بہتان کی مذمت پر 5 فرامینِ مصطفیٰ
از بنت ظہیر احمد،فیضان ام عطار شفیع کا بھٹہ سیالکوٹ
بہتان کی صورت میں توبہ کرنا اور جس پر بہتان لگایا ہے اسے معلوم ہونے کی صورت میں معافی مانگنا ضروری ہے بلکہ جس کے سامنے بہتان
باندھا ہے ان کے پاس جا کر یہ کہنا ضروری ہے کہ میں نے جھوٹ کہا تھا جو میں نے
فلاں پر بہتان باندھا تھا،بہار شریعت حصہ 16 ص 538 پر ہے: مگر دنیا کی تھوڑی سی
ذلت اٹھانی آسان جبکہ آخرت کا معاملہ انتہائی سنگین ہے۔خدا کی قسم دوزخ کا عذاب
برداشت نہیں ہو سکے گا۔
بہتان کی تعریف:کسی شخص
کی موجودگی یا غیر موجودگی میں اس پر جھوٹ باندھنا بہتان کہلاتا ہے۔
آیت مبارکہ: اِنَّمَا
یَفْتَرِی الْكَذِبَ الَّذِیْنَ لَا یُؤْمِنُوْنَ بِاٰیٰتِ اللّٰهِۚ-وَ اُولٰٓىٕكَ
هُمُ الْكٰذِبُوْنَ(۱۰۵) (پ 14،النحل:105)ترجمہ کنز الایمان:جھوٹ بہتان وہی باندھتے
ہیں جو اللہ کی آیتوں پر ایمان نہیں رکھتے اور وہی جھوٹے ہیں۔
فرامین مصطفیٰ:
1۔جو کسی مسلمان کی برائی بیان کرے جو اس میں نہیں پائی جاتی تو اللہ اس کو اس
وقت تک ردغۃ الخبال میں رکھے گا جب تک اپنی کہی ہوئی بات سے نہ نکل آئے۔(ابو داود،3 / 427، حدیث:
3597) ردغۃ الخبال دوزخ میں ایک جگہ ہے جہاں دوزخیوں کا خون اور پیپ جمع ہوگا۔
2۔ جھوٹے گواہ کے قدم ہٹنے بھی نہ پائیں گے کہ اللہ
پاک اس کے لیے جہنم واجب کر دے گا۔(ابن ماجہ،3/123،حدیث: 2373)
3۔جس نے کسی مسلمان کو ذلیل کرنے کی غرض سے اس پر الزام عائد کیا تو اللہ پاک
جہنم کے پل پر اسے روک لے گا یہاں تک کہ اپنے کہنے کے مطابق عذاب پا لے۔(ابو
داود،4/354،حدیث: 4883)
4۔جو کسی مسلمان پر ایسی چیز کا الزام لگائے جس کے بارے میں وہ خود بھی نہ
جانتا ہو تو اللہ پاک اسے (جہنمیوں کے خون اور پیپ جمع ہونے کے مقام) ردغۃ الخبال میں اس وقت تک رکھے گا جب تک کہ اپنے الزام کے مطابق عذاب نہ پالے۔(مصنف عبد
الرزاق،11/425،حدیث:20905)
5۔ کسی پاک دامن عورت پر زنا کی تہمت لگانا سو سال کی نیکیوں کو برباد کرتا
ہے۔(معجم کبیر، 3/168، حدیث: 3023)
فیض القدیر میں ہے:یعنی اگر بالفرض وہ شخص سو سا ل تک زندہ رہ کر عبادت کرے تو
بھی یہ بہتان اس کے ان اعمال کو ضائع کر دے گا۔(فیض القدیر،2/601،تحت الحدیث:2340)
بہتان کا شرعی حکم: اعلیٰ
حضرت مولانا شاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں:کسی مسلمان کو تہمت
لگانی حرام قطعی ہے خصوصا معاذ اللہ اگر تہمتِ زنا ہو۔(فتاویٰ رضویہ، 24/ 396)
مثال اور وضاحت:کسی شخص
کو زانی کہنا اگرچہ اس نے زنا نہ کیا ہو،کسی عورت کو بے حیا کہنا جو حیادار ہو،اس
کو آسان لفظوں میں یوں سمجھیے کہ برائی نہ ہونے کے باوجود اگر پیٹھ پیچھے یا
روبرو وہ برائی اس کی طرف منسوب کر دی تو یہ بہتان ہوا،مثلا پیٹھ پیچھے یا منہ پر
کسی کو چور کہہ دیا حالانکہ اس نے کوئی چوری نہیں کی تو اس کو چور کہنا بہتان ہوا۔
بہتان سے بچنے کا درس:بہتان اور اس کے علاوہ بہت سارے گناہ زیادہ تر زبان سے ہی ہوتے ہیں لہٰذا اسے
قابو میں رکھنا ضروری ہے۔قرآن و حدیث میں ذکر کیے گئے بہتان کے ہولناک عذابات کا
مطالعہ کیجیے اور اپنے نازک بدن پر غور کیجیے کہ بہتان کے سبب اگر ان میں سے کوئی
عذاب ہم پر مسلط کر دیا گیا تو ہمارا کیا بنے گا؟سلام اور مصافحہ کرنے کی عادت
اپنائیے،ان شاء اللہ اس کی برکت سے دل سے بغض و کینہ دور ہوگا اور محبت بڑھے گی
اور ایک دوسرے پر الزام تراشی کا مرض بھی ختم ہوگا۔کسی کے خلاف دل میں غصہ ہو اور
اس پر بہتان باندھنے کا دل کرے تو فورا اپنے آپ کو یوں ڈرائیے کہ اگر میں غصے میں
آکر بہتان باندھوں تو گنہگار اور جہنم کا حق دار قرار پاؤں گا،کیونکہ یہ گناہ کے
ذریعے غصہ ٹھنڈا کرنا ہوا۔
معاشرتی نقصانات:لڑائی
جھگڑا،غصہ،بغض و کینہ،حسد،زیادہ بولنے کی عادت،بدگمانی۔
اللہ پاک مسلمانوں کو ہدایت و کامرانی عطا فرمائے ہر طرح کی باطنی و ظاہری
بیماریوں سے ہمارے نفس کی حفاظت فرمائے،مسلمان کے بارے میں حسن ظن رکھیے،بدگمانی
اور شک کرنے سے پرہیز کیجیے۔ اللہ پاک ہمیں حضورﷺ کی رضا حاصل والے کام کرنے کی
توفیق عطا فرمائے۔آمین