قطع تعلقی کی مذمت از ہمشیرہ محمد وقاص خان، خوشبوئے عطار گلشن کالونی واہ
کینٹ
قطع تعلقی یعنی تعلقات توڑنا ایک معیوب عمل ہے جو انسان کو حسنِ اخلاق سے
محروم کر دیتا ہے اور رب کی ناراضگی کا باعث بنتا ہے۔ صدرُالشریعہ مولانا امجد علی
اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: صلۂ رحم کے معنی رشتہ کو جوڑنا ہے، یعنی رشتہ
والوں کے ساتھ نیکی اور سلوک کرنا، ساری امت کا اس پر اتفاق ہے کہ صلۂ رحم واجب
ہے اور قطع رحم (یعنی رشتہ کاٹنا) حرام ہے۔ (بہارِ شریعت، 3/558، حصہ: 6) یاد رہے
قطع تعلقی ظلم کی ایک بد تر صورت جسکی احادیثِ مبارکہ میں سخت مذمت بیان کی گئی ہے،
چنانچہ
فرامینِ مصطفیٰ:
1۔ شراب کا عادی، جادو پریقین رکھنے والا اور قطع رحمی کرنے والا جنت میں داخل
نہ ہوگا۔ (الاحسان بترتیب صحیح ابن حبان، 7/648، حدیث: 6104)
2۔ جس قوم میں رشتہ داری توڑنے والا ہوتا ہے اس پر رحمت نہیں اترتی۔ (شعب الایمان،
6/223، حدیث: 7962)
3۔ کسی مسلمان کو یہ حلال نہیں کہ وہ کسی مسلمان کو تین دن سے زیادہ چھوڑے رہے
تو اگر اس پر تین دن گزر جائیں تو یہ اس سے ملے اسے سلام کرے پھر اگر وہ اسے سلام
کا جواب دے دے تو دونوں ثواب میں شریک ہوگئے اور اگر جواب نہ دے تو وہ گناہ کے
ساتھ لوٹا سلام کرنے والا چھوڑنے سے نکل گیا۔ ( مراة المناجیح، 6/ 414)
4۔ رشتہ کاٹنے والا جنت میں نہیں جائے گا۔ (مسلم، ص 1383، حدیث: 2556)
5۔ جس گناہ کی سزا دنیا میں بھی جلد ہی دیدی جائے اور اس کے لئے آخرت میں بھی
عذاب رہے وہ بغاوت اور قَطع رَحمی سے بڑھ کر نہیں۔ (ترمذی، 4 / 229،حدیث: 2519)
اے حسنِ اخلاق کے طلبگارو! شیطان انسان کو قطع تعلقی پر ابھارنے کیلئے طرح طرح
کے حیلے بہانوں پر ابھارتا ہے اور دل میں یہ وسوسہ ڈالتا ہے کہ فلاں کا رویہ میرے
ساتھ ایسا تھا، فلاں نے مجھے طعن و تشنیع کا نشانہ بنایا تو میں کیوں اچھائی کروں
تو ذہن نشین فرما لیجیے کہ صلۂ رحمی اس کا نام نہیں کہ وہ سلوک کرے تو تم بھی
کرو، یہ چیز تو حقیقت میں مکافاۃ یعنی ادلا بدلا کرنا ہے حقیقی مزہ تو تب ہی ہے کہ
وہ کاٹے تم اس سے جوڑو، وہ تم سے دور جانا چاہتا ہے بے اعتنائی کرتا ہے تو تم اس
کے ساتھ رشتے کے حقوق کی مراعات کرو اور یہ سب محض رضائے رب الانام کیلئے ہو۔ اللہ
پاک ہمیں قطع تعلقی سے بچائے اور صلح رحمی کو اپنا شعار بنانے کی توفیق مرحمت
فرمائے۔ آمین