الحمدللہ نماز ایک عظیم نعمت ہے،جو پابندی سے پڑھے گا وہ جنت کا حقدار ہوگا اور جو فرض نمازیں نہیں پڑھے گا وہ عذابِ نار کا حقدار بنے گا،قرآن و حدیث میں نماز نہ پڑھنے کی بے شمار سخت سزائیں وارد ہیں، چنانچہ اللہ پاک قرآن مجید میں پارہ 28، سورۃ المنافقون، آیت نمبر 9 میں ارشادفرماتا ہے: يَآ اَيُّـهَا الَّـذِيْنَ اٰمَنُـوْا لَا تُلْهِكُمْ اَمْوَالُكُمْ وَلَآ اَوْلَادُكُمْ عَنْ ذِكْرِ اللّـٰهِ ۚ وَمَنْ يَّفْعَلْ ذٰلِكَ فَاُولٰٓئِكَ هُـمُ الْخَاسِرُوْنَ ترجمہ:اے ایمان والو! تمہارے مال اور نہ تمہاری اولاد کوئی چیز تمہیں اللہ کے ذکر سے غافل نہ کر ے، اور جو ایسا کرے تو وہی لوگ نقصان میں ہیں۔

مفسرینِ کرام رحمہم اللہ فرماتے ہیں:" کہ اس آیت مبارکہ میں اللہ کے ذکر سے پانچ نمازیں مراد ہیں، پس جو شخص اپنے مال یعنی خریدوفروخت، معشیت و روزگار، سازوسامان اور اولاد میں مصروف رہے اور وقت پر نماز نہ پڑھے وہ نقصان اٹھانے والوں میں سے ہے۔

اسی طرح حدیثِ مبارکہ میں سرکار صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:" قیامت کے دن بندے کے اعمال میں سب سے پہلے نماز کا سوال ہوگا" لہذا ہمیں چاہیے کہ نماز کی پابندی کریں، ترغیب کے لیے نماز نہ پڑھنے کی پانچ سزائیں مندرجہ ذیل ہیں:

1۔ دنیا میں جو سستی کی وجہ سے نماز چھوڑے گا، مخلوق اس سے نفرت کرے گی۔

اللہ پاک اسے کسی عمل پر ثواب نہ دے گا۔

3۔ نیک بندوں کی دعاؤں میں اس کا کوئی حصّہ نہ ہوگا۔

4۔ اس کی قبر کو اتنا تنگ کر دیا جائے گا کہ اس کی پسلیاں ایک دوسرے میں داخل ہو جائیں گی۔

5۔ جو جان بوجھ کر ایک نماز چھوڑ دیتا ہے اس کا نام جہنم کے اُس دروازے پر لکھ دیا جاتا ہے، جس سے وہ داخل ہوگا۔