حضرت  ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:مدنی تاجدار،حضور پاک صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمانِ عالیشان ہے:اللہ پاک نے فرمایا: جو میرے کسی ولی سے دشمنی کرے، اس کو میں نے اعلانِ جنگ دے دیا اور میرا بندہ کسی شے سے اس قدر نزدیکی حاصل نہیں کرتا،جتنا کے فرائض سےاور نوافل کے ذریعے سےہمیشہ قرب حاصل کرتا رہتا ہے،یہاں تک کہ میں اسے محبوب بنالیتا ہوں،اگر وہ مجھ سے سوال کرے تو میں اسے دوں گااور پناہ مانگے تو پناہ بھی دوں گا۔(بخاری شریف)

سبحن اللہ! نوافل پڑھنے کی کتنی برکتیں ہیں کہ نوافل پڑھنے والے کو اللہ پاک اپنا محبوب بنا لیتا ہے، لہٰذا ابھی زندگی میں موقع ہے،کچھ کر لیجئے،ورنہ مرنے کے بعد بندہ ترستا ہے کہ کاش! مجھے دو رکعت نماز پڑھنے کا موقع مل جائے۔ کچھ نفل نمازوں کی معلومات درج ذیل ہیں:

1۔تحیۃ الوضو:وضوکےبعد اعضاء خشک ہونے سےپہلے دو رکعت نماز پڑھنا مستحب ہے۔(مسلم)

2۔تحیۃ المسجد:جب اسلامی بھائی مسجد میں داخل ہوں تو حقِ مسجد ادا کرنے کے لئے کم از کم دو رکعت ادا کرنا سنت ہے۔(بخاری ومسلم)

3۔نمازِ اشراق:حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:آ پ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمانِ عالیشان ہے:جو فجر کی نماز باجماعت پڑھ کر ذکر اللہ کرتا رہا، یہاں تک کہ آفتاب بلند ہوگیا، پھر دو رکعتیں پڑھیں تو اسے پورے حج اورعمرےکا ثواب ملے گا۔(ترمذی)

4۔نمازِ چاشت:حضرت ابو ذرغفاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:سرکار صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمان عالیشان ہے:آ دمی پراس کے ہر جوڑ کا بدلہ صدقہ ہے(کل 360 جوڑ ہیں)،جس نے دو رکعت چاشت ادا کیں تو گویا تمام جوڑوں کا صدقہ ادا کیا۔(مسلم)

5۔صلوۃ الاوّابین:حضرت عمار بن یاسر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:سرکار مدینہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمان عالیشان ہے:جو کوئی مغرب کے بعد چھ رکعتیں ادا کرے تو اس کے سارے گناہ بخش دیئے جائیں گے،اگرچہ سمندر کے جھاگ کے برابر ہوں۔(طبرانی)

6۔نمازِ تہجد:حضرت ابراہیم بن ادہم رضی اللہ عنہ ایک رات بیت المقدس میں سوئے ہوئے تھے کہ غیب سے نداآئی:رات کا قیام جہنم کے شعلے بجھا دیتا ہے اور پل صراط پر قدم مضبوط رکھتا ہے، اس کے بعد آ پ رضی اللہ عنہ نے تادمِ مرگ نمازِ تہجد قضا نہیں کی۔

7۔حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:سرکارِ تاجدار صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمانِ عالیشان ہے:رات میں ایک ایسی ساعت(گھڑی)ہے کہ مرد مسلمان اس ساعت میں اللہ پاک سے دنیا و آخرت کی جو بھلائی مانگے،وہ اسے دے گا اور یہ ہر رات میں ہے۔(مسلم)