نماز ایک ایسی عبادت جس کی ادائیگی کے بغیر کوئی چارہ نہیں اور نہ ہی اس کی اہمیت سے کوئی مسلمان ناواقف ہے۔ ہر خاص و عام مسلمان نماز کی فرضیت کا اقرار کرتا ہے۔قرآنِ کریم میں متعدد مرتبہ نماز کا ذکر آیا ہے جس سے اس کی اہمیت بخوبی واضح ہوتی ہے۔چنانچہ ایک جگہ رب  ارشاد فرماتا ہے:وَ اَقِیْمُوا الصَّلٰوةَ وَ اٰتُوا الزَّكٰوة(پ1، البقرۃ:43)ترجمہ:نماز قائم رکھو اور زکوۃ دو۔

یہاں نماز قائم کرنے کا واضح حکم ارشاد فرمایا گیا،چنانچہ فرمایا:اِنَّ الصَّلٰوةَ كَانَتْ عَلَى الْمُؤْمِنِیْنَ كِتٰبًا مَّوْقُوْتًا(103) (پ5،النسآء: 103)ترجمہ: بے شک نماز مسلمانوں پر وقت باندھا ہوا فرض ہے۔

اسی طرح کثیر احادیثِ مبارکہ میں نماز کی ترغیب دلائی گئی ہے اور نماز سے حضور ﷺکی محبت ظاہر ہوتی ہے۔جب نماز کا وقت ہوتاتو آقاکریم ﷺ حضرت بلال رضی اللہ عنہ سے فرماتے:قُمْ یا بِلَالُ فَاَرِحْنَا بِالصَّلَاۃِاے بلال!اٹھو اور ہمیں نماز سے راحت پہنچاؤ۔(ابوداود،4 / 385،حدیث:4986)

اللہ کریم کے آخری نبی ﷺ کو نمازسے بہت محبت تھی،آپ نے نماز کو اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک فرمایا۔

(معجم کبیر،20 / 420،حدیث:1012)

حضرت عائشہ صِدّیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں:رسولِ کریم ﷺ نماز میں اس قدرقیام فرماتے کہ آپ کے مُبارک پاؤں سُوج جاتے۔(ایک دن)حضرت عائشہ صِدّیقہ رضی اللہ عنہا نے عَرض کی:یارسول اللہ ﷺ!آپ ایسا کر رہے ہیں حالانکہ اللہ کریم نے آپ کے سبب آپ کے اگلوں اور پچھلوں کے گناہ بخش دئیے ہیں!آقا کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: اَفَلَا اَکُوْنُ عَبْدًا شَکُوْرًا کیا میں اللہ پاک کا شکر گزار بندہ نہ بنوں۔ ( مسلم،ص1160،حدیث:7126)

ان احادیثِ مبارکہ سے حضور ﷺ کی نماز سے محبت کا خوب صورت انداز ملتا ہے کہ آپ ﷺ کس قدر ذوق و شوق سے نماز ادا فرماتے تھے ۔ اسی طرح کثیر احادیث میں حضور ﷺ نے نماز کے فضائل بیان فرمائے ہیں۔چنانچہ

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا:سوچو تو سہی اگر تم میں سے کسی کے دروازے پر نہر ہو اور وہ روزانہ اس میں پانچ دفعہ نہائے تو کیا کہتے ہو کہ اس کے جسم پر میل کچیل باقی رہ جائے گا؟ لوگ عرض گزار ہوئے کہ ذرا بھی میل باقی نہیں رہے گا۔ آپ نے فرمایا: یہی پانچوں نمازوں کی مثال ہے کہ ان کے ذریعے اللہ گناہوں کو مٹا دیتا ہے۔(بخاری ،1/196،رقم:528)

اسی طرح بہت ساری احادیث میں نماز نہ پڑھنے والوں کے لیے وعیدیں بھی بیان فرمائیں اور سخت ناراضی کا اظہار فرمایا۔چنانچہ حضور پاک ﷺ نے ارشاد فرمایا:جو جان بوجھ کر ایک نماز چھوڑ تا ہے،اس کا نام جہنم کےاس دروازے پر لکھ دیا جاتا ہے جس سے وہ داخل ہوگا۔(فیضان نماز،ص 425)الله کریم ہمیں نمازوں کی حفاظت کرنے کی توفیق عطا فرمائےاورحضور ﷺکی آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچانے کا سبب بنائے۔ آمین