قرآن
پاک نُور ہے، ہدایت ہے، اِس کا پڑھنا بھی ثواب پڑھانا بھی ثواب، قرآن پاک پڑھانے کی ترغیب پر مشتمل فضائل قرآن
پاک اور اَحادیث وبزرگان دین کے عمل سے ثابت ہیں:
قرآنی آیات کی روشنی میں:
وَ اِذْ اَخَذَ اللّٰهُ مِیْثَاقَ الَّذِیْنَ اُوْتُوا الْكِتٰبَ لَتُبَیِّنُنَّهٗ لِلنَّاسِ وَ لَا تَكْتُمُوْنَهٗ۔
ترجمہ کنزالایمان:" اور یا دکرو، جب اللہ
نے عہد لیا، ان سے جنہیں کتاب عطا ہوئی کہ تم ضرور اسے لوگوں سے بیان کر دینا اور
نہ چھپانا۔"(احیاء العلوم، جلد 1، صفحہ 59)
وَیُعَلِّمُھُمُ الْکِتٰبَ وَالْحِکْمَۃَ۔ترجمہ کنزالایمان:"اور
انہیں تیری کتاب اور بہت علم سکھائے۔ "
(احیاء العلوم،
جلد 1، صفحہ 60)
بہترین شخص:
رسول
اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"خَیْرُکُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَ عَلَّمَہٗ۔"یعنی
تم میں سے بہترین شخص وہ ہے، جو قرآن سیکھے اور دوسروں کو سکھائے۔"
ابو عبدالرحمن سُلَمی کا عمل:
حضرت
سیّدنا ابو عبدالرحمن سُلَمی رضی اللہُ
عنہ مسجد میں قرآنِ پاک پڑھایا کرتے تھے اور فرماتے:" اِسی
حدیثِ مبارک نے مُجھے یہاں بٹھا رکھا ہے۔"(قرآن سیکھیں اور سکھائیں)
اللہ مجھے
حافظِ قرآن بنا دے
قرآن کے اَحکام پر بھی مجھ کو چلا دے
ثواب قیامت تک جاری:
"جس
نے کتاب اللہ میں سے ایک
آیت سکھائی یا علم کا ایک باب سکھایا، تواللہ
اس کے ثواب کو قیامت تک کے لئے جاری فرما دیتا ہے ۔"(قرآن سیکھیں اور
سکھائیں)
تلاوت کا جذبہ عطا یا الہی
معاف فرما میری ہر خطا یا الہی
قرآن شفاعت کر کے جنت میں لے جائے گا:
حضرت
سیّدنا انس رضی اللہ عنہ
سے روایت ہے کہ رسولِ اکرم صلی اللہ
علیہ وسلم کافرمانِ معظم ہے:"جس شخص نے قرآن پاک سیکھا اور سکھایا اور جو کچھ قرآن پاک میں ہے، اُس پر عمل کیا، قرآن شریف اس کی شفاعت کرے گا اور جنت میں لے
جائے گا۔"
الٰہی خوب دیدے
شوق قرآں کی تلاوت کا
شرف دے گنبدِ خضرا ءکے سائے میں شہادت کا
(تلاوت کی فضیلت، ص5)
اس
حدیثِ مبارکہ سے ثابت ہوتا ہے کہ قرآن پاک اپنے سکھانے والے کی بھی شفاعت کرے گا۔
بہتر ثواب کسی اور کے لئے نہیں:
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ :"جس شخص نے
قرآن مجید کی ایک آیت یا دین کی کوئی سُنت سکھائی، قیامت کے دن اللہ تعالیٰ اس کے لئے ایسا ثواب تیار فرمائے
گا کہ اِس سے بہتر ثواب کسی کے لئے بھی نہیں ہوگا۔ (تلاوت کی فضیلت، ص6)