تلاوتِ قرآن کے فضائل و فوائد مع تلاوت قرآن کا معمول کیسے بنائیں اللہ پاک
کا بڑا بابرکت کلام قرآنِ پاک،جو اللہ پاک
کے محبوب ،آخری نبی ﷺ پر نازل ہوا۔ اس کو پڑھنا،پڑھانا،سننا سنانا
ثواب کاکام ہے۔قرآن پاک روشن نور ہے۔ یہ آقا کریم ﷺ کا سب
سے بڑا معجزہ ہے۔ یہ بڑی عظمت والی کتاب ہے۔ اس پاک کلام کی تلاوت سے لذت و سرور
ملتا ہے۔اس کا ایک حرف پڑھنے پر 10 نیکیاں ملتی ہیں۔
آخری نبی ﷺ نے فرمایا:جو شخص کتاب اللہ کا ایک حرف پڑھے گا،اس کو ایک نیکی ملے گی
جو دس کے برابر ہو گی۔میں یہ نہیں کہتا الم ایک حرف ہے بلکہ الف ایک حرف ،لام ایک
حرف اور میم ایک حرف ہے۔ (سنن الترمذی ج 4،ص 417،حدیث 2919) (تلاوت کی فضیلت* ص
4)
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ
بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے مجھ سے فرمایا:اے بیٹے!صبح و شام تلاوتِ قرآن
سے غافل نہ ہونا کیوں کہ قرآن مرده دل کو زندہ کرتا ہے اور بے حیائی اور برے کاموں
سے روکتا ہے۔( مسند الفردوس ،368/5،حدیث 8459)( دین و دنیا کی انوکھی باتیں* ص 60،61)
آقا کریم ﷺ نے
فرمایا:بے شک دلوں کو بھی زنگ لگ جاتا ہے جیسا کہ لوہے کو زنگ لگ جاتا ہے۔عرض کی،یارسول
اللہ ﷺ! اس کی صفائی کس چیز سے ہو گی؟فرمایا:تلاوتِ
قرآن اور موت کو بکثرت یاد کرنے سے۔ (شعب الایمان باب فی تعظیم القرآن، فصل فی ارمان
تلاوته 353/2،حدیث 2014) ( دین و دنیا کی انوکھی باتیں ج 1ص62)
حضرت عمرو بن میمون رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا:جو نماز فجر پڑھ کر قرآنِ
پاک کھولے اور اس کی 100 آیتیں تلاوت کرے تو اسے تمام دنیا والوں کے عمل کے برابر
ثواب ملے گا۔ ( دین و دنیا کی انوکھی باتیں ج1 ص62) امیرُالمؤمِنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کے فرمان کے مطابق نماز میں
کھڑے ہو کر تلاوتِ قرآن کرنے سے ہر حرف کے بدلے 100 نیکیاں اور نماز میں بیٹھ کر
تلاوت کرنے سے 50 نیکیاں ملتی ہیں۔نماز کے علاوہ باوضو قرآن پڑھنے سے ہر حرف کے
بدلے 25 نیکیاں جبکہ(چھوئے بغیر) بے وضو پڑھنے سے 10 نیکیاں ملتی ہیں۔ ( دین و دنیا
کی انوکھی باتیں ج1 ص62)
پیاری بہنو!قرآنِ پاک دیکھ کر پڑھنا زبانی پڑھنے سے افضل ہے کہ اس میں
پڑھنا،دیکھنا اور ہاتھ سے چھونا عبادت ہے۔ اللہ کی رضا کے لیے اخلاص کے ساتھ،باادب
تلاوت کریں۔باوضو،قبلہ رو،اچھے کپڑےپہن کر تلاوت کرنا مستحب ہے۔تلاوت کے آغاز میں
تعوذ پڑھنا مستحب ہےاور ابتدائے سورت میں بسم اللہ سنت ورنہ مستحب۔ (بہار شریعت* ج 1 حصہ 3 ص
550،تلاوت کی فضیلت ص 12، 11) دورانِ
تلاوت یہ کیفیت بنائیں کہ اللہ کودیکھ رہی
ہوں یا یہ کہ اللہ مجھے دیکھ رہا ہے۔خشوع
وخضوع اور غوروفکر کرتے ہوئے تلاوت کریں۔بعض بزرگانِ دین ایک آیت تلاوت فرماتے اسی
پر غوروفکر کرتے رہتے حتی کہ رات گزر جاتی۔قرآن پاک کو اچھی آواز سے پڑھیں لیکن
گانے والا انداز اختیار نہ کریں۔قواعدِ تجوید سے پڑھیں۔قرآن پاک بلند آواز سے
پڑھنا افضل ہے۔بشرطیکہ کسی کو تکلیف نہ ہو۔تلاوت کرتے وقت رونا یا رونے جیسے شکل
بنا لینا مستحب عمل ہے۔تلاوت کے دوران رونا عارفین اور اللہ کے نیک بندوں کی صفت ہے۔ (دین و دنیا کی
انوکھی باتیں ج 1 ص 65،66 ) 8- (دین و دنیا
کی انوکھی باتیں ج 1 ص66)
قرآن پاک کی تلاوت نماز میں
سب سے افضل ہے،دن میں فجر کے بعد کا وقت سب سے افضل،رات میں نصف آخر میں تلاوت نصف
اول وقت سے افضل،مغرب وعشاءکے درمیان تلاوت کرنا بھی افضل ہے۔ اوقاتِ مکروہ میں
قرآنِ پاک کی تلاوت بہتر نہیں،بہتر یہ ہے کہ ذکرو درود شریف میں مشغول رہے۔(بہار
شریعت حصہ 3) (455/1) دعا ہے اللہ پاک ہمیں
اخلاص کے ساتھ غوروفکر کرتے ہوئے تلاوت کرنے کی توفیق عطا فرماۓ آمین بجاہ خاتم النبیین