قرآن کریم اس ربِّ عظیم کا بے مثل کلام ہے،  جو اکیلا معبود، تنہا خالق اور ساری کائنات کا حقیقی مالک ہے، اللہ عزوجل نے جو عظمت و شان قرآن مجید کو عطا کی ہے، وہ کسی اور کلام کو حاصل نہیں، چنانچہ قرآن مجید کو پڑھانے کے بھی اَحادیثِ طیبہ میں کثیر فضائل آئے ہیں، چنانچہ حدیث مبارکہ میں آتا ہے:

عن عُثْمَانَ قَالَ رسول اللہ صلى الله عليه وسلم:خَیْرُکُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَ عَلَّمَہٗ۔

روایت ہے حضرت عثمان سے فرماتے ہیں، فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے:" تم میں سے بہتر وہ ہے ، جو قرآن سیکھے اور سکھائے۔"

شرح:

قرآن پاک سیکھنے اور سکھانے میں بہت وُسعت ہے، بچوں کو قرآن کے ہجے روزانہ سکھانا، قاریوں کا قرآن پاک کی تجوید سکھانا، علماءِ کرام کا قرآنی اَحکام حدیث وفقہ کےذریعے سکھانا، صوفیائے کرام کا اَسرار و رموزِ قرآن بسلسلہ طریقت سکھانا سب قرآن ہی کی تعلیم ہے۔

(مراۃ المناجیح، ج3، ص233)

دورِ حاضر میں ہمیں قرآن پاک کی تعلیم کو عام کرنے کی بہت حاجت ہے، کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے:

اگر ہم نے تعلیمِ قرآن کو بھلایا نہ ہوتا

یہ زمانہ نہ زمانے نے دکھایا ہوتا

سیدنا ابو عبدالرحمن سلمی رضی اللہ عنہ مسجد میں قرآن پڑھایا کرتے اور فرماتے کہ" مجھے اس حدیث مبارکہ نے جو حضرت عثمان والی حدیث مبارکہ اوپر بیان ہوئی ہے نے روک رکھا ہے۔"

( فیض القدیر، ج3، ص618)

مزید روایت سنتے ہیں:

سیّدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اِرشاد فرمایا:" جس شخص نے قرآن سیکھا اور سکھایا اور جو کچھ قرآن پاک میں ہے، اس پر عمل کیا، قرآن کریم اس کی شفاعت کرے گا اور جنت میں لے جائے گا۔"( تاریخ دمشق لا بن عساکر، ج41، ص3)

الٰہی خوب دےدے شوق قرآن کی تلاوت کا

شرف دے گُنبد ِخضراء کے سائے میں شہادت کا

روایت میں آتا ہے :"حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ" جس شخص نے قرآن کی کوئی آیت یا دین کی کوئی سنت سکھائی، قیامت کے دن اللہ پاک اس کے لئے ایسا ثواب تیار فرمائے گا کہ اس سے بہتر ثواب کسی کے لئے بھی نہ ہوگا۔"(جمع الجوامع للسیوطی، ج 7، ص281)

تلاوت کروں ہر گھڑی یا الہی

بکوں نہ کبھی بھی میں واہی تباہی

ایک روایت میں آتا ہے:سیّدنا ذُوالنورین، جامعُ القرآن، عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ تاجدارِ مدینہ منورہ، سردارِ مکہ مکرمہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اِرشاد فرمایا:" جس نے قرآن مُبین کی ایک آیت سکھائی، اس کے لئے سیکھنے والے سے دُگنا ثواب ہے۔"

ایک اور روایت میں آتا ہے :حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ خاتم المرسلین، شفیع المذنبین صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں:"جس نے قرآن عظیم کی ایک آیت سکھائی، جب تک اس آیت کی تلاوت ہوتی رہے گی، اس کے لئے ثواب جاری رہے گا۔"

(جمع الجوامع، ج 7، ص284)

تلاوت کا جذبہ عطا کر الہی

معاف فرما میری خطا ہر الہی

اللہ تعالیٰ قیامت تک اجر بڑھاتا رہے گا :

ایک حدیث شریف میں ہے کہ "جس شخص نے کتاب اللہ کی ایک آیت یا علم کا ایک باب سکھایا، اللہ عزوجل تا قیامت اس کا اجر بڑھاتا رہے گا۔"

عطا ہو شوق مولٰی مدرسے میں آنے جانے کا

خدایا! ذوق دے قرآن پڑھنے کا پڑھانے کا

اللہ ربّ العزت ہمیں قرآن پاک پڑھانے کی توفیق عطا فرمائے۔

اٰمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم