غصے کی تعریف: کسی خلافِ طبیعت چیز یا بات پر نفس کے جوش مارنے کی کیفیت کا نام غصہ ہے مفسیرِ شہیر حکیم الامت حضرت مفتی احمد یار خان فرماتے ہیں: غضب یعنی غُصہ نفس کے اُس جوش کا نام ہے جو دوسرے سے بدلہ یا اسے دفع دور کرنے پر اُبھارے۔(مراۃ المناجیح)

حضرت حسن رضی اللہ تعالی عنہ نے فرمایا: اے ابن آدم! تو غصے میں اتنا اچھلتا ہے کہ ڈر لگتا ہے کہ شاید اب کی اچھل میں دوزخ میں جا پڑے۔ غصہ انسان کے ہوش و حواس ختم کر دیتا ہے اور اس کے ٹھنڈا ہونے پر ہمیں اپنے نقصان کا اندازہ ہوتا ہے جو کہ لوٹایا نہیں جا سکتا۔

آئیے غصے کے مذمت پر چند احادیث مبارکہ سننے کی سعادت حاصل کرتے ہیں

حدیث نمبر 1:- طاقتور کون ہے:- حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ نے ارشاد فرمایا طاقتور وہ نہیں ہے جو (اپنے مقابل کو) پچھاڑ دے بلکہ طاقتور وہ ہے جو غصہ کی حالت میں اپنے آپ پر قابو پالے۔ (سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب الادب :4779) (بخاری)

حدیث نمبر 2:- حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے نبی کریم سے عرض کیا کہ مجھے کوئی وصیت فرمادیجئے؟ آپ نے ارشاد فرمایا غصہ نہ کیا کرو۔ اس شخص نے اپنی (وہی) درخواست کئی بار دہرائی۔آپ نے ہر مرتبہ یہی ارشاد فرمایا غصہ نہ کیا کرو۔ (جامع ترمذی، جلد اول باب البر والصلۃ :2020)

حدیث نمبر 3:- غصہ ائے تو کیا کریں:- حضرت عطیہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ نے ارشاد فرمایا: غصہ شیطان (کے اثر) سے ہوتا ہے۔ شیطان کی پیدائش آگ سے ہوئی ہے اور آگ پانی سے بجھائی جاتی ہے لہذا جب تم میں سے کسی کو غصہ آئے تو اس کو چاہئے کہ وضو کرلے۔(سنن ابی داوُ د، جلد سوئم کتاب الادب :4784)

حدیث نمبر 4:- امن اور ایمان سے برھ گیا:- حضرت ابو ہریرہ (رضی اللہ عنہ) بیان کرتے ہیں کہ نبی اکرم ()نے فرمایا جس شخص نےغصہ ضبط کر لیا حالانکہ وہ اس کے اظہار پر قادر تھا ،اللہ تعالیٰ اس کو امن اور ایمان سے بھر دے گا‘‘- (جامع البیان، ج: 4، ص:61)

حدیث نمبر 5:- ایمان خراب:- رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا غصہ ایمان کو اس طرح خراب کر دیتا ہے جس طرح ایلوا شہد کو خراب کر دیتا ہے ۔ مشکاۃ المصابیح حدیث (5118)

اللہ تبارک و تعالی سے دعا ہے کہ اللہ پاک ہمیں غصے جیسی گناہوں بری بیماریوں سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے ۔امین بجاہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم