نماز رب کا انعام معراج کا تحفہ دین کا ستون جنت کی کنجی اور قلبی سکون کا ذریعہ ہے ۔قرآن پاک میں الله پاک کا ارشاد رحمت بنیاد ہے: اَلَا بِذِكْرِ اللّٰهِ تَطْمَىٕنُّ الْقُلُوْبُؕ(۲۸) ترجمہ کنزالعرفان:سن لو اللہ کی یادسے ہی دل چین پاتے ہیں۔(پارہ13 ،سورۃ الرعد آیت: 28)

اللہ تعالیٰ کی سب سے بہترین یاد نماز ہے۔جو تمام مخلوقات خدا کی عبادات کا مجموعہ ہے نماز میں ذکر باللسان ذکربالقلب اور ذکر بالجوارح تینوں ہیں ۔نماز نہ پڑھنا دنیا آخرت میں خسارے کا سبب ہے۔

نماز نہ پڑھنے کے دنیوی نقصانات:

(1)نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کرام رضی الله تعالیٰ عنہم سے ارشاد فرمایا :دعا کرو

اے اللہ ہم میں بدبخت اور محروم شخص کو نہ رہنے دینا ۔ پھر ارشاد فرمایا کیا تم جانتے ہو بدبخت اور محروم کون ہے ۔صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم نے عرض کی : یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم وہ کون ہے ؟فرمایا: نماز ترک کرنے والا-(الزواجر جلد 1 ص296)

2۔رسول اللہ صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : جس کی ایک نماز فوت ہو گئی اس کے اہل اور مال میں کمی ہو گئی ۔(صحیح ابن حبان جلد 3 ص 14 حدیث: 1466)

(3) مفتی سید عبد الفتاح حسینی قادری رحمۃاللہ علیہ فرماتے ہیں : جماعت کو ترک کرنے نیز بالکل نہ پڑھنے سے برکت ختم ہو جاتی ہے ۔(دولت بے زاول ص 20 )

(4) اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: جس نے ایک نماز قصدا ً (جان بوجھ کر ) ایک وقت کی (نماز )چھوڑی ہزاروں برس جہنم میں رہنے کا مستحق ہوا ،جب تک توبہ نہ کر لے اور اس کی قضا نہ کر لے۔

مسلمان اگر اس کی زندگی میں اسے یک لخت (بالکل) چھوڑ دیں ، اس سے بات نہ کریں ، اس کے پاس نہ بیٹھیں ، تو ضرور وہ ( بے نمازی) اس (بائیکاٹ) کا سزاوار (لائق ) ہے ۔

(فتاوی جلد 9 ص 159، 158)

(5)نبی کریم صلی الله علیہ وسلم کا فرمانِ عبرت نشان ہے : جو سستی کی وجہ سے نماز چھوڑے گا اس کی عمر میں سے برکت ختم کر دی جائے گی ،اس کے چہرے سے نیک بندوں کی نشانی مٹا دی جائے گی ۔اللہ پاک اسے کسی عمل پر ثواب نہ دے گا ۔اس کی دعا آسمان تک نہ پہنچے گئی ۔ اور نیک بندوں کی دعاوں میں اس کا کوئی حصہ نہ ہو گا۔(کتاب الکبائر،ص24)

فقیہ ابو للیلث سمر قندی کی نقل کردہ کی روایت میں ہے :دنیا میں اس سے مخلوق نفرت کرے گی۔(نیکیوں کی جزائیں اور گناہوں کی سزائیں ،ص 14) ۔

توفیق دے اے الہی مجھے تو نماز کی

صدقے میں مصطفے کے بنے خُو نماز کی