اللہ پاک نے امت محمدیہ پر پانچ نمازیں فرض کی ہیں۔پانچ فرض نمازوں کے علاوہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم مختلف اوقات میں بہت سی نفل نمازیں پڑھا کرتے تھے۔احادیث مبارکہ میں نفل نمازوں کی بڑی فضیلت بیان کی گئی ہے۔ان میں سے چند کے فضائل بیان کئے جاتے ہیں:۔

1۔نماز تہجد کے فضائل

(1)۔ حضور اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے ارشاد فرمایا: فرض نمازوں کے بعد سب سے افضل نماز شب میں پڑھی جانے والی تہجد کی نماز ہے۔(صحیح مسلم)

(2)۔حدیث مبارکہ میں ہے:۔تم پرلازم ہے کہ رات کو نماز(تہجد) پڑھو کہ یہ تمہارے رب کو راضی کرنے والی ہے۔تمہارے گناہوں کا کفارہ بننے والی ہے ۔اور تم سے پہلے کے نیک لوگوں کا طریقہ ہے۔یہ گناہوں سے روکنے والی ہے۔شیطان کے مکر کو دور کرنے والی اور بدن سے بیماری دور کرنے والی ہے۔(ترمذی)

(3)۔حضرت عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم جب مدینہ منورہ تشریف لائے تو ان کی زبان مبارکہ سے جو پہلے کلمات میں نے سنے وہ یہ تھے" '' اے لوگو ! سلام کو عام کرو اور کھانا کھلاؤ اور رات کوجب لوگ سو رہے ہوں تو نماز پڑھو سلامتی کے ساتھ جنت میں داخل ہوجاؤ گے۔ ''(التر غیب والترھیب ، رقم 6، ج3 ، ص285)

2۔نماز چاشت کی فضیلت

حدیث پاک میں ہے ۔’’جس نے چاشت کی بارہ رکعتیں پڑھیں تو اللہ تعالیٰ اس کے لیے جنت میں سونے کا محل بنائے گا۔(سنن الترمذی17/2،حدیث:472)

3۔نماز اوابین کے فضائل

احادیث مبارکہ میں ہے:۔(1)۔ جو آدمی مغرب کے بعد چھ رکعتیں پڑھے اور ان کے درمیان کوئی بری بات نہ کرے تو اس کو بارہ سال کی عبادت کے برابر ثواب ملے گا ۔(ابن ماجہ)

(2)۔جو مغرب کے بعد بیس رکعات پڑھے اللہ پاک اس کے لئے جنت میں مکان بنائے گا۔(ترمذی)

4۔تحیّۃ الوضو کی فضیلت

حدیث مبارکہ میں ہے:۔جو شخص وضو کرنے کے بعد دو رکعت اس خلوص سے پڑھے کہ ان میں کوئی وسوسہ نہ آئے تو اللہ پاک اس کے گذشتہ گناہ معاف فرما دے گا۔

5۔نماز اشراق کی فضیلت

حدیث مبارکہ میں ہے:۔جو کوئی فجر کی نماز جماعت سے ادا کرکے طلوع آفتاب تک بیٹھ کر ذکر الٰہی میں مشغول رہے پھر دو رکعت پڑھے ،تو اُس کے لئےپورے حج و عمرے کا ثواب ہے۔ اگر طلوع آفتاب کے بعد چار رکعتیں پڑھےگا ۔تو اللہ پاک شام تک اس کو تمام آفتوں اور برائیوں سے محفوظ رکھے گا۔(ترمذی شریف)