معاشرے کے افراد کی اصلاح و تربیت ایک بہت ضروری امر ہے اور معاشرے کے افراد کا حُسنِ اخلاق اور طرزِ زندگی تب ہی ‏صحیح ہو گا کہ جب ان کی تربیت و اصلاح صحیح انداز میں ہوئی ہو اسی تربیت و اصلاح کے لئے اللہ پاک نے پچھلی امتوں میں انبیائے ‏کرام کو مبعوث فرمایا اور اس امت کے لئے نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو مبعوث فرمایا تا کہ اس امت کی بھی تربیت و اصلاح ہو ‏سکے۔ زندگی کا کوئی ایسا پہلو نہیں کہ جس ‏ پر نبیِّ کریم علیہ السّلام نے تربیت و اصلاح نہ فرمائی ہو۔

قارئینِ کرام! کائنات کے سب سے کامیاب ترین معلّم و مربّی کی تربیت کا طریقہ مختلف انداز میں ہوتا تھا انہی طریقوں ‏میں سے ‏ایک طریقہ یہ بھی تھا کہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم چار چیزوں کا ذکر کرکے مختلف موضوعات پر معاشرے کی تربیت فرماتے:‏

آئیے! چند ایسے ارشادات ملاحظہ فرمائیں جن میں چار چیزوں کو بیان کرکے تربیت فرمائی:‏

‏(1)منافق کی چار خصلتیں: نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: چار خصلتیں ایسی ہیں کہ جس شخص میں بھی وہ ہوں گی وہ ‏پکا منافق ہوگا۔ یا ان چار میں سے اگر ایک خصلت بھی اس میں ہے تو اس میں نفاق کی ایک خصلت ہے۔ یہاں تک کہ وہ اسے چھوڑ ‏دے۔ (1)جب امانت دی جائے تو خیانت کرے (2)جب بات کرے تو جھوٹ بولے(3)جب وعدہ کرے تو وعدہ خلافی کرے ‏‏(4)جب لڑے تو گالیاں بکے۔(بخاری،1/25، حدیث: 34)‏

‏(2)چار اشخاص اللہ کی ناراضی میں: رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: چار قسم کے لوگ صبح و شام اللہ پاک کی ناراضی ‏اور غضب میں رہتے ہیں: پوچھا گیا وہ کون ہیں؟ آپ علیہ السّلام نے فرمایا: ‏‏(1)وہ مرد ہیں جو عورتوں کی شکل اختیار کرتے ہیں (2)وہ ‏عورتیں جو مَردوں کی شکل اختیار کرتی ہیں (3)وہ شخص جو جانوروں سے جماع کرتا ہے اور (4)وہ جو مَردوں سے جماع کرتا ‏ہے۔(شعب الایمان،4/365، حدیث: 5285)‏

‏(3)چار اشخاص پر اللہ کا غضب:‏ اللہ پاک کے آخری نبی مکی مدنی، محمدِ عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: چار اشخاص ایسے ‏ہیں جن پر اللہ پاک کا غضب ہے: (1)قسمیں اُٹھا اٹھا کر سودا بیچنے والا (2)تکبر کرنے والا فقیر (3)بوڑھا زانی (4)ظالم ‏حکمران۔(شعب الایمان،4/220، حدیث: 4853)‏

‏(4)حرمت والے مہینے:‏ نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: سال بارہ مہینوں کا ہوتا ہے، چار مہینے اس میں سے حرمت ‏کے ہیں تین تو پے در پے ہیں ذو القعدہ، ذوالحجہ، محرم اور (چوتھا) رجب جو جُمادَی الاُخریٰ اور شعبان کے بیچ میں آتا ہے۔‏(دیکھئے: بخاری، ‏‏4/235، حدیث: 4662)‏

اللہ پاک ہمیں نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے فرامین پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتَمِ النّبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ ‏وسلَّم