قرآن
پاک ایسی عظیم کتاب ہے، جو اپنی فصاحت و
بلاغت، اَسلوب، قصص اور
مثالوں میں یکتا ہے کہ اس جیسی کتاب کبھی
کوئی پیش کر سکا ہے نہ کر سکے گا، الغرض
ہر شعبہ زندگی کے مسائل کا حل اس میں موجود ہے، قرآن پاک کے فوائد اِسے یعنی قرآن
پاک کو سیکھنے، سکھانے سے ہی حاصل ہو سکتے
ہیں، اَحادیثِ مبارکہ میں قرآن پاک سکھانے
کے کثیر فضائل وارد ہوئے ہیں:
بہترین شخص کون ہے:نبی مکرم، نورِ مجسم، رسولِ اکرم، شہنشاہِ بنی آدم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمانِ معظم ہے:"تم
میں سے بہترین شخص وہ ہے، جس نے قرآن سیکھا
اور دوسروں کو سکھایا۔" (تلاوت کی فضیلت، ص4)
حضرت
سیّدنا ابو عبدالرحمن سُلَمی رضی اللہُ
عنہ مسجد میں قرآنِ پاک پڑھایا کرتے اور فرماتے:" اِسی
حدیثِ مبارک نے مُجھے یہاں بٹھا رکھا ہے۔" (تلاوت کی فضیلت، ص5)
قرآن شفاعت کرے گا:حضرت سیّدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسولِ اکرم، رحمتِ عالم، نورِ مجسم، شاہِ بنی آدم، رسولِ محتشم صلی اللہ علیہ
وسلم کا فرمانِ معظم ہے:"جس شخص نے قرآن پاک سیکھا اور
سکھایا اور جو کچھ قرآن پاک میں ہے، اُس
پر عمل کیا، قرآن پاک اس کی شفاعت کرے گا اور جنت میں لے جائے گا۔"(
تلاوت کی فضیلت، ص5)
قرآن پاک میں ایک
ایسی سورت ہے جو اپنے قاری کے لیے جھگڑا کرے گی: حضرت سیّدنا
انس رضی اللہ عنہ
سے روایت ہے کہ رحمتِ عالم، نورِ مجسم، رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:قرآن کریم میں
ایک سورت ہے، جو اپنے قاری کے بارے میں
جھگڑا کرے گی، یہاں تک کہ اسے جنت میں داخل کرا دے گی اور وہ یہی سورہ ملک ہے ۔( مدنی پنجسورہ، صفحہ نمبر83)
ایک آیت سکھانے کی فضیلت:حضرت سیدنا
انس رضی اللہ عنہ
سے روایت ہے کہ جس شخص نے قرآن مجید کی ایک
آیت یا دین کی کوئی سُنت سکھائی، قیامت کے
دن اللہ تعالیٰ اس کے لئے
ایسا ثواب تیار فرمائے گا کہ اِس سے بہتر ثواب کسی کے لئے بھی نہیں ہوگا۔ (تلاوت کی فضیلت، ص6)
اللہ تعالی قیامت تک
اجر بڑھاتا رہے گا:ایک حدیث شریف میں ہے:" جس شخص نے کتاب اللہ کی ایک آیت سکھائی یا علم کا ایک
باب سکھایا، اللہ عزوجل تا قِیامت اس کا اَجْر بڑھاتا رہے گا۔" (تلاوت کی فضیلت،
ص8)
دُگنا ثواب:ذوالنورین، جامع القرآن، حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ تاجدارِ مدینہ
منورہ، سلطانِ مکہ مکرمہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"جس نے
قرآن مُبین کی ایک آیت سکھائی، اس کے لئے
سیکھنے والے سے دُگنا ثواب ہے۔" (تلاوت کی فضیلت، ص7)
قیامت تک ثواب:حضرت سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ خاتم المرسلین، شفیع المذنبین، رحمۃ اللعالمین صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"جس نے
قرآنِ عظیم کی ایک آیت سکھائی، جب تک اس آیت
کی تلاوت ہوتی رہے گی، اُس کے لیے ثواب
جاری رہے گا۔"
مذکورہ
فرامین سے واضح ہوا کہ قرآن کریم سکھانے کے کتنے فضائل ہیں، لہذا ہمیں بھی چاہئے کہ خود قرآن پاک سیکھیں اور
دوسروں کو سکھائیں، قرآن کریم سیکھنے سکھانے کا ایک بہترین ذریعہ دعوتِ اسلامی کے
مدارسُ المدینہ ہیں۔
اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں قرآن کریم
سیکھنے سکھانے کی سعادت عطا فرمائے۔اٰم
ین