اہل سنت کا عقیدہ ہے کہ ہمارے پیارے آقا ﷺ اپنے رب کے اذن و حکم سے دافع
البلاء ہیں یعنی مسائل کو حل فرماتے ہیں بلاؤں کو دفع فرماتے ہیں اور اسیروں کے
مشکل کشا ہیں، اس عقیدے کی دلیل یہ ہے کہ اللہ پاک نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا:
آیت نمبر 1۔ وَ مَا كَانَ اللّٰهُ لِیُعَذِّبَهُمْ وَ اَنْتَ فِیْهِمْؕ-(پ 9، الانفال: 33) ترجمہ: اللہ کہ یہ شان نہیں کہ انہیں
عذاب دے جب تک اے حبیب تم ان میں تشریف فرما ہو۔ سبحٰن اللہ ہمارے حضور دافع
البلاء ﷺ کفار پر سے بھی سبب دفعِ بلاء ہیں کہ مسلمانوں پر تو خاص رؤف رحیم ہیں۔
آیت نمبر 2۔ وَ لَوْ اَنَّهُمْ
اِذْ ظَّلَمُوْۤا اَنْفُسَهُمْ جَآءُوْكَ فَاسْتَغْفَرُوا اللّٰهَ وَ اسْتَغْفَرَ
لَهُمُ الرَّسُوْلُ لَوَجَدُوا اللّٰهَ تَوَّابًا رَّحِیْمًا(۶۴) (پ 5، النساء: 64) ترجمہ: اگر وہ اپنی جانوں پر ظلم کر
بیٹھیں تو اے حبیب تمہاری بارگاہ میں حاضر ہوجائیں پھر اللہ سے معافی مانگیں اور
رسول بھی ان کی مغفرت کی دعا فرمائیں تو ضرور اللہ کو بہت توبہ قبول کرنے والا
مہربان پائیں۔ آیت کریمہ میں بالکل صاف واضح ہوا کہ حضور ﷺ کی بارگاہ میں حاضری
سبب قبول توبہ و دفع بلائے عقاب ہے اور اس آیت مبارکہ سے حضور ﷺ کے دافع البلاء
ہونے کا وصف رب کریم نے خود بیان فرمایا کہ وہ چاہے تو یونہی گناہ بخش دے مگر
ارشاد فرمایا کہ اے لوگو! اگر اپنے گناہ معاف کروانا چاہو تو میرے محبوب کی بارگاہ
میں آجاؤ اور پھر اگر میرے محبوب تمہارے لیے دعائے بخشش کردیں تو میں رب بھی
تمہارے گناہ معاف فرمادوں گا۔ سیدی اعلیٰ حضرت کیا خوب فرماتے ہیں:
مجرم بلائے آئے
ہیں جاءوک ہے گواہ پھر رد ہو
کب یہ شان کریموں کے در کی ہے
آیت نمبر 3۔ وَ مَاۤ
اَرْسَلْنٰكَ اِلَّا رَحْمَةً لِّلْعٰلَمِیْنَ(۱۰۷) (پ 17، الانبیاء: 107) ترجمہ: اور ہم نے تمہیں تمام جہاں کے لیے رحمت بنا کر
ہی بھیجا۔ اس آیت مبارکہ میں فرمایا گیا کہ حضور ﷺ رحمت ہیں اور رحمت ہی وہ چیز
ہوتی ہے جو سبب دفعِ بلا و زحمت ہوتی ہے۔
حدیث مبارکہ: حضرت انس رضی
اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں لوگوں کو سخت قحط سالی پہنچی تو
جب نبی ﷺ خطبہ پڑھ رہے تھے جمعہ کے دن ایک دیہاتی اٹھا بولا: یا رسول اللہ مال
برباد ہوگیا اور بچے بھوکے ہوگئے آپ ہمارے لیے اللہ سے دعا فرمائیں تو حضور ﷺ نے
اپنے ہاتھ اٹھائے ہم آسمان میں بادل نہیں دیکھتے تھے، تو اس کی قسم جس کے قبضہ
قدرت میں میری جان ہے کہ حضور نے ہاتھ نیچے نہ کیے حتیٰ کہ بادل پہاڑوں کی طرح
اٹھا پھر حضور اپنے منبر سے نہ اترے حتیٰ کہ میں نے آپ کی داڑھی پر بارش ٹپکتی
دیکھی۔ (مراٰۃ المناجیح، جلد 8، حدیث: 590) اس طرح کی کئی روایات اس بات پر دلالت
کرتی ہیں کہ حضور ﷺ دافع البلاء ہیں کہ کبھی کسی صحابی کا غزوہ میں بازو کٹ جاتا
ہے تو وہ حضور کی بارگاہ میں حاضر ہوجاتے ہیں حضور اپنا لعاب دہن لگا کر ان کے
بازو کو درست فرماتے ہیں اور انہیں اس بلاء سے نجات بخشتے ہیں، اسی طرح کسی صحابی
کی تیر لگنے سے آنکھ نکل جاتی ہے تو وہ حضور کی بارگاہ میں حاضر ہوجاتے ہیں تو
حضور انہیں اس بلاء سے نجات بخشتے ہیں، دنیا میں بھی حضور دافع البلاء ہیں اور آخرت
میں بھی کہ قبر کی وحشت اور اندھیرے سے نجات حضور کے کرم سے ملے گی وہ تشریف لائیں
گے تو قبر کے اندھیرے سے نجات ملے گی۔ اعلیٰ حضرت فرماتے ہیں:
قبر میں لہرائیں
گے تاحشر چشمے نور کے جلوہ
فرما ہوگی جب طلعت رسول اللہ کی
اور آخرت کی ہولناکیوں سے نجات بھی حضور کے کرم سے ملے گی کہ حضور وہاں بھی
دافع البلا ہوں گے اور آپ ہی کے صدقے سے آپ کی امت کے گنہگار لوگ محشر و پل صراط
کی سختیوں اور بلاؤں سے بچ کر داخل جنت ہوں گے۔ اعلیٰ حضرت فرماتے ہیں:
رضا پل سے اب وجد
کرتے گزریئے کہ ہے رب سلم
دعائے محمد
پائے کوباں پل سے
گزریں گے تیری آواز پر رب
سلم کی صدا پر وجد لاتے جائیں گے