2۔مؤلف:  آصف بلال عطاری مدنی (مرکزی جامعۃ المدینہ فیضان مدینہ گوجرانوالہ )

قربا‌نی دین اسلام کی عبادات مالیہ میں سے ایک اہم عبادت ہے ، جو ہر مالک نصاب پر واجب اور ضروری ہے ۔قربانی کے فضائل و مناقب میں بے شمار احادیث کریمہ موجود ہیں، جس سے قربانی کی اہمیت و فضیلت ظاہر ہوتی ہے۔

قربانی کے دینی فوائد تو بے شمار ہیں، دینی فوائد کے ساتھ ساتھ دنیاوی فوائد سے بھی خالی نہیں ، اگر اس کے دنیوی فوائد پر غور کیا جائے تو عقلیں حیرت زدہ رہ جاتی ہیں کیوں کہ اسلام کا کوئی بھی فعل یا عمل دینی و دنیاوی فوائد سے خالی نہیں ہے ۔

قربانی کےدنیاوی فوائد:

1) ) قربانی ہمیں بھائی چارگی اور اخوت کا پیغام دیتی ہے ، قربانی ایک دوست کو دوسرے دوست سے ، ایک رشتے دار کو دوسرے رشتے دار سے ، ایک امیر کو ایک غریب سے ملانے کا سبب ہے ، کیونکہ بعض دفعہ مصروفیات کی وجہ سے لوگ ایک دوسرے سے مل نہیں پاتےلیکن جونہی قربانی کا وقت ہوتا ہے اپنے اپنے جانوروں کو راہ خدا میں ذبح کر دیتے ہیں ، تو وہی دوست اپنے دوست کے یہاں گوشت لے کر پہنچ جاتا ہے جس سے ایک دوسرے کے اندر اخوت اور بھائی چارگی پیدا ہوتی ہے ۔ اور رشتے داروں سے بھی صلہ رحمی کرنے کا موقع ملتا ہے۔

2) )قربانی جہاں قربِ خدا حاصل کرنے کا ذریعہ ہے ، قربانی جہاں بھوکوں کا پیٹ بھرنے کا سبب ہے ، قربانی سے جہاں اخروی سعادت نصیب ہوتی ہے ، وہیں قربانی کا بڑا فائدہ یہ بھی ہے کہ یہ معاشی بحران سے نکالنے کا ایک سبب ہے ، قربانی سے ہزاروں کارو بار میں ترقی ہوتی ہے ، قربانی کے جانور کے چمڑے سے ہزاروں چیزیں بنائی جاتی ہے ، جس سے معیشت کو تقویت ملتی ہے ، مارکیٹ میں خرید و فروخت میں اضافہ ہوتا ہے جو معیشت کی بحالی کا سبب ہوتا ہے ۔

(3) قربانی کے جانور عام طور پر کاشت کار ،چرواہے اور ایسے لوگ پا لتے ہیں جن کے پاس کوئی مستقل ذریعہ آمدنی نہیں ہوتا، وہ سال بھر جانور کی پرورش کرتے ہیں۔ قربانی کے موقع پر وہ جانور گراں قیمت پر فروخت ہو جاتا ہے جس کے ذریعہ ان کی کچھ بنیادی ضرورتیں پوری ہو جاتی ہیں۔ جانوروں کا چارہ فروخت ہونے کی مد میں ہزاروں خاندانوں کا چولہا جل اٹھتا ہے۔

4) ) قربانی کے ذریعہ معاشرے میں خرید و فروخت اور تجارت کا ایک اہم سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔ جانوروں کی ایک جگہ سے دوسری جگہ آمد و رفت سے ذرائع نقل و حمل استعمال ہوتے ہیں۔ ضرورت مندوں کو مزدوری کا موقع ملتا ہے اور مختلف سرگرمیاں جیسے چارہ وغیرہ کی فراہمی میں اضافہ ہوتا ہے۔ذبح میں استعمال ہونے والے آلات واوزار کی خریدوفروخت کے سلسلے میں ہزاروں لوگوں کا کاروبار چمک جاتا ہے۔ اس طرح قربانی اپنے دینی فائدوں کے ساتھ بہت سے سماجی فائدے بھی لے کر آتی ہے ۔

5) ) قربانی کے ذریعے فضائی آلودگی اور پلوشن میں کمی واقع ہوتی ہے ، اگر قربانی میں جانور ذبح نہ ہو اور تمام جانور موجود ہوں تو ظاہر سی بات گوبر اور لید میں اضافہ ہوگا جس سے فضائی ماحول بھی متاثر ہوگا اور سانس لینے میں بھی دقت آئے گی۔