اللہ تعالی نے اس کائنات میں حضور نبی اکرم صلی اللہ تعالی علیہ واٰلہ وسلم کو معلم کائنات بنا کر بھیجا تاکہ آقائے  دو جہاں صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اپنی امت کی رہنمائی فرمائیں، اللہ پاک نے آپ پر قرآن کریم کو نازل کیا تو آپ صلی اللہ تعالی علیہ واٰلہ وسلم نے اپنی امت کی تربیت فرمائی اور بعض جگہ اپنی احادیث مبارکہ کے ساتھ تربیت فرمائی تاکہ آپ کی امت سیدھی راہ پر چلے اور سیدھی راہ سے بھٹک نہ جائے آئیے تربیت کے موضوع پہ احادیث مبارکہ کا مطالعہ فرمائیے:

(1) ﷲ تعالیٰ اس کو جنتی لکھ دے گا: حضرت ابو سعید رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے راوی، کہ فرماتے ہیں حضور صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم : ’’پانچ چیزیں جو ایک دن میں کرے گا، اﷲ تعالیٰ اس کو جنتی لکھ دے گا: (1) جو مریض کو پوچھنے جائے اور (2) جنازے میں حاضر ہو اور (3) روزہ رکھے اور (4) جمعہ کو جائے اور (5) غلام آزاد کرے۔‘‘ ( الاحسان بترتیب صحیح ابن حبان ‘‘ ، کتاب الصلاۃ، باب صلاۃ الجمعۃ، الحدیث : 2760 ، ج 4 ، ص191)

(2) اﷲ عزوجل کی ضمان میں آجائے گا: حضور صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم فرماتے ہیں : ’’پانچ چیزیں ہیں کہ جو ان میں سے ایک بھی کرے، اﷲ عزوجل کی ضمان میں آجائے گا۔ (1) مریض کی عیادت کرے (2) یا جنازہ کے ساتھ جائے (3) یا غزوہ کو جائے (4) یا امام کے پاس اس کی تعظیم و توقیر کے ارادہ سے جائے (5) یا اپنے گھر میں بیٹھا رہے کہ لوگ اس سے سلامت رہیں اور وہ لوگوں سے۔‘‘ ( ’’ المسند ‘‘ للامام أحمد بن حنبل، حدیث معاذ بن جبل رضی اﷲ عنہ، الحدیث : 22154، ج 8 ، ص 255)

(3) انبیاء کرام علیہم السلام کی سنت : حضرت ابوہریر رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی، کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: ’’پانچ چیزیں فطرت سے ہیں ، یعنی انبیائے سابقین علیہم السلام کی سنت سے ہیں ۔ (1) ختنہ کرنا اور (2) موئے زیرِ ناف مونڈنا اور (3) مونچھیں کم کرنا اور (4) ناخن ترشوانا اور (5) بغل کے بال اُکھیڑنا۔(صحیح مسلم ،کتاب الطھارۃ،باب خصال الفطرۃ،الحدیث: 50۔(257) ،ص 153)

(4) تاحدِ نظر مخلوق کو جلادیں: حضرت ابو موسیٰ سے فرماتے ہیں کہ ہم میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے پانچ چیزیں بتانے کے لئے قیام فرمایا : یقیناً الله تعالیٰ نہ سوتا ہے نہ سونا اس کے لائق ہے ، پلہ یا رزق جھکاتا یا اٹھاتاہے اس کی بارگاہ میں رات کے اعمال دن کے اعمال سے پہلے اور دن کے اعمال رات کے اعمال سے پہلے پیش ہوجاتے ہیں اس کا پردہ نور ہے اگر پردہ کھول دے تو اس کی ذات کی شعاعیں(تجلیات) تاحدِ نظر مخلوق کو جلادیں۔ ( مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 , حدیث نمبر:91 )

(5) اِسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے: حضرت سیِّدُنا ابو عبد الرحمٰن عبد اللہ بن عُمَر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں:میں نے رسولِ پاک صلّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو ارشاد فرماتے سنا کہ ”اِسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے: اس بات کی گواہی دینا کہ اللہ پاک کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور بےشک حضرت محمد صلّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم اللہ کے بندے اور رسول ہیں، نماز قائم کرنا ، زکوٰۃ دینا، بیْتُ اللہ کا حج کرنا اور رمضان کے روزے رکھنا۔“ ( مسلم، کتاب الایمان، باب ارکان الاسلام...الخ، ص 37، حدیث:113)

اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم