الله پاک اور اس کے رسول ﷺ کے بعد دنیا کے تمام
رشتوں میں والدین کا رشتہ سب سے بلند ہے کیونکہ معاشرے میں انسان کو جن ہستیوں سے
سب سے زیادہ مدد،سرپرستی اور سہارا ملتا ہے وہ والدین ہیں والدین صرف اپنی اولاد
کی پیدائش کا ذریعہ نہیں ہیں بلکہ ان کی پرورش اور تربیت کے بھی ذمہ دار ہوتے ہیں الله
پاک قرآن کریم میں ارشاد فرماتا ہے: وَ وَصَّیْنَا
الْاِنْسَانَ بِوَالِدَیْهِ اِحْسٰنًاؕ-(پ 26، الاحقاف: 15) ترجمہ: اور
ہم نے انسان کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے والدین کے ساتھ اچھا سلوک کرے۔اس آیت میں الله
تعالیٰ نے آدمی کو اپنے ماں باپ کا فرمانبردار رہنے اور ان کے ساتھ نیک سلوک کرنے
کی تاکید فرمائی ہے۔
والدین کے 5 حقوق:
1۔ حضرت ابو ہریرہ رضی الله عنہ سے روایت ہے سرور
کائنات ﷺ نے تین مرتبہ فرمایا: اس کی ناک خاک آلود ہو مزید خاک آلود ہو، مزید خاک
آلود ہو، کسی نے پوچھا: یا رسول الله ﷺ کون؟ ارشاد فرمایا: جس نے ماں باپ دونوں کو
یا ان میں سے ایک کو بڑھاپے میں پایا اور جنت میں داخل نہ ہوا۔ (مسلم، ص 1060،
حدیث: 6510)
2۔ حضرت ابو عبد الرحمٰن عبد الله بن مسعود رضی الله
عنہ بیان کرتے ہیں میں نے نبی کریم ﷺ سے دریافت کیا الله تعالیٰ کے نزدیک کون سا
عمل زیادہ محبوب ہے؟ آپ نے فرمایا نماز کو وقت پر ادا کرنا، میں نے عرض کی:پھر کون
سا؟ آپ نے فرمایا: والدین کے ساتھ اچھا سلوک کرنا، میں نے عرض کی: پھر کون سا؟ آپ نے
فرمایا: جہاد کرنا۔ (بخاری، 4/93، حدیث:5970)
3۔ حضرت ابو ہریرہ رضی الله عنہ بیان کرتے ہیں: نبی
کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: کوئی بھی بیٹا باپ کا حق ادا نہیں کر سکتا ماسوائے اس کے
کہ وہ باپ کو غلام پائے اور اسے خرید کر آزاد کر دے ۔ (مسلم، ص 624، حدیث:3799)
4۔ حضرت ابو ہریرہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ ایک
شخص نے نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کی میرے اچھے سلوک کا زیادہ حقدار
کون ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: تمہاری ماں اس نے کہا پھر کون؟ آپ ﷺ نے فرمایا: تمہاری
ماں اس نے پوچھا پھر کون؟ آپ ﷺ فرمایا: تمہاری ماں اس نے کہا پھر کون ؟ (چوتھی
بار) آپ ﷺ نے فرمایا: تمہارا باپ۔ (بخاری، 4/93، حدیث:5971)
5۔ ایک روایت میں ہے نبی کریم ﷺ کا فرمان عظمت نشان
ہے: والدین کے ساتھ بھلائی کرنا، نماز، صدقہ، روزہ، حج، عمرہ اور راہ خدا میں جہاد
کرنے سے افضل ہے۔
ان احادیث مبارکہ سے معلوم ہوا کہ والدین کا مقام انتہائی
بلند ہے اور والدین کے ساتھ احسان یہ ہے کہ والدین کا ادب اور اطاعت کرے، والدین
کی نافرمانی سے بچے، ہر وقت ان کی خدمت کے لئے تیار رہے اور ان پر خرچ کرنے میں
بقدر توفیق و استطاعت کمی نہ کرے۔
الله رب العزت سے دعا ہے کہ ہمیں والدین کے ساتھ
اچھے سے اچھا سلوک کرنے ان کی خوب خوب خدمت بجا لانے کی توفیق عطا فرمائے اور انکا
سایہ تاقیامت ہمارے سروں پر قائم و دائم رکھے۔ آمین