14 نومبر  2022ء کو دعوتِ اسلامی کے تحت بعد نمازِ ظہر اعظم کلاتھ مارکیٹ لاہور کی ایک مسجد میں سنتوں بھرا اجتماع ہوا جس میں مارکیٹ کے تاجروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری کی خصوصی شرکت ہوئی ۔ رکنِ شوریٰ نے سنتوں بھرا بیان فرمایا۔ دورانِ بیان رکنِ شوریٰ نے اسلامی بھائیوں کو دنیا بھر میں ہونے والے دعوتِ اسلامی کے دینی کام کے بارے میں بتایا اور دینی کاموں کے سلسلے میں جاری ٹیلی تھون مہم میں حصہ ملانے کی ترغیب دلائی جس پر تاجر حضرات نے ہاتھوں ہاتھ ٹیلی تھون کے لئے یونٹس پیش کئے۔( کانٹینٹ: رمضان رضا عطاری)


جھوٹ ایسی بری چیز ہے جس کو کوئی مذہب پسند نہیں کرتا رہا، ہمارا دین جو ایک کامل دین ہے اس نے ہمیں جھوٹ سے سختی کے ساتھ منع کیا ہے، قراٰنِ کریم اور احادیث مبارکہ میں جھوٹ کی مذمّت بیان کی گئی ہے۔ آئیے احادیث مبارکہ سے جھوٹ کی مذمّت پر مشتمل چند فرامین مصطفیٰ (صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم) پیش کرتا ہوں:۔

جھوٹ کی تعریف: کسی کے بارے میں خلافِ حقیقت خبر دینا (جھوٹ کہلاتا ہے)۔قائل(یعنی جھوٹی خبر دینے والا)گنہگار اس وقت ہوگا جب کہ (بلاضرورت)جان بوجھ کر جھوٹ بولے۔( 76 کبیرہ گناہ، ص 99 )

سب سے پہلے شیطان نے جھوٹ بولا۔ چنانچہ قرآن مجید میں اس کی نسبت فرمایا گیا: وَ قَالَ مَا نَهٰىكُمَا رَبُّكُمَا عَنْ هٰذِهِ الشَّجَرَةِ اِلَّاۤ اَنْ تَكُوْنَا مَلَكَیْنِ اَوْ تَكُوْنَا مِنَ الْخٰلِدِیْنَ(۲۰) وَ قَاسَمَهُمَاۤ اِنِّیْ لَكُمَا لَمِنَ النّٰصِحِیْنَۙ(۲۱) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور کہنے لگا تمہیں تمہارے رب نے اس درخت سے اسی لیے منع فرمایا ہے کہ کہیں تم فرشتے نہ بن جاؤ یا تم ہمیشہ زندہ رہنے والے نہ بن جاؤ۔ اور ان دونوں سے قسم کھاکر کہا کہ بیشک میں تم دونوں کا خیر خواہ ہوں۔(پ8،الاعراف:20،21)

حضرت ابوہریرہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : جو ( روزے میں) جھوٹی باتیں اور برے کام نہ چھوڑے تو اللہ پاک کو اس کے کھانا پانی چھوڑ دینے کی کچھ پرواہ نہیں۔

یہاں جھوٹی بات سے مراد ہر ناجائز گفتگو ہے۔(مرآۃ المناجیح ، 3/170)

حضرت ابوہریرہ (رضی اللہ عنہ) فرماتے ہیں کہ نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا کہ منافق کی تین علامتیں ہیں جب گفتگو کرے تو جھوٹ بولے اور جب وعدہ کرے تو خلاف کرے اور جب اس کے پاس امانت رکھی جائے تو خیانت کرے۔

یہاں منافق سے اعتقادی منافق مراد ہیں، یعنی دل کے کافر زبان کے مسلم، یہ عیوب ان کی علامتیں ہیں مگر علامت کے ساتھ علامت والا پایا جانا ضروری نہیں۔ ( مرآۃ المناجیح ، 1/ 61)

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نماز میں دعا مانگتے ہوئے کہتے تھے: الٰہی میں تیری پناہ مانگتا ہوں قبر کے عذاب سے اور تیری پناہ مانگتا ہوں مسیح دجال کے فتنہ سے اور تیری پناہ مانگتا ہوں زندگی اور موت کے فتنوں سے؎ الہی میں تیری پناہ مانگتا ہوں گناہ اور قرض سے کسی نے عرض کیا حضور قرض سے اتنی زیادہ پناہ مانگتے ہیں تو فرمایا کہ آدمی جب مقروض ہوتا ہے بات کرتا ہے تو جھوٹ بولتا ہے اور وعدہ کرتا ہے تو خلاف کرتا ہے۔

وضاحت :قرض بہت سے گناہوں کا ذریعہ ہے عمومًا مقروض قرض خواہ کے تقاضے کے وقت جھوٹ بھی بولتے ہیں اور گھر میں چھپ جاتے ہیں۔ (مرآۃ المناجیح ، 2/72تا 73)

حضرت ابن عمر سے روایت ہے فرماتے ہیں، رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جب بندہ جھوٹ بولتا ہے تو فرشتہ اس کی بدبو کے سبب ایک میل دور ہوجاتا ہے۔(مرآۃ المناجیح،6/ 370)

ابو ہریرہ (رضی اللہ عنہ) سے روایت ہے کہ رسول اللہ (صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم) نے فرمایا : بربادی ہے اُس کیلئے جو لوگوں کو ہنسانے کیلئے جھوٹ بولے ، بربادی ہے اُس کے لئے ، بربادی ہے اُس کے لئے۔( ترمذی ، 4 / 142 ، حدیث : 2322 )

پیارے پیارے اسلامی بھائیو ! دیکھا آپ نے جھوٹ کتنی بری عادت ہے کہ جھوٹے شخص سے فرشتے دور ہوتے ہیں اور لوگوں کا اعتماد اس پر ختم ہوجاتا ہے، یوں جھوٹا آدمی دنیا و آخرت دونوں میں ذلت اٹھاتا ہے، اللہ کریم ہمیں جھوٹ سے محفوظ رکھے۔اٰمین بجاہ النبی الکریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


دعوتِ اسلامی  کے کی جانب سے اعظم کلاتھ مارکیٹ لاہور میں رکنِ شوری حاجی یعفور رضا عطاری نے مختلف دکانوں پر جاکر تاجران سے ملاقات کی۔

دورانِ ملاقات رکنِ شوریٰ نے دعوتِ اسلامی کےتمام شعبہ جات کے جملہ اخراجات کے لئے ہونےوالی ٹیلی تھون مہم میں چندہ دینے کاذہن دیاجس پر بعض دکانداروں نے ہاتھوں ہاتھ یونٹس پیش کئے جبکہ بعض تاجر حضرات نے بعد میں رقم دینے کی اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔ ( کانٹینٹ: رمضان رضا عطاری)


دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 14 نومبر 2022ء  بروز پیر بعد نمازِ عصر اعظم کلاتھ مارکیٹ لاہور میں قائم فاروق اعظم مسجد میں سنتوں بھرا اجتماع ہوا جس میں مارکیٹ کے تاجروں نے شرکت کی۔

اجتماع میں خصوصی آمد رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری کی ہوئی۔ رکنِ شوریٰ نے سنتوں بھرا بیان کیا اور تاجروں کو نماز کی پابندی کرنے،ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں آنے کا ذہن دیا۔ ساتھ ساتھ ملک و بیرونِ ملک ہونے والی دینی اور فلاحی خدمات کے بارے میں بتاتے ہوئے دعوتِ اسلامی ٹرسٹ کے ساتھ تعاون کی ترغیب دلائی جس پر تاجر حضرات نے ہاتھوں ہاتھ ٹیلی تھون مہم میں یونٹس جمع کروائے۔( کانٹینٹ: رمضان رضا عطاری)


ہمارے معاشرے میں جھوٹ کو معمولی گناہ تصور کیا جاتا ہے خواہ کوئی بھی معاملہ ہو چاہے وہ دنیاوی ہو یا دینی بلکہ بعض لوگ تو اسے گناہ ہی نہیں سمجھتے جیسے کارو بار اور لین دین کے معاملات میں جھوٹ سے کام لیا جاتا ہے۔ اسی طرح شادی یا رشتےداری کے معاملات میں اکثر لوگ جھوٹ سے کام لیتے ہیں ۔ بعض لوگ اپنی انانیت کے تحفظ، عزت کے بچاؤ کے لیے بھی بلا جھجک جھوٹ بولتے ہیں ۔ اسی طرح لوگ شہرت اور منصب کے حصول کے لیے جھوٹ بولنے کو معیوب نہیں سمجھتے۔ بعض لوگ جھوٹے خوابوں کو بھی بیان کرتے ہیں جبکہ بعض لوگ دنیاوی مفادات کے حصول کے لیے اللہ پاک کی ذات اور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ہستی کے حوالے سے بھی جھوٹ بولنے سے باز نہیں آتے۔ جبکہ اللہ پاک نے قرآن مجید میں جھوٹ سے بچنے کا حکم فرمایا ہے۔ چُنانچہ پارہ17 سُوْرَۃُ الْحَج آیت نمبر 30 میں اِرْشاد ہوتا ہے: وَ اجْتَنِبُوْا قَوْلَ الزُّوْرِۙ(۳۰)ترجَمۂ کنزُالایمان: اور بچو جھوٹی بات سے۔(پ17،الحج:30)اور احادیث مبارکہ میں بھی جھوٹ کی مذمت کو بیان کیا گیا ہے۔ چنانچہ

سچ بولنا نیکی ہے اور نیکی جَنَّت میں لے جاتی ہے اور جھوٹ بولنا فِسْق وفُجُور ہے اور فِسق وفُجُور (گناہ)دوزخ میں لے جاتا ہے۔(صحیح مسلم،کتاب الادب،باب قبح الکذب ، ص1405 ،حديث:2607)

بیشک سچائی نیکی کی طرف لے جاتی ہے اور نیکی جَنَّت کی طرف لے جاتی ہے اور بیشک بندہ سچ بولتا رہتا ہے یہاں تک کہ اللہ پاک کے نزدیک صِدّیق یعنی بہت سچ بولنے والا ہوجاتا ہے۔ جبکہ جھوٹ گُناہ کی طرف لے جاتا ہے اور گُناہ جہنَّم کی طرف لے جاتا ہے اور بے شک بندہ جُھوٹ بولتا رہتا ہے، یہاں تک کہ اللہ پاک کے نزدیک کذّاب یعنی بہت بڑا جُھوٹا ہوجاتا ہے۔(بخاری ، کتاب الادب، باب قول اللہ تعالیٰ، 4/125، حدیث:6094)

بارگا ہِ رسالت میں ایک شَخْص نے حاضِر ہوکر عَرْض کی: یارَسُولَ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم! جہنَّم میں لے جانے والا عَمَل کونسا ہے ؟ فرمایا: جُھوٹ بولنا، جب بندہ جھوٹ بولتا ہے تو گُناہ کرتا ہے اور جب گُناہ کرتا ہے تو ناشُکری کرتا ہے اور جب ناشُکری کرتا ہے تو جہنَّم میں داخِل ہوجاتا ہے۔(المسندللامام احمد بن حنبل، مسند عبداللہ ابن عمرو بن العاص، 2/589، حدیث:6652)

نُورکے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَرصلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اِرْشاد فرمایا: خَواب میں ایک شَخْص میرے پاس آیا اور بولا: چلئے! میں اُس کے ساتھ چَل دِیا، میں نے دو(2)آدَمی دیکھے، ان میں ایک کھڑا اور دُوسرا بیٹھا تھا ، کھڑے ہوئے شَخْص کے ہاتھ میں لَوہے کا زَنْبُورتھا، جسے وہ بیٹھے شَخْص کے ایک جَبْڑے میں ڈال کر اُسے گُدّی تک چِیر دیتا، پھر زَنْبُورنکال کر دُوسرے جَبْڑے میں ڈال کر چِیْرتا، اِتنے میں پہلے والاجَبْڑا اپنی اَصْلی حالت پر لَوٹ آتا، میں نے لانے والے شَخْص سے پُوچھا: یہ کیا ہے؟اُس نے کہا: یہ جُھوٹا شَخْص ہے، اِسے قِیامت تک قَبْر میں یہی عذاب دیا جا تا رہے گا۔(جھوٹا چور، ص:14)

رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے مذاق میں جھوٹ بولنے سے منع فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا : یعنی بربادی ہے اُس کیلئے جو لوگوں کو ہنسانے کیلئے جھوٹ بولے ، بربادی ہے اُس کے لئے ، بربادی ہے اُس کے لئے۔( ترمذی ، 4 / 142 ، حدیث : 2322 )

اللہ پاک ہم سب کو جھوٹ اور جھوٹے لوگوں سے محفوظ رکھے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

جھوٹ کے خلاف جنگ جاری رہے گی

نہ جھوٹ بولیں گے نہ بُلوائیں گے! ۔ انشاء اللہ الکریم


پیارے اسلامی بھائیوں! اللہ پاک کا بےشمار فضل و احسان ہے کہ اُس نے ہمیں قوت گویائی عطا فرمائی اور گفتگو کرنے کی صلاحیت سے نوازا ہے ۔ یہ اللہ پاک کی نعمت عظمیٰ میں ایک عظیم نعمت ہے ۔

ہم اس نعمت کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے بعض لوگ اِس کا درست استعمال ( امر بالمعروف ونہی عن المنکر،مسلمانوں کی دلجوئی، حسن اخلاق )کر کے بارگاہ رب میں مقبول ہوتے ہیں اور اس کی بارگاہ میں درجات رفیعہ حاصل کرتے ہیں جب کہ بعض لوگ اِس کا غلط استعمال (جھوٹ،غیبت،چغلی،دھوکہ) کرکے اللہ پاک کے غضب کو ابھارتے ہیں اور اللہ پاک کے قہر کو دعوت دیتے ہیں ۔

جھوٹ بولنا حرام اور جہنّم میں لے جانے والا کام ہے ہمارے معاشرے میں اتنی کثرت سے جھوٹ بولا جانے لگا ہے کہ لوگ اس کو بالکل برا نہیں جانتے ہیں۔بعض اوقات لوگوں کو ہنسانے کے لیے جھوٹ بولا جاتا ہے۔بعض اوقات جھوٹ لوگوں کی دل آزاری کا بھی سبب بنتا ہے ۔کثرت سے جھوٹ بولنے والے شخص پر لوگوں کا اعتماد ختم ہو جاتا ہے۔بسا اوقات ایک جھوٹ چھپانے کے لئے بندہ کثیر جھوٹ میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ بعض اوقات ہماری پوری پوری مجالس جھوٹ پر مشتمل ہوتی ہیں ہمیں اللہ پاک کے قہر و غضب سے ہمیشہ لرزاں و ترساں رہنا چائیے۔

پیارے اسلامی بھائیوں آئیے پہلے جھوٹ کی تعریف ملاحظہ کرتے ہیں: خلاف واقع بات کو بیان کرنا جھوٹ کہلاتا ہے۔ قراٰنِ کریم اور احادیث مبارکہ میں جا بجا جھوٹ کی مذمت فرمائی گئی ہے ۔ اللہ پاک نے قرآن مجید میں جھوٹ کی مذمت فرمائی ہے ۔ چنانچہ اللہ کریم کا فرمان ہے: وَ اجْتَنِبُوْا قَوْلَ الزُّوْرِۙ(۳۰)ترجَمۂ کنزُالایمان: اور بچو جھوٹی بات سے۔(پ17،الحج:30)

تفسیر صراطالجنان: اور جھوٹی بات سے اجتناب کرو۔ یہاں جھوٹی بات سے کیا مراد ہے، اس کے بارے میں ایک قول یہ ہے کہ اس سے مراد اپنی طرف سے چیزوں کو حلال اور حرام کہنا ہے۔ دوسرا قول یہ ہے کہ اس سے مراد جھوٹی گواہی دینا ہے۔ تیسرا قول یہ ہے کہ اس سے مراد جھوٹ اور بہتان ہے۔ چوتھا قول یہ ہے کہ اس سے مراد دورِ جاہلیّت میں تَلْبِیَہ میں ایسے الفاظ ذکر کرنا جن میں اللہ پاک کے لئے شریک کا ذکر ہو۔( تفسیرکبیر، الحج، تحت الآیۃ: 30، 8 / 223)

جھوٹی گواہی دینے اور جھوٹ بولنے کی مذمت پر5اَحادیث: آیت کی مناسبت سے یہاں جھوٹی گواہی دینے اور جھوٹ بولنے کی مذمت پر مشتمل5اَحادیث ملاحظہ ہوں :

(1)حضرت خریم بن فاتک اسدی رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں ، رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم صبح کی نماز پڑھ کر کھڑے ہوئے اور تین مرتبہ یہ ارشاد فرمایا : جھوٹی گواہی ہی شرک کے ساتھ برابر کر دی گئی۔ پھر اس آیت کی تلاوت فرمائی: فَاجْتَنِبُوا الرِّجْسَ مِنَ الْاَوْثَانِ وَ اجْتَنِبُوْا قَوْلَ الزُّوْرِۙ(۳۰) ترجمۂ کنزُالعِرفان: پس تم بتوں کی گندگی سے دور رہو اور جھوٹی بات سے اجتناب کرو۔ ایک اللہ کیلئے ہر باطل سے جدا ہو کر (اور)اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراتے ہوئے ۔( ابو داؤد، کتاب الاقضیۃ، باب فی شہادۃ الزور، 3 / 427، حدیث: 3599)

(2) حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہُ عنہما سے روایت ہے، رسول کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جھوٹے گواہ کے قدم ہٹنے بھی نہ پائیں گے کہ اللہ پاک اُس کے لیے جہنم واجب کر دے گا۔(ابن ماجہ، کتاب الاحکام، باب شہادۃ الزور، 3/ 123، حدیث: 2372)

(3)حضرت معاویہ بن حیدہ رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے، حضور اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: اس کے لئے ہلاکت ہے جو لوگوں کو ہنسانے کے لئے جھوٹی بات کرتا ہے، اس کے لیے ہلاکت ہے، اس کے لیے ہلاکت ہے۔(ترمذی، کتاب الزہد، باب ما جاء من تکلّم بالکلمۃ لیضحک الناس، 4/ 141، حدیث: 2322)

(4) حضرت ابوبکر رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں: اے لوگو! جھوٹ سے بچو، کیونکہ جھوٹ ایمان کے مخالف ہے۔(مسند احمد ،1/22،حدیث:16)

(5)حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے، نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : میں نے دیکھا کہ دو شخص میرے پاس آ کر کہنے لگے کہ جس شخص کو آپ نے (شبِ معراج) دیکھا کہ ا س کے جبڑے چیرے جا رہے ہیں وہ بہت جھوٹا آدمی ہے، ایسی بے پرکی اڑاتا تھا کہ اس کا جھوٹ اطراف ِعالَم میں پھیل جاتا تھا، پس قیامت تک اس کے ساتھ یہی کیا جاتا رہے گا۔ (بخاری، کتاب الادب، باب قول اللہ تعالٰی: یا ایّہا الذین اٰمنوا اتقوا اللہ۔۔۔ الخ، 4/ 126، حدیث: 6096)

حضرتِ سیِّدُنا امام عبدالرَّحمٰن ابنِ جَوزی رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں: جب مومن بِلاعُذر جھوٹ بولتا ہے تو اس کے مُنہ(Mouth)سے بدبُودار چیز نکلتی ہے، یہاں تک کہ وہ عرش پر پہنچ جاتی ہے اور عرش اُٹھانے والے فرشتے اس پر لعنت کرتے ہیں اور ان کے ساتھ 80 ہزار فرشتے بھی لعنت بھیجتے ہیں اور 80 خطائیں اس کے ذمہ لکھی جاتی ہیں، جن میں سب سے کم اُحد پہاڑ کی مثل ہے۔(بستان الواعظین وریاض السامعین ،ص61)

پیارے اسلامی بھائیوں ! مذکورہ آیت اور احادیث مبارکہ سے پتہ چلا کہ جھوٹ ایک مذموم صفت ہے جھوٹ کی کتنی ہلاکتیں قرآن و حدیث میں بیان ہوئیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم سچ بولنے کی عادت ڈالیں ہمیشہ سچ ہی بولیں۔سچ بول کر اللہ پاک کی رضا حاصل کریں جھوٹ بول کر اللہ پاک کی ناراضگی مول نہ لیں ۔چنانچہ روایتوں میں مذکور ہے : جو بندہ مخلوق کو راضی کرنے کے لیے اللہ پاک کو ناراض کرتا ہے تو اللہ پاک اُس سے ناراض ہوتا ہے اور مخلوق کو بھی اس سے ناراض کر دیتا ہے اور جو بندہ اللہ پاک کو راضی کرنے کے لیے مخلوق کو ناراض کرتا ہے تو اللہ پاک اُس سے راضی ہوتا ہے اور مخلوق کو بھی اُس سے راضی کر دیتا ہے۔

اللہ پاک ہمیں مرتے دم تک سچ بولنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ سید المرسلین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


پیارے اسلامی بھائیو ! جھوٹ ایک عادت سیئہ ہے اور جھوٹ کی مذمت پر آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی احادیث طیبہ موجود ہیں۔ ان میں سے چند آپ کے نظر کے حوالے کرتا ہوں تا کہ ہمیں معلوم ہو جائے کہ جھوٹ کتنی بری عادت ہے اور اس سے خود بھی بچیں اور دوسروں کو بھی بچائیں۔

(1) امام عراقی اپنی کتاب تخریج الاحیاء میں حدیث پاک نقل فرماتے ہیں کہ حضرت ابو امامہ باہلی سے مروی ہے :بیشک جھوٹ نفاق کے دروازوں میں سے ایک دروازہ ہے۔( تخریج الاحیاء، 3/165 ) یعنی جھوٹ نفاق کی علامت ہے ۔

(2) امام بخاری صحیح بخاری میں ایک حدیث نقل فرماتے ہیں کہ حضرت عبداللہ بن مسعود سے مروی ہے بیشک صدق (سچائی) یہ نیکی ہے اور نیکی یہ جنت کی طرف لے جاتی ہے اور بندہ سچ بولتا رہتا ہے یہاں تک کہ اللہ پاک کے نزدیک اسے صدیق (سچا) لکھ دیا جاتا ، اور جھوٹ یہ گناہ ہے اور گناہ یہ جہنم کا راستہ دکھاتا ہے اور بندہ جھوٹ بولتا رہتا ہے یہاں تک کہ اللہ پاک کے نزدیک اسے کاذب (جھوٹا) لکھ دیا جاتا ہے۔

(3) امام سیوطی شافعی جامع صغیر سے ایک حدیث نقل فرماتے ہیں کہ حضرت مجمع بن یحیی سے مروی ہے سچ بولو اگرچہ تم اس میں ہلاکت دیکھو بیشک اس میں ہی نجات ہے اور جھوٹ سے پرہیز کرو اگرچہ تم اس میں نجات دیکھو بیشک اس میں ہلاکت ہے۔( جامع صغیر،حدیث: 3238)

(4) امام ابن حجر عسقلانی اپنی کتاب الاصابۃ میں حدیث نقل فرماتے ہیں ام معبد عاتکہ بنت خالد خزاعیہ سے مروی ہے کہ نبی پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم دعا کرتے تھے: اے اللہ میرے دل کو نفاق سے پاک فرما اور میرے عمل کو ریا سے اور میری زبان کو جھوٹ سے اور میری آنکھ کو خیانت سے بیشک تو آنکھوں کی خیانت کو اور جو کچھ دل میں پوشیدہ ہے اسے جانتا ہے ۔( الاصابۃ،4/499)

(5) حضرت عبداللہ بن عمر بن العاص سے مروی ہے کہ بارگاہ نبوی میں ایک شخص حاضر ہو کر عرض گزار ہوا یا رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم جہنم میں لے جانے والے اعمال کونسے ہیں ؟ فرمایا جھوٹ بولنا کہ بندہ جب جھوٹ بولتا ہے تو اللہ پاک کی ناشکری کرتا ہے اور جب ناشکری کرتا ہے تو جہنم میں داخل ہو جاتا ہے۔ (مسند امام احمد بن حنبل،حدیث:6652)

پیارے اسلامی بھائیو ! ان احادیث طیبہ کی روشنی میں ہمیں اس بات کا اندازہ ہو ہی گیا ہوگا کہ جھوٹ کی کتنی مذمت بیان کی گئی ہیں بہر حال ہمیں چاہیے کہ ہم ہر حال میں سچ بولیں کہ سچ کو آنچ نہیں ۔


آج ہمارے معاشرے میں بہت برائیاں عام ہو رہی ہے ان میں سے ایک برائی جھوٹ ہے جس کی وجہ سے ہمارے معاشرے میں جھگڑے فساد قتل و غارت اور دشمنی جنم لیں رہی ہیں اور آپس میں لڑائیاں ہوتی ہے اور ایک دوسرے سے دور ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ جھوٹ وہ بری خبیث صفت ہے جو پوری دنیا کے تمام مذاہب والے شدت سے ناپسند کرتے ہیں بہت بڑا گناہ ہے۔ قراٰنِ کریم و الفرقان الحمید اور احادیث مبارکہ میں اس کی بہت مذمت آئی ہے ۔

(1)فرمان رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم : جو (روزہ رکھ کر) جھوٹ بولنا اور جھوٹ پر عمل کرنا نہ چھوڑا تو اللہ پاک کو کوئی حاجت نہیں کہ یہ شخص اپنا کھانا پینا چھوڑے۔ (صحیح البخاری ،1/ 331 ،حدیث: 1903)

(2) رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: ہلاکت ہے اس کے لیے جو بات کرتا ہے اور لوگو ں کو ہنسانے کے لیے جھوٹ بولتا ہے، اس کے لیے ہلاکت ہے، اس کے لیے ہلاکت ہے۔(سنن الترمذی،کتاب الزھد، باب ماجاء من تکلم بالکلمۃ لیضحک الناس،4/142، حدیث: 2322)

(3)محبوب رب غفار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جھوٹ رزق کو تنگ کر دیتا ہے۔ (مساوئ الاخلاق لخرائطی، ص 70،حدیث: 117 )

(4)سرکار دوعالم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جو کسی مسلمان کا مال ناحق دبانے کی خاطر (جھوٹی)قسم کھائے گا وہ اللہ پاک سے اس حال میں ملے گا کہ وہ اس سے ناراض ہو گا۔ (صحیح المسلم کتاب الایمان ، حدیث: 137 )

یقیناً جھوٹ ہمارے اخلاق کو پست کرتا اور فتنوں وفساد کا باعث بنتا ہے جس ہمارے معاشرے کی خوشحالی بدحالی میں تبدیل ہو جاتی ہے ہم سب کو جھوٹ سے اجتناب کرنا چاہیے تاکہ ہم ایک خوشگوار زندگی گزار سکے اللہ پاک جھوٹ بولنے اور جھوٹ سننے سے محفوظ فرمائے ۔اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

جھوٹ کے خلاف جنگ جاری رہے گی

نہ جھوٹ بولیں گے نہ بُلوائیں گے! ۔ انشاء اللہ الکریم


عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی نے جہاں عام لوگوں کی تربیت و رہنمائی کے لئے مختلف شعبہ جات قائم کئے ہیں وہیں اسپیشل پرسنز (گونگے، بہرے اور نابینا) کے لئے بھی وقتاً فوقتاً کوششیں کرتی رہتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق دعوتِ اسلامی کے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے زیرِا ہتمام 25 نومبر 2022ء بروز جمعہ جامعۃالمدینہ برائے نابینا اسلامی بھائی کا افتتاح کیا جا رہا ہے جس کے لئے باغِ مصطفیٰ گراؤنڈ حیدر آباد میں سنتوں بھرا اجتماع منعقد کیاجائے گا۔

تلاوتِ قراٰنِ پاک سے اس اجتماع کا آغاز کیا جائے گا جبکہ نعت خواں اسلامی بھائی حضور صلی اللہ علیہ و سلم کی بارگاہ میں نعت شریف کا نذرانہ پیش کریں گے۔

وقتِ مناسب پردعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری سنتوں بھرا بیان فرمائیں گےاور شرکا کو مدنی پھولوں سے نوازے گے۔مقامی عاشقانِ رسول سے اس اجتماعِ پاک میں شرکت کرنے کی مدنی التجا ہے۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


عالمی سطح پر نیکی کی دعوت عام کرنے اور لوگوں کو دینِ اسلام کی تعلیمات کے بارے میں آگاہی دینے کے لئے دعوتِ اسلامی کے تحت وقتاً فوقتاً دینی کاموں کے حوالے سے مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اراکین اور دعوتِ اسلامی کے مبلغین ملک و بیرونِ ملک سفر کرتے رہتے ہیں۔

اسی سلسلے میں جانشینِ امیرِ اہلِ سنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی دینی کاموں کے حوالے سے دسمبر 2022ء میں یورپ (Europe) کے مختلف ممالک کا دورہ کریں گے جس کی تفصیل درج ذیل ہے:

یکم دسمبر 2022ء بروز جمعرات پرتگال (Portugal)۔

2 اور 3 دسمبر 2022ء بروز جمعہ، ہفتہ اسپین (Spain

4 اور 5 دسمبر 2022ء بروز اتوار، پیر جرمنی (Germany)۔

6، 7 اور 8 دسمبر 2022ء بروز منگل، بدھ، جمعرات اٹلی (Italy)۔

9 دسمبر 2022ء بروز جمعہ نیدر لینڈز (Netherlands)۔

10دسمبر 2022ء بروز ہفتہ بیلجیئم (Belgium) ۔

11 دسمبر 2022ء بروز اتوار سویڈن(Sweden

واضح رہےمذکورہ تاریخوں  میں دعوتِ اسلامی کے تحت  ہونے والےسنتوں بھرے اجتماعات میں بیان کرنا، سیکھنے سکھانے کے حلقوں میں اسلامی بھائیوں کو مدنی پھولوں سے نوازنا، اُن کی تربیت کرنا اور مختلف شخصیات سے ملاقات کرنا جانشینِ امیرِ اہلِ سنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ کے شیڈول میں شامل ہے۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

تمام تعریفیں اللہ پاک کے لئے جس نے ہمیں اشرف المخلوقات بنانے کے ساتھ ساتھ ایک بہت پیاری نعمت زبان سے بھی نوازا، زبان اللہ پاک کی عظیم نعمت ہے، اس کا درست استعمال دخولِ جنت کا سبب اور اس کا غلط استعمال جہنم میں جانے کا سبب بن سکتا ہے، زبان کے غلط استعمال میں جھوٹ بولنا بھی ہے۔

جھوٹ کی تعریف :کسی کے بارے میں خلافِ حقیقت خبر دینا جھوٹ ہے۔ (76 کبیرہ گناہ، ص 99)

(1)مسلم شریف میں حضرت عبداللہ سے روایت فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: بے شک جھوٹ فسق و فجور کی طرف لے جاتا ہے اور بے شک فسق و فجور جہنم تک لے جاتا ہے اور ایک شخص جھوٹ بولتا رہتا ہے حتی کہ وہ اللہ کے نزدیک کذاب لکھ دیا جاتا ہے۔ ( مسلم ،کتاب البر والصلہ و الادب باب قبح الکذب، 2/325)

(2) رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جس نے وہ خواب بیان کیا جو دیکھا نہیں تھا تو اسے بروزِقیامت اس بات کی تکلیف دی جائے گی کہ وہ جوَ کے دو دانوں کے درمیان گرہ لگائے اور وہ ہر گز ایسا نہیں کر سکے گا۔(بخاری شریف،کتاب التعبیر، باب، من کذب فی حلمہ، 2/ 1969،حدیث : 7042)

(3) حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: منافق کی تین نشانیاں ہیں (1) جب بات کرے تو جھوٹ بولے (2)جب وعدہ کرے تو پورا نہ کرے(3) جب اس کے پاس امانت رکھی جائے تو خیانت کرے۔( بخاری شریف کتاب الایمان، باب علامات المنافق، 1/10)

(4) رسول الله صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے پوچھا گیا کیا مومن بزدل ہوتا ہے ؟ فرمایا ہاں۔ پھر عرض کی گئی کیا مومن بخیل ہوتا ہے؟ فرمایا ہاں۔ پھر کہا گیا کیا مومن کذاب ہوتا ہے؟ فرمایا نہیں ۔ ( مشکاۃ شریف ، باب حفظ اللسان والغیبۃ والشتم،ص414 )

(5) امام ترمذی نے ابن عمر سے روایت کی کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا :جب بندہ جھوٹ بولتا ہے اس کی بدبو سے فرشتہ ایک میل دور ہو جاتا ہے۔(ترمذی ، کتاب البر والصلۃ، باب الصدق والکذب، 2/18)

پیارے پیارے اسلامی بھائیو ! دیکھا آپ نے؟ جھوٹ بولنے کی کیسی نحوست ہے، کہ جھوٹے شخص پر اللہ کی لعنت ہے، جھوٹا شخص جہنم کے قریب ہو جاتا ہے اور اس سے فرشتہ ایک میل دور ہو جاتا ہے ، ہمیں چاہیے کہ ہم جھوٹ سے دور رہیں اور سچ بولنے کی عادت ڈالیں۔

اللہ پاک ہمیں سچ کو اختیار کرنے اور جھوٹ سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


محسن کائنات صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اخلاق و کردار کو سنوارنے اور ان کی تکمیل کے لیے تشریف لائے(۔خزائن العرفان، پ29، القلم، تحت الآیۃ: 4) تاکہ انسانیت کو ہدایت ملے اور وہ ابدی نعمتوں سے سرفراز ہو۔ آپ کی تعلیم میں یہ بھی ہے کہ بندہ ہمیشہ سچ بولے ، اور جھوٹ سے بچے کہ یہ دنیا اور آخرت میں تباہی کا سبب ہے ۔ آج کل بد قسمتی سے ہمارے معاشرے میں یہ مرض بڑتا جا رہا ہے ایسا ذہن بن گیا کہ جھوٹ کے بغیر ہمارا کوئی کام ہوگا ہی نہیں۔ خدا کا خوف کرنا چاہئے کہ یہ گناہ کبیرہ( 75گناہ کبیرہ ، ص 99) اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے۔سب سے پہلا جھوٹ شیطان نے بولا۔(مرآۃ المناجیح ،6/453)

جھوٹ کی تعریف: کسی کے بارے میں خلاف حقیقت خبر دینا۔ قائل گنہگار اس وقت ہو گا جبکہ ( بلا ضرورت) جان بوجھ کر جھوٹ بولے۔ (الحديقۃ النديہ، القسم الثاني، المبحث الاول، 4/ 10) مثلاً کیسی کا بھوکا ہونے کے باوجود یہ بولنا کہ بھوک نہیں۔

اس کا حکم: جھوٹ بولنا حرام ہے اور اس پر دردناک عذاب کی وعید ہے لہٰذا ہر مسلمان کو چاہئے کہ وہ اس سے بچنے کی خوب کوشش کرے۔( صراط الجنان تحت آیت10، پ2 البقرہ) قران مجید اور کثیر احادیث کریمہ میں اس کی مذمت بیان کی گئی ہے۔

آئیے سچ کی عادت اپنانے اور جھوٹ جیسے کبیرہ گناہ سے جان چھڑانے کے لیے چند فرامین مصطفی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پیش خدمت ہے ۔

(1) صحیح بخاری و مسلم میں عبداللہ بن مسعود رضی اللہُ عنہ سے مروی، کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم فرماتے ہیں: صدق کو لازم کرلو، کیونکہ سچائی نیکی کی طرف لے جاتی ہے اور نیکی جنت کا راستہ دکھاتی ہے آدمی برابر سچ بولتا رہتا ہے اور سچ بولنے کی کوشش کرتا رہتا ہے، یہاں تک کہ وہ اللہ پاک کے نزدیک صدیق لکھ دیا جاتا ہے اور جھوٹ سے بچو، کیونکہ جھوٹ فجور کی طرف لے جاتا ہے اور فجور جہنم کا راستہ دکھاتا ہے اور آدمی برابر جھوٹ بولتا رہتا ہے اور جھوٹ بولنے کی کوشش کرتا ہے، یہاں تک کہ اللہ پاک کے نزدیک کذاب لکھ دیا جاتا ہے۔(صحیح مسلم،کتاب البر...إلخ، باب قبح الکذب...إلخ،ص1405،حدیث: 2607)

واقعی سچا آدمی سوسائٹی میں عزت پاتا اور قابل اعتماد ہو تا ہے۔ برخلاف جھوٹے آدمی کے کہ اس کے لیے ذلت و رسوائی اس کا مقدر بن جاتی ہے۔

(2) جس شخص میں یہ چار باتیں پائی جائیں وہ خالص منافق ہے (1) جب بات کرے تو جھوٹ بولے۔(2)جب وعدہ کرے تو خلاف ورزی کرے۔ (3) جب معاہدہ کرے تو اسے توڑ دے۔ (4)جب جھگڑا کرے تو گالیاں دے۔ اگر کسی کے اندر ان میں سے ایک عادت پائی جائے تو اس میں نفاق کا ایک حصہ موجود ہے یہاں تک کہ وہ اسے چھوڑ دے۔( بخاری، کتاب الجزیۃ والموادعۃ، باب اثم من عاہد ثمّ غدر، 2/ 370، حدیث: 3178)

جھوٹ بولنا اور بہتان باندھنا بے ایمانوں ہی کا کام ہے۔( خازن، النحل، تحت الآیۃ: 105، 3/ 144، ملخصاً)

(3) رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: ہلاکت ہے اس کے لیے جو بات کرتا ہے اور لوگو ں کو ہنسانے کے لیے جھوٹ بولتا ہے، اس کے لیے ہلاکت ہے، اس کے لیے ہلاکت ہے۔(سنن الترمذی،کتاب الزھد، باب ماجاء من تکلم بالکلمۃ لیضحک الناس،4/142،حدیث: 2322

(4) بیہقی نے ابوبرزہ رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے ، کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جھوٹ سے مونھ کالا ہوتا ہے اور چغلی سے قبر کا عذاب ہے۔(شعب الإیمان ، باب في حفظ اللسان،4/208،حدیث: 4813 )

(5) ترمذی نے ابن عمر رضی اللہُ عنہما سے روایت کی، کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جب بندہ جھوٹ بولتا ہے، اس کی بدبو سے فرشتہ ایک میل دور ہوجاتا ہے۔( سنن الترمذی،کتاب البروالصلۃ، باب ماجاء في المراء،3/392،حدیث:1979)

پیارے اور محترم اسلامی بھائیوں ! اپنی زبان کا قفل مدینہ لگائے ، نہ انسانوں کو تکلیف دیجیے نہ کسی مخلوق کو، کہ مومن تو دوسروں کو راحت پہنچاتا ہے نہ کی تکلیف۔ الله ہمیں اپنے نبی صادق الامین علیہ افضل الصلوۃ والتسلیم کے صدقے سچ بولنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ خاتم النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم