الحمدللہ نماز ایک عظیم نعمت ہے جو پابندی سے پڑھے گا وہ جنت کا حقدار ہوگا اور جو فرض نمازیں نہیں پڑھے گا وہ عذاب نار کا حقدار بنے گا۔ پارہ 16 سورہ مریم آیت 59 میں اللّٰہ پاک فرماتا ہے: فَخَلَفَ مِنْۢ بَعْدِهِمْ خَلْفٌ اَضَاعُوا الصَّلٰوةَ وَ اتَّبَعُوا الشَّهَوٰتِ فَسَوْفَ یَلْقَوْنَ غَیًّاۙ(۵۹) تَرجَمۂ کنز الایمان: تو ان کے بعد ان کی جگہ وہ ناخلف آئے جنہوں نے نمازیں گنوائیں(ضائع کیں) اور اپنی خواہشوں کے پیچھے ہوئے تو عنقریب وہ دوزخ میں غیّ کا جنگل پائیں گے ۔(مریم: 59)

بیان کی ہوئی آیت مقدسہ میں "غی" کا تذکرہ ہے ، حضرت علامہ مولانا مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللّٰہ علیہ فرماتے ہیں: غی جہنم میں ایک وادی ہے جس کی گرمی اور گہرائی سب سے زیادہ ہے ،اس میں ایک کنواں ہے جس کا نام ہب ہب ہے ، جب جہنم کی آگ بجھنے پر آتی ہے اللّٰہ پاک اس کنوئیں کو کھول دیتا ہے جس سے وہ بدستور (یعنی پہلے کی طرح ) بھڑکنے لگتی ہے ۔

قال اللّٰہ تعالیٰ (یعنی اللّٰہ پاک فرماتا ہے) كُلَّمَا خَبَتْ زِدْنٰهُمْ سَعِیْرًا(۹۷) تَرجَمۂ کنز الایمان: جب کبھی بجھنے پر آئے گی ہم اسے اور بھڑکادیں گے۔(بنی اسرائیل :97)

نماز نہ پڑھنے کے عذابات پر چند فرامین مصطفیٰصلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم :

1۔حضور نبی پاک صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم نے ارشاد فرمایا:جو جان بوجھ کر ایک نماز چھوڑ دیتا ہے اس کا نام جہنم کے اس دروازے پر لکھ دیا جاتا ہےجس سے وہ داخل ہوگا۔

(حلیۃ الاولیاء ج 7، ص 992 ،حدیث: 10590)

رسول اللّٰہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:جس کی نماز فوت ہوگئی گویا اس کے اہل و مال جاتے رہے۔(بخاری ج 2 ،ص 105 ،حدیث: 2063)(بہار شریعت ج1 ،ص441)

ایک اور حدیث پاک میں ہے کہ: "جس کی نماز عصر جاتی رہی گویا اس کا گھر بار اور مال لٹ گیا" (بخاری ج1 ص 202 حدیث 552)(مرآةالمناجیح ج 1، ص 381)

3۔فرمان مصطفٰے صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم: نماز دین کا ستون ہے اور جس نے نماز ترک کی اس نے دین کو گرادیا۔(احیاء العلوم جلد 1، ص 201)

4۔ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ہم پیارے آقا صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی ظاہری وفات کے وقت حاضر تھے، آپ صلی اللّٰہ علیہ وآ لہ وسلّم نے ہم سے تین بار ارشاد فرمایا:"نماز کے معاملے میں اللہ سے ڈرو!۔

(شعب الایمان، ج 7 ،ص 477 حدیث: 11053)

علامہ مناوی رحمۃ اللّٰہ علیہ اس روایت کے تحت فرماتے ہیں: یعنی نماز کی پابندی کے ذریعے اپنے آپ کو اللّٰہ پاک کے غضب سے بچاؤاس امید پر کہ تمہارا رب کریم راضی ہو جائے ۔

(فیض القدیر ج 1 ص 167 تحت الحدیث 127)

اللّٰہ پاک ہمیں نمازیں قضا کرنے سے محفوظ فرمائے۔

اٰمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم