مالک کریم کی رحمت سے ہمیں جو لاتعداد نعمتیں عنایت ہوئی ہیں ان میں سے نماز بھی ایک عظیم نعمت ہے۔شیخ الاسلام و المسلمین امام اہل سنت الشاہ امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہِ علیہ فتاوی رضویہ شریف میں فرماتے ہیں کہ نمازِ پنجگانہ رب العالمین کی وہ نعمت عظمی(بہت بڑی نعمت) ہے کہ اس نے اپنے کرم عظیم سے خاص ہم کو عطا فرمائی ہم سے پہلے کسی امت کو نہ ملی ۔(فتاوی رضویہ شریف، 5/43، رضا فاؤنڈیشن لاہور )

قرآن کریم و احادیث نبویہ میں بھی نماز کی اہمیت و فضیلت کو جگہ بہ جگہ ذکر کیا گیا اور نماز نہ پڑھنے والوں کے لئے وعید بھی ذکر کی گئی ہے ۔ قرآن پاک میں اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے ۔

حٰفِظُوْا عَلَى الصَّلَوٰتِ وَ الصَّلٰوةِ الْوُسْطٰىۗ-ترجمئہ قرآن کنزالعرفان : تمام نمازوں کی پابندی کرو اور خصوصاً درمیانی نماز کی۔(پ2،بقرہ:238 )

اس آیت مبارکہ کی تفسیر میں حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃاللہ فرماتے ہے کہ اس سے مراد نماز عصر ہی ہے۔(تفسیر نعیمی، 2 / 515)

سب سے افضل نماز:فیض القدیر میں ہے کہ پانچوں نمازوں میں سب سے افضل نماز عصر ہے پھر نماز فجر پھر عشاء پھر مغرب پھر ظہر ۔ (فیض القدیر ، 2 / 53 )

نمازِ پنجگانہ کے کثیر فضائل قرآنِ پاک و احادیث طیبہ میں مذکور ہیں راقم السطور یہاں مدینہ کے پانچ حروف کی نسبت سے صرف نماز عصر کے متعلق پانچ احادیث پیش کرنے کی کوشش کرتا ہے ۔

مدینہ کے پانچ حروف کی نسبت سے پانچ احادیث مبارکہ:

(1) حضرت ابو بصرہ غفاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم رسول اعظم صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا :یہ نماز یعنی نماز عصر تم سے پچھلے لوگوں پر پیش کی گئی تو انہوں نے اسے ضائع کردیا لہذا جو اسے پابندی سے ادا کریگا اسے دگنا اجر ملے گا ۔( فیضان نماز،ص 104)

(2) حضرت سیدنا عمارہ بن رویبہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے پیارے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کو فرماتے سنا جس نے سورج طلوع و غروب ہونے (یعنی نکلنے اور ڈوبنے ) سے پہلے نماز ادا کی (یعنی فجر و عصر کی نماز پڑھی) وه ہرگز جہنم میں داخل نہ ہوگا۔ (فیضان نماز،ص 99)

شرح حدیث:اس حدیث مبارکہ کے تحت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃاللہ علیہ نے اپنی شہرہ آفاق کتاب مراۃالمناجیح میں دو مطلب ذکر فرمائیں ہیں جس میں سے ایک راقم یہاں ذکر کرنے کی سعادت حاصل کرتا ہے : آپ رحمۃاللہ علیہ فرماتے ہیں کہ فجر و عصر کی پابندی کرنے والوں کو انشاءاللہ باقی نمازوں کی بھی توفیق ملی گی اور سارے گناہوں سے بچنے کی بھی کیونکہ یہی نمازیں زیادہ بھاری ہیں جب ان پر پابندی کرلی تو ان شاءاللہ بقیہ نمازوں پر بھی پابندی کرے گا ۔ ( مرآۃالمناجیح شرح مشکاۃ المصابیح، 1 / 371)

(3) حضرت سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں میں نے پیارے آقا علیہ الصلاۃ والسلام کو فرماتے سنا کہ یہ منافق کی نماز ہے کہ بیٹھا ہوا سورج کا انتظار کرتا ہے حتی کہ جب سورج شیطان کے دو سینگوں کے بیچ آجائے (یعنی غروب ہونے کے قریب ہوجائے ) تو کھڑا ہوکر چار چونچیں مارے کہ ان میں اللہ پاک کا تھوڑا ہی ذکر کرے ۔ ( فیضان نماز،ص 108)

(4) حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ کے آخری نبی سرور کائنات صلی اللہ علیہ و اٰلہ وسلم نے فرمایا :جب مرنے والا قبر میں داخل ہوتا ہے تو اسے سورج ڈوبتا ہوا معلوم ہوتا ہے تو وہ آنکھیں ملتا ہوا بیٹھتا ہے اور کہتا ہے مجھے چھوڑو میں نماز پڑھ لوں ( فیضان نماز ،ص107)

(5) امام احمد ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور علیہ الصلاۃ والسلام فرماتے ہیں: تمہارے پاس رات اور دن کے فرشتے یکے بعد دیگرے آتے رہتے ہیں وہ فجر کی نماز اور عصر کی نماز میں جمع ہوتے ہیں پھر وہ اوپر چلے جاتے ہیں جنہوں نے تمہارے پاس رات گزاری ہوتی ہے تو اللہ پاک ان سے پوچھتا ہے جبکہ وہ فرشتوں سے بہتر نمازیوں کے حالات کو جانتا ہے تم میرے بندوں کو کس کیفیت میں چھوڑ کر آئے ہو ؟ وہ کہتے ہیں کہ اب بھی ہم ان کو نماز پڑھتے ہوئے چھوڑ آئے ہیں اور ہم ان کے پاس گئے تھے وہ نماز پڑھ رہے تھے ۔ (بخاری شریف مترجم ، 1 / 287)

نماز ہمارے لئے انعام ہے:قبلہ سیدی امیر اہلسنت زیدشرفہ فرماتے ہیں کہ صد کروڑ افسوس! آج اکثر مسلمانوں کو نماز کی بلکل پروا نہیں رہی ہماری مسجدیں نمازیوں سے خالی نظر آتی ہیں ۔ اللہ پاک نے نماز فرض کر کے ہم پر احسان عظیم فرمایا ہے ہم تھوڑی سی کوشش کریں نماز پڑھیں تو اللہ کریم ہمیں بہت سارا اجرو ثواب عنایت فرماتا ہے۔ (فیضان نماز، ص 8)

اللہ پاک ہمیں بھی تمام نمازیں خشوع وخضوع کے ساتھ پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔