ہمارے پیارے آقا ﷺ صاحبِ معراج ہیں،آپ کو اپنی امت کے لیے رب  سے معراج کی رات نماز کا تحفہ ملا۔

قرآنِ کریم میں نماز پڑھنے کا حکم:

1-وَ اَقِیْمُوا الصَّلٰوةَ وَ اٰتُوا الزَّكٰوةَ وَ ارْكَعُوْا مَعَ الرّٰكِعِیْنَ(43)(پ1،البقرۃ:43)ترجمہ کنز الایمان:اور نماز قائم رکھو اور زکوٰۃ دو اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو۔

2-اِنَّ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ وَ اَقَامُوا الصَّلٰوةَ وَ اٰتَوُا الزَّكٰوةَ لَهُمْ اَجْرُهُمْ عِنْدَ رَبِّهِمْۚ-(پ3،البقرۃ:277)ترجمہ:بے شک وہ جو ایمان لائے اور اچھے کام کیے اور نماز قائم کی اور زکوٰۃ دی اُن کا نیگ(اجروثواب)ان کے رب کے پاس ہے۔

نبی پاک ﷺ نے ارشاد فرمایا:نماز نور ہے۔(مسلم،ص140،حدیث:223)حضرت امام ابو زکریایحییٰ بن شرف نووِی رحمۃ اللہ علیہ نما زکے نور ہونے کی وضاحت کرتے ہوئے لکھتے ہیں:٭اس کا معنی یہ ہے کہ جس طرح نور کے ذریعے روشنی حاصل کی جاتی ہے اسی طرح نماز بھی گناہوں سے باز رکھتی(یعنی روکتی)ہے اور بے حیائی اور بری باتوں سے روک کرصحیح راہ دکھاتی ہے۔٭ایک قول کے مطابق اس کا معنی ہے:نماز کا اجر وثواب بروز قیامت نمازی کے لیے نور ہوگا ٭ایک قول ہے:اس کا مطلب یہ ہے کہ بروزِ قِیامت نمازی کے چہرے پر نماز نور بن کر ظاہر ہوگی نیز دنیا میں بھی نمازی کے چہرے پر رَونق ہوگی۔

(شرح مسلم،2/101 ملخصّاً)

نماز جنت کی کنجی ہے۔(مسندامام احمد،5/103،حدیث:14668)نماز پیارے آقا ﷺ کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے۔(معجم کبیر،20 / 420،حدیث:1012)نماز مومن کی معراج اور ایمان کی نشانی ہے،چنانچہ حضور نبی رحمت، شفیع امت ﷺ کا فرمان عا لیشان ہے:نماز ایمان کی نشانی ہے جس نے اپنے دل کو نماز کے لیے فارغ کیا اور اس کی حدود کی حفاظت کی یعنی صحیح طریقے سے خشوع و خضوع کے ساتھ نماز پڑھی تو وہ کامل مومن ہے۔(مسند الفردوس،2/69،حدیث:3920)

نبی کریم ﷺ نماز سے بہت محبت فرمایا کرتے تھے ۔آپ نے ارشاد فرمایا:ہمارے اور کافروں کے درمیان فرق نماز ہے جس نے نماز چھوڑ دی اس نے کفر کیا۔(ابن ماجہ،1/564،حدیث:1079)ہمارےاَئِمَّۂ حنفیہ تارکِ نمازکوسخت فاجرجانتے ہیں مگردائرۂ اسلام سےخارج نہیں۔

حدیث میں فرمایا:بندے اور شرک کے درمیان(فرق)نماز چھوڑ دینا ہے۔(مسلم،ص57،حدیث:82)اس حدیث کا مطلب یہ ہے کہ بے نمازی قریب کفر ہے یا اس پر کفر پر مرنے کا اندیشہ ہے یا ترکِ نماز سے مراد نماز کا انکار ہے یعنی نماز کا منکر کافر ہے۔(مراٰۃ المناجیح،1/342)

فرمایا:نماز کی طرف اٹھنے والا ہر قدم بھی صدقہ ہے۔(بخاری،2/306 ،حدیث:2989)

ساری نمازوں کی فضیلت:

1- نماز فجر خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہے ۔ 2- نماز ظہر رزق میں اضافہ کرتی ہے۔ 3- نماز عصر صحت بہتر کرتی ہے۔ 4-نماز مغرب مستقبل سنوارتی ہے۔ 5- نماز عشاء سکون کی نیند سلاتی ہے۔

جو نماز کو اہمیت نہیں دیتی مرتے وقت اس کو تین سزائیں ملتی ہیں:1- ذلت کی موت مرتی ہے۔2- بھوکی مرتی ہے۔3- سمندر کا پانی بھی پی لے تو پیاسی ہی مرے گی۔ اللہ مجھے اور ہم سب کو پانچ وقت کی نماز پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔امین

کوئی عبادت کی چاہ میں رویا کوئی عبادت کی راہ میں رویا

عجیب ہے یہ نمازِ محبت کے سلسلے کوئی قضا کر کے رویا کوئی ادا کر کے رویا

ہم پیارے آقا ﷺ کی امت میں ہیں ، اللہ نے ہمیں نماز جیسا تحفہ عطا فرمایا۔ نبی پاک ﷺ بھی نماز بہت محبت فرماتے تھے ہم بھی عاشقہ رسول ہیں لہٰذا ہمیں نبی پاک ﷺ کو عطا کردہ تحفے سے اپنی محبت کا اظہار کرنا ہے کہ نبی پاک ﷺ کی آنکھوں کی ٹھنڈک نماز ہے۔(معجم کبیر،20 / 420،حدیث:1012)حضور ﷺ ایک مرتبہ نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد میں تشریف لائے تو ایک چھوٹی سی بچی کو کندھے پر بٹھایا ہوا تھا ،آپ جب رکوع کرتے اور سجدے میں جاتے تو بچی کو اتار دیتے، رکوع سجود کے بعد بچی کو پھر سے کندھے پر بٹھا لیتے آپ نے اسی حالت میں نماز ادا کی، وہ بچی نواسیِ رسول حضرت امامہ بنت سیدہ زینب رضی اللہ عنہ ہیں۔(بخاری،4/100،حدیث:5996)نبی پاک ﷺ نماز سے اس قدر محبت فرماتے تھے کہ ام المومنین حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا بیان فرماتی ہیں کہ نبیِ کریم ﷺ اپنے مرض وصال یعنی جس بیماری میں ظاہری وفات شریف ہوئی اس میں فرماتے ہیں:نماز کو پابندی سے ادا کرتے رہو اور اپنے غلاموں کا خیال رکھو۔ (ابن ماجہ، 2/282،حدیث:1625)

حضرت ابو سعید خدرِی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ اللہ پاک کے آخری رسول ﷺکافرمانِ عالی شان ہے:جب بندہ باجماعت نماز پڑھے پھر اللہ پاک سے اپنی حاجت(یعنی ضرورت)کا سُوال کرے تو اللہ پاک اس بات سے حیا فرماتا ہے کہ بندہ حاجت پوری ہونے سے پہلے واپس لوٹ جائے۔

(حلیۃ الاولیاء ،7/299،حدیث:10591)

نبی پاک ﷺ کا نماز تہجد پڑھنا بھی معمول تھا:نماز اگر محبت ہے تو تہجد اللہ سے عشق کا احساس ہے۔

تہجد کی طاقت:جب رات کے آخری وقت میں اللہ تمہیں خود چنتا ہے تہجد پڑھنے کے لیے تو پھر سوچو وہ دنیا سے خالی ہاتھ کیسے لوٹائے گا!آخر میں اللہ سے دعا ہے اللہ ہم سب کو پنج وقتہ سچی پکی عاشقہ نماز بنائے، نبی پاک ﷺ کی آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے ۔امین