹ کیا۔

اس دوران ذمہ داران نے ٹیچرز اور اسٹوڈنٹس سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کا تعارف پیش کیا جس پر انہوں نے دعوتِ اسلامی کی کاوشوں کو سراہا۔

اس کے علاوہ ذمہ داران نے وہاں موجود اسٹوڈنٹس کے درمیان اشاروں کی زبان میں سیکھنے سکھانے کا حلقہ لگایا۔ بعدازاں اسٹوڈنٹس کو مکتبۃ المدینہ سے شائع ہونے والا رسالہ’’آئیے وضو کریں‘‘ تحفے میں دیا گیا۔(رپورٹ:محمد سمیر ہاشمی عطاری اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ ،کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


24 فروری 2022 ءبروز جمعرات میرپورخاص مدنی مرکز فیضان مدینہ میں رابطہ برائے ایگریکلچر و لائیو اسٹاک کا مدنی مشورہ ہوا جس میں صوبائی ذمہ دار و ڈویژن ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے شرکت کی ۔

مدنی مشورے کا آغاز کلام پاک سے ہوا ، ڈسٹرکٹ میرپورخاص کے ذمہ دار ندیم رضا مدنی نے شعبے کے تحت ذمہ داران سے ملاقات کرنے کا ذہن دیا نیز رمضان عطیات کےبارے میں مدنی پھول عطا فرمائے اور شعبے کی کارگردگی بہتر کرنے کے حوالے سے بھی بیان کیا ۔ (رپورٹ: ندیم رضا مدنی ایگریکلچر و لائیو اسٹاک ڈسٹرکٹ ذمہ دار ، کانٹینٹ: محمد مصطفی انیس)


اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ دعوت اسلامی کے تحت  ڈویژن گوجرانوالہ سے اسپیشل پرسنز (گونگے اور بہرے اسلامی بھائیوں) کا مدنی قافلہ گجرات کی طرف روانہ ہوا۔

دورانِ مدنی قافلہ اسپیشل پرسنز کی تربیت کے لئے سنتیں و آداب سکھانے کا سلسلہ رہا۔اس مدنی قافلے میں اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے گوجرانوالہ ڈویژن ذمہ دار احسان عطاری اور ڈسٹرکٹ گوجرانوالہ ذمہ دار وقاص عطاری نے بھی شرکت کی۔(رپورٹ:محمد سمیر ہاشمی عطاری اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ ،کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


24 فروری 2022 ء کو میر پور خاص میں شعبہ اسپیشل پرسنز کا مدنی مشورہ ہوا جس میں  ڈویژن شعبہ ذمہ دار ڈسٹرکٹ و کابینہ ذمہ داران اور شعبہ رابطہ بالعلماء کے اسلامی بھائیوں نے شرکت کی ۔

سرکاری ڈویژن نگران حافظ زین عطاری نے شعبہ رابطہ بالعلماء کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور آئندہ کے اہداف طے کئے ۔(رپورٹ: شایان عطاری آفس ذمہ دار ڈویزن نگران ، کانٹینٹ : محمد مصطفی انیس)


پچھلے دنوں پنجاب پاکستان کے شہر فیصل آباد میں قائم مدنی مرکز فیضان مدینہ میں دعوت اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن ونگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے شعبہ مکتبۃ المدینہ کے ذمہ داراسلامی بھائیوں کا مدنی مشورہ کیا جس میں پاکستان مشاورت کے اراکین، نگرانِ شعبہ وصوبائی ذمہ داران سمیت دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

نگرانِ پاکستان مشاورت نے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں مکتبۃالمدینہ کی آنے والی نئی کُتُب ورسائل کے حوالے سے بریف کیا خصوصی طور پر فیضان ڈیجیٹل قراٰن پین کا تعارف کروایا گیا۔

الحمدللہ مکتبۃ المدینہ دعوتِ اسلامی پیش کر رہاہے فیضان ڈیجیٹل قراٰن پین جس میں تلاوتِ قراٰن ِ پاک، نعت و بیان، آڈیو رسائل اور امیر اہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ کے مدنی مذاکروں کے ساتھ بچوں کے لئے اسلامک قصے شامل ہیں۔

واضح رہے اس مدنی مشورے میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اراکین حاجی محمد امین عطاری اور حاجی فضیل رضا عطاری بھی موجود تھے۔(رپورٹ:عبدالخالق عطاری نیوز فالواپ ذمہ دار، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


پچھلے دنوں اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ  کے تحت راولپنڈی میں اسپیشل پرسنز کے ڈیف کلب کے افتتاح کے موقع پر اجتماع ہوا جس میں اسلام آباد سٹی ذمہ دار سلیمان عطاری نے بیان کیا اور قرآن خوانی ہوئی ساتھ ہی اشاروں کی زبان میں دعا بھی کروائی ۔(رپورٹ: محمد سمیر ہاشمی عطاری ،کانٹینٹ: محمد مصطفی انیس)


خطیبِ پاکستان، واعظِ شیریں بیان، مشفق و محبِ دعوتِ اسلامی حضرت مولانا حافظ محمد شفیع اوکاڑوی رحمۃُ اللہِ علیہ کا  39واں سالانہ عرس 17اور 18فروری2022ء کو نہایت مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔

عرسِ پاک کا مرکزی اجتماع جامع مسجد گلزار حبیب ، گلستان اوکاڑوی (سولجر بازار) میں ہوا جہاں دعوتِ اسلامی کے کئی ذمہ داران اور دیگر اسلامی بھائیوں سمیت ملک و بیرون ملک سے علما و مشائخ اور عقیدت مند حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

عرسِ پاک میں علما و مشائخ اہل سنت اور ائمہ و خطبا نے اپنے خطابات میں حضرت کی حیات و خدمات، ذات و صفات اور دین و ملت اور ملک و قوم کے لئے ان کے مثالی کا رہائے نمایاں اور عشق رسول کے حوالے سے انہیں والہانہ خراج محبت وعقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ایصال ثواب کے لئے اجتماعی فاتحہ خوانی و دعا بھی کی۔

اس موقع پر آئیے محب دعوتِ اسلامی کی سیرت کے کچھ پہلؤوں کے بارے میں پڑھتے ہیں:

حضرت علامہ مولانا محمد شفیع اوکاڑوی رحمۃُ اللہِ علیہ کی حیات و خدمات

ولادت : خطیبِ پاکستان، واعظِ شیریں بیان حضرت مولانا حافظ محمد شفیع اوکاڑوی بن شیخ کرم الٰہی رحمۃُ اللہِ علیہ کی ولادت 1348ھ/1929ء کو کھیم کرن، مشرقی پنجاب (ہند) میں ہوئی۔آپ رحمۃُ اللہِ علیہ1947 ء میں قیام پاکستان کے موقع پر ہجرت کرکے اوکاڑہ آئے۔

بیعت و ارادت: آپ نے شیخ المشائخ حضرت پیر میاں غلام اللہ شرقپوری رحمۃُ اللہِ علیہ کے ہاتھ پر بیعت کی اور ان کے فُیوض وبرکات سے مستفیض ہوئے ۔

تعلیم وتربیت: شیخ الحدیث والتفسیر حضرت مولانا غلام علی اشرفی اوکاڑوی رحمۃ اللہ علیہ اور غزالیٔ دوراں حضرت علامہ سید احمد سعیدکاظمی شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے علوم دینیہ حاصل کئے اور اسناد حاصل کیں ْ

مختلف خدمات دینیہ: ٭برلا ہائی اسکول اوکاڑہ میں دینیات کے ٹیچر رہے۔ ٭1955ء میں کراچی تشریف لائے اور کراچی کی مرکزی میمن مسجد (بولٹن مارکیٹ) میں امامت و خطابت کے فرائض سرانجام دئیے، میمن مسجد کی امامت و خطابت کے بعد تقریباً تین برس جامع مسجد عیدگاہ میدان اور سَوا دو سال جامع مسجد آرام باغ اور بارہ برس نور مسجد نزد جوبلی مارکٹ میں بلامعاوضہ خطابت کے فرائض انجام دیتے رہے اور نماز جمعہ پڑھاتے رہے۔ ان تمام مساجد میں تفسیرِ قراٰن کا درس دیتے رہے اور مجموعی طور پر تقریباً نو پاروں کی تفسیر بیان کی۔٭تین ہزار سے زائد افراد نے آپ کے ہاتھوں اسلام قبول کیا۔ ٭1964ء میں، پی ای سی ایچ سوسائٹی کراچی میں مسجد غوثیہ ٹرسٹ سے ملحق ایک دینی درس گاہ دار العلوم حنفیہ غوثیہ قائم کی۔

خطابت: آپ مسلسل 40سال تک تقاریر فرماتے رہے ہیں۔ آپ کی علمی استعداد ،حُسنِ بیان، خوش الحانی اور شانِ خطابت نہایت منفرد اور ہر دل عزیز تھی۔ ماہِ محرم کی شبِ عاشورہ میں آپ کا خطاب امتیازی حیثیت کا حامل ہوتا تھا۔

راہِ خدا میں سفر: آپ نے دینِ متین کی خدمت کے لئے شرقِ اوسط، خلیج کی ریاستوں، ہند، فلسطین، جنوبی افریقہ اور ماریشس سمیت کئی ممالک کے سفر کئے۔

تصنیفی خدمات: آپ نے وعظ و بیان کے ساتھ ساتھ تحریروتصنیف کے ذریعے بھی خدمت دین کی، آپ کی تصانیف میں ذکرِ جمیل،ذکرِ حسین، راہِ حق،درسِ توحید،شامِ کربلا، امام پاک اور یزید پلید، برکاتِ میلاد شریف، مسلمان خاتون، انوارِ رسالت سمیت کئی کتب شامل ہیں۔

قاتلانہ حملہ: 16اکتوبر 1962ء میں کراچی کے علاقہ کھڈا مارکیٹ میں دَورانِ تقریر مخالفین نے آپ پر چُھریوں اور چاقوؤں سے قاتلانہ حملہ کِیا جس کے سبب آپ شدید زخمی ہوئے اور کئی دن تک کراچی کے سِوِل اسپتال میں زیرِ علاج رہے۔ لیکن آپ نے حملہ آوروں کو معاف کردیا۔

دعوتِ اسلامی سے اُلفت ومحبت: 1401ھ میں دعوتِ اسلامی کا آغاز ہوا، اس وقت ایک سوال پیشِ نظر تھا کہ ہفتہ وار سنّتوں بھرا اجتماع کہاں کیا جائے؟ چنانچہ اسی سلسلہ میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت برکاتھم العالیہ نے خطیبِ پاکستان، حضرت علامہ مولانا محمد شفیع اوکاڑوی رحمۃُ اللہِ علیہسے ملاقات کی اور صورتِ حال بیان کی۔ آپ دعوتِ اسلامی کے بارے میں سن کر بہت خوش ہوئے اور اپنے دستخط کيساتھ دعوتِ اسلامی کیلئے تائیدی لیٹر جاری فرمایا۔ امیر اہلِ سنّت دامت برکاتہم العالیہ اس حوالے سے لکھتے ہیں کہ” آپ کی مسلکِ اہلِسنّت سے مَحَبَّت صد کروڑ مرحبا!بے مانگے بابُ المدینہ کے قَلْب میں واقِع اپنی زیرِ تَو لِیَت جامِع مسجِد گلزارِ حبیب (واقِع گلستانِ اوکاڑوی کراچی)میں ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتماع کی اجازت کی سعادت عنایت فرمائی ۔ چُنانچِہ دعوتِ اسلامی کا اوّلین مَدَنی مرکزجامِع مسجِد گلزارِ حبیب بنا۔اُن کی حِینِ حیات اور بعدِوَفات ہم نے برسوں تک وہاں ہفتہ وا ر سُنّتوں بھر ا اِجتماع کیا ۔ عاشِقانِ رسول کی تعداد میں روز افزوں اضافہ ہوتا رہا یہاں تک کہ جامِع مسجد گلزارِ حبیب اجتماع کے لئے ناکا فی ہوگئی ،اللہ عَزَّوَجَلَّ نے اسباب مُہَیّا کئے، سب اسلامی بھائیوں نے مل کرخوب بھاگ دوڑ کی، کم و بیش سوا دو کروڑ پاکستانی روپے کا چندہ اکٹّھاکیا اور (پُرانی)سبزی منڈی کے پاس بابُ المد ینہ کراچی میں تقریباً 10 ہزارگز کا پلاٹ خریدا اور پھر مزید کروڑوں روپے کے چندے سے عظیمُ الشّان عالَمی مَدَنی مرکز فیضانِ مدینہ قائم کیا گیا جس میں شاندار مسجد ،مَدَنی کاموں کیلئے مُتَعَدَّدمَکاتِب اور جامِعۃُ المدینہ کی عالی شان عمارت کے ذَرِیعے لاکھوں مسلمان فیضانِ مدینہ لوٹ رہے ہیں۔(آدابِ طعام،ص445)

وفات: 20 اپریل 1984ء کو آخری خطاب جامع مسجد گلزار حبیب میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے کیا۔ اسی شب تیسری بار دل کا شدید دَورہ پڑا اور قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کراچی میں داخل ہوئے۔ تین دن بعدمنگل، 21 رجب المرجب 1404 ھ مطابق 24 اپریل 1984ء کی صبح 55 برس کی عمر میں اذانِ فجر کے بعد دُرود و سلام پڑھتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جاملے ۔

25 اپریل کو نشتر پارک، کراچی میں علامہ سید احمد سعید کاظمی شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی امامت میں ظہر کی نماز کے بعد کثیر افراد نے آپ کی نمازِ جنازہ ادا کی۔ آپ کا مزارمبارک گلستانِ اوکاڑوی سولجر بازار کراچی میں واقع مسجد گلزارِ حبیب سے متصل ہے۔ آپ کا عرس ہرسال 21رجب المرجب کو منعقد ہوتاہے۔(ماخوذ از: خطیب پاکستان ، ص 9 تا 15)


گزشتہ روز 24 فروری 2022ء کو دعوت اسلامی کے اسلامک ریسرچ سینٹر ”المدینۃ العلمیہ “ کے زیر اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ٹریننگ سیشن کا سلسلہ ہوا جس میں المدینۃ العلمیہ کراچی کے علمائے کرام شریک ہوئے جبکہ فیصل آباد اور ہند میں قائم المدینۃ المدینہ کی برانچز کے اسلامی بھائیوں نے بذریعہ انٹرنیٹ اس سیشن میں شرکت کی۔

سیشن میں دو لیکچرز ہوئے، پہلا لیکچر چیف ایڈیٹر ماہنامہ فیضان مدینہ ابو رجب مولانا آصف عطاری مدنی نے Improve your skillsکے عنوان پر دیا جس میں انہوں نے کہا کہ کبھی بھی اپنی موجودہ اسکلز پر فُل اسٹاپ نہ لگائیں بلکہ اپنی صلاحیتوں کو ہمیشہ پروان چڑھاتے رہیں ترقی کے زینے طے ہوتے چلے جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عروج کو پالینا کمال نہیں بلکہ اسے برقرار رکھنا کمال ہوتا ہے، اس لئے ضروری نہیں کہ صرف ترقی کرنے کے لئے ہی اسٹرگل کی جائے بلکہ زوال سے بچنے کے لئے بھی اسٹرگل اور کوشش کرنا بہت ضروری ہے۔

چیف ایڈیٹر ماہنامہ فیضان مدینہ کے لیکچر کے بعد ڈائریکٹر حدیث ڈیپارٹمنٹ مولانا عدنان چشتی عطاری مدنی نے” کتاب میں حدیث نقل کرنے کی چند احتیاطیں“ کے موضوع پر نہایت شاندار لیکچر دیا۔

اسکالرز سے بات کرتے ہوئے مولانا عدنان چشتی عطاری مدنی نے کہا کہ کسی بھی کتاب میں حدیث لکھتے وقت حتی الامکان صحاح ستہ کو ترجیح دیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ روایات ذکر کرتے وقت ان کی مقدار کے بجائے معیار کو مدِّنظر رکھیں گے تو آپ کی کتاب مستند سے مستند ترین ہوتی چلی جائے گی۔

اس ٹریننگ سیشن میں نگران مجلس المدینۃ العلمیہ مولانا محمد آصف خان عطاری مدنی اور تمام شعبہ ذمہ داران بھی موجود تھے۔

ٹریننگ سیشن میں موجود المدینۃ العلمیہ کے ایک اسکالر مولاناعبداللہ نعیم صدیقی عطاری مدنی نےاس ٹریننگ سیشن کے حوالے سے اپنے خوشگوار تاثرات قلمبند کئے ہیں جسے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کرکے ملاحظہ فرمائیے ۔

https://news.dawateislami.net/ilmia-training-session-24feb022-t


انسان کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو ابھارنے، نکھارنے اور پختہ کرنے کا بہترین ذریعہ تربیت ہے! دین ِاسلام حیات انسانی کے ہر شعبے میں مکمل راہ نمائی فراہم کرنے اور باضابطہ تربیت کرنے کا علمبردار ہے۔ یہاں میں دعوت و ارشاد کے موضوع پر اپنی زیر ترتیب کتاب کی ایک بات عرض کرتا چلوں: جو کام باقاعدہ سیکھ کر، مکمل تیاری اور مشق کے بعد کیا جائے وہ اس کام کے مقابلے میں بہترین ہوتا ہے جو ان مراحل سے گزرے بغیر انجام پائے!

دعوتِ اسلامی دین کی اس اہم ترین ہدایت کو جس خوبصورتی سے تھامے ہوئے ہے وہ اپنی مثال آپ ہے؛ ”مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے۔“ کا نعرہ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

دعوتِ اسلامی کی اس خصوصیت سے جس شخص کو سب سے زیادہ فیض یاب ہونے کا موقع میسر آتا ہے وہ اس کے امپلائیز ہیں؛ گاہ بہ گاہ ان کی تربیت کا سلسلہ جاری رہتا ہے جو بہترین کار کردگی کا باعث بھی بنتا ہے۔ جی ہاں! دنیا بھر میں منظم طریقے سے دین کی خدمات انجام دینے والی اس تحریک کی کامیابی کے پیچھے ”اس کا اپنے امپلائیز کی تربیت کا نظام ہے!“

یہ چند سطور لکھنے پر جس جذبے نے مجھے ابھارا اور میں نماز ظہر کے بعد صرف 15 منٹ کے مختصر وقت میں ان کا اظہار کررہا ہوں وہ ریسرچ اسکالرز کی آج ہونے والی دو گھنٹے کی تربیتی نشست ہے جو المدینۃ العلمیہ کےریسرچ اینڈڈیویلیپمنٹ کےتحت منعقد ہوئی۔

جو موتی اور جواہر میں چُن سکا اس انتہائی مختصر وقت میں ان سب کا ذکر کرنا ممکن نہیں اور وقفے کے بعد اس پر لکھنے کا وقت نہیں لہذا سر دست جتنا لکھ سکتا ہوں اپنے الفاظ اور معمولی اضافے کے ساتھ پیش خدمت ہے:

پہلا لیکچر : اسلامک ریسرچ اسکالر استاذ العلما مولانا ابو رجب محمد آصف مدنی دام ظلہ

_ ہمیشہ اپنی صلاحیتوں کو پروان چڑھاتے رہیے ترقی کے زینے طے ہوتے چلے جائیں گےاور کبھی بھی اپنی موجودہ اسکلز پر انحصار کرکے جامد مت بنیئے۔

اضافہ: استاذ محترم کی اس بات پر مجھے اپنی مذکورہ کتاب میں شامل جملہ یاد آیا ملاحظہ کیجیے:

1- دنیا میں ثبات صرف تغیر کو حاصل ہے؛ اگر آپ ترقی نہیں کررہے تو پھر تنزلی کی طرف جارہے ہوں گے!

_ اسٹرگل کیجیے: آگے بڑھنے کی ہمیشہ کوشش کرتے رہیے اور ہر کام باقاعدہ سیکھ کر کیجیے کہ بائیک چلانے والے دو قسم کے ہوتے ہیں ایک وہ جو بغیر سیکھے سڑک پر آجاتے ہیں ؛ ایسوں سے کیا بعید کہ وہ بائیک کے تیسرے یا چوتھے گیر میں پورا کراچی گھوم آئیں! دوسرے وہ جو باقاعدہ سیکھ کر گاڑی چلاتے ہیں؛ یقینا ً یہ قابل ستائش ہیں۔

اضافہ: اسکلز کے تناظر میں میرا ذہن اپنے اس زمانے کی طرف منتقل ہوگیا تھا جب مجھے کمپیوٹر کی کچھ سدھ بدھ نہیں تھی اور میرے ذمہ دار نے مجھے زِپ فولڈر میں کام کے لیے چند فائلز دیں اور میں نے اس کو اَن زِپ کیے بغیر ہی کام شروع کردیا کچھ دیر بعد ایک فائل چیک کروائی گئی تو کچھ بھی محفوظ نہیں تھا ! ظاہر ہے زِپ فولڈر میں موجود فائلز میں کچھ بھی محفوظ نہیں ہوتا اسے پہلے اَن زِپ کرنا ہوگا۔۔۔

یقین کیجیے یہی صورت حال میرے زیرِ تربیت ایک اسکالر کے ساتھ پیش آئی؛ انہیں بھی میں بتانا بھول گیا تھا ! یہاں سے مجھے ہر کام باقاعدہ سیکھ کر کرنے کا ایسا شوق پیدا ہوا کہ اب میرا کوئی کام بغیر تربیت لیے نہیں ہوتا الحمد للہ۔

_ ذمہ داری لینے کا حوصلہ پید کیجیے! جو دس سال پہلے جہاں تھا اگر وہ آج بھی وہی ہے تو اس کی محنت ضائع ہی ہوئی ہے کیونکہ اس نے جتنی محنت اسی جگہ برقرار رہنے پر کی اگر وہ یہی توانائی آگے بڑھنے پر لگادیتا تو یقیناً مفت میں اس منصب کو برقرار رکھتا بلکہ اس سے اوپر والے منصب کا حق دار قرار پاتا ۔

اضافہ: یہ سن کر مجھے صبح ہی پڑھے ہوئے مضمون کا ایک پیرا یاد آگیا ملاحظہ کیجیے:

آپ اگر بغور جائزہ لیں تو آپ کو ایسے مختلف ادارے اور افراد نظر آجائیں گے جو کافی عرصہ گزرجانے کے باوجودبھی ترقی نہیں کرپارہے ۔فرد کی ترقی نہ کرنے کی وجہ یہ ہے کہ وہ جس ادارے میں ایک عرصے سے کام کررہا ہوتا ہے اسی طویل عرصے کو ذہن میں رکھ کر وہ خودکو’’بڑا‘‘سمجھتا ہے ۔اس سوچ کی وجہ سے وہ مزید سیکھتا نہیں اورکئی سال گزرنے کے باوجود بھی ترقی نہیں کرپاتا۔ وہ ہر شخص کے سامنے یہ احسان جتلاتاہے کہ میں نے اس ادارے کو 15سال دیے ہیں لیکن اس چیز کو نہیں دیکھتاکہ اس عرصے میں اس نے ادارے سے کافی سارے مراعات اور فوائد بھی حاصل کیے ہیں۔یہ سوچ اس کی اناکا وزن بڑھادیتی ہے اور اسی وجہ سے کام کے حوالے سے اس کا انرجی لیول بھی وہ نہیں رہتا جو نوکری کے پہلے دِن تھا،جبکہ اس کے برعکس جو شخص ہر دِن کو نیا دِن سمجھ کر کام پر آتا ہے تو اس کی انرجی کا لیول بھی اسی قدر زیادہ ہوتاہے۔لہٰذا اگر زندگی کو شاندار بنانا ہے تو آج کے دِن کی اہمیت سے انکار نہ کریں۔

دوسرا لیکچر: اسلامک ریسرچ اسکالر مولانا عدنان چشتی مدنی دام ظلہ

ابتدا ہی ایسے شاندار فرمان سے ہوئی کہ مزہ آگیا:

_ اپنے کانوں کو چھننی مت بناؤ۔ اس پر قبلہ لیکچرار کا تبصرہ جس رنگ اور جذبے سے معمور تھا وہ الفاظ میں نہیں سما سکتا ایک بات سنتے چلیے کہ جس طرح چھنّی آٹا چھانتے وقت قیمتی چیز گرادیتی ہے اور کچرا روک لیتی ہے اس طرح آپ اپنے کانوں کو چھننی والا کام مت کرنے دیں کہ کام کی چیزیں ضائع کردیں اور کچرا روکتے چلے جائیں۔

_ احادیث نقل کرنے میں حتَّی الامکان صحاح ستہ کو ترجیح دیں۔

_ صحاح کے علاوہ کسی اور کتاب سے تخریج کرتے وقت رواۃ پر جرح ضرور ملاحظہ فرمالیں اور صرف ایک امام کی جرح پر اکتفا نہ کریں بلکہ دیکھیں کسی اور نے اس پر کیا کلام کیا ہے ۔

حدیث ذکر کرنے کےبارے میں جو احتیاطیں بیان کی گئیں ان سب کا احاطہ چند سطروں میں ممکن نہیں ۔

اللہ کریم دعوت اسلامی کو ترقی و عروج نصیب فرمائے۔

24/02/202


ذہنی آزمائش سیزن 13 کا گرینڈ فائنل آج رات گجرات کے پرنس مارکی، جی، ٹی روڈ میں منعقد ہوگا

تفصیلات کے مطابق مدنی چینل کا مقبول عام سلسلہ ذہنی آزمائش سیزن 13کا سفر 25 دسمبر 2022ء سے جاری تھا جس میں پاکستان کے 16شہروں کی ٹیمیں مقابلے میں حصہ لے رہی تھیں۔شاندار مقابلے کے بعد آج رات گرینڈ فائنل ہونے جارہا ہےجس میں یہ فیصلہ ہوگا کہ سیزن 13 کا ٹائٹل کس ٹیم نے اپنے نام کرلیا۔ذہنی آزمائش سیزن 13 کے 25 دسمبر 2021ء سے 23 فروری 2022ء تک 30 Episode ہوچکے ہیں۔

آج رات سیزن 13 کا 31 واں اور آخری مقابلہ پاکستان کے شہر گجرات پرنس مار کی، جی، ٹی روڈ میں قائم ایک شادی ہال میں رات 9:15 بجے منعقد ہونے جارہا ہے۔ سیمی فائنل میں مقابلے بعدگرینڈ فائنل حافظ آباد اور فیصل آباد کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔ جیتنے والی ٹیم کو انعامات سے بھی نوازا جائے گا۔

گجرات میں ذہنی آزمائش سیزن 13 کے ہونےوالے گرینڈ فائنل میں وسیع و عریض جگہ پر عاشقان رسول کی بڑی تعداد کے لئے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ پروگرام موسم کی خرابی کے باعث گجرات ظہور الہی اسٹیڈیم سے پرنس مار کی، جی، ٹی روڈ میں قائم ایک شادی ہال میں منتقل کردیا گیاہے۔