نمازِ مغرب کی اہمیت و فضیلت پر 5 فرامینِ مصطفٰے از بنتِ عبد
المجید،بھاؤ نگر
ہر عمارت کا ایک ستون اور پایہ ہوتا ہے جس
پر پوری عمارت کا دارو مدار ہوتا ہے۔ اگر کبھی اس ستون پر کوئی آفت آجائے تو پوری
عمارت زمیں بوس ہو جاتی ہے۔ اسی طرح سے نماز ایک دین دار انسان کے دین و عقائد
کےلیے ایک ستون کی مانند ہے۔نماز دینِ اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ہے۔اﷲ پاک اور اس کے رسول صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم پر ایمان کے بعد اہم ترین رکن ہے۔ اس کی فرضیت قرآن و سنت
اور اجماعِ امت سے ثابت ہے۔یہ شبِ معراج کے موقع پر فرض کی گئی۔قرآن و سنت اور
اجماع کی رو سے اس کی ادائیگی کے پانچ اوقات ہیں اور وہ یہ ہیں: فجر ، ظہر ، عصر ،
مغرب ، عشا۔ نمازِ مغرب کا معنیٰ :
مغرب کا معنیٰ سورج غروب ہونے کا وقت ہے چونکہ مغرب کی نماز سورج کے غروب ہونے کے
بعد ادا کی جاتی ہے اس لئے اس نماز کو مغرب کی نماز کہا جاتا ہے۔نمازِ مغرب پر
فرامینِ مصطفٰے:حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے:نبیِ اکرم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:مغرب کی نماز کا وقت سورج کے غروب ہونے سے لے کر
اس وقت تک ہے جب تک شفق کی سرخی غائب نہ ہو جائے ۔ (صحیح مسلم) آپ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:میری امت اس وقت تک خیر پر رہے گی جب تک تارے نظر آنے تک مغرب میں
تاخیر نہیں کرے گی۔ (ابو داؤد ملخصاً)حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں:ہم نمازِ مغرب نبیِ اکرم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کے ساتھ پڑ ھتے پھر تیراندازی کرتے تو ہر ایک تیر گرنے کی
جگہ کو دیکھ لیتا تھا۔ (ابی داؤد، 416، ص:165،
ج: 1، باب فی وقت المغرب)*یعنی نمازِ مغرب کے بعد اتنی سفیدی (روشنی) باقی ہوتی کہ دور کی چیز نظر آ جاتی تھی ۔* بہارشریعت میں ہے:روز ابر کے سوا
مغرب میں ہمیشہ تعجیل مستحب ہے اور دو رکعت سے زائد کی تاخیر مکروہِ تنزیہی اور
اگر بغیر عذر سفر و مرض وغیرہ اتنی تاخیر کی کہ ستارے گُتھ گئےتو مکروہ ِتحریمی۔ ام المومنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں:رسولِ اکرم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم لوگوں کو نمازِ مغرب پڑ ھا کر پھر (میرے )گھر تشریف لاتے اور دو رکعتیں پڑ ھتے تھے۔( صحیح مسلم) حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے حضرت ابوموسٰی
اشعری رضی اللہ عنہ کو لکھا:آپ نمازِ مغرب میں قصارِ مفصل سورتیں تلاوت کریں۔(قصار ِمفصل: سورۃ لم یکن الذین کفروا سے لےکر سورۃ الناس
تک ) ( صحیح ترمذی)شیطان چاہتا ہی نہیں کہ ہم نماز پڑھیں،گناہوں سے بچیں،نیکی کریں اور جنت کی
راہ لیں۔ہمیں شیطان کے ہر وار کو ناکام بناتے ہوئے خوب خوب نمازیں پڑھنی چاہییں۔
اللہ پاک ہم سب کو پکی نمازی بنائے ۔ امین بجاہ النبی الامین صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم