تلاوت ِ قرآن کے فضائل

Tue, 25 Feb , 2020
4 years ago

فرمانِ باری تعالی ہے: فَاقْرَءُوْا مَا تَیَسَّرَ مِنَ الْقُرْاٰنِؕ-.تو تم قرآن سے پڑھو جو تمہیں میسر ہو،(پارہ ۲۹ سورة المزمل آیت۲۰)

حدیث شریف میں کہ آقا علیہ الصلوة والسلام نے ارشاد فرمایا، خیر کم من تعلم القرآن وعلمہ

تم میں بہترین شخص وہ ہے جو قرآن سیکھے اور دوسروں کو سکھائے۔ (بخاری ۳/۴۱۰، الحدیث ۵۰۲۸)

قرآن مجید کی تلاوت پر بے شمار ثواب کا خزانہ حاصل ہوتا ہے۔

تما م دنیا والوں کے برابر ثواب:حضرت سیدنا عمرو بن میمون رحمہ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں کہ جس نے نماز فجر پڑھ کر قرآن کھولا اور اس کی سوآیات کی تلاوت کی تو اللہ عزوجل اس کے لیے تمام دنیا والوں کے عمل کے برابر ثواب عطا فرماتا ہے، (دین و دنیا کی انوکھی باتیں ج۱، ص ۶۲)

ہمارے اسلاف اور تلاوتِ قرآن:ہمارے اسلاف کرام دن و رات قرآن پاک کی تلاوت میں مشغول ہوتے تھے ، حتی کہ انہوں نی اپنی چال چلن اورگفتگو کو قرآن پاک کے مطابق کرلیا تھا، اور ان کا قرآن پاک کے ساتھ اندازمحبت بہت ہی نرالا تھا۔

مروی ہے کہ حضرت علی المرتضی شیر خدا کرم اللہ وجہہ الکریم گھوڑاکسنے سے پہلے قرآن پاک ختم فرمالیا کرتے تھے۔(مراۃ المناجیح ج ۳، ص ۲۸۵)

حضرت عکرمہ بن ابوجہل رضی اللہ تعالیٰ عنہ جب قرآن پاک کھولتے تو آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر غشی طاری ہوجاتی اور فرماتے یہ میرے رب کا کلام ہے۔ (دین و دنیا کی انوکھی باتیں، ص۶۳، ج ۱)

تلاوت قرآن کے نو فوائد۔

۱۔تلاوتِ قرآن دلوں کو سکون دیتی ہے۔

۲۔ تلاوتِ قران اپنے ساتھ برکت لاتی ہے۔

۳۔ تلاوت قرآن سے ایمان کی لذت ملتی ہے۔

۴۔تلاوت قرآن سے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے۔

۵۔ تلاوتِ قرآن دنیا کے سارے غموں کو بھلا دیتی ہے،

۶۔ تلاوتِ قرآن مصیبتیں ٹال دیتی ہے۔

۷۔ تلاوت قرآن آخرت میں نجات دلائے گی،

۸۔ تلاوت قرآن کرنے والا گویا کہ اپنے رب سے مناجات کررہا ہے۔

۹۔ تلاوتِ قرآن عقل کو بڑھاتی ہے

اللہ تعالیٰ اپنے اخلاص کے ساتھ قرآن پاک کی تلاوت نصیب فرمائے آمین۔

دلوں کی صفائی:حضور نبی رحمت شفیع امت صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا، بے شک دلوں کو زنگ لگ جاتا ہے عرض کی گئی یارسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم ہم اس کی

صفائی کس چیز سے ہوگی ارشاد فرمایا، تلاوتِ قرآن اور موت کو بکثرت یاد کرنے سے۔