قرآن شریف پڑھانے کی فضیلت میں ربّ کا فرمان:

قرآن مجید کی تلاوت کرنے اور پڑھانے کے بہت سے فضائل ہیں، چنانچہ اللہ تعالی اِرشاد فرماتا ہے: اِنَّ الَّذِیْنَ یَتْلُوْنَ كِتٰبَ اللّٰهِ وَ اَقَامُوا الصَّلٰوةَ وَ اَنْفَقُوْا مِمَّا رَزَقْنٰهُمْ سِرًّا وَّ عَلَانِیَةً یَّرْجُوْنَ تِجَارَةً لَّنْ تَبُوْرَۙ۔لِیُوَفِّیَهُمْ اُجُوْرَهُمْ وَ یَزِیْدَهُمْ مِّنْ فَضْلِهٖؕ-اِنَّهٗ غَفُوْرٌ شَكُوْرٌ۔

ترجمہ کنزالایمان:" بےشک وہ جو اللہ کی کتاب پڑھتے ہیں اور نماز قائم رکھتے اور ہمارے دئیے سے کچھ ہماری راہ میں خرچ کرتے ہیں پوشیدہ اور ظاہر وہ ایسی تجارت کے امیدوار ہیں (ف۷۷) جس میں ہرگز ٹوٹا(نقصان) نہیں، تاکہ ان کے ثواب اُنہیں بھرپور دے اور اپنے فضل سے اَور زیادہ عطا کرے بےشک وہ بخشنے والا قدر فرمانے والا ہے ۔(سورہ فاطر، آیت نمبر 29 اور 30)

قرآن شریف پڑھانے کی فضیلت میں حدیثِ مبارکہ:

بہترین شخص کون:

حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:"تم میں سے بہتر شخص وہ ہے، جو قرآن سیکھے اور سکھائے۔"

(صحیح بخاری، کتاب فضائل القرآن،3 باب خَیْرُکُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَ عَلَّمَہٗ، حدیث 5027)

روزِ قیامت قرآن شفیع ہو گا:

حضرت ابوامامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور پرنور صلی اللہ علیہ وسلم نے اِرشاد فرمایا:"قرآن پڑھو کیونکہ وہ قیامت کے دن اپنے اَصحاب کے لئے شفیع ہو کر آئے گا۔"

(مسلم، باب فضائل القرآن، ص 403، حدیث 202)

قرآن سکھانے کا ثواب بہت بڑا ہے:

حضرت عبیدہ ملیکی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اِرشاد فرمایا:" اے قرآن والو! قرآن کو تکیہ نہ بناؤ یعنی سُستی اور غفلت نہ برتو اور رات اور دن میں اس کی تلاوت کرو جیسا تلاوت کرنے کا حق ہے اور اس کو پھیلاؤ اور تفنّٰی کرو یعنی اچھی آواز سے پڑھو یا اس کا معاوضہ نہ لو اور جو کچھ اس میں ہے اس پر غور کرو تاکہ تمہیں فلاح ملے، اس کے ثواب میں جلدی نہ کرو کیونکہ اس کا ثواب بہت بڑا ہے۔"

( شعب الایمان، التاسع عشر من شعب الایمان۔۔ الخ، فصل فی الاامان تلاوتہ، 2/350، 351، حدیث 2008، 2009)

ہزار رکعتوں سے بہتر عمل:

"تمہارا کسی کو کتاب اللہ عز وجل کی ایک آیت سکھانے کے لئے جانا، تمہارے لئے سورکعتیں ادا کرنے سے بہتر ہے اور تمہارا کسی کو علم کا ایک باب سکھانے کے لئے جانا خواہ اس پر عمل کیا جائے یا نہ کیا جائے، تمہارے لئے ہزار رکعتیں ادا کرنے سے بہتر ہے۔"

(سنن ابنِ ماجہ، کتاب السنۃ، الحدیث 219، ج1، ص 142)

قرآنی آیات پڑھانے کے بے شمار فضائل ہیں، جس پر قرآن وحدیث مالامال ہیں، ربّ تعالیٰ ہمیں بھی قرآن سیکھنے، پھر اسے سکھانے کی توفیق عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم