بہتان کی مذمت پر 5 فرامینِ مصطفیٰ
از بنت محمد عرفان،فیضان ام عطار شفیع کا بھٹہ سیالکوٹ
کسی شخص کی موجودگی یا غیر موجودگی میں اس پر جھوٹ باندھنا بہتان کہلاتا
ہے۔(حدیقہ ندیہ،2/200) اس کو آسان الفاظ میں یوں سمجھیے کہ برائی نہ ہونے کے
باوجود اگر پیٹھ پیچھے یا روبرو وہ برائی اس کی طرف منسوب کر دی تو یہ بہتان
ہوا،مثلا پیٹھ پیچھے یا منہ پر ریاکار کہہ دیا اور وہ ریاکار نہ ہو یا اگر ہو بھی
تو آپ کے پاس کوئی ثبوت نہ ہو کیونکہ ریاکاری کا تعلق باطنی امراض سے ہے لہٰذا اس
طرح کسی کو ریا کار کہنا بہتان ہوا۔
5 فرامین مصطفیٰ:
1۔سات ہلاکت کی چیزوں سے بچو۔لوگوں نے پوچھا حضور وہ
کیا ہیں؟فرمایا:اللہ کے ساتھ شرک،جادو،ناحق اس جان کو ہلاک کرنا جو اللہ نے حرام
کی،سود خوری،یتیم کا مال کھانا،جہاد کے دن پیٹھ دکھا دینا،پاکدامن مؤمنہ بے خبر بیبیوں
کو بہتان لگانا۔ (بخاری،مسلم)
2۔قبیلہ بکر بن لیث کا ایک شخص نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو اس نے ایک
عورت سے زنا کا اقرار چار بار کر لیا،چنانچہ اس کو سو کوڑے لگادیئے گئے،وہ کنوارا
تھا پھر اس سے عورت پر گواہ مانگے،عورت بولی یارسول اللہ!اللہ کی قسم اس نے جھوٹ
بولا تو اسے بہتان کی حد لگائی۔(ابو دود)
3۔ جو کسی مسلمان کو ذلیل کرنے کی غرض سے اس پر الزام عائد کرے تو اللہ پاک
اسے جہنم کے پل پر اس وقت تک روکے گا جب تک وہ اپنی کہی ہوئی بات (کے گناہ)سے (اس
شخص کو راضی کر کے یا اپنے گناہ کی مقدار عذاب پا کر) نہ نکل جائے۔(ابو داود)
4۔ جس نے کسی شخص کے بارے میں کوئی ایسی
بات ذکر کی جو اس میں نہیں تاکہ اس کے ذریعے اس کو عیب زدہ کردے تو اللہ پاک اسے
جہنم میں قید کر دے گا یہاں تک کہ وہ اس کے بارے میں اپنی کہی ہوئی بات ثابت
کرے۔(معجم الاوسط)
5۔ حضرت علی فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے انہیں فرمایا:تم میں حضرت عیسیٰ
علیہ السلام کی مثال ہے جن سے یہود نے بغض رکھا حتی کہ ان کی ماں کو تہمت لگائی
اور ان سے عیسائیوں نے محبت رکھی حتیٰ کہ انہیں اس درجہ میں پہنچا دیا جو ان کا نہ
تھا پھر فرمایا میرے بارے میں دو قسم کے لوگ ہلاک ہوں گے؛محبت میں افراط کرنے
والے،مجھے ان صفات سے بڑھائیں گے جو مجھ میں نہیں ہیں اور بغض کرنے والے،جن کا بغض
اس پر ابھا رے گا کہ مجھے بہتان لگائیں گے۔(احمد)
بہتان سے بچنے کا درس:افسوس ہمارے معاشرے میں لوگوں کا یہ حال ہو چکا ہے کہ وہ کسی کے بارے میں ایک
دوسرے سے ہزاروں غلط اور بے سروپا باتیں سنتے ہیں لیکن اکثر جگہ پر خاموش رہتے ہیں
اور بہتان تراشی کرنے والوں کو منع نہیں کرتے نہ ان کا رد کرتے ہیں،یہ طرز عمل
اسلامی احکام کے بر خلاف ہے اور ایک مسلمان کی یہ شان نہیں کہ وہ ایسا طرز عمل
اپنائے۔اللہ پاک مسلمانوں کو عقل سلیم اور ہدایت عطا فرمائے۔
ترغیب کےلیے یہاں ایک حدیث پاک ملاحظہ ہو، چنانچہ حضور اقدس ﷺ نے ارشاد
فرمایا: جہاں کسی مسلمان شخص کی بے حرمتی اور بے عزتی کی جاتی ہو ایسی جگہ جس نے
اس کی مدد نہ کی تو اللہ پاک وہاں اس کی مدد نہیں کرے گا جہاں اسے پسند ہو کہ اس
کی مدد کی جائے اور جو شخص ایسے موقع پر کسی مسلمان شخص کی مدد کر ے گا جہاں اس کی
بے حرمتی اور بے عزتی کی جا رہی ہو تو اللہ پاک ایسے موقع پر اس کی مدد فرمائے گا
جہاں اسے محبوب ہو کہ مدد کی جائے۔
بہتان کی چند مثالیں:ہمارے معاشرے میں بہتان کے حوالے سے بہت سی مثالیں مل جاتی ہیں ان میں سے چند
یہ ہیں؛ دنیاوی عہدے حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے پر الزام تراشی کی جاتی ہے،اسی
طرح نیک اور پارسا عورتوں پر اپنے مفادات کے لیے لوگ بدکاریوں کے الزامات لگا دیتے
ہیں،اگر کوئی طالبِ علم لائق ہے اپنے استاد کا منظورِ نظر ہے تو اس سے حسد کرنے
والے اس کے بارے میں غلط اور جھوٹی باتیں کر کے اسے نیچا دکھانے کی کوشش کرتے
ہیں،یہ بھی بہتان کی ایک مثال ہے۔
معاشرتی نقصانات:سب جانتے
ہیں کہ بے بنیاد باتوں کو لوگوں میں پھیلانے،جھوٹ بولنے اور افواہ کا بازار گرم
کرنے سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوتا ہاں!اتنی بات تو ضرور ہے کہ یہی جھوٹ چاہے جان
کر ہو یا انجانے میں ہو کتنے لوگوں کو ایک آدمی سے بدظن کر دیتا ہے،لڑائی،جھگڑا
اور خون و خرابہ کا ذریعہ ہوتا ہے،کبھی تو بڑے بڑے فساد کا سبب بنتا ہے اور بسا
اوقات پورے معاشرے کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیتا ہے،جب جھوٹ بولنے والی کی حقیقت
لوگوں کے سامنے آتی ہے تو وہ بھی لوگوں کی نظر سے گر جاتا ہے،اپنا اعتماد کھو
بیٹھتا ہے اور پھر لوگوں کے درمیان اس کی کسی بات کا کوئی اعتبار نہیں ہوتا۔