قرآن کریم کی روشنی میں دعا کی فضیلت:وَ اِذَاساَلَكَ عِبَادِیْ عَنِّیْ فَاِنِّیْ قَرِیْبٌ ؕ اُجِیْبُ دَعْوَةَ الدَّاعِ اِذَا دَعَانِ ۙ فَلْیَسْتَجِیْبُوْا لِیْ وَ لْیُؤْمِنُوْا بِیْ لَعَلَّهُمْ یَرْشُدُوْنَترجمۂ کنزالایمان:اور اے حبیب!جب تم سے میرے بندے میرے بارے میں سوال کریں تو بیشک میں نزدیک ہوں ، میں دعا کرنے والے کی دعا قبول کرتا ہوں جب وہ مجھ سے دعا کرے تو انہیں چاہئے کہ میرا حکم مانیں اور مجھ پر ایمان لائیں تاکہ ہدایت پائیں حدیثِ مبارکہ کی روشنی میں دعا کی فضیلت: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہسے روایت ہے، حضور صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا :اللہ پاک کے یہاں کوئی چیز اور کوئی عمل دعا سے زیادہ عزیز نہیں۔( ترمذی، سنن ابن ماجہ )حضور صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا :دعا عبادت کا مغز ہے ۔دُعا ایک عظیم الشان عبادت ہے جس کی عظمت و فضیلت پر بکثرت آیاتِ کریمہ اور احادیثِ طیبہ وارِد ہیں۔ دعا کی نہایت عظمت میں ایک حکمت یہ ہے کہ دُعا اللہ پاک سے ہماری محبت کے اِظہار، اُس کی شانِ اُلوہیت کے حضور ہماری عبدیت کی علامت، اُس کے علم و قدرت و عطا پر ہمارے توکل و اعتماد کا مظہر اور اُس کی ذاتِ پاک پر ہمارے ایمان کا اقرار و ثبوت ہے۔ دعا کی قبولیت کے مخصوص اوقات :دعا اللہ پاک اور بندے کے درمیان ایک ایسا مخصوص تعلق اور مانگنے والے اور اس کے خالق کے درمیان براہِ راست رابطہ ہے جس میں بندہ اپنے محبوب سے اپنے دل کا حال سیدھے سادہ طریقے سے بیان کر دیتا ہے بندہ اپنے پروردگار سے دن یا رات کے کسی بھی حصے میں دعا مانگ سکتا ہے کوئی خاص وقت اس مقصد کے لیے مقرر نہیں ۔ حدیث ِمبارکہ سے دعا کے لئے درج ذیل خاص اوقات ثابت ہیں: 1۔رات کے آخری حصے۔ 2۔جمعہ کے دن میں بھی ایک قبولیت کی ساعت ہے اس میں دعا قبول ہوتی ہے۔ 3۔ شب ِقدر میں مانگی جانے والی دعا۔ 4۔اذان کے وقت کی دعا۔5۔فرض نمازوں کے بعد کی دعا۔ 6۔سجدے کی حالت میں مانگے جانے والی دعا۔ 7۔قرآنِ مجید کی تلاوت اور ختم ِقرآن کے وقت مانگے جانے والی دعا۔ 8۔ رمضان شریف کے مہینے میں افطار کے وقت کی دعا اسی طرح دعا کے لیے مخصوص مقامات کی بھی کوئی قید نہیں۔ احسن الوعاء لآداب الدعا میں البتہ دعا قبول ہونے کے مخصوص مقامات کا ذکر کیا جاتا ہے ان میں سے پندرہ 15مقامات یہ ہیں1۔ مطاف 2۔ ملتزم 3۔بیت اللہ کے اندر 4۔میزابِ رحمت کے نیچے 5۔حجر ِاسود 6۔مقام ِابراہیم کے پیچھے 7صفا و مروہ 8مزدلفہ خصوصا مشعر الحرام 9۔مسجد نبوی 10۔مسجد شریف کے ستونوں کے نزدیک 11۔منٰی 12۔مواجہہ شریف۔ امام ابن الجزری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں :دعا یہاں قبول نہ ہوگی تو کہاں ہوگی! 13۔مسجد قبا شریف 14۔مسجد الفتح میں خصوصا بدھ کو ظہر و عصر کے درمیان15۔ مشاہد مبارکہ۔ کسی ایک کی خاص فضیلت :مشاہد جمع ہے مشہد کی اور مشہد کا معنی ہے حاضر ہونے کی جگہ یہاں مراد یہ ہے کہ جس جس مقام پر سرکار مدینہ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم تشریف لے گئے وہاں دعا قبول ہوتی ہے اور خصوصا مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بے شمار مقامات پر آپ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم تشریف فرما ہوئے مثلا حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہکا مقدس باغ وغیرہ۔