از: بنت عثمان مدنیہ عطاریہ رکن مشاورت جامعات المدینہ گرلز
آنکھیں اللہ پاک کی بہت ہی عظیم اور پیاری نعمت ہیں
ان کی قدر کا اندازہ انہیں زیادہ ہے جنہیں یہ نعمت میسر نہیں ، ہونا تو یہ چاہئے
کہ اس نعمت پر اللہ پاک کا بے انتہا شکر ادا کیا جائے جیسا کہ ہماری بزرگ خواتین کرتی
رہیں، لیکن افسوس! بدقسمتی سے جس طرح خواتین کے متعلق یہ معروف ہے کہ وہ بولنے میں
بےباک ہوتی ہیں اور اپنی زبان کی حفاظت نہیں کرتیں، اسی طرح دیکھنے میں بھی بے باک ہیں، انہیں احساس تک نہیں
کہ دیکھنا بھی ایک عمل ہے جو ان کے لئے ثواب یا عذاب کا باعث بن سکتا ہے ۔کیونکہ فی
زمانہ ہم میں سے کثیر خواتین جانے انجانے میں اپنی آنکھوں کے غلط استعمال کی وجہ
سے اللہ پاک کی ناراضی کا سبب بن رہی ہیں، اس لئے کہ وہ ان آنکھوں کا استعمال وہاں
کرتی ہیں جہاں استعمال سے اللہ پاک نے منع فرمایا ہے یا پھر بسا اوقات وہ آنکھوں
کا جائز استعمال بھی کرتی ہیں مگر ارادہ و نیت درست نہیں ہوتی۔ یوں ان کی نگاہیں
اللہ پاک کی نافرمانی والے کاموں میں مصروف ہو کر اس کے غضب کو دعوت دیتی ہیں لہٰذا بہتر ہے کہ آنکھوں کی زیادہ سے
زیادہ حفاظت کی جائے تا کہ ان کے فوائد و برکات دنیا و آخرت میں ہمیں نصیب ہوں۔
یاد رہے! عورتوں کیلئے سب سے بہتر تو یہ ہے کہ وہ کسی
غیر مرد کو نہ دیکھیں، جیسا کہ ایک مرتبہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلم نے صحابہ کرام سے دریافت فرمایا:
ذرا یہ تو بتاؤ کہ عورت کیلئے سب سے بہتر شے کیا
ہے ؟سب خاموش رہے اور کسی نے کوئی جواب نہ دیا ۔ حضرت علی رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں: میں گھر گیا اور سیدہ فاطمہ سے جب یہی سوال کیا تو انہوں نے فرمایا: ایک عورت
کے لئے سب سے بہتر شے یہ ہے کہ وہ کسی مرد کو دیکھے نہ کوئی مرد اسے دیکھے۔([1]) مشہور قاری حضرت ابو عمرو دانی رحمۃُ
اللہِ علیہ کے
استاذ حضرت ابو الحسن بن طاہر رحمۃُ اللہِ علیہ
کی صاحبزادی حضرت عروسہ صحراء رحمۃُ اللہِ
علیہا
کے متعلق منقول ہے کہ شادی کی پہلی رات ہی انتقال فرما
گئیں، جس کا سبب یہ بنا کہ شادی سے پہلے آپ ہر وقت اپنے رب کی عبادت میں
مصروف رہتی تھیں، یہاں تک کہ آپ کی توجہ
کسی اور طرف گئی نہ آپ نے کبھی اپنے والد ماجد کے علاوہ کسی اور مرد کو دیکھا،
چنانچہ شادی کی پہلی رات جب آپ کے شوہر نے آپ کا گھونگھٹ اٹھایا اور آپ نے اپنے
سامنے اپنے والد گرامی کے علاوہ کسی اور مرد کو دیکھا تو شرم و حیا سے آپ کے پسینے
چھوٹ گئے، گھبراہٹ اس قدر زیادہ ہو گئی کہ
آنکھوں سے دکھائی دینا بند ہو گیا۔ فوراً اللہ
پاک سے دعا کی: یااللہ!
مجھے اپنے سوا کسی اور کے دیکھنے سے بچا۔ اللہ
پاک نے ان کی دعا قبول فرمائی اور وہ اسی وقت جہانِ فانی سے کوچ فرما گئیں۔(2)
معلوم ہوا! اسلامی تاریخ میں ایسی خواتین بھی ہوئی
ہیں جنہوں نے زندگی بھر کسی غیر مرد کو دیکھا نہ کسی غیر مرد نے انہیں دیکھا۔
چونکہ پردے کا اس قدر اہتمام تقویٰ کی انتہائی اعلیٰ صورت ہے اور اس پر عمل کرنا
ہر ایک کے بس میں نہیں، لہٰذا اسلام نے اعتدال کی راہ بھی بتائی ہے یعنی اگر غیر
مردوں کی طرف دیکھنا پڑے تو نگاہیں جھکا کر رکھیں۔ جیسا کہ پارہ 18 سورۂ نور کی 31ویں آیت میں ہے: وَ
قُلْ لِّلْمُؤْمِنٰتِ يَغْضُضْنَ مِنْ اَبْصَارِهِنَّ ترجمۂ کنز العرفان: اور مسلمان عورتوں کو حکم دو کہ وہ اپنی نگاہیں کچھ
نیچی رکھیں۔ اَمِیْرِ اَہْلِ سنّت دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ عورت غیر مرد کو دیکھ سکتی ہے یا نہیں؟ کے جواب میں
فرماتے ہیں: نہ دیکھنے میں عافیت ہی عافیت ہے۔ البتہ دیکھنے میں جواز کی صورت بھی
ہے مگر دیکھنے سے قبل اپنے دل پر خوب خوب اور
خوب غور کر لے کہیں یہ دیکھنا گناہوں کے غار میں نہ دھکیل دے۔ فقہائے کرام جواز کی صورت بیان کرتے ہوئے
فرماتے ہیں: عورت کا مردِ اجنبی کی طرف نظر کرنے کا وہی حکم ہے جو مرد کا مرد کی
طرف نظر کرنے کا ہے اور یہ اس وقت ہے کہ عورت کو یقین کے ساتھ معلوم ہو کہ اس کی
طرف نظر کرنے سے شہوت نہیں پیدا ہو گی اور اگر
اس کا شبہ بھی ہو تو ہر گز نظر نہ کرے۔(3)
افسوس! صد افسوس! فی زمانہ خواتین آنکھوں کی حفاظت کے
معاملے میں بالکل بے پروا ہو چکی ہیں، جس کا بنیادی سبب ان کا نیکیوں سے، اسلامی
تعلیمات سے اور نیک صحبتوں سے دور ہو جانا
ہے۔ چنانچہ شیطان بڑی آسانی سے ایسی خواتین کو فلموں، ڈراموں وغیرہ کے ذریعے بے
پردگی و بے حیائی کے نزدیک لے جاتا ہے۔ لہٰذا
نگاہوں کی حفاظت کے حوالے سے ہمیں ہمیشہ یہ باتیں پیشِ نظر رکھنا چاہئیں:
نگاہوں
کی حفاظت کے طریقے
1-نگاہوں کی حفاظت کے فضائل و فوائد پر غور کیا جائے
کہ ان کی حفاظت سے اللہ پاک کی رضا و خوشی حاصل ہوتی ہے۔دل و دماغ کو اطمینان،
سکون، راحت تقویت اور چین نصیب ہوتا ہے۔روحانیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ بہت سی
پریشانیوں مصیبتوں اور غموں سے حفاظت رہتی ہے۔ شیطان خوب ذلیل و رسوا ہوتا ہے۔ عزت و وجاہت اور
مرتبے میں اضافہ ہوتا ہے۔ دنیا و آخرت
اچھی ہوتی ہے۔ جنت سے قربت اور جہنم سے
دوری نصیب ہوتی ہے۔ طبیعت میں اعتدال اور
نیکیوں کی طرف رغبت رہتی ہے۔ گناہوں سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
2-بدنگاہی کے نقصانات اور عذابات کو پیشِ نظر رکھا
جائے۔ مثلاً ہمارے سامنے کوئی نشہ آور چیز رکھ دی جائے اور ہم اس کی تباہ کاریوں
سے واقف بھی ہوں تو یقیناً اس کے قریب بھی نہ جائیں گی۔ بالکل اسی طرح اگر بد
نگاہی کے نقصانات کو پیشِ نظر رکھیں گی تو ہمارے لئے اِس سے بچنا بھی ممکن ہو گا۔ نیز کوشش ہو گی کہ خود کسی غیر مرد کو دیکھیں نہ
کوئی ایسی صورت اپنائیں کہ ہر غیر مرد کی نگاہ ہماری جانب اٹھے۔ کیونکہ یہ دونوں
صورتیں منع ہیں۔ جیسا کہ فرمانِ مصطفےٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہے: اللہ پاک کی
لعنت ہو دیکھنے والے پر اور اس پر جس کی طرف دیکھا جائے۔(4) مفتی احمد
یار خان نعیمی رحمۃُ اللہِ علیہ اس حدیثِ پاک کے تحت
فرماتے ہیں: مطلب یہ ہے کہ جو مرد اجنبی عورت کوقصداً بلا ضرورت دیکھے اس پر بھی
لعنت ہے اور جو عورت قصداً بلا ضرورت اجنبی مرد کو اپنا آپ دکھائے اس پر بھی لعنت۔(5)
3-ایسے واقعات پڑھے جائیں جن میں عبرت یا نگاہ کی
حفاظت پر انعام مذکور ہو کیونکہ تاریخ میں ایسے کئی واقعات موجود ہیں جن میں مروی
ہے کہ ہماری بزرگ خواتین نے اپنی نگاہوں کی حفاظت کی تو اس کی برکت نہ صرف انہیں
حاصل رہی بلکہ اللہ پاک نے اس کا فائدہ دوسروں کو بھی پہنچایا۔ جیسا کہ شیخ نظامُ
الدِّین ابو المؤیّد رحمۃُ اللہِ علیہ کی والِدہ ماجِدہ کے پاکیزہ دامَن کے دھاگے کے واسطے سے مانگی گئی دعا کی
برکت سے فوری بارش برسنے لگی۔ (6)
4-اچھی صحبت اختیار کی جائے کہ اس کی برکت سے بری
صفات زائل ہو جاتی ہیں۔اللہ پاک ہمیں اپنی آنکھوں کی حفاظت کرنے کی سعادت عطا
فرمائے۔
اٰمین بِجاہِ النّبیِّ الْاَمین صلی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلم
(یہ مضمون ماہنامہ
خواتین ویب ایڈیشن کے جولائی 2022 کے شمارے سے لیا گیا ہے)
[1]البحر الزخار،2/
159، حدیث : 526 2جامع کرامات
اولیا، 2/249 3پردے کے بارے میں
سوال جواب، ص 24 4شعب الایمان للبیہقی،
6/162 ، حدیث: 7788 5مراۃ المناجیح، 5/24
6اخبار الاخیار ،ص294