(1)  ام المؤ منین حضرتِ سیدتنا ام حبیبہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے سرکارِ والا تَبار، ہم بے کسوں کے مددگار، شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختار، حبیبِ پروردگارصلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا کہ'' جو شخص پابندی کے ساتھ ظہر سے پہلے اور بعد میں چار چار رکعتیں ادا کریگا اللہ پاک اس پر جہنم کو حرام فرمادے گا ۔'' جبکہ ایک روایت میں ہے کہ'' اس کے چہرے کو جہنم کی آگ کبھی نہ چھوسکے گی۔'' (مسند احمد ،حدیث ام حبیبہ بنت ابی سفیان ،10/232،حدیث: 26825 ، بتغیر قلیل)

(2) حضرتِ سیدنا براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم، رسول اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ، ''جس نے ظہر سے پہلے چار رکعتیں ادا کیں گویا کہ اس نے وہ رکعتیں رات کو تہجد میں ادا کیں اور جو چار رکعتیں عشاء کے بعد ادا کرے گا تویہ شب قدر میں چار رکعتیں ادا کرنے کی مثل ہیں۔'' (طبرانی اوسط ،4/386، حدیث:6332 )

(3) حضرتِ سیدنا ثوبان رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم نصف النہا ر کے بعد نماز پڑھنا پسند فرمایا کرتے تھے۔ ام المؤمنین حضرتِ سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہانے عرض کیا ،''یا رسول اللہ! میں دیکھتی ہوں کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس گھڑی میں نماز پڑھنا پسند فرماتے ہیں؟'' توارشاد فرمایا، ''اس گھڑی میں آسمانوں کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں اور اللہ پاک اپنی مخلوق پر نظرِ رحمت فرماتاہے اور یہ وہی نماز ہے جسے حضرتِ سیدنا آدم ونوح و ابراہیم و موسیٰ و عیسیٰ علیہم السلام پابندی سے ادا کیا کرتے تھے ۔'' (الترغیب والترہیب ،کتاب النوافل،الترغیب فی الصلوۃ قبل الظھر وبعدھا ،1/225،حدیث:5)

(4) ا میرالمومنین حضرتِ سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ، صاحبِ معطر پسینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا کہ'' زوال کے بعد ظہر سے پہلے چاررکعتیں اداکرنا صبح میں چا ر رکعتیں ادا کرنے کی طر ح ہے اور اس گھڑی میں ہر چیز اللہ پاک کی تسبیح بیان کرتی ہے پھر آپ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم نے یہ آیت مبارکہ تلاوت فرمائی: یَّتَفَیَّؤُا ظِلٰلُهٗ عَنِ الْیَمِیْنِ وَ الشَّمَآىٕلِ سُجَّدًا لِّلّٰهِ وَ هُمْ دٰخِرُوْنَ(۴۸) ترجَمۂ کنزُالایمان:اس کی پرچھائیاں داہنے اوربائیں جھکتی ہیں اللہ کو سجد ہ کرتی اور وہ اس کے حضور ذلیل ہیں۔'' (پ14 ، نحل : 48) (سنن ترمذی ، کتا ب التقدیر،با ب ومن سورۃ النحل،5/88 ،حدیث: 3139)

(5) حضرتِ سیدنا ابو ایوب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ، ''ظہر سے پہلے جوچار رکعتیں ایک سلام سے ادا کی جاتی ہیں ،ان کے لئے آسمانوں کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں ۔'' (سنن ابی داؤد ، کتاب التطوع ،با ب الاربع قبل الظھر،2/35، حدیث: 1270)

یا اللہ پاک ہمیں بھی ان فرامین مصطفی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر عمل کرتے ہوئے نماز ظہر سمیت پانچوں نمازیں وقت پر ہی ادا فرمانے کی توفیق عطا فرما اور باجماعت ادا فرمانے کی توفیق عطا فرما۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم