شریعت کے مطابق اولاد کی تربیت کریں حجۃ الاسلام حضرت امام محمد غزالی فرماتے ہیں: اولاد کی تربیت اہم اور تاکید امور میں سے ہے اولاد والدین کے پاس امانت ہے اس کا پاک دل ایک ایسا جوہر نایاب ہے جو ہر نقش و صورت سے خالی ہے لہذا وہ ہر نقش کو قبول کرنے والا اور جس طرف اسے مائل کیا جائے اس کی طرف مائل ہو جانے والا ہے اگر اسے اچھی باتوں کی عادت ڈالی جائے اور اس کی تعلیم و تربیت کی جائے تو اسی پر اس کی نشونما ہوئی ہے جس کے باعث دنیا اور اخرت میں سعادت مند ہو جاتا ہے۔

اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا قُوْۤا اَنْفُسَكُمْ وَ اَهْلِیْكُمْ نَارًا وَّ قُوْدُهَا النَّاسُ وَ الْحِجَارَةُ عَلَیْهَا مَلٰٓىٕكَةٌ غِلَاظٌ شِدَادٌ لَّا یَعْصُوْنَ اللّٰهَ مَاۤ اَمَرَهُمْ وَ یَفْعَلُوْنَ مَا یُؤْمَرُوْنَ(۶) (پ 28، التحریم: 6) ترجمہ: کنز العرفان: اے ایمان والو!اپنی جانوں اور اپنے گھر والوں کواس آگ سے بچاؤ جس کا ایندھن آدمی اور پتھر ہیں، اس پر سختی کرنے والے، طاقتور فرشتے مقرر ہیں جو اللہ کے حکم کی نافرمانی نہیں کرتے اور وہی کرتے ہیں جو انہیں حکم دیا جاتا ہے۔

جس طرح اولاد پر والدین کے حقوق ہوتے ہیں اسی طرح اولاد کے بھی والدین پر ہوتے ہیں والدین پر اولاد کے جو حقوق اعلی حضرت امام اہل سنت مولانا شاہ امام احمد رضا خان نے بیان فرمائے ہیں ان میں سے چند حقوق پیش خدمت ہیں۔

1) زبان کھلتے ہی اللہ اللہ پھر پورا کلمہ لا الہ الا اللہ پھر بھرپور کلمات سکھائیں۔

2) جب تمیز ہے ادب سکھائیں کھانے، پینے، ہنسنے، بولنے، اٹھنے بیٹھنے، چلنے پھرنے،حیا،لحاظ، بزرگوں کی تعظیم، ماں باپ استاد اور دختر کو شوہر کے بھی اطاعت کے طریق و آداب بتائیں۔

3) قرآن پاک پڑھائیں۔

4) استاد نیک صالح، متقی، صحیح العقیدہ سن رسیدہ کے سپرد کر دیں اور دختر کو نیک پارسا عورت سے پڑھوائیں۔

5) حضور اقدس رحمت عالم ﷺ کی محبت و تعظیم ان کے دل میں ڈالیں اصل ایمان و عین ایمان ہے۔

6) حضور پر نور ﷺ کے آل و اصحاب اولیاء علماء کی محبت و عظمت تعظیم کرے کہ اصل سنت و زیورِ ایمان بلکہ باعث بقائے ایمان ہے۔

اللہ پاک سے دعا ہے کہ تمام والدین کو اپنی اولاد کے حقوق اچھے طریقے سے ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔