سورۂ طٰہ کی آیت نمبر 14 میں ارشادِ ربّانی ہے:ترجمۂ کنزالایمان:اور میری یاد کے لئے نماز قائم رکھ۔بلاشبہ نماز پڑھنے کے بے شمار فضائل و برکات ہیں، کیونکہ یہ ایک فرض عبادت ہے اور فرائض کی ادائیگی اللہ پاک کا قرب حاصل کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، اس کے علاوہ نماز پیارے پیارے، آخری نبی ،مکی مدنی صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے، نماز پڑھنے سے اللہ پاک خوش ہوتا ہے، نماز سے گناہ معاف ہوتے ہیں، نماز اندھیری قبر کا چراغ ہے، نماز مومن کی معراج ہے، نمازی کے لئے سب سے بڑی نعمت یہ ہے کہ اسے قیامت کے دن اللہ پاک کا دیدار ہوگا، نماز کی اہمیت کا اس سے بھی پتہ چلتا ہے کہ اللہ پاک نے سب احکام اپنے پیارے حبیب صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کو زمین پر بھیجے اور جب نماز فرض کرنی منظور ہوئی تو حضور صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کو اپنے پاس عرش ِعظیم پر بلا کر اسے فرض کیا اور معراج کی رات مسلمانوں کو یہ تحفہ عطا کیا۔ محترم اسلامی بہنو!یوں تو پنج وقتہ نماز کے فضائل بکثرت قرآن و حدیث میں وارد ہوئے ہیں، لیکن انفرادی طور پر ہر نماز کے فضائل بھی بیان کئے گئے، انہی میں بالخصوص نمازِ عشا کی فضیلت پر بھی احادیث شامل ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ جب انسان دن بھر کی تھکن سے چور کھانا کھاتے ہی بسترِ راحت پر دراز ہونا چاہتا ہے اور شیطان حیلوں، بہانوں سےاسے نماز پڑھنے سے باز رکھنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن بندۂ خدا نفسانی خواہشات اور شیطان کے حربوں کے باوجود بارگاہِ ایزدی میں نماز کے لئے حاضر ہو کر شیطان کے سارے عزائم خاک میں ملا دیتا ہے۔نمازِ عشا کی فضیلت پر پانچ احادیث: آئیے !حضور اکرم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کی احادیث کی روشنی میں نمازِ عشا کی فضیلت ملاحظہ کیجئے:1۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،سرکار ِمدینہ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:جس نے چالیس دن فجرو عشا باجماعت پڑھی،اس کو اللہ پاک دو آزادیاں عطا فرمائے گا،ایک نار(یعنی آگ)سے،دوسری نفاق(یعنی منافقت) سے۔(ابن عساکر، جلد 52، صفحہ 338)2۔امیر المومنین حضرت عمر فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، سرکارِ دو عالم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمانِ عالیشان ہے:جو چالیس راتیں مسجد میں باجماعت نمازِ عشا پڑھےکہ پہلی رکعت فوت نہ ہو،اللہ پاک اس کے لئے دوزخ سے آزادی لکھ دیتا ہے۔(ابن ماجہ، ج1، صفحہ 931،حدیث798)3۔نبی کریم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:جس نے عشا کی نماز باجماعت پڑھی، گویا اس نے ساری رات قیام کیا، اور جس نے فجر کی نماز باجماعت پڑھی گویا اس نے سارا دن نماز پڑھی۔( معجم کبیر، جلد 1،صفحہ92، حدیث 148)4۔حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،تاجدارِ مدینہ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمانِ عبرت نشان ہے: سب نمازوں میں زیادہ گراں یعنی بوجھ والی منافقوں پر نمازِ عشا اور فجر ہے اور جو ان میں فضیلت ہے اگر جانتے تو ضرور ضرور حاضر ہوتے،اگرچہ سرین(یعنی بیٹھنے میں بدن کا جو حصہ زمین پر لگتا ہے اس) کے بل گھسٹتے ہوئے، یعنی جیسے بھی ممکن ہوتا آتے۔(ابن ماجہ، جلد 1، صفحہ437، حدیث797)5۔ہمارے پیارے آقا،مکی مدنی مصطفی صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے حضرت عثمان بن مظعون رضی اللہ عنہ سے فرمایا:جس نے عشا کی نماز باجماعت پڑھی، اس کے لئے لیلۃ القدر میں قیام(یعنی عبادت) کرنے کا ثواب ہوگا۔( شعب الایمان، جلد 7، صفحہ 137، حدیث9719)

جنت میں نرم نرم بچھونوں کے تخت پر آرام سے بٹھائے گی اے بہنو!نماز

اللہ اکبر! نماز کے کتنے فضائل و برکات ہیں اور نماز کتنی پیاری عبادت ہے کہ اس کے شروع کرتے ہی جنت کے دروازے کھل جاتے ہیں!اے عاشقانِ نماز!دل لگ یا نہ لگے، خوب نمازیں پڑھے جائیے ان شاءاللہ ایک دن ہماری نماز میں خشوع و خضوع کے نور سے معمور ہو ہی جائیں گی، ہوسکے تو جگہ بدل بدل کر نماز پڑھی جائے کہ جہاں جہاں ہم نماز پڑھیں گی اور ذکر و درود کریں گی وہ تمام مقامات قیامت کے روز گواہی دیں گے اور نماز پڑھنے والی سے شیطان کس قدر پریشان رہتا ہے، وہ جانتا ہے کہ کوئی مسلمان درست طریقے سے نماز پڑھے گا، تو وہ گناہوں سے بچے گا اور میرے ہاتھ سے نکل جائے گا، شیطان مردود ہرگز یہ نہیں چاہتا کہ ہم نماز پڑھیں، گناہوں سے بچیں اور جنت کی راہ لیں، ہمیں شیطان کا وار ناکام بناتے ہوئے خوب نمازیں پڑھنی ہیں اور ربّ کریم کو راضی رکھنا ہے ۔

پیارے نبی کی آنکھ کی ٹھنڈک نماز ہے جنت میں لے چلے گی جوبے شک نماز ہے

اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں تمام تر ظاہری و باطنی آداب کے ساتھ پانچوں نمازیں وقت پر ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین