مولا سے اپنے
ملتا ہے بندہ نمازمیں
اُٹھ جاتا ہے
جُدائی کا پردہ نمازمیں
نماز وہ عبادت ہےجو معبودِ برحق ، خالقِ
حقیقی ، ہمارے رب عزوجل کی خوشنودی کا
سبب ہے، کل بروزِ قیامت ہم گنہگاروں کی شفاعت فرمانے والےمکی مدنی آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے، دین کا سُتون ہے، اندھیری
قبر کا چراغ ہے، عذابِِ قبرسے بچانے کا سبب ہے ، قبر کے اندھیرے کی ساتھی ہے ، قیامت
کی دُھوپ میں سایہ ہے، پُل صراط پر نور ہے ، جنت کی کُنجی ہے ، بلاشبہ
نماز سے گناہ معاف ہوتے ہیں ، نماز بے حیائی اور بُرے کاموں سے بچاتی ہے ، اور
نمازمؤمن کی معراج ہے اور نمازی کے لئے سب سے بڑی نعمت یہ ہے کہ اُسے بروز قیامت اللہ پاک کا دیدار ہوگا۔
نماز کے یہ تمام فضائل اُس وقت ہی حاصل ہونگے، جب کہ نماز کو تمام
فرائض وواجِبات کے ساتھ ادا کیا جائے، لہٰذا اگر نماز میں کوئی فرض رہ جائے تو
نماز لوٹانا فرض ہے، لیکن اگرنماز میں کوئی واجب غلطی سے چھوٹ جائے یا کوئی ایسا
فعل زیادہ ہو جائے جو نماز کی جنس سے ہو، مگر اُس وقت شامل نہ ہو تو اس سے "سجدہ
سہو" واجب ہو جاتا ہے، یعنی قعدہ اَخیرہ میں تشہّد (التحیّات) کے بعد سیدھی
جانب سلام پھیر کر سہو کے دو سجدے ادا کرنے سے واجب کی تلافی ہو جاتی ہے، اگرچہ زیادہ
واجب غلطی سے چھوٹ جائیں، سجدہ سہو ادا کرنے سے نماز لوٹانی نہیں پڑتی۔
"علم حاصل کرو" کے
10 حروف کی نسبت سے سجدہ سہو واجب ہونے کی 10 صورتیں:
1۔الحمد(سورہ فاتحہ) کا ایک لفظ بھی رہ جانے کی صورت میں۔
2۔سورۃ پہلے پڑھنے اور الحمد (سورہ فاتحہ) بعد میں پڑھنے کی صورت میں۔
3۔تعدیلِ ارکان(مثلًا رکوع کے بعد ایک
بار"سبحٰن
اللہ" کہنے کی مقدار سیدھا
کھڑا ہونا یا دو سجدوں کے درمیان ایک بار سبحٰن اللہ کہنے کی مقدار سیدھا بیٹھنا)بھولنے کی صورت
میں۔
4۔فرض و وتر و سنتِ رواتب(مؤکدہ) میں قعدہ
اولٰی میں تشہّد کے بعد بھولے سے "اَللّٰھمَّ صَلِّ عَلٰی مُحمَّدِِ یااَللّٰھُمَّ
صَلِّ علٰی سیّدِنا" پڑھنے
کی صورت میں۔
5۔تکبیرِ قُنوت بھولنے کی صورت میں۔
6۔دعائے قُنوت بھولنے کی صورت میں۔
7۔ قعدہ اولٰی بھول جانے کی صورت میں۔
8۔کسی قعدہ میں تشہّد کا کوئی حصّہ بُھول
جانے کی صورت میں۔
9۔ قراءَت وغیرہ کسی موقع پرسوچنے میں تین
مرتبہ "سبحٰن
اللہ" کہنے کا وقفہ گزر
جانے کی صورت میں۔
10۔ ایک رکعت میں تین سجدے یا دو رُکوع کرنے
کی صورت میں۔
ان تمام صورتوں میں سجدہ سہو واجب ہو جاتا ہے،
اگر سجدہ سہو نہ کیا تو نمازلوٹانا واجب ہے۔
اللہ پاک ہمیں نماز کو اسکے تمام آداب ،فرائض و
واجبات، سنن و مستحبات اور خشوع و خضوع کے ساتھ پڑھنے کی سعادت نصیب فرمائے۔آمین بِجِاہ النَّبیِ
الاَمین