تعارف اعلیٰ حضرت

Mon, 1 Jun , 2020
4 years ago

تعارف، آباءواَجداد: اعلیٰ حضرت امامِ اہلِ سنّت مولانا شاہ امام احمدرضا خان علیہ رحمۃ الرَّحمٰن 10 شوال،1272ھ مطابق 14جون 1856ء کو ہند کے شہر بریلی میں پیدا ہوئے،آپ صاحبِ ثروت دینی وعلمی گھرانے کے چشم وچراغ تھے۔ آپ کا نام محمد ہے، دادا نے اَحمد رضا کہہ کر پکارا اور اسی نام سے مشہور ہوئے، آپ کے آباء و اَجداد (Ancestors) اَفغانستان کے صوبہ قندھار کے قبیلہ بڑہیچ کے پٹھان تھے، ہجرت کرکے مرکز الاولیاء لاہور آئے اور پھر دہلی چلے گئے، آپ کےوالد علّامہ مفتی نقی علی خان قادری، دادا مولانا رضا علی خان نقشبندی اور پیر و مرشد کا نام سیّد شاہ آلِ رسول مارہروی قادری رحمہم اللہ تھا جو علم، مَعرِفت، تقویٰ و پرہیزگاری میں اپنی مثال آپ تھے۔

بچپن: اعلیٰ حضرت کا بچپن پاکیزہ اَخلاق، اِتباعِ سنت اورحُسنِ سیرت سے مُزَیَّن تھا، ابتدائی تعلیم والدِ گرامی سے حاصل کی، چار سال کی عمر میں ناظرہ قراٰنِ مجیدختم کر لیا، حافظہ ایسا مضبوط تھا کہ ایک دو بارسبق دیکھ کر کتاب بند کر دیتے اور اُستاد کو لفظ بہ لفظ سنا دیتے، 6سال کی عمر میں میلادُ النبی کے موضوع پرایک بڑے اجتماع میں بیان فرمایا،پانچوں نمازیں تکبیرِاُولیٰ کے ساتھ مسجد میں باجماعت ادا فرماتے، نگاہیں جھکا کر چلتے، 7سالکی عمر سے رمضان کے روزے رکھنا شروع کردیئے۔

حصولِ علم: صرف 13 سال 10ماہ کی عمر میں اپنے والد سے تمام علوم کی تکمیل کے بعد سندِ فراغت حاصل کی اور پہلا فتویٰ تحریر فرمایا، پھر آخر وقت تک فتاویٰ تحریرفرماتے رہے۔کم و بیش 70 علوم میں قلم اُٹھایا، قراٰن و حدیث سمیت ہر فنّ میں دَسْترَس حاصل تھی، علمِ توقیت (Timings) میں تو اِس قدر کمال تھا کہ دِن میں سورج اور رات میں ستارے دیکھ کر اِس طرح گھڑی ملالیتےکہ ایک منٹ کا بھی فرق نہ ہوتا، دِینی علوم،قراٰن، تفسیر، حدیث، اُصولِ حدیث، فقہ، اُصولِ فقہ، تَصَوُّف وغیرہ کے ساتھ دُنیوی علوم، علمِ ریاضی (Mathematics)، علمِ تکسیر، علمِ ہیئت (Astronomy)، علمِ جَفَر وغیرہ میں بھی مہارت رکھتے تھے، پورا قراٰنِ مجید فقط ایک ماہ میں حفظ کرلیا تھا، آپ کی حاضرجوابی سے لوگ حیران وشَشْدر رَہ جاتے، جوحوالہ بیان فرماتے بعینہٖ اسی کتاب اورصفحے پر ہوتا ایک لائن کا بھی فرق نہ ہوتا، ہزاروں کتب اورلاکھوں مختلف علمی مسائل کا چلتا پھرتا ذَخیرہ تھے، اکثر تصنیف و تالیف میں مصروف رہتے، ترجمۂ قراٰن کنزالایمان سمیت مختلف عنوانات پر اردو، عربی اور فارسی زبان پرمشتمل کم و بیش 1000 کتابیں لکھیں، ”فتاویٰ رضویہ“ جدید 30 جلدوں میں آپ کی علمیت کا نہایت عظیم شاہکار ہے۔ آپ کے اساتذہ کی تعداد کم اور تلامذہ کی تعداد کثیرہے۔

نکاح و اولاد: 19سال کی عمر میں نکاح فرمایا، کُل سات اولادیں ہوئیں، پانچ بیٹیاں اور دو بیٹے شیخُ العلماء و حُجَّۃالاسلام مولانا حامد رضا خان،مفتیِ اعظم ہند مولانا مصطفےٰ رضا خان، پھراِن سے مزید اولاد کا سلسلہ چلا۔

حج و زیاراتِ مکہ و مدینہ: 2 بارحج کی سعادت حاصل کی، پہلی بار والدین کے ساتھ گئے اور بڑے بڑے علمائے مکہ و مدینہ سے حدیث، فقہ، اُصولِ تفسیرو دیگرعلوم کی سَنَدیں حاصل کیں، دوسری بار دیگر گھر والوں کے ساتھ گئے اور کِبار علمائے مکہ و مدینہ نے آپ سے سندیں و خِلافَتیں حاصل کیں اور دونوں بار نہایت ہی اِعزاز و اِکرام سے پیش آئے، دوسری بار روضہ ٔمبارکہ پر حالتِ بیداری میں حضور علیہ الصلٰوۃ و السَّلام کی زیارت سے مشرف ہوئے۔

عشقِ رسول: آپ عشقِ حبیبِ خدا کا سَرتا پا نمونہ تھے، محفلِ میلاد شریف میں ادباً دو زانو بیٹھے رہتے، ہرہرادا سنتِ مصطفےٰ کے مطابق ہوتی، پاؤں پھیلا کر نہ سوتے بلکہ اس طرح سوتے کہ جسم کی ہیئت لفظِ محمدجیسی ہوجاتی، پوری زندگی حضور علیہ الصَّلٰوۃوالسَّلام کی مدح و ثنا کرتے رہے، عظیم الشان نعت گو شاعر تھے، آپ کا نعتیہ دیوان ”حدائقِ بخشش“ عشق ومحبتِ محبوبِِ خدا عَلَیْہِ التَّحِیَّۃُ وَالثَّنَاء کی خوشبوؤں سے مہک رہاہے۔

عادات و اَوصاف: والدین کے ایسے اِطاعت گزارکہ دوسرے حج کیلئے بِلا اجازتِ والدہ جانا گوارا نہ کیا، علمائے اَہلِ سنّت کے ساتھ نہایت ہی عزت وتکریم (Respect)سے پیش آتے، خُصُوصاً ساداتِ کرام سے بہت محبت فرماتے، مسلمانوں کی دِل جوئی،حوصلہ افزائی اور اِصلاح کا جذبہ آپ کی ذات میں کُوٹ کُوٹ کربھرا تھا، بچوں پر شفقت فرماتے، بڑوں کا احترام سکھاتے،کبھی قہقہہ نہ لگاتے، جانبِ قبلہ نہ تھوکتے نہ ہی پاؤں پھیلاتے،کبھی وقت ضائع نہ فرماتے، بعدِ عصر عام ملاقات فرماتے، اپنی ذاتی اشیاء استعمال فرماتے، کھانے پینے پہننے کی کوئی چیز کسی سے نہ مانگتے،کبھی اتنا مال جمع نہ ہونے دیا کہ زکوٰۃ فرض ہوتی، جوبھی مال آتا راہِ خدا میں خرچ کردیتے، امیر و غریب میں امتیاز کی بجائے مُسَاوات فرماتے، غریبوں کوکبھی خالی ہاتھ نہ لوٹاتے، ہمیشہ اُن کی اِمداد فرماتے، بَسا اوقات اپنے ذاتی استعمال کی اَشیاء بھی عطا فرمادیتے۔

تقویٰ وپرہیزگاری: اعلیٰ حضرت نہ صرف فرائض و واجبات کی ادائیگی کے سختی سے پابند تھے، بلکہ سُنَنْ و نوافِل و مُسْتَحَبَّات کو بھی ترک نہ فرماتے، اِستنجاء وغیرہ کے سوا ہر فعل کی ابتداء سیدھی جانب (Right Side) سے فرماتے، تحریرو تقریر وغیرہ کسی بھی دِینی یا دُنیوی معاملے کے بدلے میں رقم یا ہدیہ وغیرہ قطعاًقبول نہ فرماتے، تکبر کو کبھی قریب نہ آنے دیا، ہمیشہ تواضع و عاجزی کو اختیار کیا، نہایت سادہ طبیعت کے مالک تھے، قیمتی ملبوسات وغیرہ سے بچتے، سادہ لباس زیبِ تَن فرماتے۔

قَناعَت و تَوَکُّ:ل آپ کی خوراک بہت کم تھی، پیٹ بھرکرکھانا تناول نہ فرماتے بلکہ بسا اوقات کئی کئی ایام تک کھانا ہی نہ کھاتے، البتہ کسی دعوت پر تشریف لے جاتے تو وہاں میزبان کی دِلجوئی کی خاطر کھانا تناول فرما لیتے، آبِِ زمزم نہایت مرغوب تھا، خوب پیٹ بھرکرنوش فرماتے۔

شریعت کی پاسداری: اعلیٰ حضرت ہر ہر معاملے میں شریعت کی پاسداری فرمایا کرتے، آپ کی دوستی یا بغض فقط اللہ کیلئے ہوتا تھا، کبھی کسی سے ذاتی انتقام(Revenge) نہ لیتے، بُرا بھلا کہنے والوں کو بھی معاف فرما دیتے، حُقُوقُ اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کا بھی حد دَرَجہ خیال فرماتے اگرچہ حقدار کوئی چھوٹا سا بچّہ ہی کیوں نہ ہوتا، البتہ ناموسِ رسالت کے بے باک اور نِڈَر محافظ تھے، اللہ رسول کی شان میں گستاخی کرنے والوں کی خوب پکڑ فرمائی اور اُن کے ناپاک اِرادوں کو خاک میں ملادیا اور انہیں کسی بھی طرح سَر نہ اُٹھانے دیا۔ الغرض اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ ایک ہَمہ گِیرشخصیت کے مالک تھے۔

سفرِآخرت: 25 صفرالمظفر 1340 ھ بمطابق 1921ء بروز جمعۃ المبارک آخری وصیتیں قلمبندکروانے کے بعد آپ اس دارِ فانی سے کوچ فرماگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ

آپ کا مزارِپُراَنوار بریلی شریف میں ہے اور25 صفر ہی کو ہر سال آپ کا یومِ عرس دُنیا بھرمیں منایا جاتا ہے۔(ملخص ازتذکرہ امام احمد رضا، حیات اعلیٰ حضرت)

اللہ کریم ہمیں اعلیٰ حضرت علیہ رحمۃ ربِّ العزتکی سچی محبت عطا فرمائے اور ان کی سیرتِ طیبہ پرعمل کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم