(1) ام المؤ منین حضرتِ سیدتنا ام حبیبہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے سرکارِ والا تَبار، ہم بے کسوں کے مددگار، شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختار، حبیبِ پروردگارصلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا کہ'' جو شخص پابندی کے ساتھ ظہر سے پہلے اور بعد میں چار چار رکعتیں ادا کریگا اللہ پاک اس پر جہنم کو حرام فرمادے گا ۔  (مسند احمد ،10/232،حدیث: 26825 ، بتغیر قلیل)

(2) حضرتِ سیدنا عبد اللہ بن سائب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ آقائے کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم زوالِ شمس کے بعد ظہر سے پہلے چار رکعتیں ادا فرمایا کرتے اورارشاد فرماتے کہ یہ وہ گھڑی ہے جس میں آسمانوں کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں لہذا میں پسند کرتاہوں کہ اس گھڑی میں میر اکوئی نیک عمل آسمانوں تک پہنچے۔(مسند احمد ،2/250، حدیث: 15396،بتغیر قلیل)

(3) حضرتِ سیدنا براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ، ''جس نے ظہر سے پہلے چار رکعتیں ادا کیں گویا کہ اس نے وہ رکعتیں رات کو تہجد میں ادا کیں اور جو چار رکعتیں عشاء کے بعد ادا کرے گا تویہ شب قدر میں چار رکعتیں ادا کرنے کی مثل ہیں۔'' (طبرانی اوسط ،4/386، حدیث:6332 )

(4) حضرتِ سیدنا ثوبان رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم نصف النہا ر کے بعد نماز پڑھنا پسند فرمایا کرتے تھے۔ ام المؤمنین حضرتِ سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہانے عرض کیا ،''یا رسول اللہ! میں دیکھتی ہوں کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس گھڑی میں نماز پڑھنا پسند فرماتے ہیں؟'' توارشاد فرمایا، ''اس گھڑی میں آسمانوں کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں اور اللہ پاک اپنی مخلوق پر نظرِ رحمت فرماتاہے اور یہ وہی نماز ہے جسے حضرتِ سیدنا آدم ونوح و ابراہیم و موسیٰ و عیسیٰ علیہم السلام پابندی سے ادا کیا کرتے تھے ۔'' (الترغیب والترہیب ،کتاب النوافل،الترغیب فی الصلوۃ قبل الظھر وبعدھا ،1/225،حدیث:5)

(5) حضرتِ سیدناقابوس رضی اللہ عنہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ میرے والد ِمحترم رضی اللہ عنہ نے مجھے ام المومنین حضرتِ سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے یہ پوچھنے کیلئے بھیجا کہ'' اللہ پاک کے مَحبوب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم کس نماز کو پابندی کے ساتھ اداکرنا پسند فرمایا کرتے تھے؟''تو آپ رضی اللہ عنہا نے فرمایا کہ'' نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم ظہر سے پہلے چار رکعتیں ادا فرمایا کرتے اور ان میں طویل قیام فرمایا کرتے اور ان رکعتوں کے رکوع وسجود نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ ادا فرماتے۔ ( سنن ابن ما جہ ، 2/39، حدیث: 1156)