ہر مسلمان عاقل،بالغ،مرد و عورت پر روزانہ پانچ وقت کی نماز فرض ہے۔اس کی فرضیت(یعنی فرض ہونے)کا انکار کفر ہے۔جو جان بوجھ کر ایک نماز ترک کرے،وہ فاسق،گناہ گار عذابِ نار کی حق دار ہے۔نماز دین کا سُتون ہے۔نماز سے روزی میں برکت ہوتی ہے۔نماز بے حیائی اور بُرے کاموں سے بچاتی ہے۔نماز شیطان کو ناپسند ہے۔نماز مومن کی معراج ہے۔قرآنِ پاک میں جگہ جگہ نماز ادا کرنے کا حکم ارشاد فرمایا ہے:ترجمہ:اور نماز برپا رکھو اور زکوٰۃ دو اور رسول کی فرمانبرداری کرو،اس امید پر کہ تم پر رحم ہو۔(پ 18،نور:56)اور وہ جو اپنی نماز کی محافظت کرتے ہیں،یہ ہیں جن کا باغوں میں اعزاز ہوگا۔(پ 29،المعارج،:34،35)1۔مدینے کے تاجدار صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:تم میں رات اور دن کے فرشتے باری باری آتے ہیں اور فجر و عصر کی نماز میں جمع ہوجاتے ہیں،پھر وہ فرشتے جنہوں نے رات گزاری ہے،اُوپر کی طرف چلے جاتے ہیں،اللہ پاک باخبر ہونے کے باوجود ان سے پوچھتا ہے:تم نے میرے بندوں کو کس حال میں چھوڑا؟ وہ عرض کرتے ہیں:ہم نے انہیں نماز پڑھتے چھوڑا اور جب ہم ان کے پاس پہنچے ہیں،تب بھی وہ نماز پڑھ رہے تھے۔(بخاری،1/ 203،حدیث:555)2۔میں نے مصطفٰے جانِ رحمت صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کو فرماتے سنا:جس نے سورج کے طلوع و غروب ہونے(یعنی نکلنے اور ڈوبنے)سے پہلے نماز ادا کی(یعنی جس نے فجر اور عصر کی نماز پڑھی) وہ ہرگز جہنم میں داخل نہ ہو گا۔(مسلم،ص 250،حدیث:1436)3۔ہم حضور پاک صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی بارگاہ میں ہم حاضر تھے،آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے چودہویں رات کے چاند کی طرف دیکھ کر ارشاد فرمایا:عنقریب(یعنی قیامت کے دن) تم اپنے ربّ کو اس طرح دیکھو گے،جس طرح اس چاند کو دیکھ رہے ہو۔تو اگر تم لوگوں سے ہو سکے تو نمازِ فجر و عصر کبھی نہ چھوڑو۔(مسلم،ص 239،حدیث:1434 ملخصاً)4۔حضرت عبدُاللہ بن مسعود رَضِیَ اللہ عنہ بیان کرتے ہیں:بارگاہِ رسالت میں ایک شخص کے متعلق ذکر کیا گیا کہ وہ صبح تک سوتا رہا اور نماز کے لئے نہ اُٹھا،تو آپ نے ارشاد فرمایا:اس کے کان میں شیطان نے پیشاب کر دیا ہے۔(بخاری،1/ 388،حدیث:1144)صحابی ابنِ صحابی حضرت عبدُاللہ ابنِ عمر رَضِیَ اللہُ عنہما سے روایت ہے،سردارِ مکہ مکرمہ،سرکارِ مدینہ منورہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم ارشاد فرماتے ہیں:جو صبح کی نماز پڑھتا ہے،وہ شام تک اللہ پاک کے ذمّےہے۔(معجم کبیر،12/240،حدیث:1321)اللہ پاک ہمیں پانچ وقت کی نماز ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔اٰمین بجاہِ النبی الکریم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم

فجر کا وقت ہوگیا اُٹھو اے غلامانِ مصطفٰے اُٹھو