ہمسایہ دو الفاظ کا مجموعہ ہے ”ہم“ اور ”سایہ“ ہمسایہ کے لئے عربی زبان میں ”جار“ کا لفظ استعمال ہوا ہے اس سے مراد وہ لوگ جو ایک دوسرے کے قرب و جوار اور پڑوس میں رہتے ہیں۔ عام اصطلاح میں ہمسایہ سے مراد ہم رہائش یعنی ساتھ ساتھ رہنے والے ہی ہوتے ہیں۔ الله پاک نے قرآن کریم میں ہمسایوں کے حقوق ادا کرنے کا حکم ارشاد فرمایا ہے، چنانچہ قرآن مجید میں ارشاد ہے: وَ الْجَارِ ذِی الْقُرْبٰى وَ الْجَارِ الْجُنُبِ (پ 5، النساء: 36) ترجمہ کنز العرفان: قریب کے پڑوسی اور دور کے پڑوسی( کے ساتھ اچھا سلوک کرو)۔

پڑوسی کے حقوق سے متعلق 5 فرامینِ مصطفیٰ:

1۔ جبرئیل مجھے پڑوسی کے متعلق برابر وصیت کرتے رہے، یہاں تک کہ مجھے گمان ہوا کہ پڑوسی کو وارث بنا دیں گے۔ (بخاری، 4/104، حدیث: 6014)

2️۔ الله تعالیٰ کے نزدیک سب سے بہترین پڑوسی وہ ہے جو اپنے پڑوسی کے حق میں بہتر ہو۔ (ترمذی، 3/379، حدیث:1951)

3۔ الله تعالیٰ جس کے ساتھ بھلائی کا ارادہ فرماتا ہے اسے شیریں بنا دیتا ہے۔ عرض کی گئی: شیریں بنانے سے کیا مراد ہے؟ تو ارشاد فرمایا: ہمسایوں کے نزدیک اسے محبوب بنا دیتا ہے۔ (مستدرک للحاکم، 1/658، حدیث: 1298)

4۔ کوئی شخص اپنے پڑوسی کو اس بات سے منع نہ کرے کہ وہ اس کی دیوار میں شہتیر گاڑھ لے۔ (مسند امام احمد، 3/105، حدیث: 7706 )

5۔ جو شخص الله اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہے وہ اپنے پڑوسی کے ساتھ اچھا سلوک کرے۔ (مسلم، ص 43، حدیث: 48 )

ان احادیث مبارکہ سے معلوم ہوا پڑوسی کے حقوق ادا کرنا ہم پر لازم ہے پڑوسی کا حق یہ ہے کہ اس کے ساتھ اچھا اور نیک سلوک کیا جائے ایک دوسرے کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنے سے ان کے باہمی تعلقات خوشگوار ہوتے ہیں، پڑوسی کی عزت و تکریم کی جائے اس کی مالی و جسمانی ہر طرح سے مدد کی جائے اس کو تکلیف دینے سے گریز کیا جائے، پڑوسی کو تحائف سے نوازے کہ ”تحفہ دینے سے آپس میں محبت بڑھتی ہے“ اگر پڑوسی کی طرف سے کوئی تکلیف پہنچے تو اس پر صبر کیا جائے پڑوسی کو برے افعال سے روکا جائے اور نیکی کی تلقین کی جائے، دین و دنیا کے جس معاملے میں انہیں رہنمائی کی ضرورت ہو اس میں ان کی رہنمائی کرے پڑوسی کی خوشی میں شریک ہونے سے اس کی خوشی دوبالا ہو جاتی ہے اور غمی میں شریک ہونے سے اس کا غم ہلکا ہو جاتا ہے، پڑوسی کے ساتھ سلام میں پہل کرے، اس کی اولاد کے ساتھ نرمی سے گفتگو کرے۔

الله سے دعا ہے کہ ہمیں دوسروں کو تکلیف دینے سے بچائے اور پڑوسیوں کے حقوق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ النبی الامین ﷺ