بخل  باطنی بیماریوں میں سے ایک بیماری ہے، یہ نہایت ہی بری صفت ہے۔

بخل کی تعریف: بخل کے لغوی معنیٰ کنجوسی کے ہیں اور جہاں خرچ کرنا شرعاً، عادتاً اور مروتاً لازم ہو، وہاں خرچ نہ کرنا بخل کہلاتا ہے یا جس جگہ مال و اسباب خرچ کرنا ضروری ہو، وہاں خرچ نہ کرنا یہ بھی بخل ہے۔

بخیل کی مذمت کے متعلق فرامینِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم:

1۔بخیل جہنم کے قریب ہے: حدیث پاک میں ہے کہ رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:مالدار بخل کی کرنے کی وجہ سے بلا حساب جہنم میں داخل ہوں گے۔(فردوس الاخبار، باب السنن ،ح 3309)

2۔تمام عیوب کی برائیوں کا مجموعہ: حدیث بروایت امام علی علیہ السلام:بخل تمام عیوب کی برائیوں کا مجموعہ ہے اور یہ لگام ہے، جو ہر برائی کی طرف کھینچ کر لے جاتی ہے۔(مستدرک الوسائل7،29) اس حدیث پاک سے واضح ہوا کہ بخل ایک ایسی صفت قبیح ہے کہ جو تمام برائیوں کی طرف کھینچ کر لے جاتی ہے۔

3۔ایمان سے محرومی: رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا:حرص و بخل اور ایمان کبھی ایک دل میں جمع نہیں ہوسکتے۔(سنن نسائی) افسوس! آج کل ہمیں اپنے ایمان کی حفاظت ہی نہیں کرنی آتی، بعض لوگ توایسے دیکھنے کو ملتے ہیں، جو محض اپنی واہ واہ کے لئے مہنگی مہنگی چیزیں خریدتے، لیکن اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہوئے کنجوسی کرتے ہیں۔

4۔جنت میں داخل نہ ہوگا: بخل کرنے والا جنت میں نہ جا سکے، رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا:دھوکہ باز، بخیل اور احسان جتلانے والا آدمی جنت میں نہ جا سکے گا۔(جامع ترمذی، معارف الحدیث)

5۔بخیل جہنم کے قریب: نبی اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا:بخیل اللہ عزوجل سے دور ہے، جنت سے اور آدمیوں سے دور ہے، جبکہ جہنم سے قریب ہے۔(ترمذی، کتاب البر والصلۃ، حدیث1968)

دعا اور بددعا: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:ہر روز صبح سویرے دو فرشتے زمین پر اترتے ہیں، ان میں سے ایک اللہ سے یہ دعا کرتا ہےکہ یا اللہ جو تیری راہ میں خرچ کرے، اسے مزید عطا فرما اور دوسرا کہتا ہے، یا اللہ جو اپنے مال کو روک کر رکھے(یعنی تیری راہ میں خرچ نہ کرے) اس کے مال کو تباہ و برباد کر دے۔(صحیح بخاری،1442)

مال کی محبت سے بچیں، مال کی محبت کے نقصانات کو پڑھئے، تاکہ بخل جیسی بُری صفت سے چھٹکارا حاصل ہو، اس کے ساتھ ساتھ اور بھی بہت سی باطنی بیماریاں جنم لے سکتی ہیں، اللہ پاک ہمیں بخل جیسی باطنی بیماری سے بچائے۔آمین