مبشر رضا عطّاری (درجہ ثانیہ ،جامعۃ المدینہ فیضان فاروق اعظم  ،لاہور، پاکستان)

Tue, 7 Jun , 2022
1 year ago

دعا اللہ رب العزت سے مناجات کرنے، اس کی قربت حاصل کرنے، اس کے فضل و انعام کے مستحق ہونے اور بخشش و مغفرت حاصل کرنے کا نہایت آسان اور مجرب ذریعہ ہے۔ اسی طرح دعا پیارے مصطفی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سنت، اللہ رب العزت کے پیارے بندوں کے متواتر عادات درحقیقت عبادت، بلکہ مغز ِ عبادت اور ایسی عبادت کہ جس پر طاقت بالکل خرچ نہیں ہوتی اور گناہ گار بندوں کے حق میں اللہ پاک کی طرف سے ایک بہت بڑی نعمت وسعادت ہے۔ دعا کی اہمیت اور فضیلت پر قرآن پاک میں ارشاد خداوندی ہے: ادْعُوْنِیْۤ اَسْتَجِبْ لَكُمْؕترجَمۂ کنزُالایمان: مجھ سے دعا کرو میں قبول کروں گا ۔ (پ 24، مؤمن:60)

دعا ایک عجیب نعمت اور عمدہ دولت ہے کہ پروردگار نے اپنے بندوں کو عطا فرمائی اور ان کو تعلیم کی کہ حلِّ مشکلات میں اس سے زیادہ کوئی چیز موثر نہیں اور دفع بلا و آفت میں کوئی بات اس سے بہتر نہیں۔ چنانچہ دعا اس قدر نفع بخش اور مفید ہے۔ تو اس کے اجابت (یعنی قبولیت) کے اوقات اور مقامات بھی ہوں گے۔ چنانچہ اجابتِ دعا کے 15 مقامات ملاحظہ ہوں:

(1) مَطاف: یہ وسط ِمسجد الحرام شریف میں ایک گول قِطْعَہ ہے، سنگ ِمرمر سے مَفْرُوش(یعنی زمین کا وہ ٹکڑا جس پر سنگِ مرمر بچھا ہوا ہے)اس کے بیچ میں کعبہ معظمہ ہے یہاں طواف کرتے ہیں۔(2) ملتزم : یہ کعبہ معظمہ کی دیوارِ شرقی کے پارہ جنوبی کا نام ہے، جو درمیان درِ کعبہ وسنگِ اَسود واقع ہے، یہاں لپٹ کر دعا کرتے ہیں۔

(3) مُسْتَجار: یہ کعبہ معظمہ کی دیوارِ غربی کے پارہ جنوبی کا نام ہے، جو درمیان درِ مَسْدُود ورکنِ یمانی واقع ہے۔(4) داخلِ بیت (بیت اللہ شریف کی عمارت کے اندر)۔(5) زیرِ میزاب: یہ کعبۃ اللہ شریف کی چھت پر نصب ہے۔ (6) حطیم: کعبہ معظمہ کی شمالی دیوار کے پاس نصف دائرے کی شکل میں فصیل (یعنی باؤنڈری)کے اندر کا حصہ۔ (7) حجر اسود: یہ وہ جنتی پتھر ہے جوکعبۃ اللہ شریف کے جنوب مشرقی کونے میں واقع رکن اسود میں نصب ہے۔

(8) خلف ِمقام ابراہیم عَلَیْہِ الصَّلَاۃُ وَالتَّسْلِیْمِ۔ (مقام ابراہیم کے پیچھے)(9) نزد زَمزم۔ (چاہِ زمزم کے پاس)(10) مسجد نبوی شریف(11) مسجد نبوی کے منبر اطہر کے پاس (12) مسجد اقدس کے ستونوں کے نزدیک (13)مسجد قبا شریف میں(14) باقی مساجد طیبہ کہ حضور اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی طرف منسوب ہیں۔ یعنی ایسے مسجدیں جن کو سرکار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے شرف نسبت حاصل ہے۔ جیسے مسجد غمامہ ، مسجد قبلتین۔ (15) اولیا اور علما کی مجالس۔(فضائل دعا،ص133)