گجرات سے تقریباً 20 کلومیٹرسرگودھا روڈ پہ منگووال غربی کاقصبہ موجود ہے کیرانوالہ شریف ۔ یہاں سے ڈنگہ ( دین گاہ ) روڈ پہ چند کلومیٹرکے فاصلے پرواقع مسجد پاک وگھہ شریف واقع ہے۔ اپنے منفرداورجدید طرزِ تعمیر،مستند تاریخی و مذہبی اہمیت اورمحبت،لگن اورعشق ومحبت کی ایک ایسی شاندارمنہ بولتی تصویرہے کہ جس میں عقید ت وولولہ اورجوش وجنون کے گہرے رنگ بھرے ہیں۔

2001 سے اس شاہکارکا تعمیراتی کام جاری وساری ہے۔ منڈی بہاؤالدین کے گاؤں کدھرشریف کے ممتازاوردنیا بھرمیں معروف ماہرِ امراض ِ چشم اور سرجن صاحبزادہ ڈاکٹر،حافظ محمد فرخ حفیظ رحمۃ اللہ علیہ نےجس شوق اور محبت سے اس کا سنگ ِ بنیاد2001 میں خودرکھاتھا آج بھی اسی ذوق اورلگن سے مسجد کی تعمیرکا کام جاری ہے جوکہ اب اپنے آخری مراحل میں ہے۔

22 فٹ چوڑی بنیادوں سے لیکر6 فٹ چوڑی دیواروں تک کی تعمیرمیں چونے،روڑاوراینٹوں کاپاؤڈر ( کیری ) کوانتہائی ٹیکنیکل بنیادوں پہ مکس کرکے بطورِ گارا استعمال کیاگیاہے۔ اس کی بنیادوں میں لگی 45لاکھ اینٹوں کومحرابی حالت میں اس مہارت سے جوڑاگیاہے کہ زیرِ زمین ہونے والی تبدیلیوں مثلاً زلزلہ وغیرہ اورگیسوں کے اخراج سے پڑنے والی دراڑوں سے انتہائی سائنسی طورپربچاؤکیاگیاہے۔

اپنے انوکھے ڈیزائن، منفردفنِ خطاطی اورخوبصورت ترین سنگ ِ سفیدکی وجہ سے بھی اس مسجد کوایک خاص اہمیت حاصل ہے۔ شب وروزدور و نزدیک سےآنے والے زائرین کاایک جمِ غفیر ہمہ وقت یہاں موجودہوتاہے۔لاکھوں لوگ یہاں باربارجانے کے متمنی ومنتظرہوتے ہیں۔الغرض یہ اس علاقہ ہی کی نہیں بلکہ پورےپنجاب کی پہچان اورفخرہے۔