بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ کسی چیز کا یاد کرنا نہایت ضروری ہوتا ہے،  لیکن حَددرجہ کوشش کے باوجود ایک بھی لفظ ذہن نشین کرنا مشکل ہوتا ہے اور یاد نہ کرنے کی وجہ سے ناکامی کا سایہ ہمارے پیچھے لگ جاتا ہے، جس کی وجہ سے ہم ترقی کی طرف قدم نہیں بڑھا سکتے، کسی بات کے ذہن نشین نہ ہونے کی صورت میں ان چند چیزوں کا اِزالہ کردیا جائے تو یاد کرنے میں آسانی ہوجاتی ہے، کسی بھی چیز کو یاد کرنے کے دوران چند اُمور کا خصوصی خیال رکھئے۔

1۔جو چیز یاد کرنا چاہیں اسے بغور سنیں:اہم ترین گفتگو میں ذہنی طور پر شریک ہونے کی بجائے صرف جسمانی طور پر شریک ہونا "غائب دماغی" کہلاتاہے، غائب دماغی انسان کا وہ مرض ہے، جو اِنسانی صلاحیتوں کو دیمک کی طرح چاٹ کر آہستہ آہستہ لکڑی کی طرح بوسیدہ اور ناقابلِ استعمال بنا دیتا ہے، لہذا کسی بات کو سُنتے وقت یا کسی تحریر کو پڑھتے وقت پوری توجّہ نہ ہو تو اس بات کا ذہن سے جلدی نکل جانے کا اِمکان ہے اور غَلَط مفہوم ذہن میں محفوظ ہونے کا بھی اِحتمال ہے، مکمل توجہ دینا بھی مطلوبہ چیز ذہن نشین کرنے کے لیے مدد گار ثابت ہوگا۔

2۔اچھی طرح سمجھ کر یاد کریں:جب بھی کُچھ سنیں یا مطالعہ کریں تو اس بات کو مدِّنظر رکھ کر سنئے یا پڑھئے، کہ اگر یہ سب کچھ مجھے بیان کرنے کا کہا جائے یا کسی کو سمجھا نے یا بتانے کی حاجت پیش آئے تو میں بحُسنِ خوبی بیان کر سکوں، اس کے لئے کم از کم اپنے آپ سے ہی ہم کلام ہو کر بیان کریں تاکہ بات اچھی طرح سمجھ آ جائے اور یادداشت میں بھی محفوظ ہو جائے ۔

3۔بلند آواز سے یاد کیجئے: کتاب کا مطالعہ کرنے والے کے لئے مُناسب ہے کہ اتنی بلند آواز سے پڑھے کہ خود سُن لے، امیر اہلِ سنت دامت برکاتھم العالیہ فرماتے ہیں:"صرف آنکھوں سے نہیں، زبان سے بھی پڑھئے کہ اس طرح یاد رکھنا زیادہ آسان ہے" لہذا دِل ہی دِل میں پڑھنے کے بجائے آواز سے پڑھیں، لیکن یہ خیال رہے ! بلند آواز سے پڑھنے میں کسی دوسرے کو تکلیف نہ ہو۔

4۔تھوڑا مطالعہ مگر اِستقامت کے ساتھ:بعض اوقات یاد کرنے والا مواد زیادہ ہوتا ہے، ایسی صورت میں سب کا سب یاد کر لینا بھی مُمکن نہیں ہوتا، اس طرح کبھی کسی کتاب کا مکمل مطالعہ کر کے اس کے مضامین ذہن میں محفوظ رکھنا بھی مطلوب ہوتا ہے تو اس طرح کے مواد کو یادداشت میں برقرار رکھنے کے لئے روزانہ تھوڑا تھوڑا مطالعہ کرنا، پھر اِستقامت کے ساتھ اسے جاری رکھنایادداشت کے لئے اہم ترین ہے۔

5۔یادداشت کو تحریری صورت دیجئے:دورانِ مطالعہ بارہا ایسی باتیں آتی ہیں، جو ہمارے لئے بالکل نئی ہوتی ہیں اور ہم انہیں اچھی طرح اپنی یادداشت کا حصّہ بنانا چاہتے ہیں، اس کے لئے الگ رجسٹر بنانا اور مختصر الفاظ لکھ کر صفحہ نمبر کے ساتھ اس بات کو محفوظ کر لینا بھی فائدہ مند ہے۔

6۔یاد کرنے کے لیے مناسب جگہ کا انتخاب کیجئے:یاد کرنے کے لئے ایسی جگہ کا انتخاب کیجئے، جہاں شوروغل اور آمدورفت کی جگہ نہ ہو، بلکہ پُرسکون مقام ہو اور سردی و گرمی کے اعتبار سے بھی مُعتدل ہو، اگر ان چیزوں کا خیال نہ رکھا جائے تو اگرچہ مطالعہ کرنا اور اس کے نکات کو محفوظ رکھنا مُمکن ہے، مگر ایسا مطالعہ زندگی بھر یادداشت میں محفوظ نہیں رہ سکتا۔

(کتاب ، حافظہ کیسے مضبوط ہو؟)