مطالعہ کرنا ایک بہت اچھی مشغولیت ہے مگر آج کل ٹیکنالوجی کے زمانے میں اکثر لوگوں کا رجحان کتابوں سے ہٹ کر موبائل و میڈیا کی طرف مبذول ہوگیا ہے اور مطالعہ کی عادت خال خال لوگوں میں پائی جاتی ہے مطالعہ کرنا ایک صحت مند عمل ہےجس سے انسان کے کردار کی تشکیل ہوتی ہے کتاب انسان کی بہترین رفیق ثابت ہوتی ہے اور انسان پر مطالعہ کرنے سے انکشافات کے بہت سے بند در وازے کھلتے ہیں یہاں یہ بات غور طلب ہے کہ مطالعہ کے لئے آپ کا انتخاب کون سی کتب ہیں اور آپ کا انداز مطالعہ کیسا ہے؟

مطالعے کے لیے انتخاب کتب :

مطالعہ کے لیے کتاب کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کرکرنا چاہئے کہ غیر ضروری اور لغو مواد والی کتب کا مطالعہ بے فائدہ اور وقت کے ضیاع کا موجب ہوسکتا ہے اور کہا جاتا ہے کے ” گیا وقت ہاتھ نہیں آتا “ تو بہتر یہ ہے کہ خوب اچھی طرح چھان پھٹک کرلی جائے کتابوں کے انتخاب میں اور اچھے مصنفین و رائٹرز کی کتاب کا مطالعہ کیا جائے بھوت پریت اور بے مایہ لٹریچر والی کہانیاں پڑھ کر وقت نہ گنوایا جائے بلکہ اچھے اور مفید مضمون والی کتب کو زیر مطالعہ لایا جائے۔

آداب مطالعہ :

ہمیں چاہئے کہ ہم جو مطالعہ کریں وہ مفید و بامقصد ہو حضرت سلمان فارسی رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں (بےشک علم بہت زیادہ اور عمر بہت تھوڑی ہے لہٰذا دین کا ضروری علم حاصل کرو اس کے ما سوا کو چھوڑ دو کیونکہ اس پر تمہاری مدد نہیں کی جائے گی۔ (حلیۃ الاولیا ، جلد اول ، صفحہ نمبر 246)

2۔جب آپ مطالعہ فرمائیں تو اس بات کا خیال رکھیں کے آپ کو بھوک نہ لگی ہو اور اگر بھوک کی حالت میں مطالعے کی ترکیب بنائی گئی تو ہوسکتا ہے کہ آپ یکسوئی سے مطالعہ نہ کر سکیں اور آپ کا دھیان کھانے پینے میں لگ جائے ، مزید یہ کہ ناتو اتنی شکم سیری کی جائے کہ طبیعت سستی کی طرف مائل ہو جائے اور آپ نیند کا شکار ہوکر مطالعے ہی سے رہ جائیں

3۔ مطالعہ کرنے کے لیے بہترین وقت کا تعین بھی بے حد ضروری ہے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی خیال رہے کہ آپ اپنے جملہ ضروی روز مرہ کے کاموں سے بھی فراغت پا چکے ہوں تاکہ مطالعے میں کسی بھی قسم کا رخنہ یا روکاوٹ نہ پیدا ہوسکے ۔

طریقۂ مطالعہ :

مطالعہ کرنے سے پہلے اچھی اچھی نیتیں کرلیں کہ رضائے الٰہی کے لئے مطالعہ کروں گی یا کروں گا،علم دین حاصل کرنے کے لئے مطالعہ کروں گی یا کروں گا وغیرہ پھر بسم اللہ شریف پڑھ کر یہ دعا پڑھیں: ”اَللّٰھُمَّ افتَح عَلَینَا حِکمَتَکَ وَانشُر عَلَینَا رَحمَتَکَ یَا ذَاالجَلَالِ والاِکرَام “یہ دعا پڑھنے کےبعد آپ جو پڑھیں گے ان شاء اللہ یاد رہے گا۔پھر اس کتاب کے مصنف کی حالاتِ زندگی،تعلیم،سنِ پیدائش،سنِ وفات اورجس کتاب کا مطالعہ کر رہے ہیں اس کے بارے میں مختصرًا مطالعہ کریں۔اور پھر فہرست میں جائیں اور جس سبق کامطالعہ کرنا ہے اسے تلاش کرکے مطالعہ کریں اور اس میں موجود اہم نکات کو highlight کریں اور اگر ممکن ہو تو یاد دہانی کے لئے اسے یادداشت کالم میں لکھ لیں۔

آسان طریقہ :

اگر آپ مطالعہ کرنے کا شوق رکھتے ہیں تو آپ کو چاہئے کہ امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا ہفتہ وار رسالے کا مطالعہ کریں اور ایک ولیٕ کامل کی دعاؤں کے حقدار بن جائیں اور جب وہ مکمل ہو جائیں تو مکتبۃ المدینہ یا المدینۃ العلمیہ کی کوئی سی بھی کتاب یا رسالے کا مطالعہ کریں اور اگر ہوسکے تو کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب،غیبت کی تباہ کاریاں،پردے کے بارے میں سوال جواب،فیضانِ نماز،فیضانِ رمضان،نماز کے احکام،اسلامی بہنوں کی نماز وغیرہ کتابوں کا ضرور مطالعہ کریں۔