دعا ایک عجیب نعمت اور عمدہ دولت ہے کہ اللہ پاک نے اپنے
بندوں کو عطا فرمائی اور ان کو تعلیم کی،مشکلات کے حل میں اس سے زیادہ کوئی چیز
مؤثر نہیں اور بلا و آفت کے دفع میں کوئی بات اس سے بہتر نہیں، اللہ تعالی قرآن
مجید میں ارشاد فرماتا ہے:اُجِیْبُ دَعْوَةَ الدَّاعِ اِذَا
دَعَانِۙ-ترجمہ: میں دعا مانگنے والے کی دعا قبول کرتا ہوں جب وہ
مجھے پکارے۔(پ ۲، البقرة ۱۸۶)ایک اور مقام پر
فرمایا: ادْعُوْنِیْۤ اَسْتَجِبْ لَكُمْؕ-ترجمہ: مجھ سے
دعا مانگو میں قبول فرماوں گا۔(پ ۲۴، المؤمن ۶۰)
رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم فرماتے ہیں: اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: میں اپنے
بندے کے گمان کے پاس ہوں ( یعنی وہ جیسا گمان مجھ سے رکھتا ہے میں اس سے ویسا ہی کرتا
ہوں)، ” اور “ میں اس کیساتھ ہوں جب وہ
مجھ سے دعا کرے۔( صحیح مسلم، حدیث 2675، ص 1442)
اللہ پاک کا علم و قدرت کے ساتھ ہونا تو ہر شے کیلئے ہے، یہ
خاص معیتِ کرم و رحمت ہے، جو دعا کرنے والے کو ملتی ہے، اس سے زیادہ کیا دولت و
نعمت ہو گی کہ بندہ اپنے مولیٰ کی معیت (ساتھ) سے مشرف ہو، ہزار حاجت روائیاں اس
پر نثار اور لاکھ مقصد و مراد اس کے تصدُّق۔بندہ اپنے پروردگار سے جب چاہے جس جگہ
چاہے دعا و فریاد کر سکتا ہے کوئی خاص جگہ
اس مقصد کے لئے مقرر نہیں تاہم ہم ان 15 مقامات کو ذکر
کرتے ہیں کہ جن میں قبولیتِ دعا کی امید بحمداللہ قوی ہے:(1)مطاف(2)ملتزم ( وہ جگہ
جو جو حجر اسود اور خانہ کعبہ کے دروازے کے درمیان ہے)(3)میزابِ رحمت(4)رکنِ یمانی
( خصوصا ًجبکہ طواف کرتے وہاں سے گزر ہو) (5)حطیمِ کعبہ(6)حجرِ اسود(7)صفا و مروہ(8)عرفات
(خصوصا نبی پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی جائے وقوف پر)(9)مزدلفہ (خصوصا جبل قزح پر)(10)مسجدِ
نبوی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم (11)مواجہہ شریفہ حضور سید الشافعین صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم (12)منبر اطہر کے پاس(13)مسجد قبا شریف(14)جبل احد شریف(15)اولیا
و علما کی مجالس میں۔
اسی طرح بندہ اپنے پروردگار سے دن یا رات کے کسی بھی حصے میں
دعا مانگ سکتا ہے، اس کیلئے کسی مخصوص وقت کی قید نہیں، البتہ احادیثِ مبارکہ سے
دعا کے لئے درج ذیل خاص اوقات ثابت ہیں: (1)شبِ قدر(2)یومِ عرفہ ( اس دن کی دعا سب
سے افضل ہے)(3)آدھی رات کہ اس وقت خاص تجلی ہوتی ہے(4)ساعتِ جمعہ یعنی جمعہ کے دن
مغرب سے ذرا پہلے(5)بدھ کے دن ظہر و عصر کے درمیان(6)پنجگانہ فرضوں کے بعد(7)سجدے
میں(8)تلاوتِ قرآنِ مجید کے بعد(9)آبِ زمزم پی کر(10)بارش برستے وقت(11)مسلمانوں
کے مجمع میں(12)ذکرِ خدا و رسول کی مجلس میں(13)افطار کے وقت(14)شبِ برات(15)عید
الفظر و عید الاضحیٰ کی رات
اللہ تعالیٰ ہمیں دعا کے آداب کی رعایت کرتے ہوئے، قبولیتِ
دعا کے کامل یقین کے ساتھ، ان مقامات و اوقات میں خوب دعائیں مانگنے کی توفیق عطا
فرمائے۔ آمین بجاہِ خاتم النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔