اسلام میں اُخوت
و بھائی چارے کی بڑی اہمیت ہے،اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اللہ پاک
خود قرآنِ مجید میں ارشاد فرماتا ہے:1۔ترجمۂ
کنز الایمان:اور اللہ کااحسان اپنے اوپریاد کرو جب تم میں بیر تھا(دشمنی تھی) اس نے تمہارے
دلوں میں ملاپ کردیا تو اس کے فضل سے تم آپس میں بھائی ہوگئے ۔(پ4، الِ عمران : 103)2۔ترجمۂ کنز الایمان:مسلمان مسلمان بھائی ہیں تو اپنے دو بھائیوں
میں صُلْح کرو اور اللہ سے ڈرو
کہ تم پر رَحمت ہو۔( پ26، الحجرات:10)نبی کریم صلی اللہُ علیہ
واٰلہٖ وسلم نے اُخوتِ اسلامیہ اور اس کے حقوق کے بارے میں ارشاد فرمایا:مسلمان
مسلمان کا بھائی ہے، اس پر خود ظلم کرتا ہے اور نہ اسے بےیار و مددگار چھوڑتا ہے
اور نہ اسے حقیر جانتا ہے، پھر آپ صلی اللہُ علیہ
واٰلہٖ وسلم نے اپنے قلبِ مبارک کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تین بار یہ
الفاظ ارشاد فرمائے:تقویٰ کی جگہ یہ ہے، کسی شخص کے برا ہونے کیلئے یہی کافی ہے کہ
وہ اپنے مسلمان بھائی کو حقیر جانے، ہر مسلمان پر دوسرے مسلمان کا خون، مال اور
عزت حرام ہے۔(مسلم، 2/ 317)نبی ِکریم صلی
اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:تم میں سے کوئی
شخص اس وقت تک کامل ایمان والا نہیں ہوسکتا، جب تک کہ اپنے بھائی کیلئے وہی پسند
نہ کرے، جو وہ اپنے لئے پسند کرتا ہے۔( بخاری، 1/ 6، حدیث: 13)گویا کہ اُخوت و محبت کی بنیاد ایمان اور اسلام ہے یعنی سب
کا ایک ربّ، ایک رسول صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم، ایک کتاب، ایک قبلہ اور ایک دین ، دینِ اسلام ہے۔اسلام ایک
عالمی دین ہے اور اس کے ماننے والے عربی ہوں یا عجمی، گورے ہوں یا کالے،کسی قوم یا
قبیلے سے تعلق رکھتے ہوں،مختلف زبانیں بولنے والے ہوں، سب بھائی بھائی ہیں اور ان
کی اس اُخوت کی بنیاد ہی ایمانی رشتہ ہے اور اس کے بالمقابل دوسری جتنی اُخوت کی
بنیادیں ہیں، سب کمزور ہیں اور ان کا دائرہ نہایت محدود ہے، یہی وجہ ہے کہ اسلام
کے ابتدائی دور میں جب بھی ان بنیادوں کا آپس میں تقابل ہوا، تو اُخوتِ اسلامیہ کی
بنیاد ہمیشہ غالب رہی،آج بھی مشرق و مغرب اور دنیا کے گوشے گوشے سے آئے ہوئے
مسلمان جب حج میں حرمینِ شریفین میں جمع ہوتے ہیں تو ایک دوسرے سے اس گرم جوشی سے
ملتے ہیں، جیسے برسوں سے ایک دوسرے کو جانتے ہوں۔
اُمت میں اُخوتِ
اسلامی پیدا کرنے کیلئے محبت، اخلاص، وحدت اور خیرخواہی جیسی صفات لازمی ہیں، جو اللہ پاک
کے ہاں بڑی نعمت شمار ہوتی ہیں۔اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اُخوت و بھائی چارے کی
اہمیت کو سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے اور اپنے مسلمان بھائی کے حقوق ادا کرنے کی
سعادت نصیب فرمائے۔ اٰمین بجاہِ النبی الکریم صلی
اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم