الحمدللہ! نماز ایک عظیم نعمت ہے، جو پابندی سے پڑھے گا وہ جنت کا حقدار ہوگا اور جو فرض نمازیں نہیں پڑے گا وہ عذابِ نار سے دو چار ہوگا۔

پارہ 16 ، سورۃ مریم،آیت59 میں اللہ پاک فرماتا ہے: فَخَلَفَ مِنْۢ بَعْدِهِمْ خَلْفٌ اَضَاعُوا الصَّلٰوةَ وَ اتَّبَعُوا الشَّهَوٰتِ فَسَوْفَ یَلْقَوْنَ غَیًّاۙ(۵۹) ترجَمۂ کنزُالایمان: تو ان کے بعد ان کی جگہ وہ ناخلف آئے جنہوں نے نمازیں گنوائیں(ضائع کیں) اور اپنی خواہشوں کے پیچھے ہوئے تو عنقریب وہ دوزخ میں غیّ کا جنگل پائیں گے ۔(مریم: 59)

بیان کی گئی آیت مقدسہ میں" غی "کا تذکرہ ہے، حضرت علامہ مولانا مفتی محمد امجد علی ا عظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:" غی جہنم میں ایک وادی ہے جس کی گرمی اور گہرائی سب سے زیادہ ہے، اس میں ایک کنواں ہے، جسکا نام "ہب ہب" ہے، جب جہنم کی آگ بجھنے پر آتی ہے، اللہ پاک اس کنویں کو کھول دیتا ہے، جس سے وہ بدستور (پہلے کی طرح) بھڑکنے لگتی ہے، یہ کنواں بے نمازیوں، زانیوں، شرابیوں اور سود خوروں اور ماں باپ کو ایذا دینے والوں کے لیے ہے۔

(بہار شریعت، ج 1، ص474)

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"سب سے پہلے قیامت کے دن بندے سے نماز کا حساب لیا جائے گا، اگر یہ درست ہوئی تو باقی اعمال بھی ٹھیک رہیں گے اور اگر یہ بگڑی تو سبھی بگڑے"( بہار شریعت ج1، ص 437)

جو جان بوجھ کر ایک نماز چھوڑ دیتا ہے، اس کا نام جہنم کے اس دروازے پر لکھ دیا جاتا ہے، جس سے وہ داخل ہوگا۔(حلیہ الاولیا، ج 7)

اعلی حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:"جس نے قصداً یعنی جان بوجھ کر ایک وقت کی نماز چھوڑی، ہزاروں برس جہنم میں رہنے کا مستحق ہوا، جب تک وہ توبہ نہ کرے اور اسکی قضا نہ کر لے، مسلمان اگر اُسکی زندگی میں اُسے یک لخت (یعنی بالکل) چھوڑ دیں، اس سے بات نہ کریں، اسکے پاس نہ بیٹھیں، تو ضرور وہ (بےنمازی) اس ( بائیکاٹ)کا سزا وار (یعنی اسی لائق) ہے، بے نمازی کی صحبت سے بچنے کی مزید تاکید کرتے ہوے اعلی حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے قرآنی آیت پیش کی۔اللہ پاک ( پارہ7، سورۃ الانعام، آیت68)میں فرماتا ہے:

ترجَمۂ کنزُالایمان: اور جو کہیں تجھے شیطان بُلاوے تو یاد آئے پر ظالموں کے پاس نہ بیٹھ۔

اللہ پاک کے آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان عالیشان کے مطابق بے نمازی کی سزائیں درج ذیل ہیں:

(1) بے نمازی کی عمر سے برکت ختم کر دی جائے گی۔

(2) اس کے چہرے سے نیک بندوں کی نشانی مٹا دی جائے گی۔

(3) اللہ تعالی اسے کسی عمل پر ثواب نہ دے گا۔

(4) اس کی کوئی دعا آسمان تک نہ پہنچے گی۔

(5)نیک بندوں کی دعاؤں میں اس کا کوئی حصّہ نہ ہوگا۔

اللہ پاک ہمیں پنجگانہ نماز پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم